تحریک انصاف ہمیں 6 وزارتیں دینا چاہتی تھی مگر میں نے انکار کیا، آصف زرداری

  کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف ہمیں چھ وزارتیں دینا چاہتی تھی مگر میں نے انکار کیا۔

ایک انٹرویو میں آصف علی زرداری نے انکشاف کیا کہ ہمیں پی ٹی آئی سے اتحاد کرنے کا کہا گیا، تحریک انصاف نے وزارتوں کی پیش کش بھی کی وہ ہمیں 6 وزارتیں دینا چاہتے تھے۔

آصف زرداری نے کہا کہ میں نے جواب میں انکار کیا اور پوچھا وزارتیں کیوں لوں؟۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان دنیا بھر میں اکیلا ہوگیا تھا، تحریک انصاف نے ملکی معیشت کا بُرا حال کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ’یقین ہے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے‘۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل سے کراچی میں شروع ہوگا

 لاہور: نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جمعہ سے کراچی میں شروع ہورہا ہے جس میں اٹھارہ ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کے میچز چار مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے جن میں نیشنل بینک اسٹیڈیم، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس، ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گراؤنڈ اور نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر براڈکاسٹ ہونگے جبکہ غیرممالک کے لیے یوٹیوب پر لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایک دن میں دو میچز( ڈبل ہیڈر) سہ پہر تین بجے اور رات آٹھ بجے شروع ہونگے جن کے ٹاس ڈھائی بجے اور ساڑھے سات بجے ہوا کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچوں میں شائقین کا داخلہ مفت کردیا ہے جو حنیف محمد، جاوید میانداد اور فضل محمود انکلوژر میں بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے۔

ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 32 گروپ میچز ہونگے جو 24 سے 28 نومبرتک کھیلے جائیں گے جس کے بعد سپر8 کا مرحلہ ہوگا۔ اٹھارہ ٹیموں کو چار گروپس میں رکھا گیا ہے۔

گروپ اے: لاہور وائٹس، پشاور، کراچی بلوز، لاڑکانہ اور کوئٹہ

گروپ بی: لاہور بلوز، کراچی وائٹس، اسلام آباد، حیدرآباد اور ڈیرہ مراد جمالی۔

گروپ سی: راولپنڈی، ایبٹ آباد، فیصل آباد اور بہاولپور۔

گروپ ڈی: ملتان، سیالکوٹ، فاٹا اور آزادجموں کشمیر۔

پہلے روز لاہور وائٹس کا مقابلہ لاڑکانہ سے اور کراچی بلوز کا مقابلہ پشاور سے این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔ گروپ بی میں کراچی وائٹس کا مقابلہ اسلام آباد سے اور حیدرآباد کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی سے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔

گروپ سی میں راولپنڈی کامقابلہ ایبٹ آباد سے اور فیصل آباد کا مقابلہ بہاولپور سے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔گروپ ڈی میں ایچ پی سی اوول میں ملتان بمقابلہ سیالکوٹ اور فاٹا بمقابلہ آزاد جموں کشمیر ہوگا۔

ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی جو یکم سے آٹھ دسمبر تک راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔دونوں سیمی فائنلز 9 دسمبر کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں سہ پہر تین بجے اور رات آٹھ بجے کھیلے جائیں گے۔ فائنل 10 دسمبر نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔

فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے رنرزاپ ٹیم کو پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے۔اتنی ہی رقم تین مختلف ایوارڈز، ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کے لیے رکھی گئی ہے۔

سپر ایٹ مرحلے کے ہر مین آف دی میچ اور سیمی فائنلز کے پلیئر آف دی میچ کو پچیس ہزار روپے جبکہ فائنل کے پلیئر آف دی میچ کو پچاس ہزار روپے ملیں گے۔

پی سی بی کے 2014 کے آئین کی بحالی کے بعد یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہے اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ چھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا گیا تھا جو سندھ کی ٹیم نے خیبر پختونخوا کو آٹھ ہراکر پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم جو لگاتار دو ٹورنامنٹ جیتی تھی اس شکست کی وجہ سے ہیٹ ٹرک نہیں کرپائی تھی۔

