میں دہشتگردی اور مہنگائی کا ذمہ دار نہیں، حکومت میں ہوتا تو جواب دہ ہوتا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہےکہ میں ملک میں دہشت گردی اور مہنگائی کا ذمہ دار نہیں ہوں، حکومت میں ہوتا تو میں جواب دہ ہوتا۔
لاہور میں کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور حملے پر افسوس ہے، تفتیش سے پہلےگورنر نے الیکشن ملتوی کرنےکا خط کیسے لکھ دیا؟ افغانستان میں امن کے لیے طالبان سے مذاکرات کرانے میں سہولت کاری کی، امریکیوں کے انخلا پر افغانستان میں خانہ جنگی کا خطرہ تھا، افغانستان میں خانہ جنگی ہوتی تو پاکستان پر متاثر ہوتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ سےکوئی اختلافات نہیں تھے، ہم ایک پیج پر تھے، باجوہ اور میرے ایک پیج پر ہونے سے بہت سے اچھے اچھےکام ہوئے، توسیع ملنے کے بعد باجوہ نےکہا احتساب سے پیچھے ہٹ جاؤ، باجوہ نے مخالفین کو این آر او دینےکا کہا تو میں نے منع کردیا، باجوہ سے دوسرا اختلاف جنرل فیض کے مسئلے پر ہوا، افغان بے امنی کے اثرات کا خدشہ تھا، اس لیے فیض کو عہدے پر رکھنا چاہتا تھا، 30 سے 40 ہزار فائٹرز افغانستان میں تھے، فیصلہ ہوا کہ فورسز اور ارکان اسمبلی طے کریں گے کہ فائٹرز کو پاکستان میں سیٹل کیسےکرنا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ملک میں دہشت گردی اور مہنگائی کا ذمہ دار نہیں ہوں، آج میری حکومت ہی نہیں تو میں ذمہ دار کیسے ہوسکتا ہوں، برے حالات کی ذمہ داری میری حکومت سے پہلے 30 سال سے اقتدار میں رہنے والوں پر ہے، میں حکومت میں ہوتا تو میں جواب دہ ہوتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکام نے اپنے 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کر الیے، ان میں ملک چلانے کی اہلیت نہیں تھی تو انہیں میری حکومت ختم نہیں کرنی چاہیے تھی، پشاور حملے کو استعمال کرکے یہ الیکشن آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
آصف زرداری کی جانب سے قانونی نوٹس بھجوانے کے معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالت آصف زرداری سے پوچھے گی کہ کون سی ساکھ تھی جو خراب ہوئی ہے، آصف زرداری کو قرآن پر حلف لینا ہوگا کہ انہوں نےکتنے لوگ قتل کروائے، میں چاہتا ہوں کہ آصف زرداری میرے خلاف عدالت ضرور جائیں، آصف زرداری کی میرے خلاف سازش کی اطلاع بہت ٹھوس ہے، آصف زرداری نے اربوں روپیہ چوری کرکے بیرون ملک رکھا ہوا ہے، آصف زرداری کو میرے ساتھ عدالت میں کھڑا کریں، میرے پاس آصف زرداری کے خلاف الزامات کی پوری کتاب ہوگی۔

پوائنٹ آف سیلز فیس سے ایف بی آر افسران کیلئے مراعات فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پوائنٹ آف سیلز فیس سے ایف بی آر کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کیلئے کامن پول فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
رولز تیار کر لیے گئے، پی او ایس فیس، سروس چارجز، گرانٹس، منافع کے فنڈز ذاتی فلاح پر خرچ ہوں گے، ہیڈ کوارٹر سپورٹ کے نام پر ماہانہ 40 ہزار روپے تک الاؤنس ملے گا۔
عارضی رہائش کیلئے 30 لاکھ تک کا سامان خریدنے کی اجازت ہوگی، سینئر افسران کو رہائش گاہ کا ماہانہ 3 لاکھ تک کرایہ بھی دیا جائے گا، ہاؤس رینٹ سبسڈی، فیول سبسڈی، بچوں کی تعلیم کیلئے سکالر شپ بھی ملے گا۔

