اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت 8 روپے کمی کیساتھ 262 روپے ہوگئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے فی لٹر کمی کے ساتھ 253 روپے فی لٹر ہوگئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 5 روپے کمی کی گئی، موجودہ قیمتیں یکم سے 15 جون تک نافذ العمل رہیں گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پچھلے پندرہ دن میں عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم نہیں ہوئیں اور نہ ہی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کوئی بہتری آئی ہے، اس کے باوجود ہم نے عوام کے لیے فیصلہ کیا کہ پٹرول کی قیمت میں کمی کے لیے کوئی گنجائش نکالی جا سکے۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں
پٹرول: 262 روپے فی لٹر
ہائی سپیڈ ڈیزل:253 روپے فی لٹر
مٹی کا تیل : 164 روپے 07 پیسے فی لٹر
لائٹ ڈیزل: 147 روپے 68 پیسے فی لٹر
Monthly Archives: May 2023
9 مئی واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا: فواد چودھری
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کی ہم سب نے مذمت کی ہے، نو مئی واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق ایم این اے محمود مولوی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے بھی واقعات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، بے شمار لوگ جیلوں میں گئے جو براہ راست ملوث نہیں تھے جو کچھ ہوا مشترکہ ذمہ داری تھی نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی 25 کروڑ ہے، 25 کروڑ آبادی کو نوازشریف، زرداری کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا، پاکستان کے اندر غیر یقینی صورتحال ہے، پی ڈی ایم حکومت براہ راست ذمہ دار ہے، موجودہ حالات میں پی ڈی ایم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے سکتے، بحران کو حل کرنے کیلئے ہم اپنی کوششیں کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سابقہ لیڈر شپ کے ساتھ گفتگو ہوئی، اسد عمر، پرویز خٹک، اسد قیصر، علی زیدی اور حماد اظہر سے رابطہ کیا ہے، تمام لوگوں کے ساتھ بڑی اچھی گفتگو ہوئی، ہم مسائل کے حل کی طرف جائیں گے، پاکستان کو ایک مستحکم حل کی طرف جانا ہو گا۔
سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی نے استعفیٰ دے دیا
گلگت:(ویب ڈیسک) گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر امجد زیدی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا۔
گزشتہ روز پارلیمانی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی تھی۔
آج مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد امجد زیدی نے سپیکر بلتستان اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ان کی جگہ نذیر احمد ایڈووکیٹ نئے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ہوں گے۔
این ڈی ایم اے نے بارشوں کے ممکنہ اثرات بارے وارننگ جاری کر دی
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات سے متعلق وارننگ جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے تنبیہہ کی ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ملکی سیاسی صورتحال پر ق لیگ نے اے پی سی بلانے کی تجویز دیدی
لاہور:(ویب ڈیسک) ملکی سیاسی صورتحال بارے مسلم لیگ ق کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی اے پی سی بلانے کی تجویز دیدی گئی۔
اے پی سی بارے تجویز پر حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا، تجویز منظور ہونے پر اے پی سی میں تمام سیاسی اور دینی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق ملکی سیاسی حالات میں بہتری کے لئے سیاسی قیادت کو ایک میز پر بٹھانے کا ارادہ رکھتی ہے، تحریک انصاف کو اے پی سی میں بلانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
190 ملین پاؤنڈ واپسی: سابق حکومت نے برطانوی ایجنسی سے غلط بیانی کی: عرفان قادر
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب عرفان قادر نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ میں عمران خان ان کی اہلیہ اور زلفی بخاری کا ذکر آتا ہے، سارا کیس سب کے سامنے ہے، اس میں کوئی راکٹ سائنس نہیں، یہ معاملہ چند منٹ کا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان قادر نے کہا ہے کہ جنہوں نے کچھ نہیں کیا ہم ان کو کسی کیس میں نہیں پھنسانا چاہتے، 190 ملین پاؤنڈ والا آج کل مشہور ہے، نیشنل کرائم ایجنسی نے انگلستان میں کچھ اکاؤنٹس فریز کیے تھے، 190 ملین پاؤنڈ آج کے حساب سے 70 ارب روپے بنتا ہے، جنہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانی ہو گی۔
معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا ہے کہ بڑی چالاکی سے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ کا ذکر کیا گیا تھا، خوب تشہیر کی گئی کہ ہم اتنا پیسہ پاکستان لا رہے ہیں، سابق حکومت نے این سی اے کے سامنے غلط بیانی کی، سارے اخباروں میں ہر جگہ آیا تھا کہ یہ ریاست پاکستان کا پیسہ ہے، نیشنل کرائم ایجنسی کو غلط فہمی ہوئی کہ پیسہ پاکستان کے خزانے میں جا رہا ہے۔
عرفان قادر نے مزید کہا کہ 2 دسمبر 2019 کو کابینہ نے فیصلہ دیا، برطانیہ سے رقم پاکستان آئی لیکن خزانے میں جمع نہیں ہوئی، رقم ملکی خزانے کے بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی گئی، تحقیقات ہونی چاہئیں کہ سپریم کورٹ نے جائزہ کیوں نہیں لیا، سپریم کورٹ کا اکاؤنٹ کیا اسٹیٹ آف پاکستان کا اکاؤنٹ تھا؟، یہاں لوگوں کو کہا گیا بڑی خوشی کی بات ہے، ورنہ پیسہ برطانیہ ہی رہتا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف پاکستان کا پیسہ اسٹیٹ آف پاکستان کو نہیں کچھ مخصوص لوگوں کو مل گیا، القادر ٹرسٹ کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کیا گیا، 458 کنال مفت زمین القادر ٹرسٹ کو دے دی گئی، سمجھتا ہوں یہ ایک نہایت افسوسناک چیز ہوئی ہے، برطانوی ایجنسیوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی، حکومت نے جو اکاؤنٹ نمبر دیا وہ اسٹیٹ آف پاکستان کا نہیں تھا۔
عرفان قادر نے کہا کہ اتنی بڑی گرینڈ کرپشن کی مثال نہیں ملتی، اتنی آسان چیز کو الجھایا جا رہا ہے، ہمارے اداروں کا کام ہے اس طرح کے لوگوں کا احتساب کریں، نیب کے ادارے میں حکومت مداخلت نہیں کر سکتی، احتساب کے عمل میں شفافیت ہونی چاہیے، مجھے موجودہ چیئرمین نیب سے بڑی امید ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب نے مزید کہا ہے کہ تفتیش اس لیے ہوتی ہے کہ ملزم کو موقع دیا جاتا ہے، تفتیش ملزم کے فائدے کیلئے ہوتی ہے، تفتیش میں شامل ہونا چاہیے، قانون سب کیلئے برابر ہے، کسی کو کرپشن سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے، سہولت کاروں پر بھی نظر رکھنی پڑے گی۔
محسن نقوی کا پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا دورہ، پراجیکٹس میں سست روی پر اظہار ناپسندیدگی
لاہور:(ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے زیر تکمیل پراجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ پہنچ گئے۔
محسن نقوی کو پنجاب ایگری کلچرفوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ کا 85 فیصد سول ورک اور تعمیرات مکمل ہو چکی ہیں، پی اے ایف ڈی اے کے لئے 99 فیصد آلات بھی امپورٹ کئے جا چکے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی اے ایف ڈی اے کے آڈیٹوریم اور زیر تکمیل عمارت کے تمام فلور کا جائزہ لیا، انہوں نے پراجیکٹ کی تکمیل میں سست روی کی روش پر اظہار ناپسندیدگی کیا، محسن نقوی نے پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ کو اگست کے پہلے ہفتے سے قبل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
محسن نقوی نے 3 شفٹوں میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی، کنٹریکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کام مکمل کر سکتے ہیں تو بتائیں بصورت دیگر متبادل انتظام کریں گے، عوامی اہمیت کے حامل پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری صحت، پنجاب فرانزک لیب کے سربراہ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان میں نیم مارشل لاء لگ چکا، قانون نام کی کوئی چیز نہیں: عمران خان
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں نیم مارشل لاء لگ چکا ہے، فوجی عدالتوں میں شہریوں کے خلاف مقدمات چلیں گے تو مطلب جمہوریت تو ختم ہوگئی۔
برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے کئی کارکنوں کے خلاف تو ایف آئی آر بھی نہیں، نامعلوم کی فہرست میں ڈالا گیا ہے، وکیلوں کو گرفتار کارکنوں سے ملنے تک نہیں دیا جا رہا، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، ججوں کے فیصلوں پر عمل نہیں ہو رہا، وہ ضمانت دیتے ہیں تو حکومت پھر پکڑ لیتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک طاقت کے زور پر چل رہا ہے، یہ منصوبہ بندی سے پی ٹی آئی کو کرش کرنا چاہتے ہیں، مقصد پی ٹی آئی کو ختم کر کے نواز شریف کو بحال کروانا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو الیکٹ ایبلز کی ضرورت