موبائل سم کا استعمال ترک کرنے پر 200 روپے جرمانہ، حقیقت کیا ہے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے چھ ماہ سے موبائل سم استعمال نہ کرنے والے صارفین پر جرمانہ عائد کرنے کے حوالے سے وضاحت پیش کی گئی ہے۔

پی ٹی اے نے 10 نومبر کو ایسے افراد پر 200 روپے جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان میں سیلولرموبائل آپریٹرزعوام کو مفت موبال سم فراہم کرتے ہیں، یہی وجہ کے بہت سے صارفین 2 یا اس سے بھی زائد سمیں رکھتے ہیں جو استعمال میں بھی نہیں ہوتیں۔

یہ خبر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں، تاہم پی ٹی اے کی جانب سے صورتحال کو واضح کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلولر موبائل آپریٹرز یکم جنوری 2024 سے چھ ماہ سے کم مدت کی سمز پر 200 روپے تک ”سم ڈس اوننگ چارج“ عائد کر سکتے ہیں۔

صارفین کو بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سموں کی موجودہ حیثیت چیک کرنے کے لیے مندرجہ ذیل طریقے استعمال کرسکتے ہیں۔

ویب سائٹ https://cnic.sims.pk/ پر جاکر یا شناختی کارڈ نمبر(بغیرڈیش کے) کے ساتھ ایس ایم ایس بھیج کر 668 (چارجز کا اطلاق ہوتا ہے)۔

پی ٹی اے کی جانب سے تمام صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ 31 دسمبر، 2023 تک بغیر کسی قسم کے چارجزکے غیر ضروری سمیں واپس کردیں۔ ایسا کرنے سے صارفین سم چارجز سے بچ سکتے ہیں اورذمہ دارانہ استعمال میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

سائفر کیس: جیل ٹرائل کیخلاف عمران خان کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سائفرکیس میں جیل ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس گل حسن اورنگزیب اورجسٹس ثمن رفعت پرمشتمل  2 رکنی ڈویژن بینچ نے عمران خان کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئےکہا کہ جیل ٹرائل کے لیے طریقہ کار موجود ہے، جج کو جیل ٹرائل کیلئے وجوہات پر مبنی واضح آرڈر پاس کرنا چاہیے، وفاقی حکومت کابینہ سے منظوری لے تو اس کے بعد ہائیکورٹ کوآگاہ کرنا ضروری ہے، اگر مان بھی لیا جائے کہ پراسس کا آغاز ٹرائل کورٹ جج نے کیا تو آگے طریقہ کار مکمل نہیں ہوا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جیل ٹرائل کیلئے منظوری وفاقی کابینہ نے دینی ہوتی ہے، اس کیس میں 12 نومبر سے پہلے وفاقی کابینہ کی منظوری موجود ہی نہیں، جج کو جیل ٹرائل سے متعلق جوڈیشل آرڈر پاس کرنا چاہیے،  جوڈیشل آرڈر میں فائنڈنگز بھی دینی چاہیے، ابھی تک ایسا کوئی آرڈر موجود نہیں، یہ اس کیس میں سب سے بنیادی غیرقانونی اقدام ہے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ اب وفاقی کابینہ نے منظوری تو دے دی لیکن بنیادی جوڈیشل آرڈر موجود ہی نہیں، مان بھی لیا جائےکہ وفاقی کابینہ کی منظوری ہوگئی تو اس سے پہلےکی کارروائی غیرقانونی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا جس کا شارٹ آرڈر آج شام جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔

صدر نے فلسطین کے ایک ریاستی حل کے بیان پر ہم سے مشاورت نہیں کی، وزیر خارجہ

اسلام آباد: نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ صدر نے فلسطین کے ایک ریاستی حل کے بیان پر ہم سے مشاورت نہیں کی تھی۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا، جس میں سینیٹر رضاربانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان نے فلسطینی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اس کے بعد ایوان صدر سے پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کا ایک ریاستی حل ہے۔

سینیٹر رضاربانی ن ے کہا کہ اس بات پر صدر سے استعفا دینے کا مطالبہ کرتاہ وں۔
بعد ازاں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے سینیٹ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے فلسطین کے ایک ریاستی حل کا بیان جاری کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے مشاورت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر رضا ربانی کی بات بالکل ٹھیک ہے کہ ہمارا مؤقف فلسطین کا دو ریاستی حل ہی رہا ہے۔ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ فلسطینی مسئلے کا دو ریاستی حل ہے۔ ہم نے صدر مملکت کے بیان کے بعد وضاحتی بیان جاری کیا۔ ہمارے بیان کو اندرون اور بیرون ملک میڈیا نے نمایاں کوریج دی۔

بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ایوان صدر کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بیان جاری کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ صدر نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے فون پر گفتگو کی اور مسئلہ فلسطین کا ایک ریاستی حل تجویز کیا۔ بعد ازاں چند گھنٹوں کے بعد یہ بیان اچانک واپس لے لیا گیا۔

بعد ازاں ایوان صدر سے نظرثانی شدہ بیان جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطینی صدر محمود عباس کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

خیبر پختونخوا میں فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، دھماکے میں فوجی جوان شہید

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد مارے گئے۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں کی گئی کارروائی میں ایک اور دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
علاوہ ازیں شمالی وزیرستان ضلع کے عام علاقے غوریوم میں ایک دیسی ساختہ بم پھٹ گیا جس سے ایک جوان شہید ہوگیا۔ 26 سالہ سپاہی شاہ زیب کا تعلق راول پنڈی سے تھا۔

خیبر پختونخوا پولیس کی تفتیش کا معیار انتہائی بدترین ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ہیں کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تفتیش کا معیار انتہائی بدترین ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے 2 افراد کے قتل کے ملزم وکیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کے پی کے پولیس کی تفتیش پر سخت اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے کہا کہ 2 افراد کا قتل اور تین زخمی ہوئے، پولیس نے اتنے بڑے واقعات کی کیا تفتیش کی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پختونخوا پولیس میں ریفارمز کا بہت سنا تھا۔ کے پی کے پولیس کی تفتیش کا معیار انتہائی بدترین ہے۔ کہا جاتا ہے کے پی پولیس میں اصلاحات ہوئیں۔ کہاں خیبر پختونخوا پولیس میں ریفارمز ہوئیں۔ پولیس نے زخمیوں کے بیانات ہی ریکارڈ نہیں کیے۔
بعد ازاں عدالت نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا التوا کے بغیر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ واضح رہے کہ ملزم وکیل پر مردان صدر تھانے میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔

عمرگل، سعید اجمل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر

2009 کا ٹی20 ورلڈکپ اور 2012 کا ایشیاکپ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے رکن عمر گل اور سعید اجمل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فاسٹ بولنگ اور اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹرز کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔

عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں بولنگ کوچ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں اس کے علاوہ وہ گزشتہ سال ٹی20 ورلڈکپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

سابق کرکٹر نے 2003 میں شروع ہونے والے اپنے شاندار انٹرنیشنل کریئر میں47 ٹیسٹ میچوں میں 163وکٹیں ۔130 ون ڈے انٹرنیشنل میں 179وکٹیں اور 60 ٹی20 انٹرنیشنل میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سابق عالمی نمبر ون ڈے انٹرنیشنل بولر سعید اجمل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں میں اپنی ذمہ داریاں شروع کریں گے۔ انہوں نے 2008 میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیااور انٹرنیشنل کیریئر میں 35 ٹیسٹ 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر447 وکٹیں حاصل کیں وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائٹڈ کے اسپن بولنگ کوچ بھ رہ چکے ہیں۔

عمرگل نے اپنی تقرری کو اعزاز سمجھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا شکریہ اداکیا ہے اور کہا ہےکہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے سابقہ تجربے کی روشنی میں وہ کوچنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ ٹیم کی بولنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: دورہ آسٹریلیا؛ ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ کب شروع ہوگا؟

سعید اجمل نے بھی کہا ہے کہ یہ ذکا اشرف کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے انہیں موقع فراہم کیا۔وہ پاکستانی ٹیم میں اسپن بولنگ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کا کریئر اور تجربہ ٹیم میں اسپن بولنگ کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

میرا جسم میری مرضی کے نعرے لگانے والوں کو پیسے ملتے ہیں، خلیل الرحمٰن قمر

لاہور: معروف رائٹر خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا ہے کہ میرا جسم میری مرضی جیسے نعرے لگانے والوں کو اس کے پیسے ملتےہیں۔

ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام ’ ٹاک ٹاک شو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے لیے اچھے نعرے اور لائنز بلامعاوضہ لکھ کر دینے کی پیشکش کی تھی۔ ’ میرا جسم میری مرضی‘ کے نعرے لگانے والی کبھی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گی کیونکہ کے اس کے پیسے ملتے ہیں۔

