پشاور؛ سینٹرل جیل میں قیدیوں کیلیے آن لائن سماعت کی سہولت کا افتتاح

پشاور: سینٹرل جیل میں قیدیوں کے لیے آن لائن سماعت کی سہولت کا افتتاح کردیا گیا۔

نگران صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات اور سوشل ویلفیئر جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے سینٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کے لیے کیسز کی آن لائن سماعت کی سہولت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جیل میں آن لائن ہیئرنگ کی سہولت سے سکیورٹی کے خدشات اور پیٹرول کے اخراجات پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں گرفتار ملزمان اب عدالتوں میں آن لائن پیشی کے ذریعے پیش کیے جا سکیں گے۔ ضمانت اور رہائی کے فیصلے جیل انتظامیہ کو آن لائن موصول ہوں گے۔ نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ جیلوں کی تزئین و آرائش پر کام جاری ہے۔ 4 جیلوں کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا ہے جس میں پشاور جیل بھی شامل ہے۔

نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ جیلوں میں اصلاحات کے ساتھ قیدیوں کی تربیت، علاج اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔ جیل میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے جیل سے باہر نکل کر وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے اور غلط کاموں سے دُور رہیں گے۔ قیدیوں کی بہتری کے لیے جیلوں کو جدید ٹیکنالوجی پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

عدالت کا لاپتا افراد کے معاملے پر نگراں وزیراعظم کو بلانا مناسب نہیں، سرفراز بگٹی

نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتوں کا لاڈلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کر سکتا۔ نگراں حکومت نوازشریف کو کوئی ’فیور‘ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ لاپتاافرادکےمعاملے پرعدالت کانگراں وزیراعظم کوبلانامناسب نہیں ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں نوازشریف پرجو کیسز بنے وہ زیادہ تربے بنیاد تھے۔تاریخ میں یہ پہلی بار ہوگا کہ بیٹے سے تنخواہ لینے کے جرم میں کوئی نااہل ہوا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں جیل میں حاصل سہولیات کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا، عدالتی نظام میں اصلاحات کی بہت ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی طرف سےن لیگ کوکوئی فیور نہیں دی جارہی،بگ نگراں حکومت کیلئےنوازشریف اوربلاول ایک جیسےہیں۔

سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے حوالے سے کہا کہ دیوارپھلانگ کر آئے والے کو مہمان کادرجہ نہیں دےسکتے۔ 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں،واپسی کا عمل ایک ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔ واپس لوٹنے والوں میں 99 فیصد تعداد افغان تارکین وطن کی ہے۔

نگراں وزیرداخلہ کے مطابق پاکستان میں افسوسناک واقعات میں ”را“ کا کردارہوتاہے،لاپتاافرادکےمعاملے پرعدالت کانگراں وزیراعظم کوبلانامناسب نہیں ہے۔ پاکستان میں لاپتا افراد کی تعداد خطے میں سب سے کم ہے، یہ معاملہ ملک کےخلاف ہتھکنڈا بن چکاہے۔

“غزہ کیلئے آواز اُٹھاتی رہوں گی”؛ ہالی ووڈ فلم سے نکالے جانیوالی اداکارہ کا دو ٹوک جواب

معروف میکسیکن اداکارہ میلیسا بریرا کا فلسطین کی حمایت پر ہالی ووڈ فلم سے نکالے جانے کے بعد بیان آگیا ہے۔

میکسیکو سے تعلق رکھنے والی اداکارہ میلیسیا بریرا نے حال ہی غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم کے خلاف آواز اُٹھائی جس کے بعد امریکی کمپنی اسپائی گلاس نے اداکارہ کو فلم “اسکریم 7″ کے سیکیوئل سے ہی نکال دیا تھا۔

اب اداکارہ میلیسیا بریرا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ کی اسٹوری میں ایک طویل نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ “میں سب سے پہلے یہود دشمنی اور اسلامو فوبیا کی مذمت کرتی ہوں، میں کسی بھی گروہ کے خلاف کسی بھی قسم کی نفرت اور تعصب کی مذمت کرتی ہوں”۔

میلیسیا بریرا نے کہا کہ “ایک قابل فخر میکسیکن شہری کے طور پر، میری یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ان مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کروں جن کی مجھے فکر ہے اور دُنیا تک اپنی آواز پہنچاوْں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “اس دنیا میں ہر انسان کو مساوی انسانی حقوق، آزادی رائے اور بولنے کا حق حاصل ہے پھر چاہے اُس کا تعلق کسی بھی مذہب، رنگ، نسل، جنس یا ذات سے ہو”۔