پیپلز پارٹی کا نواز شریف کے دعوے پر تعجب کا اظہار

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر اور سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے دعوے پر رد عمل دیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر نے نواز شریف کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تھر کول کے حوالے سے نوازشریف کا دعویٰ سن کر تعجب ہوا، نواز شریف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔

تاج حیدر کا کہنا تھا کہ تھر کول منصوبے کی پہلی سمری پر میرے دستخط ہیں، تھرکول کا سنگ بنیاد محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے رکھا تھا، تھر کول سے بجلی کی پیداوار بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔

رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ تھر کول منصوبے پر وفاق کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، تھرکول منصوبے کی کامیابی آصف زرداری کے مرہون منت ہے، نواز شریف صاحب صاحب تھر کول سے دور رہیں تو بہتر ہے۔

نواز شریف نے تھرکول کے بارے میں جو کہا وہ حقیقت نہیں، مراد علی شاہ

نواز شریف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تھر کول کے بارے میں جو کہا وہ حقیقت پر مبنی نہیں، تھر کا کوئلہ 1991 میں دریافت ہوا تھا، تھرکوئلہ دریافت ہوئے تیس بتیس سال ہوگئے، نواز شریف 50 سال سے پتہ نہیں کہاں سن رہے تھے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کول اتھارٹی نے 1995 میں 10 ہزار 560 میگاواٹ کے پاورپلانٹس کے ایم اویو پر دستخط کیے، 1995 میں محترمہ بے نظیر بھٹو نے تھرکول منصوبے کا افتتاح کیا، نواز شریف کی حکومت نے تھر منصوبے پر کام بالکل بند کرادیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تھر منصوبے پر جوغیرملکی سرمایہ کار کام کر رہے تھے وہ ملک سے چلےگئے، 2008 میں جب پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو دوبارہ غیرملکی سرمایہ کار سے رابطہ کیا، بدقسمتی سے غیرملکی سرمایہ کار نے کہا کہ اب ہم پاکستان میں کام نہیں کریں گے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس کے بعد سندھ حکومت نے اپنی کول مائننگ کمپنی بنائی، سندھ حکومت کی کوششوں اور چین کے پریشر سے وفاقی حکومت نے سندھ سے بات کرنی شروع کی، وفاق نے سندھ حکومت کو 2015 یا 2016 میں گارنٹی دی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ 2013 کے الیکشن کے بعد بدقسمتی سے نواز شریف حکومت نے منصوبے پرکام سست کیا، تھرکول میں 4 پاور پلانٹس لگ چکے، 3 کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری نے کیا، چوتھے پاور پلانٹس کا افتتاح سابق وزیراعظم شہباز شریف کے دور میں ہوا، 1997 سے 2008 تک تھر کول منصوبے پرکوئی کام نہیں ہوا تھا۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اس لیول پر حقیقت پر مبنی بات کرنی چاہیئے ورنہ ساکھ خراب ہوتی ہے، میرا یہی مشورہ ہےکہ جہاں کریڈٹ ہو وہاں لیں، یہاں کریڈٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

خیال رہے کہ آج مری میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں بجلی کے متعدد منصوبے لگا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، میں جھوٹ نہیں بولتا، پہلی بار ہم سندھ میں کوئلے کے ذخائر کو استعمال میں لائے، کوئلہ ملکی پیداوار ہے، ہزاروں میگا واٹ بجلی بنائی جاسکتی ہے، ہمارے دور کے بعد کس قسم کا دور تھا، ملک کا کلچر تباہ ہوگیا، تباہی پھیر دی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم بہت باتیں سنتے تھےکہ سندھ میں کوئلے کی کانیں ہیں لیکن کوئلے کی ان کانوں پر کام کسی نے نہیں کیا تھا، پہلی بار ہم نے سندھ میں کوئلےکے ذخائر کو استعمال کرکے بجلی پیدا کی۔

بلے کا انتخابی نشان رکھنے کیلئے پی ٹی آئی پر نئی شرط عائد، عمران خان الیکشن لڑیں گے

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے لئے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا برقرار رکھا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے ترجمان بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن لڑیں گے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنادیا اور پی ٹی آئی کو عام انتخابات میں بلے کا انتخابی نشان برقرار رکھا گیا ہے۔

ممبر نثار درانی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 20 دن کے اندر دوبارہ الیکشن کروائے جائیں اور الیکشن کے بعد 7 دن میں رپورٹ جمع کروائیں۔

