اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جب تک تاجر برادری معاشی نظام کا حصہ نہیں بنتی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
بزنس رول ماڈل ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جب تک سیاسی استحکام نہ ہو معاشی استحکام نہیں آ سکتا، جن ملکوں نے ترقی کی وہاں پہلے سیاسی استحکام آیا، گزشتہ روز اپوزیشن کے وفد کو بھی کہا کہ بات چیت کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو بات چیت کی دعوت دیتا ہوں، سیاستدان ایک دوسرے کی عزت کر کے رول ماڈل بنیں، موجودہ حالات میں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، امید ہے چند دنوں میں ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہو جائے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر ملک کے تمام چیمبرز میں سے خوبصورت ہے، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ مل بیٹھ کر تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کروں گا، بزنس کمیونٹی کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں ہو سکتا، معاشی نظام پر بزنس مینوں کی گہری نظر ہوتی ہے۔
Monthly Archives: February 2023
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر مریم کی ٹوئٹ
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے پیٹرول کی قیمت میں کمی پر ٹوئٹ کی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کمی کی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر مریم نواز نے ٹوئٹ کی اور عوام کیلئے اچھی خبر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ’ شکریہ ڈار صاحب، عوام کیلئے اچھی خبر‘۔
پنجاب میں 8 افسروں کے تقرر و تبادلے، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے 8 افسروں کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے، جن کا سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری انرجی عمران منیر کو تبدیل کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) ساہیوال تعینات کر دیا گیا، ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) گجرات شاہد یعقوب کو تبدیل کر کے افسر بکار تعینات کر دیا، حافظ عرفان حمید کو ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) گوجرانوالہ لگا دیا گیا، محمد شاہد کو ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) ملتان تعینات کر دیا گیا۔
حافظ عبد المنان بیگ کو ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) سرگودھا لگا دیا، سید ایوب بخاری کو ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) ڈیرہ غازی خان تعینات کر دیا، عبد الرزاق علی ڈوگر ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) گوجرانوالہ کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بنا دیا، غلام عباس کو ڈپٹی ڈائریکٹر (خوراک) راولپنڈی تعینات کر دیا گیا۔
جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ عدالتی نظام یرغمال بنانے کی سازش ہے، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ عدالتی نظام کو یرغمال بنانے، مرضی کے فیصلے کرانے کی سازش ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ آج ایک شخص نے مسلح گروہ کے ساتھ عدالتی نظام کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، یہ وہی شخص ہے جس کے پاس نہ تو فارن فنڈنگ کا جواب ہے اور نہ ہی توشہ خانہ سے اربوں روپے کی چوری کا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، ملوث افراد کی سی سی ٹی وی کے ذریعے شناخت کی جا رہی ہے اور عمران خان سمیت سب کو گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایسا کرنے کی ترغیب اس کو دی جانے والی سپیشل ٹریٹمنٹ کا نتیجہ ہے، معزز عدلیہ کو ان قانون شکنوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہیے، یہ عدلیہ کی عزت و تکریم کا معاملہ ہے اس میں کسی صورت نرمی نہ برتی جائے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قانون کا احترام نہ کرنے، غنڈہ گردی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں پر پولیس کا تشدد قابل افسوس اور ناقابل قبول ہے، انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو واقعہ کی تحقیقات کرنے اور ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے روکنا اور ان کی راہ میں حائل ہونا جمہوریت کی راہ میں حائل ہونے کے مترادف ہے، جمہوری آزادیوں کا تصور صحافی برادری کے فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں ، اسے ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
