حالات خراب، نگران حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں، اللہ خیر کرے: پرویز خٹک

مانسہرہ:  پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں اور نگران حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، اللہ خیر کرے۔

مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب میں سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ میں جھوٹے وعدے نہیں کرتا، میں جو کام نہیں کر سکتا تو واضح جواب دیتا ہوں، اور جو کام کر سکتا ہوں اس کا وعدہ کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں وزارت چھوڑ کر اس لیے گیا کہ تبدیلی آئے گی لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کے سامنے منتخب لوگوں کی اہمیت نہیں ہے، ان کے سامنے نان منتخب لوگوں کی اہمیت تھی اور باہر سے آنے والے لوگوں کی اہمیت تھی، انہوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔

بھاری بلوں سے تنگ عوام کیلئے فی یونٹ بجلی مزید ایک روپے 46 پیسے مہنگی کردی گئی

 نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی صارفین کےلیے بجلی مزید مہنگی کردی۔

نیپرا نے بجلی ایک روپے 46 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی اور بجلی کی قیمت میں اضافہ جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق ستمبر کے بلوں میں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پرنہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں عوام پہلے ہی بجلی کی بھاری بلوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور کئی شہروں میں شہریوں نے احتجاجاً بجلی کے بلز جلا دیے اور ادائیگی سے انکار کردیا ہے۔

پیپلز پارٹی 60 دن میں بھی الیکشن کیلئے تیار تھی، 90 روز میں بھی: بلاول بھٹو

کراچی:  پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں، ان کے بیانات کی تفصیل میں نہیں جانا چاہوں گا، پیپلز پارٹی 60 دن میں بھی الیکشن کروانے کیلئے تیار تھی اور اب 90 روز میں بھی تیار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر زرداری نے ساڑھے 11 سال سزا کے بغیر جیل میں گزارے، جو آج جیل جا رہے ہیں ان کو ہم حوصلہ دے رہے ہیں کہ گھبرانا نہیں، ابھی آپ کی ٹریننگ چل رہی ہے، آپ کو ابھی سیاستدان بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تاجر برادری سے ملاقات کوئی نئی خبر نہیں، پہلے بھی ایسا چلتا رہا ہے، ملک کا سب سے کم عمر وزیر خارجہ رہا ہوں، پوری دنیا دیکھی، عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی گزشتہ 4 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ثابت کی، ڈسکہ کے الیکشن میں الیکشن کمیشن نے دھاندلی پکڑی، الیکشن کمیشن آج بھی ہمیں صاف اور شفاف انتخابات کروا کے دے گا، ہماری پارٹی کے مطابق انتخابات 90 روز میں ہونے چاہئیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیب سے نہ ماضی میں ڈری نہ اب ڈرے گی، پیپلز پارٹی کا فوکس اپنے کام پر تھا کیسز پر نہیں، ہم کارکن سے لے کر قیادت تک عدالت کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہیے، الیکشن کمیشن کو یہ بھی دیکھنا چاہیے ملک میں دوغلی پالیسی کیوں چل رہی ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں تمام افسران قابل ہیں، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی و غیر قانونی اعلان کیا کہ ڈویلپمنٹ فنڈز کو روکا جائے، جو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کام چل رہا تھا اس کو روکا گیا، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جو کام روکا گیا اس کو بحال کیا جائے، سندھ کے ساتھ اور انتظامیہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے اس پر غور کرنا چاہیے۔

افغانستان میں جدید ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے جن سے پاکستان پر حملے کیے جارہے ہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد:  ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ  افغانستان میں جدید ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں اور ان ہتھیاروں سے پاکستان اور اس کے سکیورٹی اداروں پر حملے کیے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں دستیاب جدید ہتھیاروں پر تشویش ہے، افغانستان میں یہ جدید ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں اور ان ہتھیاروں سے پاکستان اور اس کے سکیورٹی اداروں پر حملے کیے جارہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد امن کی سرحد ہونی چاہیے، اگر پاکستان کی طرف سے سرحد بندکی گئی ہے تو اس کی وجہ سکیورٹی کی سنگین صورتحال ہے، ہم افغان حکومت سے اس متعلق مذاکرات کررہے ہیں، پاک افغان بارڈرپرحالیہ واقعہ سے متعلق عبوری افغان حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