خلیل الرحمٰن قمر نے مزید کہا کہ پانچ، پانچ کا گروپ مجھ سے لڑنے آتا تھا۔ اس وقت بھی کہا تھا کہ اگر گندے اورغلیظ نعروں کو ہٹا دیا جائے تو مجھ سے بڑا فیمنسٹ کوئی نہیں ہے۔ میری بیٹیاں میرا فخر ہیں اور بیٹیاں بھی اتنی ہی اہم ہوتی ہیں جتنے بیٹے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اس کو مرد نہیں مانتا جو زن مرید نہ ہو۔ مرد کواپنی بیوی کی اپنی ماں کے برابر عزت کرنا چاہیے۔ اپنی بیوی سے بہت بار ڈانٹ کھاتا ہوں۔ اداکار ہمایوں سعید سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جس دن ہمایوں سعید کی طرح کی ایکٹنگ کرنے والا کوئی آٰیا تو اسےاپنے ڈراموں میں لے لوں گا۔ ہمایوں سعید کے لیے لکھتا رہوں گا۔ ڈرامہ ’ میں منٹونہیں ہوں‘ اب آئندہ سال نشرکیا جائے گا۔

پی ٹی آئی سیاسی سرگرمیاں؛ لگتا ہے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن فیل ہوگئے، پشاور ہائیکورٹ

پشاور: پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے ہیں کہ ایسا لگ رہا ہے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن فیل ہوگئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کی اجازت نہ ملنے پر توہین عدالت درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی، جس میں ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ ایڈوکیٹ جنرل صاحب !نگراں حکومت کا کیا کام ہوتا ہے، سہولت فراہم کرنا یا مشکلات پیدا کرناْ۔

جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ہم نے تو آپ سے کہا تھا کہ بتائیں اِن پر پابندی ہے یا نہیں, آپ نےکہا پابندی نہیں ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل عامر جاوید نے جواب دیا کہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں۔ ان پر پابندی نہیں ہے۔ جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ گراؤنڈ پر تو نظر نہیں آرہا کہ پابندی نہیں ہے۔ ایسا لگ رہا ہے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن فیل ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ بھی کسی کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے عدالت میں کہا کہ پشاور میں ورکرز کنونشن کے لیے درخواست دی تو دفعہ 144 لگا دی گئی، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ امن و امان کے سریس ایشوز تھے،اس وجہ سے چار، پانچ دن کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہے۔

جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ حالات خراب ہیں تو پھر الیکشن کو کیوں ملتوی نہیں کرتے۔ حالات خراب ہوں تو پھر الیکشن کیسے ہوگا۔ کیوں نہ چیف الیکشن کمشنر کو طلب کیا جائے؟۔ایساکرتے ہیں چیف الیکشن کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہیں، ان سے پوچھیں گے۔ شفاف الیکشن نہیں کراسکتے تو پھر چیف الیکشن کمشنر کس کام کے لیے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جس وکیل نے درخواست دی، ان کے گھر پر رات کو پولیس کی 11 موبائلیں گئیں اور انہیں ہراساں کیا۔ یہ کہتے ہیں اوپر سے آرڈر آیا ہے۔ یہ پتا نہیں اوپر کون ہے۔

جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ اوپر تو صرف اللہ ہے، پتا نہیں ان کے اوپر کون ہے۔باقی سیاسی پارٹیاں توجلسے کررہی ہیں، انتظامیہ اس پر کچھ نہیں کہتی اور نہ پولیس حرکت میں آتی ہے۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب یہ آپ کی ذمے داری ہے کہ آئین وہ قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا مجھے تھوڑا سا وقت دے دیں، چائے کے وقفے کے بعد عدالت کو آکر اسسٹ کروں گا۔

عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

شکست خوردہ بھارتی فینز نے آسٹریلوی سمجھ کر ’’کیوی کرکٹر‘‘ کو نشانے پر رکھ لیا

آسٹریلیا کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر فائنل ہارنے کے بعد بھارتی فینز نے آسٹریلوی سمجھ کر کیوی کرکٹر کو نشانے پر رکھ لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل میں شکست کے بعد انتہا پسند بھارتی کرکٹ فینز نے کیوی کرکٹر جمی نشیم کو نازیبا کمنٹس کیے جس کے اسکرین شارٹس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہے ہیں۔

کیوی کرکر جمی نشیم نے اپنے انسٹاگرام کے ڈی ایم پر موصول ہونے والے پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے کہا میں نے کیا چیز مِس کردی ہے؟۔
بھارتی فینز کی بدسلوکی کا جواب مزاحیہ انداز میں دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا نے شکست دی ہے اور نیوزی لینڈ ایک الگ ملک ہے۔