سانحہ پشاور گزشتہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے: اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، کل پنجاب کے تھانے پر بھی حملہ ہوا ہے، سوچنا ہو گا ایسے واقعات کیوں ہو رہے ہیں، 414 ارب خیبرپختونخوا حکومت کو 10 سالوں میں دیئے گئے، انتہائی افسوس سے کہتا ہوں، پشاور سیف سٹی نہیں بن سکا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر 414 ارب کھائے نہ جاتے تو سانحہ پشاور نہ ہوتا، یہ گزشتہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے، دہشت گردوں کو گڈ اور بیڈ کا نام دیا گیا اور انہیں بھائی، دوست کہا گیا، آج پتا چل گیا وہ نظریہ غلط تھا، افغانستان سے لوگوں کو بسانے کا نظریہ بھی غلط تھا، اب پھر دہشت گردی نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
راجہ ریاض نے مزید کہا ہے کہ انشاء اللہ دہشت گردوں کو شکست دیں گے، اس وقت اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے، افسوس جس شخص نے اپنی مسجد بنائی ہے وہ ساتھ نہیں ہو گا، وہ شخص ایک چیز چاہتا ہے کہ لوگ اس کے پیچھے کھڑے ہوں، اس کو کہتا ہوں اب تو آپ ویسے بھی کھڑے نہیں ہو سکتے نا قوم آپ کے پیچھے کھڑی ہوگی۔

بابر اعظم کو کرکٹر آف دی ایئر کی ٹرافیاں موصول

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی ون ڈے اور سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر کی ٹرافیز موصول ہوگئیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک ہی دن میں دو اعزاز حاصل کیے تھے، بابر نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر 2022 جیتنے کے بعد سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر 2022 بھی اپنے نام کیا تھا۔
چئیرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے لاہور قذافی سٹیڈیم میں سر گارفیلڈ سوبرز آئی سی سی کرکٹر آف دی ائیر اور مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر کی ٹرافیاں کپتان بابر اعظم کے حوالے کیں۔

