ملک میں بجلی صارفین سے اربوں روپے کی اوور بلنگ کے بڑے اسکینڈل کا انکشاف

 اسلام آباد: ملک میں بجلی صارفین سے اربوں روپے کی اوور بلنگ کے بڑے اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں اوور بلنگ کے نام پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا، جس میں پہلے سے مہنگی بجلی کے باوجود صارفین سے اوور بلنگ کے ذریعے اربوں روپے اضافی وصول کیے گئے ہیں۔

اگست میں تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی صارفین سے اربوں روپے زائد کے بل وصول کیے۔ نیپرا نے اگست میں اوور بلنگ کے معاملے پر نوٹس اور انکوائری کا فیصلہ کیا تھا۔ نیپرا ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں اگست کے بلوں میں اوور بلنگ ثابت ہوگئی۔ اربوں روپے کی اوور بلنگ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ملوث اپئی گئیں۔

تمام تقسیم کارکمپنیوں نے غریب عوام کو اوربلنگ کے ذریعے لو ٹا۔ نیپرا ذرائع کے مطابق لیسکو اور حسیکو ریجن میں سب سے زیادہ اوور بلنگ ہوئی۔ ڈسکوز کی جانب سے  پروٹیکٹڈ صارفین سے نان پروٹیکٹڈ والے بل وصول کیے گئے اور اوور بلنگ کے لیے ریڈنگ میں تاخیر کا حربہ استعمال کیا گیا۔ ریڈنگ میں تاخیر کر کے پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ میں شامل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقررہ تاریخ کے بجائے جان بوجھ کر 3 سے 4 دن تاخیر سے ریڈنگ لی گئی۔ لیسکو اور حیسکو کے علاوہ دیگر ڈسکوز میں بھی اوور بلنگ ہوئی۔ نان پروٹیکٹڈ صارفین سے بھی اوربلنگ کی گئی۔ ڈسکوز کی جانب سے میٹر تبدیلی کے نام پر بھی اضافی وصولیاں کی گئیں۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ڈسکوز کی اوور بلنگ سے متعلق رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نیپرا رپورٹ کو حتمی شکل دے کر پبلک کرے گی۔

واضح رہے کہ نیپرا نے ماہ ستمبر میں ڈسکوز کی جانب سے اوور بلنگ کے معاملے  کا نوٹس لیا تھا۔ نیپرا کو بڑی تعداد میں صارفین سے اوور بلنگ کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق اتھارٹی نے معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جس نے رپورٹ رواں ہفتے مکمل کی ہے۔

لاہور کار حادثے کے ملزم کی درخواست ضمانت واپس لینے پر خارج

 لاہور: لاہور کار حادثے میں چھ افراد کی ہلاکت کے ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے پر خارج کردی گئی۔

 لاہور ڈیفنس کار حادثے میں ایک ہی گھرانے کے چھ افراد کی ہلاکت کے مقدمے کی سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی۔ایڈیشنل سیشن جج شاہد محمود نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔

ملزم کے وکیل نے کہا کہ اب اس مقدمے میں پولیس نے دہشت گردی کی دفعات شامل کردی ہیں، ہم درخواست ضمانت واپس لے رہے ہیں، مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات کا اندارج ہوچکا ہے، 7 اے ٹی اے کے اندارج کے بعد درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ملزم افنان نے سیشن کورٹ لاہور میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی، ملزم کے خلاف ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

امریکی سفیر کی بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور قدیم تہذیب کو محفوظ بنانے کی پیشکش

 کوئٹہ: نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی اور بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور قدیم تہذیب کو محفوظ بنانے کے لیے معاونت فراہم کی پیشکش کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نگراں وزیراعلی بلوچستان سے کوئٹہ میں ملاقات کی جس میں صوبے کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں قونصل جنرل کانرڈ ٹریبل بھی موجود تھے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور قدیم تہذیب کو محفوظ بنانے کے لیے معاونت کریں گے، امریکا اور عالمی اداروں نے سندھ اور بلوچستان میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی کھل کر مدد کی، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں امن و فراہمی انصاف کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کو گاڑیاں، جدید آلات اور ساز و سامان فراہم کیا گیا ہے،  بلوچستان میں امریکی حکومت اور عوام نے تعلیم خصوصاً گرلز ایجوکیشن کے لئے نمایاں تعاون کیا ہے، پاکستان اور امریکا کے مابین دیرپا سفارتی اور دفاعی تعلقات استوار ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے امریکا کی کاوشوں کو سراہتا ہے، بلوچستان روایتوں کا امین صوبہ ہے۔