پیٹرول 5 روپے سستا، ڈیزل کی قیمت برقرار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول 5 روپے سستا جب کہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول 5 روپے فی لیٹر کم کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 267 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، ڈیزل کی قیمت 280 روپے فی لیٹر پر برقرار رہے گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہو گا۔
رواں مالی سال: مالیاتی خسارہ میں اضافہ، برآمدات، درآمدات، سرمایہ کاری میں کمی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ نے رواں مالی سال جولائی سے جنوری معاشی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق مالیاتی خسارہ میں اضافہ، برآمدات، درآمدات اور سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری ترسیلات زر 11 فیصد کم ہو کر 16 ارب ڈالر رہیں، جولائی سے دسمبر سرکاری اخراجات میں 19.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی سے دسمبر وفاق کے اخراجات 6382 ارب روپے تک جا پہنچے۔
جولائی سے جنوری قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں 77 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، جولائی سے جنوری مہنگائی کی شرح 25.4 فیصد ریکارڈ کی گئی، جولائی سے جنوری تک سرمایہ کاری 44 فیصد کمی کے ساتھ 68 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبر ٹیکس آمدن میں 18.8 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے جنوری برآمدات 7.4 فیصد کم ہوکر 16.4 ارب ڈالر رہیں، جولائی سے جنوری درآمدات 20.9 فیصد کم ہو کر 33.5 ارب ڈالر رہیں۔
این ڈی ایم اے کی ترکیہ و شام زلزلہ متاثرین کیلئے ایک ہزار ٹن پر مشتمل امدادی کھیپ روانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی کھیپ روانہ کر دی۔
ایک ہزار ٹن پرمشتمل امدادی سامان کراچی سے پاک نیوی کے بحری جہاز نصر کے ذریعے بھیجا گیا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری، ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو اور کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل فیصل عباسی نے امدادی سامان روانہ کیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی کھیپ میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اسی طرح شام کے متاثرین کیلئے امدادی سامان میں جنریٹر، خشک راشن، ادویات اور کپڑے شامل ہیں، ہزار ٹن امدادی سامان لے کر روانہ ہونے والا بحری جہاز 14 دنوں میں منزل پر پہنچے گا۔
شام میں پاکستانی سفارتخانے کا زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کا عطیہ
دمشق: (ویب ڈیسک) شام میں پاکستانی سفارت خانے نے دمشق کے پاکستان انٹرنیشنل سکول کے تعاون سے شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان کا ٹرک عطیہ کیا ہے۔
امدادی سامان کے ساتھ 20 ملین شامی پاؤنڈز کا چیک بھی صوبہ حما کے گورنر کو پیش کیا گیا، طلبہ نے پاکستانی سفیر کے ہمراہ زلزلہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں سامان تقسیم کیا۔
طلبہ نے تمام سامان ٹرک پر خود لوڈ کیا اور اتارا،حما کی انتظامیہ نے اس اقدام کو بے حد سراہا اور اپنے شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
میڈیا کی ایک بڑی تعداد نے اپنی نوعیت کی اس منفرد تقریب کی کوریج کی۔
از خود نوٹس کیس، سپریم کورٹ نے ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بارے از خود نوٹس کیس کے معاملے پر سپریم کورٹ نے ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا۔
روسٹر کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال کل کسی مقدمےکی سماعت نہیں کریں گے، از خود نوٹس کے بینچ کے دیگر ججز بھی دن 11 بجے تک کسی کیس کی سماعت نہیں کریں گے۔
جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال مندوخیل ساڑھے 11 بجے کے بعد کیسز کی سماعت کریں گے، جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بھی کل کسی کیس کی سماعت نہیں کریں گے۔
روسٹر کے مطابق جسٹس سردارطارق کی سربراہی میں بینچ کل کمرہ عدالت نمبر 1 میں سماعت کرے گا۔
اسحاق ڈار کی امریکی نائب وزیر خزانہ سے ورچوئلی ملاقات، آئی ایم ایف مذاکرات سے آگاہ کیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکا کے نائب وزیر خزانہ سے ورچوئلی ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات کومزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ورچوئلی ملاقات کے دوران امریکی نائب وزیر خزانہ نے اقتصادی ترقی کیلئے تعاون بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے معاشی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی معیشت کو استحکام اور ترقی کی طرف لے جانے پر پوری توجہ ہے، وزیر خزانہ نے نویں اقتصادی جائزے پرآئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے بھی آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بطور وزیر خزانہ ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا، حکومت موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس دوران وزیر خزانہ نے تجارتی، اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ امریکی نائب وزیر خزانہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات برقرار رکھنے پر زور دیا۔
