ممبئی: (ویب ڈیسک) فلم پٹھان نے نارتھ امریکا کے باکس آفس میں بزنس کے اعتبار سے عامر خان کی دنگل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یش راج فلم پروڈکشن کی فلم پٹھان نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے۔ فلم زیرو میں ناکامی کا سامنا کرنے والے شاہ رخ خان نے فلم پٹھان سے شاندار کم بیک کیا ہے۔
شاہ رخ خان نے فلم پٹھان کے ذریعے ایک نئے جلوے اور آہنگ کے ساتھ انٹری دی۔ دپیکا پڈوکون کی اداکاری اور رقص نے بھی فلم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔
فلم پٹھان کی 8 ہزار سے زائد سینما گھروں میں بہ یک وقت نمائش جاری ہے اور اس فلم نے صرف بھارت میں نمائش کے ساتویں روز 22 کروڑ کا بزنس کر کے مجموعی طور پر 300 کروڑ کا بزنس سمیٹ لیا۔
اس کے ساتھ ہی فلم پٹھان ایک ہفتے میں سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ دنگل، جی ایف-2، باہو بلی، ٹائیگر زندہ ہے اور سنجو یہ سنگ میل 10 سے 16 دنوں میں حاصل کیا تھا۔
باکس آفس کے مطابق بین الااقوامی طور پر بھی فلم پٹھان نے بزنس کے نئے ریکارڈ قائم کردیے۔ سعودی عرب میں ایک ملین ڈالر اور نارتھ امریکا میں 10 ملین ڈالر کے سنگ میل کے ساتھ بیرون ملک بزنس 28.75 ملین ڈالر رہا۔
اگر فلم پٹھان کے مجموعی بزنس کی بات کی جائے تو ملک اور بیرون ملک سے مجموعی طور پر 634 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے۔
Monthly Archives: February 2023
اداکارہ مہوش حیات نے ہیلی کاپٹر اڑانا سیکھ لیا
دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے ہیلی کاپٹراڑانا سیکھ لیا ۔
اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر اپنے فینز کے لیے ہیلی کاپٹر اڑاتے ہوئے تصاویر شئیر کیں جو وائرل ہوگئیں۔
مہوش حیات نے ہیلی کاپٹر پرشئیر کی گئی پوسٹ پر لکھا خواتین اور حضرات آپ کی کیپٹن آپ سے مخاطب ہے۔ مہوش حیات ان دنوں دبئی میں اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ چھٹیاں منا رہی ہیں اور اپنی تصاویر فینز کے لیے سوشل میڈیا پر شئیر کررہی ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار
دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی رینکنگ جاری کردی، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایک روزہ کرکٹ میں بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق مینز ون ڈے بیٹنگ پلئیرز رینکنگ میں کپتان بابراعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈیر ڈوسن 795 کیساتھ دوسری اور کوئنٹن ڈی کاک 750 پوائنٹس کے کیساتھ تیسری پوزیشن پر قابض ہیں۔
رینکنگ میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 747، قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق 740 پوائنٹس کے ہمراہ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر قابض ہیں۔
دوسری جانب ٹی20 رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو 908 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ محمد رضوان 836 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قابض ہیں۔
کپتان بابراعظم کی ٹی20 میں چوتھی پوزیشن پر جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے 788 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ 10 میں شامل واحد پاکستانی شاہین شاہ آفریدی کی آٹھویں پوزیشن ہے۔
پاکستان نے ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2023ء کا فائنل جیت لیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اسلام آباد میں ہونے والا ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2023ء کا فائنل میچ جیت لیا۔
پاکستان نے فائنل میں فلسطین کو 3 کے مقابلے میں 11 رنز سے شکست دی، فائنل جیتنے پر پاکستان نے ایشین گیمز اور ایشین چیمپئن شپ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔
وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
پی ایس ایل8؛ کامران اکمل پشاور زلمی کے ہیڈکوچ بن گئے
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلےباز کامران اکمل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نمائشی میچ کیلئے پشاور زلمی نے ہیڈکوچ مقرر کردیا۔
بابراعظم کی قیادت میں 5 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نمائشی میچ میں سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق ٹیم مینٹور کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے جبکہ کامران اکمل کو ہیڈکوچ مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کامران اکمل کو کسی ٹیم نے منتخب نہیں کیا تھا۔
کامران اکمل پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایک ہزار 972 رنز اسکور کرنے والے دوسرے سب سے کامیاب بلےباز ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈ ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ 5 فروری کو بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ پی ایس ایل کا باقاعدہ آغاز 13 فروری سے ہوگا۔
حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کامران اکمل کو جونیئر کرکٹ کے لیے آٹھ رکنی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا تھا۔
ڈاکٹر کو زخمی کرنیوالے پالتو طوطے کے مالک کو 90 ہزار ڈالر جرمانہ