اداکارہ نے زور دے کر کہا کہ “کسی حکومت یا قیادت پر تنقید کرنا لوگوں کے پورے گروپ کی مذمت کے مترادف نہیں ہونا چاہیے”۔

میلیسیا بریرا نے کہا کہ “میں دن رات دعا کرتی ہوں کہ مزید اموات نہ ہوں، مزید تشدد نہ ہو اور پوری دُنیا میں امن قائم ہوجائے”۔

اُنہوں نے فلسطین کے لیے آواز اُٹھاتے ہوئے کہا کہ “میں اُن لوگوں کے لیے اپنی آواز بُلند کرتی رہوں گی جنہیں میری حمایت کی ضرورت ہے اور میں امن کی وکالت کرتی ہوں گی”۔

اداکارہ نے اپنے مخالفین کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ “خاموشی میرے لیے آپشن نہیں ہے، میں انسانی حقوق اور آزادی کے لیے بولتی رہوں گی”۔

واضح رہے کہ میلیسا بریرا نے اسرائیل کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ “اسرائیل غزہ میں نسل کشی اور قتلِ عام کررہا ہے”۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا تھا کہ “غزہ کو جیل بنادیا گیا ہے، وہاں کے عوام کو پانی اور بجلی جیسی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے”۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ “پوری دُنیا خاموشی سے غزہ میں جاری ظلم و ستم ہوتا دیکھ رہی ہے، اس دُنیا نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا”، اس پوسٹ کے بعد اُنہیں ہالی ووڈ فلم سے نکال دیا گیا تھا۔

35 پاکستانیوں کی چین سے ہانگ کانگ اسمگلنگ کرنیوالے گینگ کے مزید 2 ارکان گرفتار

راولپنڈی: 35 پاکستانیوں کی چین سے ہانگ کانگ اسمگلنگ کرنے والے گینگ کے مزید 2 ارکان گرفتار کرلیے گئے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ایک بڑی کارروائی کی، جس میں 35 پاکستانی شہریوں کی چین سے ہانگ کانگ اسمگلنگ کے معاملے میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد صائم سلطان کی زیر نگرانی چھاپا مار ٹیم نے گینگ کے مزید 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا ، جن کے نام فواد عالم خان اور محمد ابوبکر ہیں۔ملزمان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، جو چین سے ہانگ کانگ انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم فواد عالم جعلی سپورٹنگ دستاویزات بنانے میں ملوث تھا۔ ملزم مختلف کمپنیوں کی جانب سے جاری کردہ ویزا انوی ٹیشن لیٹرز میں رد وبدل کرتا تھا جب کہ ملزم ابوبکر شہریوں کو چین سے ہانک گانگ بارڈر پار کرانے میں ملوث تھا۔ ملزم بارڈر پار کروانے کے حوالے سے ایجنٹوں کو معلومات فراہم کرتا تھا۔ گرفتار ملزم سرحد کے دونوں جانب انسانی سمگلروں کے ساتھ رابطے میں تھا۔

دونوں ملزمان کو پہلے سے گرفتار ملزم آصف محمود کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے، جن کی نشاندہی پر مزید چھاپا مار کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ مذکورہ نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی بھی شناخت حاصل کر لی گئی ہے، جن کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

’’بھائی! ٹرافی کا کچھ احترام کریں‘‘ اروشی کا مارش پر طنز

بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی پر پاؤں رکھنے پر آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش پر تنقید کردی۔

19 نومبر کو آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کے بعد آسٹریلیا نے چھٹی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی، بعدازاں آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش کی ٹرافی کے اوپر پاؤں رکھ کر آرام کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو بھارتی آگ بگولہ ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر صارفین مچل مارش کو تہذیب کا درس دیتے دیکھائی دیئے جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی آسٹریلوی کرکٹر بھی خوب تنقید کی اور آئی سی سی ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

اب بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے بھی سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کیلئے انسٹاگرام اسٹوری پر مچل مارش، لیونل میسی اور سابق کپتان کپل دیو کی ٹرافیز کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایموجی کے ذریعے فرق ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بھائی، ورلڈکپ ٹرافی کا کچھ احترام کریں۔

اروشی کو ورلڈکپ 2023 کے آغاز سے قبل آئی سی سی نے نقاب کشائی کیلئے مدعو کیا تھا جہاں اداکارہ ٹرافی کو چومتی ہوئی دیکھائی دی تھیں۔

