پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں لڑکی سے دھوکا ملا تھا جس کے بعد وہ بہت روئے تھے۔

ہمایوں سعید نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام “گپ شپ” میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پاکستان سینما گھروں سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

اداکار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میں فلموں کے ساتھ ساتھ ڈراموں میں بھی کام کررہا ہوں، میرا نیا ڈراما بہت جلد نشر ہوگا، اس ڈرامے کی اداکارہ یمنیٰ زیدی ہوں گی جبکہ عدنان صدیقی اور احمد علی بٹ بھی ڈرامے کا حصہ ہوں گے”۔
اُنہوں نے دورانِ انٹرویو انکشاف کیا کہ “جب میں 19 سال کا تھا تو اُس وقت مجھے ایک لڑکی نے دھوکا دیا تھا، اُس وقت کنوارہ تھا اور لڑکی سے دھوکا ملنے پر بہت زیادہ رویا تھا”۔

ہمایوں سعید نے پروگرام میں 8 سال پُرانے دلچسپ واقعے کا بھی ذکر کیا، اُنہوں نے کہا کہ “8 سال پہلے ایک لڑکی میرے گھر آگئی تھی اور وہ بضد تھی کہ مجھ سے شادی کرکے ہی واپس جائے گی”۔

اداکار نے کہا کہ “میں بہت زیادہ ڈر گیا تھا، میں نے لڑکی کو بتایا کہ میں شادی شدہ ہوں تو وہ کہنے لگی کہ کوئی بات نہیں”۔

اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ “پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلمیں لگنی چاہیے اور میں تو چاہتا ہوں صرف بھارتی ہی نہیں بلکہ ہالی ووڈ اور ترکش فلموں کو بھی ہمارے سینما گھروں میں لگانا چاہیے”۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ “پاکستان میں فلمیں کب بنتی ہیں جس کی وجہ سے لوگ سینما گھروں میں بہت کم جاتے ہیں، اگر بین الاقوامی فلمیں ہمارے سینما گھروں میں لگیں گی تو اس سے ہمیں ہی فائدہ ہوگا”۔

واضح رہے کہ سال 2019 میں ایسوسی ایشن آف فلم کے نمائش کنندگان کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ بھارتی فلمیں پاکستان میں ریلیز نہیں کی جائیں گی۔

“سورۃ البقرہ پڑھیں، آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے ہی بتادیا گیا تھا”؛ اُشنا شاہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے اُمتِ مسلمہ اور غیر مسلم پر زور دیا ہے کہ وہ سورۃ البقرہ ترجمے کے ساتھ پڑھیں۔

اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اُمتِ مسلمہ اور غیر مسلم کے لیے خصوصی پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ “میری ملسمانوں اور غیر مسلم سے گزارش ہے کہ آپ قرآن پاک کی سورۃ البقرہ کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “دُنیا میں آج جو کچھ بھی ہورہا ہے، اللہ نے مسلمانوں کو قرآن پاک کی سورۃ البقرہ میں پہلے ہی بتا دیا تھا”۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ “میں نے سورۃ البقرہ کو ترجمے کے ساتھ پڑھا ہے اور میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے ہیں”

واضح رہے کہ اُشنا شاہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی درندگی اور نسل کشی کے خلاف مسلسل آواز اُٹھاتی نظر آرہی ہیں، وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے بےگناہ اور معصوم فلسطینیوں کی آواز بنی ہوئی ہیں۔

اداکارہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے صارفین میں شعور پیدا کررہی ہیں اور اسرائیل کی منافقت اور جہالت کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کررہی ہیں۔

دوسری جانب غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

ورلڈکپ کی تھکن! دنیا کا امیر ترین بھارتی بورڈ اپنی جگ ہنسائی کا سبب بننے لگا

دنیا کا امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) خود اپنی ہی جگ ہنسائی کا سبب بننے لگا۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے محض 3 روز بعد بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 سیریز کیلئے پری میچ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صرف 2 صحافیوں نے شرکت کی۔