تائی پائی: (ویب ڈیسک) تائیوان کے ایک شخص کو اس کے پالتو طوطے کی جانب سے ایک ڈاکٹر کو زخمی کرنے کے کیس میں دو ماہ قید اور 90 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر کی جانب سے عدالت میں دیوانی دعویٰ کیا گیا جس میں ڈاکٹر نے موقف اختیار کیا کہ وہ ایک پارک میں جاگنگ کر رہے تھے جب طوطے کا مالک اسے اسی جگہ لے آیا، طوطا انکی پیٹھ پر بیٹھ کر بار بار پھڑ پھڑاتا رہا جس کی وجہ سے وہ گرے اور انہیں سخت چوٹیں آئیں۔
ڈاکٹر کے مطابق وہ اپنی چوٹوں کی وجہ سے ایک ہفتے تک ہسپتال میں داخل رہے اور چھ ماہ تک کام کرنے سے قاصر رہے جبکہ انہیں صحت یاب ہونے کے لیے چھ ماہ درکار ہیں جن میں تین ماہ کی خصوصی دیکھ بھال بھی شامل ہے۔
وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر ایک پلاسٹک سرجن ہیں اور سرجری کے لیے کافی وقت تک کھڑا رہنا پڑتا ہے اس لیے چوٹ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا، وہ اب چل سکتے ہیں لیکن اگر وہ زیادہ دیر تک کھڑے ہوں تو بے حسی رہتی ہے۔
ڈسٹرکٹ کورٹ کے انتظامی ڈویژن کے ایک نمائندے نے بتایا کہ یہ مقدمہ نایاب ہے اور گزشتہ دہائی کے دوران کسی بھی سول عدالت میں ایسا کیس سامنے نہیں آیا۔
رپورٹس کے مطابق طوطے کے مالک کو قید کی سزا غیر ارادی طور پر چوٹ پہنچانے کے الزام میں دی گئی جبکہ مالک کا کہنا تھا کہ وہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن اپیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں یہ دلیل دیتے ہوئے کہ طوطے جارحانہ نہیں ہیں اور جرمانہ بہت زیادہ ہے۔
آسٹریلیا میں سکے سے بھی چھوٹا انتہائی تابکار کیپسول گرکرگم ہوگیا
پرتھ: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ماہرین اس وقت بھوسے کے ڈھیر میں سوئی ڈھونڈنے کے مصداق ایک بٹن نما کیپسول کو ریگستان میں تلاش کررہے ہیں جس میں انتہائی تابکار مادے سیزیئم 137 بھرا ہوا ہے۔
ایک بڑے بٹن کی جسامت کا یہ کیپسول 8 ملی میٹر لمبا اور 6 ملی میٹر چوڑا ہے۔ کیپسول ایک وسیع ریگستانی شاہراہ سے گزرتے ہوئے کہں گرگیا ہے جسے کان کنی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے تھا۔ ریوٹنٹو نامی اس کمپنی نے معافی نامے کے ساتھ کہا ہے کہ ان کے ماہرین کیپسول کی تلاش میں دن رات مصروف ہیں۔
اس کیپسول سے گیما اور اور بی ٹا شعاعیں خارج ہوتی ہیں جو 1400 کلومیٹر کے طویل سفر کے دوران کہیں گرا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق انہوں نے پہلے مرحلے میں پوری سڑک چھان ماری ہے جبکہ اب اطراف کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے ملنے کے امکانات بہت کم ہیں۔
اپنی غیرمعمولی تابکاری کی وجہ سے یہ اگلے 300 برس تک قریب آنے والے شخص کے لیے خطرات کی وجہ بن سکتا ہے۔ براہِ راست چھوجانے سے جلد جل سکتی ہے، ریڈیائی امواج سے کئی بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں اور کینسر کے خطرات بھی موجود ہیں۔ تاہم یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوسکتی ہے جب کوئی طویل عرصے تک اس کے قریب رہے۔
ماہرین کے مطابق اگر کوئی اس کیپسول کے پاس ایک میٹر کے فاصلے پر ایک گھنٹے تک کھڑا رہے تو اس سے 1.6 ملی سرویئنٹس تابکاری اس میں جذب ہوگی جو 17 ایکسرے کے بعد جذب ہونے والی اشعاع کے برابر ہے۔
تاہم اب بھی دیگر ماہرین اس واقعے پر حیران ہیں کیونکہ سیزیئم 137 کو اٹھانے اور لے جانے کے سخت حفاظتی قوانین ہوتے ہیں اور انہوں نے اس واقعے کو غفلت قرار دیا ہے۔
ہائی کورٹ کا پرویز الہٰی اور انکی فیملی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے مارنے اور فیملی ممبران کو ہراساں کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
جسٹس شہرام سرور نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر چیمبر میں سماعت کی، اس دوران عدالت عالیہ نے آئی جی پنجاب کو 3 فروری کو چودھری پرویز الہٰی اور ان کے فیملی ممبران کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
چودھری پرویز الہٰی ، حسین الہٰی، چودھری وجاہت حسین سمیت دیگر نے ہراساں کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے، نگران حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چودھری پرویز الہٰی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، چودھری وجاہت حسین سیاسی جماعت مسلم لیگ کے سربراہ ہیں، نگران حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، متعلقہ اداروں کو غیر قانونی چھاپے مارنے اور ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔
عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کرنا ہوگا: رانا ثنا اللہ
بہاولپور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کا جمہوری جدوجہد میں ایک لمبا سفر ہے، آج وہ جدوجہد کا آغاز کرنے جا رہی ہیں، کارکن یونین کونسل کی سطح پر اپنے فرائض کو پورا کریں۔
