سندھ: عید الاضحیٰ پر صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) عید کے 3 دن سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، محکمہ داخلہ سندھ نے حکم نامہ جاری کر دیا۔
سندھ میں ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی، کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے پر بھی پابندی ہوگی، عید کے تینوں دن اسلحہ رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
کھالیں جمع کرتے وقت لاؤڈ سپیکرکے استعمال کرنے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ عید کے دنوں میں جھنڈے لگانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ قربانی کی کھالیں چھیننے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف علاقہ ایس ایچ او قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔

ایف بی آر نے پہلی مرتبہ ٹیکس کی مد میں 7 ہزار ارب روپے اکٹھے کر لئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ محصولات کی مد میں 7 ہزار ارب روپے اکٹھے کر لئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایف بی آر نے 26 جون تک محصولات کی مد میں سات ہزار ارب روپے اکٹھے کر لئے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 30 جون تک ٹیکس وصولیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
الحمداللہ!
پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے
26 جون تک محصولات کی مد میں 7000 ارب روپے اکٹھا کر لیا ہے۔
30 جون تک اس میں مزید اضافہ ہو گا۔ انشاءاللہ۔
دوسری جانب گزشتہ روز قومی بچت سکیم کے تحت شریعت کے مطابق مصنوعات متعارف کروانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے 4 اسلامی بچت سکیمیں متعارف کرائیں گے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے معاشی نظام کو سود سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، یکم جولائی سے نیشنل سیونگز کی 4 نئی پروڈکٹس لانچ کر رہے ہیں، بجٹ میں کہا تھا 30 جون تک نئی پروڈکٹس لانچ کریں گے۔

ورلڈکپ میچز کیلئے قومی ٹیم بھارت جائیگی یا نہیں؟ پی سی بی نے واضح کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کے اعلان بعد پی سی بی کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو دورہ بھارت اور میچ وینیوز کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کلئیرنس درکار ہوتی ہے، حکومت کی جانب سے ہمیں جو بھی ہدایت ملے گی ہم ایونٹ اتھارٹی آئی سی سی کو آگاہ کر دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کو فیڈ بیک کے لیے بھجوائے جانے والے ڈرافٹ کے موقع پر آگاہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری شیڈول کے مطابق ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔

لوکا موڈرک نے رئیل میڈرڈ کے ساتھ ایک سال کا نیا معاہدہ کر لیا

میڈرڈ : (ویب ڈیسک) کروشیا کے مڈفیلڈر لوکا موڈرک نے فٹبال کلب رئیل میڈرڈ کے ساتھ ایک سال کا نیا معاہدہ کر لیا۔
لوکا موڈرک نے ایک سال کے نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت وہ 2024 کے موسم گرما تک رئیل میڈرڈ میں رہیں گے، کروشین مڈفیلڈر کا برنابیو میں ختم ہونے والا معاہدہ سعودی عرب کی پرو لیگ میں جانے سے منسلک تھا۔
37 سالہ موڈرک نے 2012 میں ٹوٹنہم سے آنے کے بعد رئیل میڈرڈ کے لیے 488 میچز کھیلے ہیں اور وہ تین بار لا لیگا ٹائٹل اور پانچ بار چیمپئنز لیگ جیتنے والے سکواڈ کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے 2018 میں کروشیا کے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے پر بیلن ڈی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں اپنے نئے معاہدے کے اعلان کے بعد موڈرک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ’’ ہوم سویٹ ہوم ‘‘ لکھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا، وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
عدالت میں درخواست گزار نے موقف اختیارکیا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیرآئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قراردیا۔
پی سی بی کے الیکشن کمشنر نےغیرقانونی اقدام کرتے ہوئے نیا بورڈآف گورنرز تشکیل دیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیرآئینی قرار دیا جائے، عدالتی فیصلہ آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔

