روپیہ تگڑا اور سونا سستا، فوج اور نگران حکومت کے اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے

پاک فوج اور نگران حکومت کی ملکی معیشت میں بہتری کیلئےاٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات سامنے  آنے لگے۔

ان اقدامات کے پیش نظر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن روپے کی قدر اور ڈالر میں کمی کا باعث ہیں، پاکستانی روپے نے ستمبر میں عالمی سطح پربہترین کارکردگی والی کرنسی کا اعزاز حاصل کیا۔

یہی نہیں حالیہ روپے کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں7 ہفتے کی بلند ترین سطح پر ہے، روپیہ ڈالرکے مقابلے میں 0.35 فیصد یا 1.01روپے اضافے کے ساتھ 287.74 روپے پر بند ہوا۔

عمران خان کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ آج سنانے کی کاز لسٹ جاری کردی جس کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری فیصلہ سنائیں گے۔

سیشن کورٹ اور انسداد دہشتگردی عدالت نے عدم پیروی ضمانتیں خارج کیں تھیں جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ان مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔

عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ 9 ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیرِالتوا سمجھی جائیں، ان 9 مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے، متعلقہ عدالتوں کو 9 مقدمات کے فیصلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت کی جائے۔

درخواست کے مطابق ان میں 9 مئی کے 3 مقدمات اور اسلام آباد میں احتجاج کے 3 مقدمات شامل ہیں جب کہ توشہ خانہ جعل سازی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔

چین کا قومی دن: نگراں وزیرِ اعظم کی چینی صدر کو مبارکباد

نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کے قومی دن پر چینی صدر شی جن پنگ کو مبارک باد دی ہے۔

ایک بیان میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے آئرن برادر کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج کی دنیا میں چین امن و استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی کا انجن بھی ہے۔

اپنے بیان میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاک چین دوستی زندہ باد۔

وزیرِ اطلاعات کی چین کے قومی دن پر مبارکباد

دوسری جانب نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُمید ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مزید سنگِ میل عبور کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط اور خوش گوار ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ کل سنایا جائے گا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ کل سنانے کی کاز لسٹ جاری کر دی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری فیصلہ سنائیں گے۔

سیشن کورٹ، انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی پر ضمانتیں خارج کیں تھیں۔

نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آرہے ہیں: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی چیف  آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہےکہ نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آرہے ہیں، نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلا کر نوجوانوں اور مزدوروں کے لیے روزگار، امن اور ترقی کے ایک نئے دورکا  آغاز کریں گے۔

لاہور میں مسلم لیگ ن یوتھ والنٹیئرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک کی معیشت بحال کریں گے، دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے،21 اکتوبرکو عوام ثابت کریں گےکہ قائد صرف نواز شریف ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ نواز شریف کو سرخرو اور سربلندکیا، نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح نواز شریف کا مقصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی دی ہوئی ترقی نکال دیں توپاکستان میں صرف کھنڈرات بچیں گے، ہم نےقوم کی خدمت کا ایک لمحہ ضائع کیا نہ آئندہ کریں گے۔

جنوری میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جنوری میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات جنوری کے آخر میں ہونے کا کہا جا رہا ہے، جنوری میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے۔

انہوں نے کہا  ہے کہ پی ٹی آئی کے مقدمات ابھی عدالت میں ہیں، ملک میں اس وقت صورتحال کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے کاموں سے ثابت کیا کہ وہ نا اہل ہے۔

زر مبادلہ کے ذخائر پی ٹی آئی والے 2 ارب پر لائے ہیں، پی ٹی آئی نے معاشی لحاظ سے ملک کو دلدل میں گرایا۔

سربراہ جے  یو آئی کا کہنا  تھا کہ  پی ڈی ایم حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر کو 11 ارب تک پہنچایا ہے، اس وقت انتخابات نہیں ملک کی معیشت بہتر ہونا ضروری ہے۔