انسٹا اسٹوری کے ذریعے اروشی نے مچل مارش کو ٹرافی کی عزت کا درس دیتے ہوئے دیکھائی دے رہی ہیں۔

علی عظمت نے ’جذبہ جنون‘ کہاں ریکارڈ کروایا؟ جان کر آپ یقین نہیں کریں گے

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف نام علی عظمت نے اپنے مقبول ترین ملی نغمے سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے مداحوں کو خاصی حیرت سے دوچارکیا ہے۔

سوشل میڈیا پرکرکٹر شعیب اختر کے پروگرام میں شریک علی عظمت کا ویڈیو کلپ وائرل ہے۔

انہوں نے مقبول ترین گیتا ”جذبہ جنون“ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ گانا باتھ روم میں بیٹھ کر ریکارڈ کروایا ، میرے زیادہ تر گانے باتھ روم میں ہی ریکارڈ ہوئے ہیں’۔

گلوکار نے باتھ روم میں گانا ریکارڈ کرنے کے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا کہ ’جذبہ جنون کی ووکلک (Vocalic) ہی باتھ روم میں ریکارڈ ہوئی ہے، ہمارے پاس طارق روڈ پر ایک گندا سا اسٹوڈیو تھا۔ جگہ بہت تنگ تھی وہاں، پھر مجھے کہا گیا کہ باتھ روم میں چلے جائیں، ادھر نہ سانس آرہی تھی اور شدید گرمی تھی‘۔

علی عظمت نے مزید کہا کہ باتھ روم کی دیواروں پر گتے لگائے گئے تھے، اس طرح یہ گانا ریکارڈ ہوا اور آگے چل کر بہت مقبول بھی ہوا۔

علی عظمت کا پاکستان میں گلوکاری کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’ہماری انڈسٹری ایک کاٹیج انڈسٹری ہے‘۔

گلوکار نے میوزک کمپوزرز سے متعلق کہا کہ ’ہمیں پیچھے سے کوئی بڑی مشینیں نہیں چلا رہی ہیں۔ یہ سارے گھروں میں بیٹھ کر میوزک بنانے والے لوگ ہیں‘۔

علی عطمت کا شمار پاکستان کے معروف گلوکاروں میں ہوتا ہے، ان کے گانوں کو آج بھی مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے۔

سارا ظلم ن لیگ کر رہی ہے، بہتر ہے نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کا نوٹیفکیشن کردیں، اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہبنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سارا ظلم ن لیگ کر رہی ہے، بہتر ہے نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کا نوٹیفکیشن کردیں۔

مردان کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں پیشی سے قبل اسد قیصر کا ڈی ایچ کیو اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ اسد قیصر کو گلے اور سینے میں معمولی تکلیف ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم پر سلیکٹڈ کا الزام لگانے والی اپوزیشن آج خود سلیکٹڈ پلس بن گئی ہے، انتخابات کے لیے جو ماحول بنایا گیا ہے یہ کسی طور پر بھی فری اینڈ فیئر نہیں، اگر اس ماحول میں انتخابات ہوئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔

سابق اسپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف سارا ظلم و جبر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے جب کہ نواز شریف کو وزیر اعظم بنانا ہے تو انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں، ایسے الیکشن سے بہترہے نگراں کی طرح نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کا نوٹیفکیشن کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ پارٹی کی لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے۔

ممبئی ائرپورٹ کو دھماکے سے اڑانے کی ’ای میل‘ موصول

بھارتی شہر ممبئی ائرپورٹ کے ٹرمینل نمبر دو کو بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز ’ای میل ’موصول ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے جمعرات کو ممبئی کے بین الاقوامی ائرپورٹ کو ایک ای میل بھیجی، جس میں ”دھمکی“ دی گئی ہے۔

ای میل میں کہا کہ ائرپورٹ انتظامیہ بٹ کوائن میں 10 لاکھ امریکی ڈالرادا کرے ورنہ وہ ٹرمینل نمبردو کو بم سے اڑا دے گا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم شخص نے 48 گھنٹے کے اندر ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

دھمکی آمیز ای میل کل ممبئی انٹرنیشنل ائرپورٹ کے فیڈ بیک میل آئی ڈی کے ان باکس میں پائی گئی، جس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی ہے۔

