وفاقی حکومت نے سول ایوی ایشن کو 2 حصوں تقسیم کردیا

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سول ایوی ایشن نے سول ایوی ایشن کو دو حصوں میں تقسیم کر کے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن کے محکموں کو علیحدہ کردیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایئرپورٹس پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ لائسنسنگ، ایروردی نیس، فلائٹ اسٹینڈرڈ، ایئر ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبہ جات اب سول ایوی ایشن اتھارٹی میں ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایکٹ 2023 کو نافذ کردیا گیا ہے جبکہ بتایا گیا ہے کہ دونوں محکموں کے سربراہ بھی الگ الگ ہوں گے۔

عالمی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے ایئرپورٹ سروس اور ریگولیٹری کو  توڑ کر 2 نئے محکمے بنانے کی ہدایت کی تھی۔ سول ایوی ایشن اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ایکٹس کو 10 نومبر سے نافذ کردیا گیا۔

وزارت ہوابازی نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو الگ محکمے کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ جس میں حکم دیا گیا ہے کہ سی اے اے اور ایئرپورٹس اتھارٹی سے ملازمین کی تعداد، اثاثوں سمیت دیگر تفصیلات فوری فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ حکومت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ اتھارٹی کے دو الگ محکمے بنانے کے ایکٹس پارلیمنٹ سے منظور کیے تھے۔

امریکا میں نیاگرا فالز کے قریب گاڑی میں دھماکا، 2 افراد ہلاک

 نیویارک: امریکا اور کینیڈا کو ملانے والے نیاگرا فالز پر بنے ایک پُل پر گاڑی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ نیاگرا فالز پر کینیڈا اور امریکا دونوں ممالک کو ملانے والے پل کے امریکی جانب میں موجود چیک پوائنٹ پر ایک گاڑی میں دھماکا ہوا جس کے بعد امریکا اور کینیڈا کے درمیان چار سرحدی گزرگاہیں بند کر دی گئی ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے ایسوسی ایٹڈ پریس خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ گاڑی کے اندر موجود دو افراد اس دھماکے میں ہلاک ہو گئے جو دریائے نیاگرا کے اس پار جانے والے رینبو بریج کے امریکی سائیڈ پر ہوا۔

اے پی کے مطابق مغربی نیویارک اور اونٹاریو کے درمیان رینبو بریج کے علاوہ تین دیگر پلوں کو بھی احتیاط کے طور پر فوری طور پر بند کر دیا گیا اور بفیلو نیاگرا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے تمام گاڑیوں کی سیکیورٹی چیکنگ شروع کردی ہے اور مسافروں سے کہا کہ وہ اضافی اسکریننگ کی توقع رکھیں۔

امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے فیلڈ آفس دی بفیلو، نیویارک نے کہا کہ وہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ واقعے کی تحقیقات کررہا ہے۔ ابھی تام دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہیں۔

سائفر کیس؛ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت پیش کرنے کا حکم

 اسلام آباد: سائفر کیس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس کی سماعت کی، جس میں شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری، خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالتی عملے نے ہائی کورٹ فیصلے کی کاپی عدالت کو فراہم کی، جس کے بعد عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو منگل کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ایف بی آر نے بینکوں کے منافع پر 40 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد کردیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بینکوں کے غیر معمولی منافع پر 40 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد کر دیا۔

ایف بی آر نے بینکوں کے منافع پر 40 فیصد ونڈ فال ٹیکس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر نے بینکوں کے غیر معمولی منافع پر ٹیکس آئی ایم ایف کے مطالبے پر عائد کیا گیا، جس سے ونڈ فال ٹیکس سے 33 سے 35 ارب روپے اضافی آمدن کا امکان ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بینکوں کے 2021 اور 2022 کے منافع پر ونڈ فال ٹیکس کا اطلاق ہوگا، بینکوں کے منافع پر 40 فیصد ونڈ فال ٹیکس لاگو ہوگا جبکہ بینکوں کو ونڈ فال ٹیکس 30 نومبر 2023 تک ادا کرنا ہوگا۔

نیب کی ٹیم عمران خان سے تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ

قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔

نیب ٹیم القادر ٹرسٹ کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کرنے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

نیب کی ٹیم 6 گھنٹے اڈیالہ جیل میں موجود رہی اور عمران خان سے تفتیش کے بعد نیب کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔

نیب ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر مستنصرامام اور محمد غفران شامل تھے۔