ہم ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہیں، جے یو آئی نے ساڑھے 3سال الیکشن کے لیے جدوجہد کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف کا دوستوں سے جب بھی پوچھا انھوں نے کہا وہ آئیں گے، پی ڈی ایم اتحاد اب غیر فعال ہے،  نواز شریف کے ویلکم کی ترتیب ن لیگ ہی بنائے گی۔

انکا  مزید کہنا تھا کہ دوست ممالک پی ٹی آئی کے آنے کی باتیں ہونے تک مدد نہیں کریں گے، موجودہ دہشتگردی سے دنیا میں پیغام جائے گا کہ پاکستان پرامن ملک نہیں۔

وزیرخارجہ جلیل عباس کل چین کے اہم دورے پر روانہ ہوں گے

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کل چین کے اہم دورے پر روانہ ہورہے ہیں جہاں ان کی افغان ہم منصب ملا امیر متقی سے ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے خارجہ تعلقات کےلیے اگلا ہفتہ بہت اہم ہے، کیوں کہ نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کل چین کے اہم دورے پر روانہ ہورہے ہیں، جہاں وہ تیسرے ہمالیہ فورم میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فورم میں چین، افغانستان و دیگر ممالک کے وزرائےخارجہ کی بات چیت ہوگی، جب کہ اس دوران پاکستانی نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کی افغان ہم منصب ملا امیر متقی سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ جلیل عباس چین کے دورے کے بعد آزربائیجان جائیں گے، جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

سپیشل فورسز کی کثیر الملکی مشترکہ فوجی تربیتی مشقیں اختتام پذیر

راولپنڈی:  سپیشل فورسز کی کثیر الملکی مشترکہ فوجی تربیتی مشقیں اختتام پذیرہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشقوں میں پاکستان، ترکیہ، قطر، قازستان، ازبکستان کے دستوں نے شرکت کی، دوہفتے طویل تربیتی مشقیں 17 ستمبر کو بروتھا میں شروع ہوئیں تھیں، کور کمانڈر پشاور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی ملٹری ٹریننگ اور جی او سی، ایس ایس جی بھی شریک ہوئے، مشقوں کے دوران شرکاء نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، مشقوں کا مقصد برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا، مشقوں میں انسداد دہشتگردی اور فوجی تعاون کے پہلو شامل تھے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 3 اکتوبر کو امن و امان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے امن و امان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی کا اجلاس 3 اکتوبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں آرمی چیف سمیت عسکری حکام شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں ملک میں جاری امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، مستونگ سمیت دہشتگردی کے واقعات پر بھی بریف کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد سے آگاہ کیا جائے گا۔

نوازشریف کی واپسی، مسلم لیگ ن آج لاہور سے جلسوں کا آغاز کریگی

لاہور : (دنیانیوز ) سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کی واپسی کی تیاری کے سلسلے میں مسلم لیگ ن آج لاہور سے اپنے جلسوں کا آغاز کرنے جارہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے سلسلے میں ان کی جماعت نے اپنے قائد کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں، اور اس سلسلے میں پنجاب کے مختلف شہروں میں جلسے کئے جائیں گے۔

مسلم لیگ ن اپنے قائد کی واپسی کی تیاری کے سلسلے میں آج سے جلسوں کا آغاز کررہی ہے، لیگی چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز آج لاہورمیں جلسوں کا آغاز کریں گے۔

مسلم لیگ ن کا پہلا جلسہ آج حلقہ این اے  123شاہدرہ میں شام 7 بجے ہو گا، جس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز خطاب کریں گے۔

لاہور بھر کے دیگر قومی اسمبلی کے حلقوں میں بھی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا ، خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کے حلقوں میں بھی جلسہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کاکہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی سے دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر کی جائے گی، قانونی ٹیم کو یقین ہے کہ نواز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے 3 سے 7 روز کی حفاظتی ضمانت مل جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حفاظتی ضمانت کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے نواز شریف کو ایئرپورٹ پر گرفتار نہیں کر سکیں گے اور انہیں فوری طور پر جیل بھی نہیں جانا پڑے گا۔

ملک بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران دس ہزار بجلی چور گرفتار

 اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 10 ہزار افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