فیصلہ الیکشن کمیشن کی آفیسر صائمہ جنجوعہ نے پڑھ کر سنایا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق 13 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کیا تھا۔

پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کاتحریری فیصلہ جاری

تحریری فیصلہ 12صفحات پرمشتمل ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی آئین کے مطابق تمام پارٹی عہدیداران 4 سال کیلئے منتخب ہوں گے، پی ٹی آئی کےعہدیداران کی مدت 13 جون2021 کو ختم ہوئی، الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق نوٹس جاری کیا۔

فیصلے کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان ہمارے پاس رہے گا، الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے، اور ایک خاص مقصد کیلئے اس میں تاخیر کی، آرڈر کو ہم مناسب فورم پر چیلنج کریں گے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیئرمین کی ہدایات کے مطابق وہ الیکشن لڑسکتے ہیں اور لڑیں گے، انہیں کوئی مائنس نہیں کرسکتا، وہ ہمارے چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق نااہل الیکشن نہیں لڑسکتا، عمران خان کی ایسی کوئی نااہلی نہیں کہ وہ الیکشن میں حصہ نہ لے سکیں، انہیں صرف ایک کیس میں سزا ہوئی تھی، اور اسے بھی ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔

تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر رد عمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ ادارے کے مسلسل متعصبانہ رویے کے تناظر میں توقعات کےعین مطابق ثابت ہوا، فیصلے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو انتخابات سے باہر رکھنے کی ریاستی سازش ایک بار پھر بے نقاب کردی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد آئینی اور سیاسی راستوں سے اس کے خلاف بھرپور چارہ جوئی کی جائے گی، الیکشن کمیشن کے آج کے فیصلے میں انصاف کے تقاضوں کو صریحاً نہیں کیا گیا، تحریک انصاف کو بھجوائے گئے نوٹس میں کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کے غیرآئینی ہونے کے حوالے سے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا تھا۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے بارہا درخواستوں کے باوجود انٹرا پارٹی انتخاب کے معاملے کو ایک مخصوص مقصد کے تحت بلاجواز التوا کا شکار کیے رکھا، تحریک انصاف کی چیف الیکشن کمیشنر سے ہونے والی 2 ملاقاتوں میں پارٹی کو آئینی حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی گئی مگر فیصلہ اس کے برعکس ثابت ہوا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں ”بلا“ تحریک انصاف کا انتخابی نشان تھا، ہے اور ”بلے“ کا نشان بیلٹ پیپر پر آئندہ بھی رہے گا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان چئیرمین پی ٹی آئی تھے ، چئیرمین پی ٹی آئی ہیں اور انشاء اللہ تاحیات چئیرمین پی ٹی آئی رہیں گے، مخالفین کے عمران خان کو مائنس کرنے یا تحریک انصاف سے ”بلے“ کا نشان واپس لینے کے عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن فیصلے کو مناسب فورم پر چیلنج کیا جائے گا جو کہ تحریک انصاف کا قانونی حق ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے چئیرمین عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کور کمیٹی آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی، تحریک انصاف کا ہر عمل آئین و قانون کے مطابق ہے عدلیہ سے امید ہے کہ آئینی و قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس فیصلے کے ہر پہلو کا جائزہ لیا جائے گا۔

گزشتہ روز رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ انٹراپارٹی الیکشن ہوئے، الیکشن کمیشن میں ریکارڈ جمع کرایا گیا جس پر الیکشن کمیشن نے پارٹی کے حق میں فیصلہ سنایا مگر تحریری فیصلہ روک لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ تحریری فیصلہ تبدیل نہ ہوجائے، البتہ ااگر الیکشن کمیشن نے کہا تو دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کرا دیں گے۔

مودی کیلیے نئی پریشانی؛ امریکا نے سکھ رہنما قتل سازش کی تحقیقات شروع کردیں

 واشنگٹن: امریکا نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ کینیڈا میں قتل ہونے والے علیحدگی پسند سکھ رہنما کے کیس کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے ترجمان قومی سلامتی جان کربی نے کہا کہ بھارتی قیادت کے سامنے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا معاملہ اُٹھایا ہے۔