اسرائیل سمجھ رہا تھا شاید مسئلہ فلسطین دب جائے گا، وزیر خارجہ

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ اسرائیل سمجھ رہا تھا شاید مسئلہ فلسطین دب جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، اس موقع پر اظہار خیال پر کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، غزہ میں کئی خاندان اور بچے شہید ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، اقوام متحدہ میں اردن کی قرارداد اکثریت سے منظور ہوئی۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ حماس کے پاس 250 اسرائیلی قیدی ہیں جب کہ 7250 فلسطینی اسرائیل کے پاس قید ہیں۔

نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل سمجھ رہا تھا شاید مسئلہ فلسطین دب جائے گا تاہم یورپ اور امریکا میں بھی فلسطینیوں کے حق میں جلوس نکالے گئے، البتہ آزاد فلسطینی ریاست ہی اس مسئلے کا حل ہے۔

اگلے ہفتے سرمایہ کاری سے متعلق اچھی خبریں ملیں گی، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نجکاری پر فوکس ہے، آئندہ ہفتے سرمایہ کاری کے حوالے سے اچھی خبریں ملیں گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نجکاری پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور پی آئی اے کی نجکاری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف خطے بلکہ خطے سےباہر سے بھی سرمایہ کاری پاکستان لانا چاہتے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آئندہ 10 برس میں10لاکھ نرسز کوتربیت دینے کا پروگرام ہے۔ گزشتہ5سے6دہائیوں میں لوگ یورپ گئے،وہاں سیٹل ہوگئے۔ ایس آئی ایف سی میں سول اورملٹری قیادت کے لوگ ہیں۔ نوجوانوں کو ہنرسکھانے کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز کاآغاز کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور اصلاحات پرکام جاری ہے۔ پاکستان کا میڈیاآزاداورخودمختار ہے۔ جب ہم بچےتھےتوصبح اٹھتے ہی اخبار دیکھتےتھے، مگراب سب سے پہلے سوشل میڈیا دیکھتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کوئٹہ تفتان ریلوے لائن کواپ گریڈ کیاجائےگا۔ خسارے میں چلنےوالےاداروں کی نجکاری پرغورکررہے ہیں۔ایس آئی ایف سی کےذریعے سرمایہ کاری پالیسی میں اصلاحات کی جارہی ہیں۔ حکومتی اخراجات میں کمی کیلیے مختلف لائحہ عمل وضع کیےگئے ہیں۔ فلسطین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے کافی تشویشناک صورت حال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئندہ ہفتے سرمایہ کاری سےمتعلق اچھی خبریں ملیں گی۔ آئندہ ہفتے تک کچھ ایم اویوز پردستخط ہوں گے۔ بیرونی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ بہت ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔

اسلام آباد میں سرکاری دفاتر اور رہائشگاہوں کو 10 ارب کی مفت بجلی ملتی ہے، سینیٹر مشتاق

اسلام آباد: سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سرکاری دفاتر اور رہائش گاہوں کو 10 ارب روپے کی سالانہ مفت بجلی ملتی ہے۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں بعد ازاں نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر بھی پہنچ گئیں۔ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری دفاتر اور رہائش گاہوں کو سالانہ 10 ارب روپے مالیت کی مفت بجلی فراہم ہوتی ہے، جس پر نگراں وزیر خزانہ نے جواب دیا کہ ہم تمام وزارتوں کے سیکرٹریوں کو مراسلہ ارسال کرتے ہیں کہ اس خرچ کو کنٹرول کیا جائے۔

سینیٹر دنیش کمار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اندھابانٹے ریوڑیاں ، مڑ مڑ اپنوں کو دے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے ایک ایک ملازم کی تنخواہ 40 لاکھ روپے تنخواہ ہے۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ کون سا ایسا کام ہے کہ ان کی چالیس چالیس لاکھ تنخواہ ہے۔

نگراں وزیر خزانہ نے جواب دیا کہ اسٹیٹ بینک نے پالیسی دی تھی کہ پنشن ختم ہونے کی صورت میں تنخواہ بڑھا ئی جائے گی۔ اسٹیٹ بینک کی پنشن کا بوجھ بڑھ رہا تھا تو یہ پالیسی لائی گئی۔ دنیا بھر میں سینٹرل بنک کا سیلری اسٹرکچر سب سے مختلف ہوتا ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سنتے ہیں آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی،گیس کے نرح بڑھائے گئے تو دوسری جانب حکومت کی شاہ خرچیاں کم نہیں ہورہیں۔ ایلیٹ میں بھی اب کلاسز پیدا ہوگئی ہیں۔ ایلیٹ کی تنخواہیں اس حساب سے بڑھائی جارہی ہیں جس کا کوئی حساب نہیں۔ پاکستان کے عام آدمی کی تنخواہ 32 ہزار ہے، جس میں دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہے۔ ایلیٹ کلاس عام مزدور کو بھی 32 ہزار ماہانہ دینے کو تیار نہیں۔ اعلان تو کردیا لیکن اس پر عمل نہیں ہورہا۔