بہاولپور میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن اکتوبر میں ہوں یا پہلے جب بھی ہوں عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کرنا ہوگا، ورنہ یہ ملک کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا، کارکن یہ پیغام گھر، گھر پہنچائیں اور آپس کے اختلافات کو بھلا دیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پنجاب کی حد تک ذمہ داری لیتا ہوں (ن) لیگ اکثریت لیکر حکومت بنائے گی، عمرانی ٹولے کے دور میں ساری قیادت جیلوں میں تھی، اس وقت مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کو جگایا اور متحرک کیا، مریم نواز کو والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، مقبولیت کے پروپگنڈے آنے والے دنوں میں دم توڑیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اپنی مقبولیت کے جھوٹے دعوے کر رہا ہے، کہتا تھا اسلام آباد سمندر لیکر آؤں گا، ذلیل ہو کر واپس آیا تھا، کارکن لوگوں کو سمجھائیں مہنگائی اور مشکل وقت نواز شریف کے خلاف سازش کرنے کی وجہ سے ہے، یہ شخص فتنہ اور فساد ہے، یہ کہتا ہے مخالفین کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا، یہ ملک کی سیاست میں ناسور ہے قوم کو ادراک کرنا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کو اس بحران سے نکالے گی، نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ جدوجہد کرنے کا وقت آگیا ہے، پاکستان کو ایٹمی قوت مسلم لیگ (ن) نے بنایا، 2013 میں بیس، بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، نواز شریف نے ملک کو دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی، ان کے خلاف سازش کر کے ملک کوعمرانی ٹولے کے سپرد کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کے حق میں نہیں، آئی ایم ایف معاہدہ پرعملدرآمد نہ کیا جاتا تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا، مجبوری کے تحت قیمتوں کو بڑھایا گیا، بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتوں نے عام لوگوں کو متاثر کیا ہے، پاکستان میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے جس میں ہمارا قصور نہیں، بدبخت انسان نے آئی ایم ایف سےمعاہدہ کیا تھا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے پوری کوشش کی قیمتوں کو نہ بڑھایا جائے، پاکستان اس وقت بحران کا شکار ہے، ہم نے بحران سے بچانا ہے، آپ نےاس مشن میں مریم نوازکا بھرپورساتھ دینا ہے، آج کے اجلاس کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانا ہے، کارکن سوشل میڈیا ٹیم کا بھی حصہ بنیں۔
ن لیگ نے شاہد خاقان عباسی کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی
لاہور: (ویب ڈیسک) مریم نواز اور نوازشریف کے ترجمان محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی۔
مریم نواز اور نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی (ن) لیگ کے سینئر رہنما اور ورکر ہیں۔ میرے خیال میں سینئر نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے سے شاہد خاقان عباسی کے قد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وہ بہت بڑے لیڈر ہیں۔وزیراعظم رہ چکے ہیں اور پارٹی کو ان کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل پارٹی میں ہیں اسحاق ڈار بڑے عہدے پر ہیں۔ پارٹی کا گند عوامی سطح پر زیر بحث نہیں لانا چاہتا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں۔ روس سے تیل ڈالرز میں خریدنا ہے یا چینی کرنسی میں ابھی بات چل رہی ہے۔
آئی ایم ایف ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے: احسن اقبال
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ناک سے لکیریں نکلوارہا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے سخت ترین شرائط عائد کر رکھی ہیں، ان کی شرائط عمران خان نے مانی تھیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان نے جاتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کیلئے کچھ نہیں چھوڑا، حکومت معیشت کی بہتری کیلئے ہر دن کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا پاکستانی قوم نے غیر یقینی سیاسی صورت حال سے بہت خسارہ اٹھایا پاکستان میں ایکسپورٹ کیلئے کبھی سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئیں ایکسپورٹ پاکستان کو ڈالر کی قلت اور غیروں کی محتاجی سے بچا سکتی ہے۔
سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مارکیٹ میں سونےکی قیمت میں اضافے کے ساتھ ساتھ مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے دام بڑھ گئے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 27 ڈالر بڑھ کر 1929 ڈالر فی اونس ہوگئی،جبکہ مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار500 روپے جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار روپے بڑھ گئی۔
قیمتیں بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 5 ہزار روپے جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 75 ہزار 754 روپے ہوگئی۔
ڈالر کی اُڑان جاری، روپے کی قدر میں مزید کمی
کراچی: (ویب ڈیسک) آج صبح کاروبار کے آغاز میں امریکی ڈالر 72 پیسے سستا ہوا لیکن یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہ چلا سکا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 72 پیسے اضافہ ہوا لیکن جیسے جیسے دن ڈھلتا گیا روپے کی قدر بھی گھٹتی رہی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں آج ڈالر 94 پیسے مہنگا ہوا، انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالرکا بھاؤ 268 روپے 83 پیسے رہا۔
گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے اختتام تک انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 75 پیسے کمی دیکھنے میں آئی تھی ۔


