نہیں، ہمارا سب سے بڑا ووٹ بینک ہے، جب ووٹ بینک اتنا ہو تو لوگوں کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا، ووٹ بینک تو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا گرا ہے، جب بھی الیکشن ہوں گے پی ٹی آئی جیتے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے تو 300 سے زائد کو ٹکٹ دئیے ہیں، باقی تو چھپے ہوئے ہیں، مذاکرات تو چلتے رہے ہیں لیکن دوسری جانب سے کوئی ریسپانس نہیں ہے، مذاکرات وہ چاہتے ہیں جو کوئی حل چاہتے ہیں، حل الیکشن ہیں اور وہ یہ نہیں چاہتے، اس سے بھاگ رہے ہیں، سب پی ٹی آئی سے ڈرے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن پاکستان کی ضرورت تھی، ملک ڈیفالٹ ہو رہا ہے اور تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، آئین اور قانون ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، حکومت نے پی ٹی آئی کے 23 ہزار کارکنوں کی فہرست بنائی، 10ہزار گرفتار ہوچکے ہیں، یہ مکمل فاشزم ہے، سپریم کورٹ کے 14 مئی کے حکم کے باوجود انتخابات نہیں ہوئے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات اچھے رکھنے چاہئیں، افغانستان کی خواتین خود اپنے حقوق لے لیں گی، ہمیں ان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ہمیں اپنے فیصلے قومی مفاد میں کرنے چاہئیں۔
عمران خان کی صدر مملکت عارف علوی سے رابطہ نہ ہونے کی تردید
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رابطہ نہ ہونے کی تردید کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ عارف علوی کے ساتھ کیا کوئی رابطہ ہے؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ ایسی بات درست نہیں کہ میرا عارف علوی سے رابطہ نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جہاں تک مجھے پتہ ہے دو دن کے بعد ویسے بھی وہ قانون بن جانا تھا، فی الحال الیکشن کے علاوہ کوئی چارا نہیں اور ہم نے ملک کی خاطر مذاکرات کے لیے دعوت دی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک ہی چیز ہے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ ہی حکومت چلا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ سے مذاکرات چل رہے تھے اور ان کو بھی الیکشن کا کہہ رہے تھے، چیف جسٹس کے کہنے پر ان سے مذاکرات شروع کیے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگ پارٹی چھوڑ رہے ہیں یہ تو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جاری ہے لیکن یہ فیصلہ کر لیں ملک آئین کے مطابق چلے گا یا ڈنڈے کے زور پر چلے گا، ابھی تک کوئی پبلک ریلی یا جلسہ کرنے کا ارادہ نہیں۔
پارلیمنٹ کی توہین کی جارہی ہے جو کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں : شرجیل میمن
کراچی : (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن کاکہنا ہے کہ کہ پارلیمنٹ سب سے مقدس ادارہ ہے جس کی توہین کی جا رہی ہے اور اس کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے یہ کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ثاقب نثار کے بیٹے یا کسی اور کی گفتگو ذاتی نہیں، گفتگو میں سیاسی جماعت کا ٹکٹ بیچنے کی بات ہو رہی ہے، ٹکٹ بیچنے سے متعلق گفتگو کی تحقیقات ہونی چاہیے، ثاقب نثار اور ان کے بیٹے کو بلا کر پوچھیں کیوں پی ٹی آئی کے ٹکٹ بیچ رہے ہو۔
انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار اور ان کے بیٹے کی گفتگو پر عدالت میں کہا گیا کہ پرائیوٹ گفتگو ہے، ثاقب نثار کے فیصلوں سے ملک کو نقصان پہنچا ہے، وہ جب چیف جسٹس تھے تو انہوں نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیر قانونی کام کیا تو کارروائی ہونی چاہیے جو نہیں ہو رہی، غلط لوگوں کو اسٹے آرڈر دیا وہی لوگ آئین اور قانون کو توڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ نے کہا کہ انہوں نے غیر قانونی کام کیا، آپ نے عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری کو کیا سزا دی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی، عمران خان غیرملکی میڈیا سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور آج بھی جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں، عمران خان کا پاکستان میں الگ اور باہر الگ بیانیہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے ، انہوں نے پی ٹی آئی ورکرز کے ذہنوں میں زہر ڈالا اور آج ان کو پہچاننے سے انکاری ہیں، عمران خان نے ورکرزکو استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینکا، اتنے سنگین جرائم کے بعد ایک دن بھی یہ جیل نہیں گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کے چھوڑے لوگ آج بھی پروپیگنڈا میں مصروف ہیں، ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کی ایک آنکھ سے دیکھا جائے۔