گیٹ توڑیں تحریک انصاف کے فسادی اور ڈنڈے کھائیں بے گناہ صحافی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت کے باہر صحافیوں سے پولیس کی بدسلوکی کی شدید مذمت کرتی ہوں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور پولیس کا صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے جس پر صحافیوں سے معذرت کرتی ہوں، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے معاملے پر بات کی ہے، ان سے درخواست کی ہے کہ صحافیوں سے ہونے والے واقعے پر کارروائی کریں کہ پولیس تماشائی کیوں بنی رہی؟، حملہ آوروں کے ہاتھ روکنے کے بجائے میڈیا کو نشانہ بنانے والوں کا تعین کیا جائے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ گیٹ توڑیں پی ٹی آئی کے فسادی اور ڈنڈے کھائیں بے گناہ صحافی، یہ نہیں چلے گا، پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دینے والے صحافیوں پر تشدد قابل افسوس اور ناقابل قبول ہے، صحافی ہر طرح کے سخت اور مشکل حالات میں عوام کو آگاہ کرنے کیلئے قابل قدر کام کرتے ہیں، صحافیوں کا احترام اور انہیں فرائض کی انجام دہی میں سہولت فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔
کاغذ سے بنے جہاز کی سب سے لمبی پرواز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم
کراؤن پوائنٹ: (ویب ڈیسک) امریکا کی ریاست انڈیانا کے شہر کراؤن پوائنٹ میں کاغذ سے بنے جہاز کی سب سے لمبی پرواز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔
گیریٹ جینسن، نیتھن ایرکسن اور ڈلن روبل نامی انجینئرز نے 2 دسمبر 2022 کو کاغذ کا ایسا جہاز بنانے کا فیصلہ کیا جو طویل ترین پرواز کر سکے، انجینئر دوستوں کے بنائے کاغذی جہاز نے 88.31 میٹر طویل مسافت طے کر کے سب سے زیادہ وقت تک پرواز کا نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق کاغذی ہوائی جہاز کی 289 فٹ 9 انچ طویل پرواز ہوئی۔
کاغذ کا جہاز بنانے والے ڈلن روبل اور گیریٹ جینسن کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی کاغذ کے طیارے بنانے کا شوق تھا، انہوں نے مختلف ڈیزائن کے ہوائی جہاز بنانے کی کوشش کی جو آواز کی رفتار سے 5 گنا زیادہ تیز اُڑ سکتے تھے
کافی تحقیق کے بعد وہ اے 4 کاغذ سے 20 منٹ میں ایک چھوٹا طیارہ بنانے میں کامیاب ہوئے جس کا نام انہوں نے مارچ 5 رکھا۔
جینسن نے کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے ہم نے کاغذ کے وزن کو یقینی بنایا تھا کہ جتنا وزن میں بھاری ہو گا اتنی ہی دور تک جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آخر کار ہمارے کاغذی جہاز نے 88.31 میٹر دور تک پرواز کر کے 77 میٹر پرواز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کا معاہدہ
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو “سسٹر سٹیٹ” قرار دینے کا معاہدہ طے پا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے کیلیفورنیا قانون ساز اسمبلی کی Appropriations کمیٹی کے سربراہ کرس آر ہولڈن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور پولیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کا سسٹر صوبے کا معاہدہ خوش آئند ہے، معاہدے کے تحت پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعاون کے لئے تیزی سے عملی اقدامات کریں گے، پنجاب حکومت معاہدے کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے علیحدہ فوکل پرسن اور سیل قائم کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کیلیفورنیا کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کر کے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور پولیسنگ نظام میں بہتری لائیں گے، دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے آئندہ چند روز میں تجاویز کو حتمی شکل دیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پنجاب کے عوام کو اس معاہدے سے حقیقی فائدہ پہنچے، ہم درست سمت میں فوری اقدامات کر کے معاہدے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے سے پنجاب اور کیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر کرس آر ہولڈن نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان معاہدہ ایک اچھی شروعات ہے، کیلیفورنیا کی ریاست پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہر ممکن تعاون کرے گی، پنجاب حکومت کو زرعی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی دیں گے۔