کیوی کرکٹر نے بھارتی فینز کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کھیل لوگوں کو جذباتی بناتے ہیں لیکن آپ کو اپنے غصے پر قابو رکھنا آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم ایسی نفرت کہاں سے آتی ہے لیکن ان شائقین کو چاہیے کہ اپنی توانائی کسی اچھی جگہ استعمال کریں، فائنل میں آسٹریلیا ٹاس سے لے کر میچ کی آخری گیند تک بہترین ٹیم تھی اور اس بات کو سب کو تسلیم کرنا پڑے گا۔

قبل ازیں بھارتی فینز کی جانب سے ورلڈکپ فائنل کی شکست کے بعد آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور ایک سالہ بیٹی کو ریپ کرنے جبکہ بھارتی نژاد گلین میکسویل کی اہلیہ پر بھی نازیبا جملے کسے تھے۔

پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کی مزید وکٹیں گرا دیں

ایم کیو ایم کے خواجہ سہیل منصور اور مزمل قریشی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم شہر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے جو نہیں ہوگا۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں خواجہ سہیل منصور اور مزمل قریشی نے پارٹی سے راہیں جدا کرلی ہیں اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

پارٹی میں شمولیت کرنے والے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ کچھ نئےدوست ایم کیوایم سے پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ہیں، اور کچھ لوگوں نے اوچھے ہتھکنڈے شروع کر دیئے ہیں، گھروں کے باہر لوٹے لٹکانے والی خبریں غلط ہیں۔

سعیدغنی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اپنے اور دیگر لوگوں کی پی پی میں شمولیت پرخوش نہیں، اور پیپلزپارٹی کی مقبولیت سے پریشان ہے، پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے مضبوط جماعت ہے، جس نے شہر کے بلدیاتی انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کی، ہم عام انتخابات میں بھی بڑی جماعت بن کر سامنے آئیں گے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ ایم کیوایم کےلوگ مختلف جماعتوں میں جارہے ہیں، ایم کیوایم غنڈہ گردی کے بجائےعوام کو اپنی طرف راغب کرے، لیکن یہ جماعت شہر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے جو اب نہیں ہوگا۔ پیپلزپارٹی نےشہری اور دیہی تفریق ختم کردی ہے۔

اس موقع پر خواجہ سہیل منصور کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کی بہبود کیلئے کام کریں گے، کراچی کی ترقی کیلئےایم کیوایم کو بھی ویلکم کرتےہیں۔

مزمل قریشی کا کہنا تھ اکہ ہمیں حق حاصل ہےکہ کسی بھی جماعت میں جائیں، کراچی کےعوام کومعلوم ہےکہ ہمیں کہاں جانا ہے.

این ایف سی ہر 5 سال ریوائز ہونا چاہیئے، اسحاق ڈار

سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئین کےتحت این ایف سی ہر 5 سال بعد ریوائز ہونا چاہئیے، صوبوں میں وسائل کی تقسیم پرکام کی ضرورت ہے۔

سینیٹ اجلاس میں خطاب کے دوران قائد ایوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کےعلاوہ تمام جماعتوں نےچارٹرآف ڈیموکریسی پردستخط کیے۔ ہم نے میثاق جمہوریت پردستخط کرنے کے بعد بہت کام کیا۔ اسی میں ہی آئینی آصلاحات کا معاملہ بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں،این ایف سی کےتحت صوبوں میں وسائل کی تقسیم پرکام کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل 2009 میں این ایف سی ریوائزکیاگیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ وہ 18ویں ترمیم یا نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر نظرثانی کرنے پر غور نہیں کر رہی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کو کئی تجاویز موصول ہوئیں، جن میں 18ویں ترمیم کو یکسر تبدیل کرنے سے لے کر صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم کے طریقہ کار کو تبدیل کرنا شامل ہے۔ پارٹی اِس آئینی شق میں ترمیم کرنے اور اسے اپنے منشور کا حصہ بنانے کے وعدے کے ساتھ انتخابی مہم میں اترنے کے لیے تیار ہے جو آئندہ ماہ منظر عام پر لایا جائے گا۔

تاہم ن لیگ کی پارٹی کی منشور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ، ’ہمیں 18ویں ترمیم یا این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کے لیے نہ تو کوئی تجویز موصول ہوئی اور نہ ہی کوئی بات چیت ہوئی۔‘

انہوں نے اس خبر کی تردید کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی ایسی تجاویز پر غورکررہی ہے۔