امریکی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سکھ رہنما کو ہماری سرزمین پر قتل کرنے کی بھارتی سازش کی تحقیقات کی ہیں اور اس سے بھارتی قیادت کو آگاہ بھی کیا ہے۔

قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے مزید کہا کہ بھارت پر یہ بھی واضح کیا ہے کہ امریکا سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونا چاہیے۔

جان کربی کے مطابق بھارتی قیادت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں جلد ہی اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ برطانوی اخبار نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت سکھ گرپتونت سنگھ پنوں کو امریکا میں قتل کرنا چاہتا تھا جس کے بعد امریکی انٹیلی جنس نے اس سازش کو ناکام بنادیا تھا اور بھارت کو بھی خبردار کیا تھا۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا

 تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو رہائی کے فوری بعد ہی دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق سابق سپیکر اسد قیصر کو چارسدہ پولیس نے صوابی سے گرفتار کیا، قبل ازیں اینٹی کرپشن عدالت کے جج بابر علی خان نے اسد قیصر کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 80 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اسد قیصر پر گجر خان میڈیکل کالج کے لئے سامان کی خریداری میں خورد برد کا الزام تھا۔

فری لانسرز کی سہولت کیلئے پے پال اور اسٹرائیپ سے بات ہورہی ہے ،نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے بڑی خوشخبری سنادی

اسلام آباد : نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا فری لانسرز کی سہولت کیلئے پے پال اور اسٹرائیپ سے بات ہورہی ہے اور ورکنگ اسپیس بنا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی عمر سیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 30 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس پیدا ہوتے ہیں، ان آئی ٹی گریجویٹس کو تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی گریجویٹس کیلئے 3 سالہ پلان تیار کیا ہے، اسٹارٹ اپس کیلئےپاکستان اسٹارٹ اپس فنڈ کا آغاز کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں پوٹینشل کے حوالے سے کوئی دوسری رائے نہیں ہے ، دنیا میں زیادہ مانگ والے آئی ٹی شعبے کےکورسز کی لسٹ فراہم کی ہے۔

نگراں وفاقی وزیر نے بتایا کہ جامعات میں اسٹینڈرائزڈ کوالٹی ٹیسٹ شروع کرنے جارہےہیں، پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کی فری لانسنگ تربیت کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، پاکستان میں ترقی کی بےپناہ صلاحیت ہے ،آئی ٹی انڈسٹری ملک میں ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے، ہر سال 75ہزار آئی ٹی گریجویٹس فارغ التحصیل ہورہے ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان فری لانسرز کی دنیا کی دوسری بڑی ورک فورس رکھتا ہے، پاکستان کے 15 لاکھ افراد آن لائن پلیٹ فارمز کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، فری لانسرز کی سہولت کیلئے پے پال ،اسٹرائیپ سے بات ہورہی ہے اور سہولت کیلئے کو ورکنگ اسپیس بنا رہے ہیں۔

نگراں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل آئی ٹی برآمدات 5 ارب ڈالرز ہیں ، ایس آئی ایف سی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے، ایس آئی ایف سی تعاون سے آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل حل ہوئے۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان کا آئی ٹی پوٹینشل سالانہ 15 ارب ڈالر ہے، ہم آئندہ چند سالوں میں 10 ارب ڈالرز کی برآمدات کا ہدف حاصل کرلیں گے۔

سیارہ زحل کے گرد بنے حلقے کب نظر نہیں آئیں گے، ناسا نے تاریخ بتادی

واشنگٹن: ہمارے نظام شمسی کا سیارہ زحل اپنے گرد بنے حلقوں کی وجہ سے کافی مشہور ہے تاہم ان حلقوں کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کیلئے اب محدود وقت رہ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا نے انکشاف کیا ہے کہ زحل کے حلقے بصری حدود کی وجہ سے 18 ماہ میں نظروں سے اوجھل ہو جائیں گے تاہم یہ حلقے 2032 میں دوبارہ نظر آجائیں گے۔

مارچ 2025 تک یہ حلقے جو 43,500 سے 87,000 میل تک پھیلے ہوئے ہیں، اپنے مدار میں سیارے کے جھکاؤ کی وجہ سے زمین سے پوشیدہ ہو جائیں گے۔