اس سے قبل انہوں نے صوبے میں ٹرانسپورٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اہم فیصلے کئے ہیں ، سندھ بھرمیں تمام پبلک ٹرانسپورٹ کےسی این جی سلنڈرزکوختم کیاجائیگا، سکول وینوں سےبھی سی این جی سلنڈرکوختم کیاجائےگا ۔
شرجیل میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمین سے قبضہ واگزار کرایا ہے ، پی ٹی آئی کےایک رہنمانےاس زمین پرفارم ہاؤس،بھینسوں کےباڑےبنائےہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ اب اپنےپیروں پرکھڑاہورہاہے۔
قیام امن کیلئے پاکستان اور اقوام متحدہ کی مشترکہ کوششوں کے 75 سال مکمل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور اقوام متحدہ (یو این) قیام امن کی کوششوں کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی منا رہے ہیں جس کیلئے وزارت خارجہ میں اقوام متحدہ کے تعاون سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں سال 1960ء سے اب تک اقوام متحدہ کے 46 مشنز میں خدمات سرانجام دینے والے 2 لاکھ پاکستانی مرد و خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا، تقریب میں امن مشنز میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 171 پاکستانیوں کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 4334 فوجی و پولیس اہلکاروں کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ اپنے دیر پا تعلق پر بڑا فخر ہے۔
نمائندہ یو این ڈی پی پاکستان نٹ اوسٹبی کا کہنا تھا کہ ہم 80 ہزار سے زائد بہادر امن محافظوں کا دن منا رہے ہیں، یہ افراد دنیا میں قیام امن کیلئے انتہائی اہم کام سرانجام دے رہے ہیں۔
کوئی مائنس نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کا فیصلہ ووٹر کرے گا، شاہد خاقان عباسی
کراچی: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مائنس کوئی بھی نہیں ہونا چاہیے، ووٹر فیصلہ کرے گا کہ پی ٹی آئی کی حقیقت کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھ پر کراچی میں 3 سال نیب کیس چلتا رہا جس کا نہ سر تھا نہ پیر، کل کیس واپس نیب کو بھیج دیا گیا ہے، عمران خان اب کہتے ہیں کہ یہ سب باجوہ صاحب کروا رہے تھے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کو عدالت بلاتی ہے تو نہیں جاتے، عمران خان خود کو قانون سے بالا سمجھتے ہیں، فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ ہوا، کور کمانڈر ہاؤس جلایا گیا، جو بھی واقعات ہوئے قانون اپنا راستہ لے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی کرنے والے معافی مانگیں، ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں ان سے سبق حاصل کیا جائے، مجھے بتائیں تاحیات نااہلی کی گنجائش کون سے قانون اور آئین کے تحت ہے؟، ملک کی سپریم کورٹ بتا دے میں ان کی بات ماننے کو تیار ہوں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نظام سے ہمیشہ شکایت رہے گی، نظام اگر غلط استعمال ہوگا تو شکایت ہوگی، نئی پارٹی بنانا سب کا حق ہے، میں ن لیگ کا سب سے پرانا ممبر ہوں، سیاست میں نقصان اور فائدے کی بات نہیں ہوتی، ہر پارٹی نے اپنی سیاست کرنی ہوتی ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مائنس کے فارمولے نہیں چلے، الیکشن کے بغیر گزارہ نہیں، الیکشن نہیں کروائیں گے تو کون سے قانون اور آئین کے تحت ملک چلے گا؟، اکتوبر میں الیکشن ہونے چاہئیں اور ہوں گے۔
این سی اے کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 3 روز کی توسیع
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل کرائم ایجنسی تحقیقات، 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی عبوری ضمانت میں 3 روز کی توسیع کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، لاء افسران اور نیب کی قانونی ٹیم بھی عدالت پیش ہوئی۔
دوران سماعت وکیل عمران خان خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، درخواست گزار کی پیشی پر سکیورٹی مسائل بھی ہیں، کروڑوں روپے سکیورٹی کے نام پر خرچ ہوتے ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ آپ نیب کے سامنے شامل تفتیش ہوئے؟، جس پر وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ نیب کے سامنے ہم شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تین دن میں احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