پاکستان کا آئی ایم ایف سے پٹرولیم لیوی وصولی 920 ارب روپے تک بڑھانے کا وعدہ

اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال میں پٹرولیم لیوی وصولی کو مزید 920 ارب روپے تک بڑھانے کا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ وعدہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایاحال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے جائزہ مذاکرات کے دوران حکومت نے آئی ایم ایف کو 869 ارب روپے کے پٹرولیم لیوی کے سالانہ ہدف میں مزید 50 ارب روپے کا اضافہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ لیوی وصولی سے دیگر نان ٹیکس ریونیو ذرائع سے ہونے والے نقصان کی تلافی کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے۔ حکومت ہر لٹر پٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر پٹرولیم ٹیکس وصول کرتی ہے۔ اس نے اس ہیڈ کے تحت 869 بلین روپے کی وصولی کا بجٹ رکھا ہے لیکن اب اسے بڑھا کر 920 بلین روپے تک پہنچانے کا عہد کیا ہے۔

پٹرولیم لیوی حکام کے لیے ٹیکس وصولی کا واحد سب سے بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 222 ارب روپے اکٹھے کیے جو کہ گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 367 فیصد زیادہ ہے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان قمر عباسی سے رابطہ کرنے پرکہاکہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی سے متعلق کوئی وعدہ نہیں کیا،آئی ایم ایف پٹرولیم لیوی کی شرح میں مزید اضافہ کرے گا جو 60 روپے فی لیٹر پر برقرار رہے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت توقع سے کم ہوئی جس کے نتیجے میں سالانہ وصولی 869 ارب روپے کے بجٹ سے زیادہ رہے گی۔

ذرائع نے مزید کہا کہ سیس (جی آئی ڈی سی) میں 10 ارب روپے کی کمی کر کے 30 ارب روپے کر دی گئی ہے لیکن کمپنیوں نے دسمبر 2018 تک 416 ارب روپے اکٹھے کیے تھے،ستمبر 2019 میں سابق چیئر مین پی ٹی آئی نے 416 ارب روپے میں سے نصف معاف کرنے کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کیا تھا۔

میڈیا کی تنقید کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے متنازعہ آرڈیننس واپس لے لیا تھا اور 416.3 ارب روپے کے بقایا جات کا معاملہ عدالت کے ذریعے حل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2019 سے اب تک 416 ارب روپے میں سے صرف 80 ارب روپے وصول کیے گئے۔ تقریباً 337 ارب روپے کے بقایا جات ابھی باقی ہیں جن میں سے 40 ارب روپے کی وصولی کا تخمینہ پہلے لگایا گیا تھا۔ لیکن اس ہدف میں اب مزید 10 ارب روپے کی کمی ہو گئی ہے۔ 2019 میں کھاد کمپنیوں کے ذمے تقریباً 138 ارب روپے واجب الادا تھے۔

اس وقت ٹیکسٹائل سیکٹر پر کل واجبات 42.5 ارب روپے تھے۔ 2019 میں کیپٹو پاور پلانٹس پر واجبات 91.4 ارب روپے تھے۔ سی این جی سیکٹر پر 80 ارب روپے واجب الادا تھے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ مختلف عدالتی مقدمات کی وجہ سے جی آئی ڈی سی کے بقایا جات کی وصولی متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے تخمینوں کے برعکس نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 2.1 ٹریلین روپے کی وصولیوں کا ہدف اب پٹرولیم لیوی وصولی میں اضافے کے باوجود 97 ارب روپے کم کر دیا گیا ہے۔

’کچھ اوررہ گیا ہے تو۔۔۔‘ ، خوشخبری سُنانے والے سحر حیات اور سمیع رشید پر کڑی تنقید

پاکستان کی معروف ٹک ٹاکرسحر حیات اور یوٹیوبر سمیع رشید تنقید کی زد میں آگئے، دونوں کو خوشخبری سنانا مہنگا پڑگیا۔

حال ہی میں یوٹیوبرسمیع رشید نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک وی لاگ اپلوڈ کیا ، جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ سحر حیات کے حاملہ ہونے کی خوخشبری سُنائی۔

یوٹیوب وی لاگ میں سمیع نے یہ خبر اپنے سوشل میڈیا کے دیگر دوستوں اور ٹک ٹاکرز کنول آفتاب، ذوالقرنین سکندر اور جنت مرزا کے ساتھ بھی شیئر کی ۔

دونوں کی جانب سے ڈرامائی اندازمیں یہ خبرشیئر کرنے پرسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