دوران اجلاس نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے سینیٹ میں چیف جسٹس۔ پرائم منسٹر ڈیم فنڈ کے تحت جمع کی گئی رقم اور اس کے استعمال کی تفصیلات سے متعلق تحریری جواب جمع کروا دیا، جس کے مطابق 26 جولائی 2023ء تک 11 ارب 46 کروڑ 69 لاکھ 37 ہزار 658 روپے موصول ہوئے۔

نگراں وزیر خزانہ کے جمع کرائے گئے جواب کے مطابق سرکاری سرمایہ کاری پر منافع کی صورت میں 6 ارب 29 کروڑ 59 لاکھ 38 ہزار 962 روپے حاصل ہوئے۔ جس سے فنڈ کی رقوم کی مالیت 17 ارب 86 کروڑ 28 لاکھ 76 ہزار 620 روپے ہوچکی ہے۔ تاوقتیکہ اسٹیٹ بینک میں کھولے جانے والے اکاؤنٹ سے کوئی رقوم نہیں نکالی گئیں۔

’’رونالڈو کا ڈائٹ پلان ناسا کے سائنسدانوں نے تیار کیا ہے‘‘

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے ایک بار پھر اپنے ناقدین کو ہسنے کا موقع فراہم کردیا۔

مقامی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر رمیز راجا نے دعویٰ کیا ہے کہ پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ڈائٹ پلان نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے سائنسدانوں نے تیار کیا ہے۔

سابق کرکٹر کا رونالڈو سے متعلق یہ تبصرہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جبکہ صارفین کی جانب سے رمیز راجا پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر سعودی عرب کی ٹیم النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔

حکومتی خزانے کو نقصان پہنچا نہ الزامات ثابت ہوئے، آشیانہ اقبال ریفرنس کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں سابق وزیراعظم شہبازشریف سمیت تمام ملزمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے آشیانہ اقبال کیس کا فیصلہ 18 نومبر کو سُنایا تھا۔

آشیانہ اقبال ریفرنس کاتحریری فیصلہ 59صفحات پرمشتمل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس میں عائد کیے جانے والے الزامات انتہائی مشکوک ہیں۔ ملزمان کےخلاف الزامات ثابت ہونےکا کوئی امکان موجود نہیں۔

تحریری فیصلے کے مطابق سپلیمنٹری انوسٹی گیشن رپورٹ اور گواہوں کے بیانات کا خاصہ یہ ہے۔ شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں کو منظور کیا جاتا ہے، عدالت شہباز شریف سمیت دیگر کو ان الزامات سے بری کرتی ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ احد خان چیمہ نے چیئرمین نیب کو جولائی 2022 میں ری انوسٹی گیشن کی درخواست دی ، سپلیمینٹری رپورٹ کے مطابق اس پروجیکٹ میں حکومتی خزانے کو نقصان نہیں پہنچا اور کسی بھی ملزم کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوئے۔

احتساب عدالت کے مطابق اس ریفرنس میں عدالت پراسکیوشن کا ڈینٹ نظر اندازنہیں کرسکتی، فیصلے کی کاپی ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب لاہورکو ارسال کی جائے گی۔

کس کس پر فرد جُرم عائد کی گئی تھی
آشیانہ اقبال ریفرنس سنہ 2018 میں دائر کیا گیا تھا۔ شہباز شریف سمیت عدالت نے جن تمام ملزمان کو بری کیا ان میں موجودہ نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد ، نگراں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، بسم الله کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیازحیدر، اسرارسعید اور عارف بٹ شامل ہیں۔

عدالت نے اس ریفرنس میں 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔

ریفرنس میں دو مرکزی ملزمان ندیم ضیاء اور کامران کیانی پہلے ہی بری ہوچکے ہیں جب کہ نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ نےعدالتی فیصلے کے بعد میڈیا سے میں کہا کہ مجھے وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا گیا، آج فیصلہ ضرور ہوا ہے تاہم انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔

آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب نے کہا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے پروجیکٹ میں 61 کروڑ روپے جمع کرائے تھے، کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا،

نیب ریفرنس 3 والیومز اور ایک ہزار صفحات پرمشتمل تھا جس میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