ہندو انتہا پسندوں نے بھارتی صدر کو بھی ذات پات کے نظام کا نشانہ بنا ڈالا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ذات پات کے انسان دشمن نظام نے بھارتی صدر کو بھی نہ بخشا، نچلی ذات کی وجہ سے نسلی امتیاز کا مسلسل سامنا کرنے والی بھارتی صدر کو مندر میں مورتیوں کے پاس جانے سے روک دیا گیا۔
بھارتی خاتون صدر دروپدی مرمو کا تعلق قبائلی ادیواسی ذات سے ہے، نچلی ذات کی وجہ سے بھارتی صدر کو مندروں میں نسلی امتیاز کا مسلسل سامنا ہے، گزشتہ دنوں مندر جانے پر بھارتی صدر کو مورتیوں کے قریب جانے سے روک دیا گیا تھا۔
بھارتی صدر ملک کے دارالحکومت نئی دلی میں مندر کا دورہ کر رہی تھیں، مذکورہ مندر میں صرف برہمن ذات کے ہندوؤں کو مورتیوں کے قریب جانے کی اجازت ہے، بھارتی صدر کے ساتھ ملک کے دارالحکومت میں امتیازی سلوک بھارت کی ہندوتوا سوچ کو عیاں کر رہا ہے۔
بی جے پی نے ادیواسی خاتون کو صدر تو تعینات کر دیا لیکن متعصب سوچ پھر بھی غالب رہی، انہی وجوہات کی بنا پر دنیا بھارت میں مذہبی آزادی اور نسلی امتیاز پر شدید تنقید کر رہی ہے۔

انٹربینک میں ڈالر سستا، سٹاک مارکیٹ میں بھی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ڈالر کی قیمت میں 81 پیسے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 285 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر 286 روپے 71 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، کمی کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 289 پر فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان دیکھا گیا ہے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 172 پوائنٹس کمی کے بعد 41 ہزار 263 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے۔

عجمان میں 40 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی

عجمان: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں 40 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے عمارت کی کئی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عجمان پولیس نے رہائشی عمارت میں لگی آگ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت کے رہائشیوں کو با حفاظت نکال لیا گیا ہے، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد فائر فائٹرز کی ٹیموں نے آگ پر قابوپا لیا جبکہ کولنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ سال 2016ء میں بھی اسی کمپلیکس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

خام تیل لیکر ایک اور روسی جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) خام تیل سے لدا روسی جہاز کلائیڈ نوبل کراچی پورٹ پہنچ گیا۔
روسی جہاز خام تیل کے ساتھ بندرگاہ کی حدود میں لنگر انداز ہوا، جہاز کی برتھنگ پلان فائنل ہوتے ہی جہاز کو آئل پیئر پر لانے کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔
جہاز فی الوقت آؤٹر اینکرایج میں لنگر انداز ہے جو کراچی پورٹ کی حدود کہلاتی ہے، تمام جہاز پہلے آؤٹر اینکریج پر پہنچتے ہیں جہاں سے کے پی ٹی کا پائلٹ جہاز کو پورٹ چینل میں لاکر برتھنگ کراتا ہے۔
یاد رہے کہ پہلا روسی جہاز خام تیل لے کر 11 جون 2023 کو پاکستان پہنچا تھا، روسی جہاز پیور پوائنٹ کراچی بندرگاہ پہنچا تھا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا تھا۔
پہلا روسی جہاز جب پاکستان پہنچا تھا تو وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹوئٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میں نے قوم سے اپنا ایک اور وعدہ پورا کردیا جس کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہوئی کہ روس کا پہلا خام تیل کا جہاز کراچی پہنچ گیا ہے۔

وزیراعظم اور آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ٹیلی فون رابطہ ہوا، دونوں کے مابین آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے امور پر گفتگو ہوئی۔
منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے وزیراعظم سے پیرس میں ہونے والی ملاقاتوں کے تناظر میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے حوالے سے کوششوں کا اعتراف کیا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی آئندہ ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی، شہباز شریف نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری چاہتے ہیں، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے قائدانہ عزم کو سراہا۔