مصباح الحق نے مکی آرتھر کی متوقع تقرری کو پاکستان کرکٹ پر طمانچہ قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈکوچ مصباح الحق نے مکی آرتھر کی متوقع تقرری کو پاکستان کرکٹ پر طمانچہ قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مکی آرتھر کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے کوشاں ہے، پی سی بی نے مکی آرتھر کیلئے ہیڈ کوچ کی بجائے ٹیم ڈائریکٹر کا عہدہ بھی متعارف کرایا ہے۔
مکی آرتھر کی متوقع تقرری پر بات کرتے ہوئے سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ ہمارے کرکٹ سسٹم پر طمانچہ ہے ، ہم اس کی طرف دیکھ رہے ہیں جس نے پاکستان کو سیکنڈ آپشن کے طور پر رکھا ہوا ہے ،میں اس کا ذمہ دار اپنے سسٹم کو قرار دوں گا جو کہ کمزور ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ غیر ملکی کوچز کو بیک کرتا ہے ،پی سی بی نے کبھی مقامی کوچز کو سپورٹ نہیں کیا ،بورڈ غیر ملکی کوچز کا شوقین ہوتا ہے اور سمجھتا ہے کہ مقامی کوچز سیاسی ہو جاتے ہیں اور اس کے قابل بھی نہیں، جب بورڈ دباؤ میں ہوتا ہے تو وہ مقامی کوچز کو بس کے نیچے پھینک دیتا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ ہم ہائی پروفائل فل ٹائم کوچ تلاش کرنے کے قابل نہیں ،یہ شرمناک بات ہے کہ بہترین کوچز آنا نہیں چاہتے،ہمیں خود کو الزام دینا ہو گا ہم نے اپنوں کو عزت دی نہ کریڈٹ اورہم نے اپنوں کا امیج خراب کیا ہے۔
سابق ہیڈکوچ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ سابق اور موجودہ کھلاڑی ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے ،سابق کھلاڑی اپنے یوٹیوب چینلز کی ریٹنگ کے لیے دوسروں کے خلاف بولتے ہیں ،اس صورتحال سے یہ تاثر بنتا ہے کہ ہم اس قابل نہیں ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑی اپنے شکوؤں شکایتوں کے لیے ایک دوسرے کے خلاف بولتے ہیں، کرکٹ فینز میں وہ ثاثر پختہ ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ اچھائی کی وجہ سے ہیڈ لائنز میں کم رہتی ہے ،قومی چینلز پر سابق کرکٹرز اپنے ساتھیوں کا مذاق اڑاتے ہیں ،یہاں پر ایک دوسرے کی عزت نہیں ہے اور کوئی بامقصد گفتگو نہیں ہوتی۔
مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی میں بیوروکریسی کا احتساب نہیں ہوتا ،مس منیجمنٹ اور تسلسل کے ساتھ تبدیلیاں خرابی کی بنیاد ہیں ،ہم نے اپنی کرکٹ میں کبھی مضبوط بنیادیں تلاش نہیں کیں ،ایک عام بیانیہ ہے کہ پاکستان میں کوئی اس قابل نہیں اس لیے بورڈ کو باہر دیکھنا پڑا رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوسناک چیز یہ ہے کہ ہماری پالیسیوں میں تسلسل نہیں ہے، بھارت جیسی کامیاب ٹیمیں گھر کے کوچ کی طرف لوٹ چکی ہیں، ہمارے سسٹم میں بھی کئی ایک اچھے لوگ موجود ہیں، محمد اکرم ،عاقب جاوید ،انضمام اور وقار یونس نے اچھی خدمات انجام دی ہوئی ہیں، ان کرکٹرز کی برے طریقے سے عزت کو خراب کیا گیا،لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ لوگ جاب کے لیے اچھے نہیں ہیں۔

منصفانہ الیکشن کی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کریں گے: محسن رضا نقوی

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں خصوصاً تعلیم، صحت اور صحافیوں کی تربیت کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا بہترین دوست ملک ہے، برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پنجاب کے سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے برطانیہ کے تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں، برطانیہ کیساتھ شراکت داری مزید بڑھانے کیلئے اقدامات کریں گے۔
محسن رضا نقوی نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں کی برطانوی اداروں میں جدید ٹریننگ کاجائزہ لیا جائے، ان کی تربیت کیلئے برطانوی معاونت کا خیر مقدم کریں گے، میڈیا کی تیز رفتار ترقی کے دور میں جدید تربیت حاصل کرنا صحافیوں کیلئے ناگزیر ہے، جس سے صحافی اپنے فرائض پروفیشنل انداز میں سرانجام دے سکیں گے، برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کی ذمہ داری ملی ہے، نگران حکومت منصفانہ الیکشن کرانے کی ذمہ داری بطریق احسن ادا کرے گی، پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کی زندگیوں میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں۔

پاک چین سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری مثالی ہے اور پاکستان اسے مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم سے چائنہ نیشنل نیوکلئیر کارپوریشن کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کراچی میں کے تھری نیوکلئیر پاور پلانٹ کا افتتاح کرنے جا رہا ہوں، کراچی میں نیوکلئیر پاور پلانٹ سے بجلی کی مجموعی پیداوار 2200 میگاواٹ ہو جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے پاکستان کی ہر اچھے اور برے حالات میں مدد کی، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری، چینی حکومت اور عوام کی پاکستان سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین نے پاکستان میں بجلی کے شارٹ فال کو قابو کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر مجھ سمیت پوری قوم چین کی حکومت اور عوام کی شکر گزار ہے۔
ملاقات میں وائس چیئرمین چائنہ اٹامک انرجی اتھارٹی لیو جنگ اور سفارتخانے کی ناظم الامور سمیت متعلقہ اعلیٰ سطحی چینی حکام موجود تھے۔