چترال حملے پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چترال کی صورتحال پر افغان حکام سے اپنی تشویش کا اظہارکیا ہے، اس صورتحال پرہوم ڈپارٹمنٹ اورمتعلقہ ادارے تفصیل دے سکتے ہیں۔

پاک روس تعلقات پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اہم تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان متعدد وفود کا تبادلہ بھی ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت پاکستان کے  بارے میں تبصروں کی بجائے اپنے چیلنجزپرتوجہ دے۔

چترال حملہ

واضح رہے کہ 6 ستمبر کی رات چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے 2 فوجی چوکیوں پر حملہ کیا گیا جس میں پاک فوج کے 4 بہادر جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کرکے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے اور 12 دہشت گرد ہلاک جب کہ بڑی تعداد میں شدید زخمی بھی ہوئے۔

سانحہ 9 مئی، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کیلیے اثاثوں کی تفصیلات طلب

 لاہور: پولیس نے سانحہ 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور پُرتشدد کارروائیوں میں اشتہاری قرار دیئے جانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی جانب سے کمشنر لاہور، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کو خط ارسال کیا گیا ہے جس میں متعلقہ حکام سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی تمام تر جائیدادوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے 22 رہنماؤں کی جائیداد قرق کرنے کی عدالت سے اجازت حاصل کی گئی ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اشتہاری رہنماؤں کی حالیہ خریدی اور قابض جائیدادوں کی تفصیلات دی جائیں، سی آر پی سی سیکشن 87 کے تحت اشتہاری ملزمان کی جائیداد قرق اور اکاؤنٹ سیل کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ان رہنماؤں کے ناموں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن حلیمہ خان، عظمی خان، میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، فرخ حبیب، زبیر نیازی، امتیاز شیخ، حافظ فرحت،عندلیب عباس، احمد خان نیازی، خالد گجر، کرامت علی کھوکھر سمیت دیگر شامل ہیں۔

تمام ملزمان کو 9 مئی کے واقعے میں ملوث پائے جانے پر تفتیشی ٹیم کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا۔

نگران وزیراعظم کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی اجلاس جاری، عسکری قیادت شریک

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) ایپکس کمیٹی اجلاس میں وزرائے اعلی، وفاقی وزراء، عسکری قیادت اور دیگرحکام شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے حوالے سے امور پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی حکام اجلاس میں تاجروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتوں پر آگاہ کریں گے جب کہ اجلاس میں سرمایہ کاری سمیت اہم امور پر فیصلے بھی ہوں گے۔

لیگی رہنما خواجہ آصف کا ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشتگرد ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ

لاہور: سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملک مقروض اور دیوالیہ ہے، ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشت گرد ڈیکلیئر ہونا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس وقت تقریباً 2670 ارب روپے صرف ٹیکس کے مقدمے عدالتوں میں لٹکے ہوئے ہیں، ٹیکس، بجلی اور گیس کی چوری ہر سال کئی ہزار ارب روپے کی ہوتی ہے جس کا بوجھ عام آدمی اٹھاتا ہے۔

سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک مقروض اور دیوالیہ ہے، ہر قسم کے ریاستی وسائل کی چوری معاشی دہشت گردی کے زمرے میں آنی چاہیے، ٹیکس، بجلی اور گیس وغیرہ کے چوروں کو دہشت گرد ڈیکلیئر ہونا چاہیے اور یہ چور اس وقت مراعات یافتہ طبقے کا حصہ ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے مزید کہا ہے کہ جو حکومتی ملازمین چوری کی معاونت کرتے ہیں وہ بھی معاشی دہشت گرد ہیں ان کو عام قوانین کی بجائے دہشت گردی کے قوانین کا سامنا کرنا چاہیے ورنہ معاشی تباہی خدانخواستہ ہمارا مقدر بن جائے گی۔