نیب ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے جیل کی کانفرنس روم میں تفتیش کی۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان سے 2 روز تفتیش کی اجازت دے رکھی ہے۔

یاد رہے کہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا یے اور جج محمد بشیرنے چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 یوم کی توسیع کی تھی۔

گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی، نیب ٹیم میں مظفر عباسی، عرفان اللہ، عمر ندیم، محسن ہارون، آصف منیر، وقار الحسن اور بیرسٹر اویس ارشاد عدالت میں پیش ہوئے

نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کی 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ کیسز میں عبوری ضمانت میں 8 روز کی توسیع کر دی۔ جب کہ عمران خان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا۔

جب بیچ پرواز ہوائی جہاز کی چھت ہی اُڑ گئی

ہماری اس دنیا میں کئی معجزے دیکھنے اور سننے کو ملتے ہیں، جن میں لوگ موت کو چھو کر واپس آتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ 1988 میں پیش آیا تھا جب دوران پرواز ہوائی جہاز کی پوری چھت ہی اُڑ گئی۔

ذرا تصور کریں کہ آپ فلائٹ میں سفر کر رہے ہوں اور اچانک سر پر سے چھت ہی غائب ہوجائے۔

یہ حادثہ ”الوہا ایئر لائنز“ (Aloha Airlines) کی فلائٹ 243 کے ساتھ پیش آیا تھا، جو اپنی چھت کا ایک حصہ کھونے کے باوجود بحفاظت لینڈ کر گئی۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 28 اپریل 1988 کو الوہا ایئرلائنز کی چھت کا ایک بڑا حصہ اچانک ٹوٹ کر ہوا میں اڑ گیا، اس وقت جہاز میں 89 مسافر اور چھ عملے کے ارکان سوار تھے۔

یہ ایک دو انجن اور 110 سیٹوں والا بوئنگ 737-200 جیٹ تھا جو 40 منٹ دورانیے کی پرواز کے آدھے راستے پر تھا، کہ کیبن کا دباؤ اچانک کم ہو گیا اور بوئنگ 737 کے اس حصے جسے فیوزیلج کہا جاتا ہے، اس کی چھت پھٹ گئی۔ اب مسافر بحر الکاہل کے اوپر 24 ہزار فٹ کی بلندی پر تیز ہواؤں کے رحم و کرم پر تھے۔

چھت کو غائب ہوتا اور نیلا آسمان دیکھ کر عملے کے باقی ارکان اور مسافر خوف سے چیخنے لگے اور انہیں یقین ہو گیا کہ وہ زندہ نہیں بچ پائیں گے۔

لیکن پائلٹ کسی طرح تباہ شدہ طیارے کو 24 ہزار فٹ کی بلندی تک لے گئے اور جلتے انجن ساتھ جہاز کو لینڈ کرایا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق کیپٹن نے فرسٹ آفیسر سے کنٹرول سنبھال لیا اور ماؤئی کی طرف ہنگامی طور پر اترنے کا آغاز کیا اور واقعے کے تیرہ منٹ بعد کامیابی سے وہاں اترا۔

زمین پر موجود ایمرجنسی اہلکاروں کو یقین نہیں آیا کہ وہ تباہ شدہ طیارے کے قریب پہنچ کر کیا دیکھ رہے تھے۔

جہاز میں سوار 95 افراد میں سے ایک ہلاک اور آٹھ شدید زخمی ہوئے۔ معجزانہ طور پر جہاز میں موجود باقی تمام افراد اس واقعے میں محفوظ رہے۔

موت صرف ایئر ہوسٹس کی ہوئی تھی جس نے بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی، اس وقت تمام مسافر بیلٹ باندھے بیٹھے تھے۔ ایئر ہوسٹس کی لاش کبھی نہیں ملی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کردیا

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واپڈا ٹاؤن میں 5 ویں ماڈل پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا اور مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے خدمت مرکز سے اپنا پاکستانی اور انٹرنیشنل لائسنس بنوایا، انہوں نے دونوں لائسنس کی فیس ادا کی، فنگر پرنٹس لگائے اور تصویر بنوائی۔

محسن نقوی نے واپڈا ٹاؤن خدمت مرکز کو 24 گھنٹے اوپن رکھنے کی ہدایت کی اور انہوں نے پولیس خدمت مرکز میں درخواست گزاروں کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کاؤنٹرز پر موجود عملے سے گفتگو کی اور انہیں شہریوں کی درخواستیں فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت کی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس خدمت مرکز کے عملے کی یونیفارم کی تعریف بھی کی۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس خدمت مرکز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز پر کرایہ دار رجسٹریشن، کرائم رپورٹ اور ایف آئی آر کی کاپی 24 گھنٹے میں حاصل کی جاسکتی ہے، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ملازمین کی ویریفکیشن پولیس مرکز سے 5 دن میں مہیا کر دی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز،سی ٹی اواور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