پنجاب میں انتخابات کا معاملہ: گورنر نے الیکشن کمیشن اور اسپیکرکو خط لکھ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبے میں انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق پارلیمانی لیڈر عثمان بزدارکو خط لکھ دیا۔
گورنر پنجاب نے اپنے خط میں الیکشن کی کوئی تاریخ نہیں دی، خط میں کہا گیا ہےکہ ملک کی موجودہ سکیورٹی اور اقتصادی صورت حال کو سامنے رکھا جائے۔
گورنر پنجاب کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے، الیکشن کمیشن کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے حالات کا جائزہ لےکر آگے بڑھنا چاہیے۔
خط میں گورنر کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنےکی آئینی شق کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ ‘گورنر اسمبلی تحلیل کرے تو آرٹیکل 105 کی شق 3 کے تحت تاریخ دینے کا پابند ہے’۔

پاکستان ریلوے نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ریلوے نے گرین لائن ٹرین کے علاوہ دیگر تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں 8 فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا۔
ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ 15 فیصد اضافے سے پاکستان ریلوے پر یومیہ 11.725 ملین روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے، آپریشن کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ادارے کے لیے کرایے کو ریشنلائز کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے گرین لائن ٹرین کے علاوہ تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کرایوں میں 8 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