ڈاکٹر عارف علوی کے 5 سالہ عہدہ صدارت کا آج آخری دن

ڈاکٹر عارف علوی کے 5 سالہ عہدہ صدارت کی میعاد آج ختم ہونے جارہی ہے تاہم عارف علوی عہدہ نہیں چھوڑیں گے اور صدارتی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق عارف علوی عہدہ صدارت مکمل کرنے کے بعد ایوان صدر خالی نہیں کریں گے۔ صدر مملکت کی طرف سے گزشتہ ہفتے اہم مشاورتی میٹنگز کے بعد نئے صدر کے انتخاب تک فرائض سرانجام دینے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔

ڈاکٹر عارف علوی کی پانچ سالہ مدت ملازمت 9 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 44(1) کے مطابق صدر عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے لے کر پانچ سال کی مدت کیلئے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

آئین کے مطابق مدت ختم ہونے کے بعد جب تک صدر مملکت کے جانشین کا انتخاب نہ ہو جائے اس وقت تک وہ اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔

آئین میں یہ بھی واضح ہے کہ صدر مملکت کے عہدے پر فائز شخص اُس عہدے کیلئے دوبارہ انتخاب کا اہل ہوگا لیکن کوئی شخص اس عہدے پر مسلسل دو میعادوں سے زیادہ نہیں رہ سکتا۔

خیال رہے کہ صدر علوی معیاد کے خاتمے کے باوجود عہدے پر برقرار رہنے کے فیصلے کے بعد اپنے عہدے کے تمام اختیارات سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔ ان اختیارات میں عام معافی دینا، مہلت دینا اور کسی بھی عدالت، ٹریبونل یا دوسری کسی اتھارٹی کی طرف سے دی گئی سزا کو معاف یا معطل کرنے کا اختیار شامل ہے۔

آڈیو لیکس کمیشن : سپریم کورٹ ججز پر پی ڈی ایم حکومت کا اعتراض عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار

اسلام آباد:  سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں پی ڈی ایم حکومت کے عدالتی بنچ پر اعتراضات مسترد کردیئے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی خوشدامن، خواجہ طارق رحیم کی اہلیہ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے، جسٹس مظاہر نقوی، عابد زبیری اور پرویز الٰہی کی مبینہ آڈیو لیکس پر حکومت نے ایک انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔

حکومت نے 9 مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں یہ انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا جس میں اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شامل تھے تاہم عابد زبیری نے اس کمیشن کو چیلنج کیا تھا جس پر عدالت نے چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ تشکیل تھا، اس بنچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن اظہر اور جسٹس شاہد وحید شامل تھے۔

عدالتی بنچ نے اس کیس کی دو سماعتیں کیں اور آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔

تاہم سابقہ حکومت نے مفادات کے ٹکراؤ پر تین ججزکی بنچ سےعلیحدگی کیلئے متفرق درخواست دائرکی تھی، حکومت کی جانب سے بنچ میں شامل جن تین ججوں پر اعتراض اٹھایا گیا ان میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل تھے۔

عدالت نے حکومت کی جانب سے بنچ پر اعتراض کی درخواست پر سماعت کے بعد 6 جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو تین ماہ بعد آج جسٹس اعجاز الاحسن نے سنایا۔

سپریم کورٹ نے تین ججز پر حکومتی اعتراض کی متفرق درخواست خارج کردی اور عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے سابقہ حکومت کے بنچ پر اعتراضات کو عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دیا۔

جسٹس اعجاز نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ججز پر اعتراض عدالت پر حملے کے مترادف ہے۔

سپریم کورٹ اس کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔

پیپلزپارٹی وعدے سے نہ پھرتی تو اس وقت الیکشن ہوجاتے: مولانا فضل الرحمان

 جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی وعدے سے نہ پھرتی تو  اس وقت الیکشن ہوجاتے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی آخری وقت میں آکر فیصلے سے پھرگئی تھی، ایم کیو ایم اور اختر مینگل سمیت دیگر نے اتفاق  رائے سے فوری الیکشن کرانےکا فیصلہ کیا تھا، پیپلزپارٹی نے آخری وقت میں تحریک  عدم اعتماد لانے پر زور دیا تھا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات فروری کے آخر تک ہوں گے، جو حالات قبائلی علاقوں میں ہیں ان میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہے۔