نو مئی واقعات: پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر شاہ محمد گرفتار

نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور لوگوں کو اشتعال دلانے کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر شاہ محمد کو بنوں سے گرفتار کرلیا گیا۔

 نو مئی کے واقعات پر تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے، آج پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ملک شاہ محمد گرفتار کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان کی ضمانت قبل از گرفتاری درخواست خارج ہوگئی، پولیس ملک شاہ محمد خان وزیر کو انسداد دہشت گردی عدالت کے احاطے سے گرفتار کرکے تھانہ کینٹ لےگئی

اصغر احمدزئی ایڈووکیٹ کے مطابق ملک شاہ محمد خان وزیر کو سیاسی انتقام کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا،  ملک شاہ محمد خان وزیر کی تمام مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے لیکن 9 مئی واقعات کا مقدمہ سیاسی انتقام کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بنوں میں پی ٹی آئی کی یہ مضبوط امیدوار ہیں۔

افغان شہریوں کی وطن واپسی کےخلاف کیس کھلی عدالت میں لگانے کاحکم

سپریم کورٹ نے افغان شہریوں کی وطن واپسی کےخلاف چیمبر اپیل میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کر دیئے، اور درخواست پر کیس کھلی عدالت میں لگانے کاحکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس یحیی آفریدی نے ان چیمبر اپیل پر سماعت کی۔

عدالت نے چیمبر اپیل میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کر دیئے، اور افغان شہریوں کی وطن واپسی کے خلاف کیس کھلی عدالت میں لگانے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی روکنے کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی ، رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیل دائر کی گئی تھی۔

چمن: پاک افغان باڈر تجارتی سرگرمیوں کیلئے بند

چمن میں پاک افغان باڈر پر شاہراہ کو آل پارٹیز تاجر لغڑی اتحاد کی جانب سے ہرقسم کے تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند کردیا۔

آل پارٹیز تاجر اتحاد کا کہنا ہے کہ آج سےغیرمعین مدت کے لیے چمن باڈر شاہراہ باڈر روڈ کے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے راستہ بند کیا گیا ہے۔

تاجراتحاد نے کہا کہ شاہراہ پر تجارتی سرگرمیاں بند ہونے کے باعث تجارتی مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے، جس میں استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 8 نومبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، جس میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو فریق بناتے ہوئے ضمانت بعد از گرفتاری کی استدعا کی گئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے درخواست میں استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 8 نومبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، جب کہ میرے کیخلاف بے بنیاد اور سیاسی مقدمہ بنایا گیاہے۔

سی پیک مخالف ممالک کی فہرست بڑی واضح، وہ نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے: چینی تھنک ٹینک

چینی تھنک ٹینک سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر مسٹر وکٹر گاؤ کا کہنا ہے دنیا میں کچھ طاقتیں چین اور پاکستان کی بڑھتی دوستی نہیں دیکھنا چاہتیں۔

 وکٹر گاؤ کا کہنا تھا پاک چین دوستی کے مخالف نہیں چاہتے کہ پاکستان بہتر رابطوں کے منصوبوں سے جڑے، وہ یہ بھی نہیں چاہتےکہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو اور یہاں معاشی ترقی کیلئے کوآرڈینیشن ہو۔

ان کا کہنا تھا ملکوں کے نام نہیں لینا چاہتا تاہم سی پیک کی مخالفت کرنے والے ممالک کی فہرست بڑی واضح ہے، آپ کے پڑوسی بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ نہیں، وہ بضد ہیں کہ بی آر آئی منصوبہ وہاں سے گزرے جہاں کے وہ دعویدار ہیں لیکن چین اور پاکستان اس بات سے متفق نہیں ہیں۔

نائب صدر چینی تھنک ٹینک سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کا کہنا ہے چین اور پاکستان ایک پیج پر ہیں، ہم اسے اکٹھے کرنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوں۔

وکٹر گاؤ کا کہنا تھا پاکستانی عوام، حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ پاکستان نے چینی ورکرز، انجنیئرز، اساتذہ اور سرکاری حکام کی سکیورٹی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا، دنیا کے کسی بھی حصے میں کچھ ہو اس کی خبر چین میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلتی ہے، اگر کسی چینی باشندے کی زندگی ضائع ہو تو وہ خبر بھی جنگل کی آگ کی طرح پھیلے گی، اس سے بےچینی، مایوسی پیدا ہو گی، یہ معاشی تعاون کیلئے اچھا نہیں ہو گا۔