ہمیں جن حالات میں ملک ملا شکر کرو پاکستان بچ گیا ہے: مریم نواز شریف

بہاولپور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں جن حالات میں ملک ملا شکر کرو پاکستان بچ گیا ہے، یہ سمجھ رہے ہیں مسلم لیگ الیکشن سے گھبرا رہی ہے، سن لو میدان میں اتر چکے ہیں، الیکشن جب بھی ہوں گے کلین سویپ کریں گے۔
بہاولپور میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے لندن سے سلام بھیجا ہے، جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا شاید (ن) لیگ خاموش، کمزور ہو گئی ہے، کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر ان لوگوں کو کہتی ہوں اب مسلم لیگ کی باری ہے، نواز شریف نے رانا ثنا اللہ کو لندن بلایا تھا، میاں صاحب نے کہا تنظیمی کنونشن کا آغاز بہاولپور سے ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا کہ پشاور میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، شہدا کے اللہ تعالیٰ درجات بلند فرمائے، نوجوانوں کی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، نوجوان میرا ہر اول دستہ ہوں گے، نوجوان، خواتین کے نئے ونگ تشکیل دیئے جائیں گے، میرے عہدے کے حوالے سے بڑی بات ہو رہی ہے، کارکنوں کی محبت ساتھ ہے کسی عہدے کی محتاج نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عہدوں کے بغیر بھی کارکنوں کے شانہ بشانہ تھی، کارکنوں نے برے وقت میں نواز شریف کا ساتھ دیا، سلام کرتی ہوں، جب کوئی عہدہ نہیں تھا تب اور آج بھی میری سب سے بڑی طاقت ہے، موروثیت کی بڑی باتیں ہو رہی ہیں، عوام کے پیار کو ’’موروثیت‘‘ نہیں ’’جمہوریت‘‘ کہتے ہیں، عمران کے 4 سالہ جبر کے دور میں کارکنوں نے ساتھ نبھایا جس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میڈیا پر میری اور نواز شریف کی آواز کو بند کیا گیا تو کارکن آواز بنے تھے، ارشد ملک نے نواز شریف کی بے گناہی کا ثبوت دیا، مجھے علم ہے پاکستان میں مہنگائی ہے، آٹا، تیل، چینی مہنگی ہے، احساس ہے اور دل کو تکلیف بھی ہے، نواز شریف مشکل فیصلوں کے حوالے سے لندن میں پریشان ہیں، جن حالات میں ملک ملا شکر کرو پاکستان بچ گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے مزید کہا کہ یہ اگلے 12 سال کا پلان بنا کر بیٹھےتھے، جنہوں نے چار سالوں میں یہ حال کیا تو پانچ کا ٹولہ بیٹھا رہتا تو کیا حال کرتے؟، کھلاڑیوں، اناڑیوں نے معیشت پر خودکش حملے کیے، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے پٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑتی ہیں، یہ معاہدہ عمران خان نے کیا تھا، ان کو جب کرسی ہلتی نظر آئی تو اسی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے چلا گیا جس کا خمیازہ آج عوام اور حکومت بھگت رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمارے لیے بہت آسان تھا اس نے جس دن اسمبلی توڑی تو ہم دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتتے، مسلم لیگ (ن) پاگل نہیں، ہم نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا، نوازشریف نے کہا کسی کی دھمکی میں الیکشن نہیں کروائیں گے، جس نے کبھی پیسے سے پیاز، ٹماٹر خریدا ہو اسے مہنگائی کا پتا ہوتا ہے، یہ بار بار کہتا ہے ملک سری لنکا بن جائے، یاد رکھنا نواز شریف، شہباز شریف نے ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ 4 سال پانچ کے ٹولے نے ملک لوٹا، چاہے کھوسہ ہو یا ڈیم والا بابا ہو یا عمران کی دوبیساکھیاں ہوں سب اپنے انجام کو پہنچے، آنے والے دنوں میں ان کی تصویریں بھی دکھاؤں گی، کوئی ہیرے کی انگوٹھیاں، کوئی دبئی پیسے بھیج رہا تھا، کسی نے چکوال میں کئی سو کنال کا گھر بنا لیا، 5 کے ٹولے سے ملک کو بچانا بھی (ن) لیگ کی ذمہ داری ہے، ہم کبھی بھی اس ملک کو ان کے ہاتھوں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف واحد وزیر اعظم تھا جس نے 2016 میں آئی ایم ایف پروگرام پورا کر کے خدا حافظ کہہ دیا تھا، آئی ایم ایف کو کون واپس لیکر آیا؟، آئی ایم ایف کو خود مختاری کی گارنٹی دی گئی، نواز شریف دور میں 50 روپے کلوچینی تھی، کس کو تکلیف ہوئی؟ زیرو لوڈ شیڈنگ ہوئی تو کس کو تکلیف ہوئی، نوازشریف کی صدارت چھین کر پاکستان کی ترقی چھین لی۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے اگر 9 سال پاکستان کی 75 سالہ تاریخ سے نکال دو تو باقی کھنڈرات بچتے ہیں، ہم آج غیر ملکیوں کو موٹرویز کا جال، اورنج ، میٹرو بس بارے بتاتے ہیں تو کس کا نام آتا ہے، ایٹمی دھماکے کرنے والا کون ہے؟، نواز شریف نے ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردی سے جان چھڑا دی تھی، آج دہشت گردی نے کیوں سر اٹھایا؟، خیبرپختونخوا میں دل ہلا دینے والا واقعہ کیوں ہوا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ میں بتاتی ہوں دہشت گردوں کیلئے خیبرپختونخوا کے دروازے کیوں کھولے گئے، عمران خان مہنگائی کا ذمہ دار شہباز شریف کو ٹھہراتا ہے، 5 دن پہلے خیبرپختونخوا، پنجاب میں بھی تمہاری حکومت تھی، حکومتیں سارے پاکستان میں تمہاری اور الزام شہباز شریف پر شرم کرو، اس کی الزام لگانے کی عادت نہیں جاتی، امریکا سے الزام لگاتا ہوا اب محسن نقوی پرسازش کا الزام لگا رہا ہے، اس کی کونسی بات پریقین کریں۔
انہوں نے کہا جس کو ہاتھ، آنکھیں کہتا تھا وہ افغانستان میں کھڑا ہو کر قہوہ پی رہا تھا، قوم سوال پوچھ رہی ہے خیبرپختونخوا پولیس کی کتنی کیپسٹی بڑھائی، دہشت گردی کی بات کرنے والا کان کھول کر سن لے، جب یہ وزیر اعظم رہا تو ایک بھی میٹنگ میں نہیں گیا، جب فرانزک لیب کی ضرورت ہوتی ہے تو شہباز شریف کی بنائی لیب میں آتے ہیں، نواز شریف کو حکومت جانے کا دکھ نہیں ان کو دکھ اس بات کا ہے کامیابیوں کو 5 کے ٹولے نے گنوادیا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاناما جیسا ڈرامہ لیکرآئے، گزشتہ 4 سال میں دودھ اور شہد کی نہریں کیوں نہ بہائیں، گھر کی مرمت کر رہے ہیں انشاء اللہ سجانے کا وقت بھی آئے گا، نواز شریف کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے، جو کارکن سوشل میڈیا پر نہیں فوری اپنے اکاؤنٹس بنا کر پارٹی اور ملک کی جنگ لڑیں، نوجوان اور خواتین کو ہر اول دستہ بنانا چاہتی ہوں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو میرا پیغام دیں (ن) لیگ کےعلاوہ کوئی اور ترقی نہیں دے سکتا، ملک کو تقسیم کرنے والا دوست نہیں پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے، ہم دلوں کو توڑنے نہیں جوڑیں گے، کارکن ممبر سازی کو بڑھائیں اور سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ بنیں، سب سوشل میڈیا پر نواز شریف، شہباز شریف کی آواز بنیں۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ای سی پی کے فیصلے کیخلاف اپیل؛ عدالت کل فیصلہ سنائی گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر کل محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کا 3 رکنی لارجر بینچ 2 فروری (بروز جمعرات) کو فیصلہ سنائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے 11 جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
لارجر بینچ میں چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ہے۔ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اگست 2022 میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کو ممنوعہ قرار دیا تھا اور الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کی فلسطینی صدر سے ملاقات