آسٹریلوی ٹی20 ٹیم کے کپتان میتھیو ویڈ کی پریس کانفرنس بدھ کو شیڈول تھی تاہم صحافیوں کے نہ ہونے کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا جس کی بھارتی بورڈ نے تصدیق نہیں کی تھی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو پریس کانفرنس کیلئے آئے تو وہ محض 2 رپورٹرز (صحافیوں) کو دیکھ کر حیران رہ گئے جبکہ مسکراتے ہوئے کہا کہ صرف 2 لوگ؟۔

میگا ایونٹ کے دوران کپتانوں کی پریس کانفرنس میں 100 سے زائد صحافی شریک ہوئی لیکن ہوم سیریز میں محض دو صحافی آئے جس میں نیوز ایجنسی اے این آئی اور پی ٹی آئی کے رپورٹر شامل تھے۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ فائنل میں بھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر ہندوستان صدمے سے دوچار ہے جبکہ کچھ سابق کرکٹرز آسٹریلیا کو چیمپئین ماننے سے انکار کررہے ہیں۔

آئی ایم ایف کا تکنیکی وفد آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گا

محصولات اور ٹیکس نیٹ بڑھانے پر ایف بی آر کے ساتھ مذاکرات کے لئے آئی ایم ایف کا تکنیکی وفد آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا تکنیکی وفد آئندہ ہفتے پاکستان پہنچ رہا ہے، وفد محصولات، ٹیکس نیٹ بڑھانے پر ایف بی آر سے مذاکرات کرے گا، اور یہ مذاکرت ایک ہفتہ جاری رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور آئی ایم ایف ٹیکس پالیسی میں ترامیم کیلئے اقدامات کریں گے، ٹیکس پالیسی میں ترامیم کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز کیلئے اسکیم متعارف کرانے کا بنیادی ڈھانچہ بھی تیار کیا جائے گا، اور مزید 10 لاکھ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس دہندگان کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچائی جائے گی، تکنیکی وفد کیساتھ مل کر ٹیکس پالیسی میں جو ترامیم کی جائیں گی وہ آئندہ بجٹ میں نافذالعمل ہوں گی۔

دورہ آسٹریلیا کیلئے تیاری، قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے تیاری شروع کردی

قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لئے تیاری شروع کردی۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کیمپ کے پہلے روز ٹریننگ کا آغاز کردیا، اس موقع پر سرفراز احمد کی جانب سے وکٹ کیپنگ اور سلیپ فیلڈنگ کی بھی پریکٹس جاری ہے۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا آج دو بجے تک پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن جاری رہے گا جب کہ قومی ٹیم آئندہ دنوں میں پریکٹس کا عمل جاری رکھے گی۔

گزشتہ روز قومی اسکواڈ راولپنڈی پہنچا تھا جہاں اس نے ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ کے علاوہ دونوں بولنگ کوچز سعید اجمل اور عمر گل سے ملاقات کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 14 دسمبر 2023 سے 7 جنوری 2024 تک کھیلی جائے گی۔

پہلا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 دسمبر، دوسرا 26 سے 30 دسمبر اور سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری 2024 تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

لاہور: کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، 3 ہزار سے زائد مقدمات درج

لاہور میں کم عمر اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف لاہور ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

کم عمر ڈرائیونگ پر مقدمات کی تعداد تین ہزار689 ہوگئی ہے، جبکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر دو ہزار 114 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

پولیس نے کارروائی کے دوران متعدد گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا ہے، بغیر لائسنس پانچ روز میں1231 ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

اس کےعلاوہ بغیرلائسنس کے کار ڈرائیونگ پر931، بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر1210 مقدمات درج کیے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مجھے تو پتا ہی نہیں تھا کہ کیسز کی سماعت جیل میں ہورہی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دومقدمات میں ضمانت کی درخواستوں میں تفتیشی افسر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 اور شاہ محمود قریشی کی 2 ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔

پراسیکیوٹر نے دلائل کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی تو عمران خان کے وکیل علی بخاری نے اعتراض اٹھایا کہ گزشتہ سماعت پرعدالت نے آرڈر جاری کیا تھا اسٹیٹ آج دلائل دے گی۔

پراسیکیوٹر نے مؤقف پیش کیا کہ مجھے تو پتا ہی نہیں تھا کہ کیسز کی سماعت جیل میں ہورہی ہے، 8،8 ماہ تو ان کی وجہ سے تاریخ پڑتی رہی ہے۔

وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پرآرڈر کیا تھا آج ہر حال میں فیصلہ ہوگا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ خود کہتے رہے اب ملزم کو بھی بلالیں ان کی موجودگی میں بحث ہو جائے گی،
عدالت اس کیس میں دلائل کیلئے ایک تاریخ دے دے۔

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ میں دیکھ لیتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی کی دوضمانت کی درخواستوں پروکیل علی بخاری نے کہا کہ شریک ملزمان کی ضمانت کنفرم ہوچکی ہیں، پراسیکیوشن کی وجہ سے ہم بھی برداشت کررہے ہیں۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت درخواستوں پر سماعت 28 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ کھنہ میں ایک اور تھانہ بہارہ کہو میں 2 مقدمات درج ہیں۔

سکھ رہنما قتل سازش: امریکی وارننگ پر بھارت نے چپ سادھ لی

بھارتی حکومت نے سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش ناکام بنائے جانے کے حوالے سے تاحال کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیا ہے۔

گزشتہ روزبرطانوی اخبارکی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کیا تھا کہ امریکی حکام نے امریکا میں ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنون کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنایا اور نئی دہلی کی حکومت کے ملوث ہونے کے خدشات پر بھارت کو انتباہ جاری کیا۔

بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کی ڈپلومیٹک افیئرز ایڈیٹرسہاسنی حیدر نے فنانشنل ٹائمز کی جانب سے اتنا بڑا دعویٰ سامنے آنے کے باوجود بھارتی حکومت کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہ آنے کا نقطہ اجاگرکیا ہے۔

ایکس پر اپنی پوسٹ میں سہاسنی نے لکھا کہ ،’سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ وزارت خارجہ نے ابھی تک ایف ٹی کی اس خبر کی تردید نہیں کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ نے ہندوستانی ایجنسیوں کو ”ناکام“ بنا دیا ہے‘۔

سہاسنی کی جانب سے رپورٹ کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ یہ رپورٹ سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنون کو نشانہ بنانے کے منصوبے کے بارے میں ہے ، جنہوں نے حال ہی میں ایئر انڈیا کی پرواز میں مسافروں کو دھمکی دی تھی۔

اس سے قبل کی جانے والی ایکس پوسٹ میں سہاسنی کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ نے منظم مجرموں، بندوق برداروں، دہشت گردوں اور دیگر کے درمیان گٹھ جوڑ سے متعلق کچھ معلومات شیئر کی ہیں، جن کی جانچ کی جا رہی ہے۔

اس دعوے کے جواب میں سکھ رہنما کا بھارت کو جواب بھی سامنے آچکا ہے۔

گرپتونت سنگھ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ کے کیپش میں لکھا، ’تشدد تشدد کو جنم دیتا ہے، کیا مودی حکومت نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے؟‘۔

سکھ علیحدگی پسند رہنما کے مطابق، ’بھارتی ایجنٹوں کی جانب سے امریکی سرزمین پر میری جان لینے کی ناکام کوشش بین الاقوامی دہشت گردی ہے جو امریکی خودمختاری، آزادی اظہار اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے لہٰذا میں امریکی حکومت کو اس خطرے کا جواب دینے دوں گا‘۔

کراچی ائرپورٹ پر بھارتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

کراچی ائر ٹریفک کنٹرول نے مسافرکی طبیعت خراب ہونے پر بھارتی طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

ایک خاتون مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر بھارت کی انڈیگو ائرلائن کے طیارے نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔

جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کراچی کے ایئر ٹریفک کنٹرول نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

پرواز جدہ سے بھارت حیدرآباد دکن جا رہی تھی۔تاہم طبی عملے کی جانب سے معائنے کے بعد بھارتی خاتون مسافر دم توڑ گئی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بھارتی طیارے نے صبح 4 بجکر15منٹ پر کراچی ائر پورٹ پر لینڈ کیا تھا۔

بعد ازاں انڈین ائر لائنز کی پرواز خاتون مسافر کی لاش لے کر آبح 6 بج کر 15 منٹ پر منزل کے لیے روانہ ہوگئی۔

خفیہ ادارے کے آفس پر حملہ: 2 رکنی بینچ کی ملزمان کی درخواستوں پر سماعت سے معذرت

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے 9 مئی کو فیصل آباد میں خفیہ ادارے کے آفس پر حملے میں ملوث ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت سے معذرت کرلی اور کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں 9 مئی کو فیصل آباد میں خفیہ ادارے کے آفس پر حملے میں نامزد عالیہ حمزہ سمیت دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

بینچ کے رکن جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس پر سماعت سے معذرت کرلی، اور بینچ نے درخواستیں چیف جسٹس کو بھجوا دیں۔

واضح رہے کہ درخواست گزاروں نے ضمانت بعد از گرفتاری کیلئے رجوع کر رکھا ہے۔

بابراعظم کے سویٹر کی قیمت آپ کو حیران کردے گی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی سوئٹرشرٹ کی قیمت نے صارفین کو حیرت سے دوچارکردیا۔ کرکٹرنے مہنگے کپڑے پہننے میں کئی شوبزشخصیات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

گزشتہ روز دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ اسکواڈ پریکٹس سیشنز کے لیے روالپنڈی پہنچا جہاں کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ و ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ، فاسٹ اور اسپن بولنگ کوچز سمیت دیگر سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے موقع پر لی گئیں چند تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کی گئیں جن میں بابراعظم، سرفراز احمد، کپتان شان مسعود اور دیگر کھلاڑیوں کو ایک ساتھ بیٹھے دیکھا گیا۔

بابر اعظم کی لیگ اسپنرعثمان قادر اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے ہمراہ تصویر کو خاص توجہ ملی جس کی وجہ ان کی سوئٹرشرٹ ہے، شرٹ پر سجے بھالو میاں کے علاوہ قیمت نے بھی صارفین کو خاصا حیران کیا۔

تجسس کے مارے ایک صارف نے معروف غیر ملکی برانڈ رالف لوئرن کے اس سویٹر کی قیمت کا بھی پتا لگا لیا۔

صارف کی جانب سے کی گئی پوسٹ کے مطابق بابراعزطم کی جانب سے پہنا گیا غیر ملکی برانڈ کا سویٹرپاکستانی روپوں میں تقریباً ایک لاکھ 23 ہزارروپے سے زائد کا ہے۔

نگراں وزیراعظم نےوفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیا

نگراں وزیراعظم نےوفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، وفاقی کابینہ ملکی معاشی اورامن وامان کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے، اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ ملکی معاشی،امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لے گی۔

تربت میں سی ٹی ڈی سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک

پسنی روڈ پر سی ٹی ڈی اور مبینہ دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں چار مسلح افراد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جمعرات کو تربت کے قریب پسنی روڈ بانک بس ٹرمینل کے قریب 7/8 مسلح دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود جس میں دو کلاشنکوفیں، ایک پستول دستی بم، موٹر سائیکل پر نصب دیسی ساختہ بم دو موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے دستی بم بھی پھینکے اور آر پی جی بھی فائر کیا، تاہم سی ٹی ڈی عملہ محفوظ رہا، سی ٹی ڈی حکام نے چاروں لاشیں قانونی کاروائی اور شناخت کے لئے ٹیچنگ اسپتال تربت پہنچا دئیے اور مزید کاروائی شروع کردی۔