12 اگست ریڈ لائن ہے، اس کے بعد کیا ہوگا نہیں معلوم: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 12 اگست ریڈ لائن ہے، کسی کو نہیں معلوم اس کے بعد کیا ہوگا، اداروں اورعوام کو آمنےسامنے لانے کی سازش میں 13 جماعتوں کےماضی کے بیانات کو سامنے رکھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ چلو، چلو دبئی چلو کی چارٹرڈ فلائٹ چل رہی ہیں، دبئی میں ہی نگران حکومت، الیکشن کی تاریخ، نوازشریف کے آنے نہ آنے اور الیکشن کروانے یا نہ کروانے کا فیصلہ ہوگا، یہ پاکستان کے آئین و قانون نہ ہی عدلیہ اور بینچ کو مانتے ہیں، یہ عوامی بینچ سے ڈرتے ہیں، ساری آئینی ترامیم غیرآئینی ہیں کیونکہ اس کیلئے 2 تہائی اکثریت چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو پیدائشی نااہل ہوں ان کی نااہلی تاحیات کے بجائے 5 سال ہونے سے فرق نہیں پڑتا، سیاسی فیصلے لندن اوردبئی میں کرتے ہیں کیونکہ ان کی دولت، جائیدادیں، اولادیں دبئی اورلندن میں ہیں، وہاں اپنےآپ کومحفوظ سمجھتےہیں، پاکستان میں سیاسی فیصلے کرتے ہوئے ریکارڈنگ کے خوف سے اوراداروں کی نظریں رکھنے سے ڈرتے ہیں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ 14 ماہ میں خود بھی ذلیل ہوئے اور عوام میں بھی رسوا ہوئے، حکومت نے آئی ایم ایف کے ایک ارب ڈالر کیلئے 26 کروڑ لوگوں کی زندگیوں کو معاشی جہنم میں پھینک دیا ہے، سارے بجٹ کی مہنگائی کا ملبہ غریب کے کندھوں پر ڈال دیا ہے، حالات اتنے گھمبیر، سنگین اور خراب ہو چکے ہیں کہ اب نواز شریف پاکستان آکر اپنا شوق پورا کر لیں۔

نیب راولپنڈی نے چئیرمین پی ٹی آئی کو پھر طلب کر لیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم کو نیب راولپنڈی نے ایک بار پھر طلب کر لیا۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کو نیب راولپنڈی کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں طلب کیا گیا ہے، سابق وزیراعظم کو نیب نے 4 جولائی کو طلب کیا ہے۔
نیب نے سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی طلب کیا ہے، بشریٰ بی بی کو بھی 4 جولائی کو طلب کیا گیا ہے، بشری بی بی کو این سی اے 190 سیکنڈل میں طلب کیا گیا ہے۔