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل اور فلسطین کے دورے پر پہنچے ہیں جہاں ملکی قیادت سے ملاقات کی اور خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے میں حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ جنوری میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں 35 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جب کہ 10 کے قریب اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے۔
خطے میں تشدد اور تناؤ میں اضافے پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پہلے اسرائیل پہنچے اور وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فریقین سے پُرسکون رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر دو ریاستی حل پر بھی زور دیا۔
بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل سے فلسطین پہنچے اور صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر اتفاق کیا۔
فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا کہ یہودی آبادکاروں کی توسیع، چوکیوں کو قانونی حیثیت دینا، فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اور بے دخلی، مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت میں رکاوٹیں ڈالنے اور تشدد پر کے لیے اکسانے پر اسرائیل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل اور مغربی کنارے میں تناؤ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل پر غور کیا جانا چاہیے۔
سعودی عرب نے امریکی وزیر خارجہ کے دو ریاستی حل کو امن کی کنجی قرار دینے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کا بھی مؤقف یہی ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کو دو الگ الگ اور آزاد ریاستیں تسلیم کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں استحکام ممکن نہیں۔

یورپی حکومتیں قرآن کی بے حرمتی کے واقعات کا سدباب کریں؛ سعودی عرب

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے سویڈن میں قرآنِ پاک کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے یورپی ممالک سے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والی سرگرمیوں کے سدباب کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسا مکروہ عمل ناقابل قبول ہے۔
کابینہ اجلاس کے اعلامیے میں سعودی عرب کے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہیں۔
اعلامیے میں یورپی ممالک کی حکومتوں پر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والی سرگرمیوں کا سدباب کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل آزاری ہوتی ہے اور مسلم امہ میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سویڈن میں دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت کے رہنما نے دو بار قرآن پاک کو جلانے کی جسارت کی ہے۔