سیکرٹری پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ مجموعی چوری میں 75 فیصد ہونے کے باوجود سندھ اور خیبر پختونخوا میں صرف 725 گرفتاریاں ہوئیں ۔

بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف پاور ڈویژن کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ ملک بھر سے اب تک دس ہزار بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 23 ہزار 152 ایف آئی آر درج ہوئی ہیں، بجلی چوروں سے مجموعی طور پر 14 ارب 33 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔

سیکرٹری پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ لیسکو میں 3 ارب 85 کروڑ روپے ریکور کرکے 2 ہزار 961 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، 9 ہزار 564 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ حیکسو میں دو ارب 69 کروڑ، پیسکو میں دو ارب 42 ارب روپے ریکور کیے گئے ہیں۔

سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے مزید بتایا کہ مجموعی چوری میں 75 فیصد ہونے کے باوجود سندھ اور خیبر پختونخوا میں صرف 725 گرفتاریاں ہوئیں۔

والد کو شراب کی لت لگ گئی تھی: عالیہ بھٹ

 ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے والد اور نامور بھارتی فلمساز مہیش بھٹ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں وہ شراب نوشی کی لت میں پڑ گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے والدین مہیش بھٹ اور سونی رازدان کی بالی ووڈ میں جدوجہد اور مالی مشکلات سے متعلق گفتگو کی۔

عالیہ بھٹ نے اپنے والد مہیش بھٹ کے ماضی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ماضی میں ایک وقت ایسا آیا جب والد کی کئی فلمیں فلاپ ہوئیں، اس دوران اُنہیں مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور ایسے مشکل حالات میں میرے والد کو شراب نوشی کی لت بھی لگ گئی تھی’۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘میرے والد نے شراب نوشی کی لت کے خلاف جنگ لڑی اور اپنی اس عادت کو ترک کیا اور پھر میرے والدین نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت جدوجہد کی’۔

اُنہوں نے اپنی والدہ سونی رازدان کے کیریئر کے حوالے سے کہا کہ ‘میری والدہ نے اپنے کیریئر کا آغاز بغیر کسی انڈسٹری کنیکشن سے کیا تھا، میری والدہ کو ہندی زبان نہیں آتی تھی لیکن اس کے باوجود اُنہوں نے اپنے خوابوں کے لیے محنت کی’۔

عالیہ بھٹ نے مزید کہا کہ ‘میری والدہ نے اپنی سخت محنت سے ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر میں اداکاری کے مختلف مواقع حاصل کیے، وہ تھیٹر سے فلم اسٹوڈیوز اور ٹیلی ویژن اسٹوڈیوز آڈیشن کے لیے جاتی تھیں’۔

میانوالی؛ چیک پوسٹ پر حملے میں دو دہشتگرد ہلاک، اہلکار شہید

 لاہور: میانوالی عیسی خیل کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ اہلکار شہید ہوگیا۔

سی ٹی ڈی پنجاب پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 4 گھنٹے تک شدید جھڑپ جاری رہی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد شدید زخمی ہوا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے، ہلاک ہونے والے شر پسند ملک بھر میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حملہ پسپا کرنے اور دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کو شاباش دی جبکہ فرض کی راہ میں شہادت کا عظیم مقام پانے والے کانسٹیبل ہارون خان کو سلام پیش کیا۔

 

 

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کنڈل پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی، ایک دہشت گرد کی شناخت زبیر نواز جبکہ دوسرے کی محمد خان کے نام سے ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت کے ٹیپو گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گرد زبیر نواز کالعدم تنظیم کا کمانڈر تھا۔ زبیر نواز پنجاب اور کے پی میں پولیس افسران کے قتل اور فرقہ واریت میں ملوث رہا۔

ہلاک دہشت گرد محمد خان کالعدم تنظیم کا سرشار رکن تھا، دونوں ہلاک دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا اور دو دہشت گردوں کو  جہنم واصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے پر پولیس اہلکار ہارون خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید ہیڈ کانسٹیبل کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہیں اور غم کی اس گھڑی میں شہید اہلکار کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ملک دشمن پاکستان میں امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