نائب صدر چینی تھنک ٹینک کا کہنا تھا ہم پاکستان میں کام کرتے چینیوں کے ساتھ پاکستانی عوام کے لیے بھی تعاون کے خواہاں ہیں، اگر آپ استحکام کی اہلیت نہیں رکھتے تو غیرملکی سرمایہ یہاں آنے سے گریز کرے گا، غیر ملکی سرمایہ شیلف کر دیا جائےگا یا روک دیا جائے گا تو ملک و عوام کو نقصان ہو گا۔

ان کا کہنا تھا چین اور پاکستان کو جدید راہیں اختیار کرنا ہوں گی، ہمیں چینی اور پاکستانی ورکرز کے تحفظ کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو استعمال کرنا ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں چینی تھنک ٹینک کے نائب صدر کا کہنا تھا پاکستانی عوام اپنے طریقہ کار کے تحت جس بھی رہنما کو منتخب کریں چین اس کا احترام کرتا ہے۔

اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کرنیوالے7 دہشتگرد گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران7 دہشت گردوں کو گرفتار، جو اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، پاکپتن، ساہیوال میں کی گئیں، بہاولپور سے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سلمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجماں کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، دو ہینڈ گرینڈ، نقدی برآمد کرلی گئی ہے، ان کی شناخت موسی، خالد، سلمان، ندیم، اکمل، یاسرکے نام سے ہوئی ہے۔

ٹیم آف دی آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا اعلان، کتنے بھارتی، کتنے پاکستانی شامل

ٹیم آف دی آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا اعلان کر دیا گیا لیکن اس میں پاکستان کا ایک بھی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔

بھارت کے روہت شرما کو آئی سی سی ورلڈ کپ ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا ہے لیکن 12رکنی اسکواڈ میں پاکستان کا ایک بھی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

ٹیم میں ڈی کوک، روہت شرما، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، میکس ویل، جدیجہ، جسپریت بمرا، مدوشانکا، ایڈم زمپا، محمد شامی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کورٹزے بارہویں کھلاڑی منتخب ہوئے ہیں۔

وزارت دفاع نے فوجی عدالتوں میں سویلنز کا ٹرائل روکنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا

 اسلام آباد: وزارت دفاع نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل روکنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

وزارت دفاع کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرمی ایکٹ  کی دفعات کالعدم ہونے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ نے جن درخواستوں پر فیصلہ دیا وہ ناقابل سماعت تھیں۔

 

 

درخواست میں فوجی تنصیبات پر حملوں کے ملزمان کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نہ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے، آرمی ایکٹ کی کالعدم قرار دی گئی دفعات کو بحال کرنے اوراپیلوں پر حتمی فیصلے تک فوجی عدالتوں میں ٹرائل روکنے کے خلاف حکم امتناع کی استدعا کی گئی ہے۔

حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور نے عُمرہ کرلیا

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور نے بیٹے کے ہمراہ عُمرے کی ادائیگی کرلی۔

شادی کے بعد ڈرامہ انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ نیمل خاور عباسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنی فیملی فوٹو پوسٹ کی۔

یہ تصویر حرم شریف میں لی گئی، جس میں حمزہ علی عباسی اور اُن کے بیٹے مصطفیٰ نے احرام باندھا ہوا ہے جبکہ نیمل خاور برقع میں ہیں۔

اس تصویر میں حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کے بیٹے کا چہرہ دل والے ایموجی سے چُھپایا ہوا ہے۔

نیمل خاور عباسی نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں “الحمدللہ” لکھا.

شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی کو عُمرے کی ادائیگی پر مبارکباد دی جارہی ہیں۔

رواں مالی سال پاکستان کے قرضے 818 کھرب تک پہنچ جائیں گے، آئی ایم ایف

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کے قرضوں کی مالیت 818 کھرب تک پہنچ جائے گی، جب کہ وفاقی بجٹ کے حجم کا تخمینہ 154 کھرب روپے ہوگا۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک قرضوں کی مالیت 818 کھرب تک پہنچ جائے گی، جب کہ بجٹ خسارہ اور سود کی ادائیگی کے اخراجات مختص منظور شدہ رقم سے زیادہ ہوں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے اب پاکستان کے وفاقی بجٹ کے حجم کا تخمینہ 154 کھرب روپے لگایا ہے، جو رواں سال منظور کردہ بجٹ سے 11 کھرب روپے زیادہ ہوگا۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک حکومت اور حکومتی ضمانتی قرضہ 818 کھرب روپے تک بڑھ سکتا ہے، جو جی ڈی پی کے 77 فیصد سے زائد ہوگا، اور بجٹ خسارہ 69 کھرب کے ہدف کے مقابلے میں بڑھ کر 82 کھرب روپے تک پہنچ جائے گا۔