یہ انوکھا مظہر اس وقت رونما ہوتا ہے جب ہر 13.5 سے 15.7 سال بعد زمین سے زحل افقی سطح سے نظر آتا ہے اور خلائی دھول کی وجہ سے سیارے کی ظاہری شکل صاف اور واضح نظر نہیں آتی۔

سیارہ زحل فی الحال ابھی 9 ڈگری نیچے کی طرف جھکا ہوا ہے جبکہ 2024 تک اس کا جھکاؤ 3.7 ڈگری تک کم ہو جائے گا۔ جیسا کہ Earth.com نے بھی اس کی وضاحت کی ہے کہ اس مدت کے دوران زحل کے حلقوں کا مشاہدہ کرنا کاغذ کے کنارے کو افقی سطح سے دیکھنے کے مترادف ہو گا۔

ملیے ایٹانا سے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی تخلیق کردہ انسٹاگرام ماڈل

بارسیلونا: ایٹانا لوپیز عرف ’فِٹ ایٹانا‘ کو صرف چار ماہ ہوئے ہیں انسٹاگرام پر آئے ہوئے، لیکن اس نے 110,000 سے زیادہ فالوورز اپنے نام کرلیے ہیں اور ماہانہ آمدنی 4,000 یورو سے زیادہ ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں اس ماڈل کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں؟۔

غیر حقیقی ماڈلز یعنی ورجوئل ماڈلز کچھ سالوں سے آن لائن ہیں اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی آمد نے انہیں زیادہ حقیقت پسندانہ اور زیادہ مقبول بنا دیا ہے اور اس میں کافی زیادہ مقبول AI کی تخلیق کردہ ایٹانا ہے۔

ایٹانا بارسیلونا سے تعلق رکھنے والی ایک خوبصورت، گلابی بالوں والی ماڈل ہے جو صرف چند مہینوں میں ہی ایک لاکھ سے زیادہ فالووَرزکو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ وہ صرف اپنی تصاویر پوسٹ کرتی ہے کیونکہ ویڈیو اس کی ڈیجیٹل شکل کے نقلی پن کو تھوڑا بہت بےنقاب کرسکتا ہے تاہم اس کی ہر ایک تصویر کو دسیوں ہزار لائکس اور سیکڑوں تبصرے ملتے ہیں۔

ایٹانا کی مقبولیت نے اس کے تخلیق کاروں کے لیے ایک مستحکم ماہانہ آمدنی کا انتظام کیا ہوا ہے جن کا دعویٰ ہے کہ وہ ماہانہ 4,000 یورو سے زیادہ کماتے ہیں۔

الیکشن کمیشن اور صدر 8 فروری کی تاریخ دے کر آئینی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرے، عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق کیس میں جسٹس اطہر من اللہ نے اضافی نوٹ جاری

اسلام آباد: عام انتخابات کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر کا اضافی نوٹ سامنے آگیا جس میں کہا گیا ہے کہ 90 روز میں انتخابات کی تاریخ نہ دے کر صدر اور الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزی کی، ووٹرز کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے عام انتخابات کیس کے حوالے سے 41 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ جاری کردیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی ووٹرز کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا بنیادی حقوق کے منافی ہے، آئین اور قانون کے بر خلاف نگران حکومتوں کے ذریعے امور چلائے جا رہے ہیں، مقررہ وقت میں انتخابات آئینی تقاضا ہے اور انتخابات نہ کروا کر عوام کے حقوق کی خلاف ورزی ثابت ہو چکی۔

اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 390 رجسٹرڈ ووٹرز کو ان کے حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا، انتخابات میں تاخیر کو روکنے کے لیے مستقبل میں ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، ہر عوامی عہدہ رکھنے والا آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ کے اضافی نوٹ میں دو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے لے کر انتخابات از خود نوٹس تک کا حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس عدالت کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ انتخابات کی تاریخ کا تعین کرے، 90 روز میں انتخابات میں کروانا صدر مملکت، گورنرز اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی، 8 فروری کو ملک بھر میں انتخابات کی تاریخ کا تعین صدر مملکت نے کیا، تاریخ الیکشن کمیشن نے دی، 8 فروری کو تاریخ دینے سے صدر اور الیکشن کمیشن نے خود کو بے نقاب کیا ہے کہ انہوں نے آئین کی خلاف ورزی کی۔

اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور عوام کے حقوق کی خلاف ورزی سنگین عمل ہے، جس کا ازالہ ممکن نہیں، 90 روز کے اندر انتخابات کی تاریخ دینا صدر مملکت کا اختیار تھا، ہر عوامی عہدہ رکھنے والا آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت بنانا ، سیاسی جماعت کا رکن ہونا اور انتخابات لڑنا آئینی حق ہے، گورنر خیبر پختونخوا نے 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ نہ دی کر آئینی خلاف ورزی کی، کے پی اور پنجاب کے دونوں گورنرز نے آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، اس معاملے پر نہ الیکشن کمیشن متحرک ہوا نہ ہی صدر مملکت نے مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داری ادا کی، صدر، گورنرز اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے۔

اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ اپنے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے کارروائی چلا رہی تھی لیکن سپریم کورٹ نے کیس خود چلانا شروع کردیا، صدر مملکت نے 2 فروری 2023ء کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دی جس سے لاہور ہائی کورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی، اس عمل سے عیاں ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن اور گورنر بامعنی انداز میں صدر سے مشاورت نہیں کی، چار ججوں نے متفقہ نوٹ میں سپریم کورٹ کا انتخاب سے متعلق از خود نوٹس مسترد کردیا۔

فلسطین کی حمایت کرنے پر اداکارہ کو ہالی ووڈ فلم سے نکال دیا گیا

میکسیکو: معروف میکسیکن اداکارہ میلیسا بریرا کو فلسطین کے حق میں پوسٹ کرنے پر ہالی ووڈ فلم سے نکال دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو سے تعلق رکھنے والی اداکارہ میلیسیا بریرا نے حال ہی غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم کے خلاف آواز اُٹھائی جس کے بعد امریکی کمپنی اسپائی گلاس نے اداکارہ کو فلم “اسکریم 7″ کے سیکیوئل سے ہی نکال دیا۔

میلیسا بریرا نے اسرائیل کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ “اسرائیل غزہ میں نسل کشی اور قتلِ عام کررہا ہے”۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا تھا کہ “غزہ کو جیل بنادیا گیا ہے، وہاں کے عوام کو پانی اور بجلی جیسی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے”۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ “پوری دُنیا خاموشی سے غزہ میں جاری ظلم و ستم ہوتا دیکھ رہی ہے، اس دُنیا نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا”۔

اسموگ متاثرہ علاقوں میں جمعہ سے نیا لاک ڈاؤن 29 نومبر کو مصنوعی بارش برسانے کا اعلان

 لاہور: پنجاب کے 6 اضلاع میں تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتے کی چھٹی دینے اور مارکیٹیں تین بجے کے بعد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسموگ کے تدارک کے لئے منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت 6 ڈویژن میں جمعہ اور ہفتے کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے، مارکیٹیں، ریسٹورنٹ اور کاروباری ادارے تین بجے کے بعد کھولیں جا سکیں گے، اتوار کو تمام مارکیٹیں اور ادارے بند رہیں گے، جمعہ کو سرکاری دفاتر کھلیں گے،ہفتے کے دن 3بجے کے بعد کھلیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 29نومبر کو بارش کے لئے موزوں بادل ہوئے تو مصنوعی بارش برسائی جائے گی، لاہورمیں 10ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائے گی، سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر ای بائیک دی جائیں گی۔

کے الیکٹرک صارفین پر 1.52 روپے فی یونٹ اضافی سرچارج عائد کرنے کی منظوری

 اسلام آباد: کے الیکٹرک صارفین کے لیے ایک بری خبر سامنے آئی ہے، نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین پر 1 روپیہ 52 پیسہ فی یونٹ اضافی سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی نے اضافی سرچارج کو منظور کیا ہے، کے الیکٹرک صارفین پر اضافی سرچارج نومبر 2023ء سے دسمبر 2024ء تک کے لیے لاگو ہوگا۔

اضافی سرچارج سے کے الیکٹرک کے صارفین پر 24 ارب 50 کروڑ سے زائد کا بوجھ پڑے گا، نیپرا اتھارٹی نے منظوری کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کوبجھوا دیا، وفاقی حکومت سرچارج عائد کیے جانے کا حتمی نوٹی فکیشن جلد جاری کردے گی۔