اللہ کا حکم ہے تمام مسلمان متحد ہو کر رہیں اور تفرقے میں نہ پڑیں: خطبہ حج

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد سعید نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا حکم ہے تمام مسلمان متحد ہو کر رہیں اور تفرقے میں نہ پڑیں۔
شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد سعید نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کیلئے ہیں، اللہ تعالیٰ نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا، انسانوں کو تقویٰ اختیار کرنا چاہیے، کبھی بھی کسی معاملے پر کسی دوسرے معبود کو نہ پکارا جائے، مصیبت اور پریشانی میں اللہ تعالیٰ سے رجوع کرنا چاہیے۔
اللہ کا نافرمان جنت میں داخل نہیں ہو سکتا
انہوں نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کے نیک اعمالوں کی وجہ سے ان کو ہدایت عطا کی، حاکمیت اور حقیقی حکمرانی اللہ تعالیٰ کی ذات کی ہے، جو انسان اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرتا ہے وہ جنت میں داخل نہیں ہوسکتا، انسان اللہ سے ڈر کر زندگی بسر کرے، ان باتوں سے انسان کو رکنا چاہیے جس میں اللہ کی ناراضگی ہے۔
اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے والے کامیاب ہوتے ہیں
شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد سعید کا کہنا تھا کہ وہی لوگ کامیاب ہونے والے ہیں جو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیتے ہیں، اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے آپ اللہ کو دیکھ رہے ہیں، ایمان والے لغویات میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتے، ایمان والے لوگ اپنی شہوات کے پجاری نہیں بنتے، انسان کو اس وقت فضلیت ملتی ہے جب وہ اللہ سے ڈرنے والا بن جاتا ہے، کسی عربی کو عجمی، کسی گورے کو کسی کالے پر فضیلت حاصل نہیں، اللہ کی حدود کی حفاظت کا مطلب ہے کہ ہم صرف اللہ کی عبادت کریں، انسان نماز کو قائم کرے۔
اتحاد اور جماعت سے الگ ہونے والے پر شیطان غلبہ پا لیتا ہے
انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، جو اللہ کے احکامات کو پس پست ڈال دیتے ہیں تو ایسے معاشرے میں امن و امان قائم نہیں رہتا، بیویوں، بچوں، والدین اور ہمسایوں کے حق میں نرمی اختیار کرنی چاہیے، اللہ نے فرمایا آپسی تنازعات کے حل کیلئے اللہ کی کتاب سے رہنمائی حاصل کرو، نماز، روزہ، زکوۃ اور بیت اللہ کے حج کا حکم اللہ نے دیا ہے، جو آدمی اتحاد اور جماعت سے علیحدہ ہو جاتا ہے تو شیطان اس پر غلبہ پا لیتا ہے۔
عزیزو اقارب کے ساتھ حسن و سلوک کا رویہ اختیار کرنا ضروری ہے
خطبہ حج کے دوران شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد سعید کا کہنا تھا کہ ایمان والے آپس میں بھائی بھائی ہیں، ہمیں آخرت کیلئے اپنی تیاری ابھی سے کرنی چاہیے، حشر کے دن انسان کے کام اس کے اعمال آئیں گے، جو لوگ شیطان کے پیروکار بنتے ہیں وہ ہر وقت لڑائی جھگڑے میں پڑے رہتے ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا مسلمان بھائی کیلئے وہی چیز پسند کرو جو اپنے لئے کرتے ہو، مسلمانوں کیلئے ضروری ہے وہ اچھے اخلاق قائم رکھیں، انسان صرف اللہ تعالیٰ کی ذات کی بندگی کرے، عزیزو اقارب کے ساتھ حسن و سلوک کا رویہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
نفرت کے بجائے محبت کے پیغام کو عام کرنا چاہیے
انہوں نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ ہمیں ہمیشہ دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، ہمیں اچھے کاموں کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، نفرت کے بجائے محبت کے پیغام کو عام کرنا چاہیے، حاجیوں کو اللہ کے اطاعت کے راستوں کو اختیار کرنا چاہیے، ایمان والے آپس میں بھائی بھائی ہیں، اس امت کو اختلافات میں نہیں پڑنا چاہیے، اللہ کا راستہ قرآن کا راستہ ہے، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے راستے کو لازم پکڑو، اگر مومنوں کے دو گروہ آپس میں لڑیں تو ان کی صلح کروا دی جائے۔
اللہ نے فرمایا جس نے کتاب میں اختلاف کیا وہ ہدایت سے دور ہیں
خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ یوسف بن محمد کا کہنا تھا اللہ عظیم ہے اور حکمت والا ہے، اللہ رب العزت نے تفرقے سے منع فرمایا، قرآن میں اتحاد کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے، اتحاد میں ہی دین و دنیا کے معاملات میں فلاح ہے، مسلمانوں کا آپس میں مل کر رہنا ضروری ہے، اللہ نے فرمایا جس نے کتاب میں اختلاف کیا وہ ہدایت سے دور ہیں، مسلمانوں کو آپس میں جڑ کر رہنا ضروری ہے، ہمیں حکم دیا گیا اختلاف ہوجائے تو قرآن اور سنت کی طرف جائیں، قرآن کریم میں مسلمانوں کے لیے جڑکر رہنے کا حکم ہے۔
والدین سے حسن سلوک کرو، گناہ کے کاموں میں تعاون نہ کرو
ان کا کہنا تھا کہ اچھے اخلاق سے دوسروں کے دل میں جگہ پیدا ہوجاتی ہے، مسلمانوں کے لیے ضروری ہے اچھے اخلاق رکھیں، شریعت مطہرہ کا مقصد ہے مسلمان آپس میں جڑ جائیں، ارشاد ہوتا ہے شرک نہ کرنا، والدین سے حسن سلوک کرو،گناہ کے کاموں میں تعاون نہ کرو، تقویٰ میں تعاون کرو، شیطان چاہتا ہے مسلمانوں میں تفرقہ پیدا ہو، دین میں تمام تعلیمات ہیں جو مسلمانوں کو جوڑ کر رکھتی ہیں، شریعت میں حکم ہے جھگڑا کرنے والوں کو سمجھایا جائے، ارشاد ہوتا ہے امت واحدہ ہے، اللہ کے حکم پر عمل کرنے والی۔
اللہ تعالیٰ ہمارے حجاج کے حج کو قبول فرمائے
شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد سعید نے خطبہ حج میں مزید کہا ہے کہ اللہ کی ذات دعاؤں کو سننے والی ہے، حج اور اس کے بعد انسان کو دعاؤں کو جاری رکھنا چاہیے، جو تمہارے ساتھ نیکی کا معاملہ کرتا ہے تو تم بھی وہی معاملہ اس کے ساتھ رکھو، اللہ تعالیٰ ہمارے حجاج کے حج کو قبول فرمائے، جن جن لوگوں کی جائز خواہشات ہیں اللہ ان کی خواہشات کو پورا فرمائے۔