سربراہ جمعیت علماء اسلام کا کہنا تھا کہ جمہوری ممالک میں نگران حکومتوں کا تصور ہی نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی چیئرمین کو لانے والوں نے اعتراف کیا کہ ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے، پی ٹی آئی کو اس لیے لایا گیا تھا کہ ملک کو معاشی طور پرکمزور کیا جائے۔

کورکمانڈرز کا معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے مکمل خاتمےکا عزم

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس کے اجلاس میں شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معیشت کو  نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خاتمےکے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی جائےگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی،  آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا معیار  برقرار رکھنے پر زور دیا اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا،  آرمی چیف نے فوجیوں کی فلاح وبہبود، ان کے حوصلے بلند رکھنے اور  مسلسل توجہ  پرکمانڈرز کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس کے اجلاس میں شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دہشت گردوں، سہولت کاروں اور  ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے مکمل طاقت سے نمٹےگی، مذموم  پراپیگنڈہ کرنے  والے ایسے عناصر مزید  رسوائی کا شکار  ہوں گے، ریاستی اداروں  اور  عوام کے درمیان خلیج  پیدا کرنے والوں کو  مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے قرار دیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی زیر نگرانی معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کی جائےگی، معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خاتمےکے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی۔

کانفرنس کے شرکاکو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز  اور  بڑھتے خطرات کے جواب میں حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی، کانفرنس کے شرکا نے بالواسطہ اور  بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔

کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی زیرنگرانی معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کی جائےگی، معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خاتمےکے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی جائےگی، کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع  اور  بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔

کانفرنس کےشرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے شہدا کو  خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقارکے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ریاست پاکستان مسلح افواج کے شہدا اور ان کے اہلخانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سےدیکھتی ہے۔ اس موقع پر شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

بھارت کیخلاف میچ میں شاداب خان کا رویہ بھارتی اداکارہ کو پسند آ گیا

 ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران شاداب خان کا رویہ بھارتی اداکارہ حنا خان کو پسند آ گیا۔

ایشیا کپ میں 2 ستمبر کو کھیلے گئے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے بیٹنگ کرتے ہوئے جوتے کے تسمے کُھل گئے تھے جنہیں شاداب خان نے باندھا تھا۔

بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ حنا خان نے شاداب خان کے ہاردک پانڈیا کے جوتے کے تسمے باندھنے پر اظہارِ خیال کیا ہے۔

حنا خان نے شاداب خان کی تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ رحم دلی میں شرافت ہوتی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنے ماڈرن، باصلاحیت، تعلیم یافتہ، امیر، غریب، کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، کس ملک سے ہیں یا کون سی زبان بولتے ہیں، اصل میں آپ لوگوں سے کیسا رویہ اختیار کرتے ہیں، یہ آپ کی حقیقت بتاتا ہے۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

بھارتی اداکارہ کے علاوہ شاداب خان کے اس رویے کو پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں میں دیگر لوگوں نے بھی خوب پسند کیا تھا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ میں 2 ستمبر کو پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پاک بھارت میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا تھا۔

5 ہزار روپےکے نوٹ کی بندش سے متعلق وزیر اطلاعات کا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد:  نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پر 5 ہزار روپےکے نوٹ کی بندش سے متعلق نوٹی فکیشن کو جعلی قرار دیا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے ایکس پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا جعلی نوٹی فکیشن شیئر کیا ہے جس میں وزارت خزانہ کی جانب سے 5 ہزار روپے کے نوٹ کی بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات نے لکھا کہ  5 ہزار روپے سے متعلق یہ نوٹی فکیشن جھوٹا ہے، حکومتِ پاکستان ایسے جھوٹے نوٹی فکیشن پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرےگی۔