خدمت مرکز سے ایک دن میں 16 ہزار لائسنس جاری کیے گئے، محسن نقوی

دوسری جانب واپڈا ٹاؤن لاہور میں پولیس خدمت مرکز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خدمت مرکز سے ایک دن میں 16 ہزار لائسنس جاری کیے گئے، لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر 250 کے قریب حادثات ہو رہے ہیں، 18 سال سے کم عمر بچوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ گاڑی نہ چلائیں۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں خدمت مراکز کا نیٹ ورک بڑھائیں گے، پنجاب کے تمام پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن بھی کی جا رہی ہے، اسموگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی بارش کروانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

محسن نقوی کا لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ

ادھر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا جبکہ محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مؤثر اقدامات اور منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات دیے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے والٹن روڈ اور اے ڈی اے نالے کی ری ماڈلنگ، کیولری انڈر پاس اور سینٹر پوائنٹ تا والٹن روڈ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے پورے والٹن روڈ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔

دورے کے دوران دکانیں بند کرانے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محسن نقوی نے اپنی موجودگی میں بند دکانوں کو کھلوایا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کیولری انڈر پاس اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کی مختلف تعمراتی سائٹس کا بھی معائنہ کیا اور حکام سے پیشرفت پر بریفنگ لی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن و ری ماڈلنگ میگا پراجیکٹ ہے، والٹن روڈ پر 6 مقامات پر کام شروع کیا جا رہا ہے جس پر 9 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، چیل چوک پر فلائی اوور بھی بنایاجائے گا جس سے ٹریفک کی روانی میں مزید آسانی ہوگی۔

سابق وفاقی وزیر وقار خان، مبین عالم سمیت دیگر رہنماؤں کی ن لیگ میں شمولیت

سابق وفاقی وزیر وقار خان سمیت دیگر رہنماؤں نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی اور نمائندہ جماعت ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے سابق اراکین پارلیمنٹ نے ملاقات کی، جس میں رانا ثنا اللہ اور اویس لغاری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مبین عالم، مخدوم مسعود عالم اور باسط سلطان کی ن لیگ میں شمولیت کیا اور نواز شریف اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

شہبازشریف نے سابق اراکین پارلیمنٹ کو اپنی جماعت میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے عوام کو معاشی ترقی کا تحفہ دیں گے، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی اور نمائندہ جماعت ہے۔

سابق وفاقی وزیر وقار خان کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان

اس سے قبل مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا ہے صدر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر وقار خان نے بھی ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک وقوم کوبچانےکیلئےن لیگ میں شامل ہورہا ہوں۔

اس موقع پر امیر مقام کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ملک بھرمیں انتخابی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، ملک کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے، ہمیں ملکی استحکام کیلئےمتحدہونےکی ضرورت ہے۔

سابق سینیٹر وقار احمد اور خیبر پختون خواہ کے پارٹی صدر انجینئر امیر مقام نے شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) ہمیشہ قوم کے اعتماد اور توقعات پر پورا اتری ہے، معاشی خود انحصاری کے لئے سیاسی استحکام اور قومی کاوش درکار ہے، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے، پاکستان اور عوام کو معاشی بدحالی سے نجات دلانا قومی ایجنڈا ہے، پاکستان کے معاشی مفادات کا تقاضا ہے کہ سیاسی استحکام سے بحرانوں کا مقابلہ کیا جائے۔

دوسری جانب ن لیگ سندھ کی جانب سے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے، اور سینئر سیاستدانوں کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت بھی دی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے رہنما شاہ محمد شاہ نے پی ٹی آئی کے سابق وزیر اصغرعلی شاہ سے ملاقات کی اور ملک میں عام انتخابات سمیت سندھ کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق لیگی رہنما نے اصغرعلی شاہ کو پارٹی میں شامل ہونے دعوت دی، تاہم اصغر علی شاہ نے حتمی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔

شیر افضل مروت پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر مقرر

 اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو تحریک اںصاف کا سینئر نائب صدر مقرر کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں اہم تقرری سامنے آئی ہے جس میں عمران خان کے مختلف مقدمات میں وکیل اور پی ٹی آئی رہنما شیر افضل خان مروت ایڈووکیٹ کو پی ٹی آئی کا سینئر نائب صدر مقرر کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک عمر ایوب کی جانب سے اس تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

موقع ملا تو ٹی 20 ورلڈ کپ ضرور کھیلوں گا، شعیب ملک

  کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں نہیں سوچ رہے تاہم اگر موقع ملا تو ضرور کھیلیں گے۔

نجی ٹی وی چینل  سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ اس وقت میری نگاہیں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پر ہیں جس کے بعد بی پی ایل اور پی ایس ایل میں کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ٹی ٹونٹی کپ کے انعقاد میں ابھی وقت ہے چنانچہ اس بارے میں بعد میں سوچوں گا لیکن بطور پروفیشنل کھلاڑی میں خود کو مکمل طور پر فٹ رکھنے اور بہتر سے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے  کا خواہ ہوں۔

شعیب ملک نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہوگا وہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ملنے والے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس سے بین الاقوامی سطح پر ان کو اپنی اہلیت ظاہر کرنے کے بھی مواقع میسر آسکتے ہیں۔

ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم

 اسلام آباد: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کے تناظر میں کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ رکھیں گے۔

انہوں نے زرمک میں آئی ڈی ای حملے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک کی بقا کی خاطر قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دیسی ساختہ بم (آئی ڈی ای) دھماکے کے نتیجے میں دو سپاہی لانس نائیک احسان بادشاہ اور لانس نائیک ساجد حسین شہید ہو گئے۔

یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی پر مذاکرات کامیابی کے قریب

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے آج اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ”روئٹرز“ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’اس حوالے سے پیشرفت ہو رہی ہے، لیکن اس پر مزید کچھ کہنے لائق فی الحال نہیں ہے، لیکن مجھے امید ہے کہ جلد ہی اچھی خبر ملے گی‘۔

ٹائمز آف اسرائیل نے قبل ازیں قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ’ہم کسی معاہدے تک پہنچنے کے قریب ترین ہیں‘۔

ماجد النصاری نے مزید کہا کہ مذاکرات ’نازک اور آخری مرحلے‘ میں ہیں۔

 

 

حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے آج صبح ایک بیان میں کہا کہ ’ہم (اسرائیل کے ساتھ) جنگ بندی پر ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ گروپ نے اپنا مؤقف قطری ثالثوں کو پہنچا دیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ اس معاہدے میں کئی دنوں کے لیے فائرنگ اور گولہ باری میں وقفہ، حماس کے ہاتھوں تقریباً 50 شہری یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیلی تحویل میں قید فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی شامل ہے۔

یہ معاہدہ 7 اکتوبر کو اسرائیل کے اندر حماس کے حملے کے بعد سب سے بڑی یرغمالیوں کی رہائی اور قیدیوں کا پہلا تبادلہ ہوگا۔ اب تک 240 افراد میں سے صرف چار اسرائیل کو واپس کیے گئے ہیں۔

 

 

جنگ سے پہلے، اسرائیل نے تقریباً 5,200 فلسطینیوں کو گرفتار کیا تھا، اور 7 اکتوبر سے اب تک 2,900 سے زیادہ گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔

انسانی حقوق اور مانیٹرنگ گروپوں کا خیال ہے کہ اسرائیل نے کم از کم 95 خواتین، 37 صحافی اور 145 بچوں کو قید کر رکھا ہے۔

ایران کا دہشتگردی میں ملوث افغانیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

ایران نے دہشتگردی میں افغانیوں کے ملوث ہونے پر انہیں ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ ایرانی حکام نے سرحدی گذرگاہوں کو بھی بند کر دیا ہے۔

ایران سےغیر قانونی افغان باشندوں کی ملک بدری کا سلسلہ جاری ہے اور اگست سے اب تک ساڑھے 4 لاکھ افغان باشندوں کو ان کے ملک واپس بھیجا جاچکا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے دہشتگردی میں افغانیوں کے ملوث ہونے پر انہیں ملک بدرکرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سرحدی گذرگاہوں کو بند کر دیا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران افغان سرحد منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے۔

واضح رہے کہ 2021 میں ہزاروں کی تعداد میں افغان باشندے بھاگ کر ایران میں مقیم ہو گئے تھے، افغان باشندے نہ صرف پاکستان بلکہ ایران میں بھی کئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