حنا ربانی کھر نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی کارکردگی رپورٹ پیش کی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
حنا ربانی کھر نے 2017 سے اب تک پاکستان میں بنیادی حقوق کے تحفظ کے اقدامات کو اجاگر کیا، انہوں نے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور پیش رفت پر پاکستان کے اقدامات کا ذکر کیا۔
ترجمان اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کر دیا، اقوام متحدہ یو پی آر 42 میں وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر حنا ربانی کھر نے بتایا کہ یو این ہیومن رائٹس کونسل پاکستان نےاقلیتوں کے مذہبی مقامات اور ترقی کیلئے اقلیتی ویلفیئر فنڈ قائم کیا ہے، کسی بھی 18 برس سے کم عمر فرد کی شادی اب ناممکن ہے۔

عمران خان کا بنی گالہ منتقل ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے بنی گالہ منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان آئندہ چند روز میں بنی گالہ منتقل ہونگے۔ عمران خان کی اسلام آباد میں بنی گالہ رہائشگاہ کی سیکیورٹی بڑھانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کے لیے دو خصوصی بلٹ پروف کمرے تیار کرلیے گیے ہیں۔ کمروں کی کھڑکیوں کو بلٹ پروف شیشوں سے تبدیل کردیا ہے، جبکہ نجی سیکیورٹی کمپنی کی مزید نفری بھی عمران خان کی رہائشگاہ پر تعینات کی جائے گی۔
عمران خان کی ٹانگ کا زخم مکمل طور پر ٹھیک ہونے میں مزید چند روز درکار ہیں۔ ٹانگ ٹھیک ہوتے ہی عمران خان زمان پارک لاہور سے بنی گالہ اسلام آباد منتقل ہو جائیں گے۔

دہشت گرد پہلے سے زیادہ منظم ہو چکے، اسفند یار ولی خان

پشاور: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے پشاور پولیس لائنز دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد کے اندر بے گناہ نمازیوں کو شہید کرنے والے انسان کہلانے کی لائق نہیں ہیں۔
انہوں نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پولیس لائنز جیسی جگہ تک خودکش حملہ آور کا پہنچنا بھی سوالیہ نشان ہے۔
اسفند یارولی خان نے کہا کہ 40 سال سے جاری دہشت گردی میں وقفہ آیا لیکن غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گرد پہلے سے زیادہ منظم ہوچکے ہیں۔
اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس ہمارا فخر ہے۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔

یوٹیوبر شام ادریس اور فروگی نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد کینیڈین سوشل میڈیا انفلوئنزر اور یوٹیوبر شام ادریس نے اپنی اہلیہ سحر المعروف فروگی سے علیٰحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
انسٹاگرام پر سٹوری لگاتے ہوئے معروف یوٹیوبر شام ادریس نے شادی کے 4 سال بعد اہلیہ سحر سے علیحدگی کی خبر شیئر کی ہے،انہوں نے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ “میں اور فروگی کچھ وقت کے لئے ایک دوسرے سے علیٰحدگی اختیار کر رہے ہیں۔
یوٹیوبر نے نجی معاملات پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ “براہ مہربانی مجھے فروگی اور ان کی بہن رابیل سمیت کسی بھی اہل خانہ کو مسئلہ میں شامل نہ کریں”۔
انہوں نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ” اس مشکل وقت میں ہماری پرائیویسی کا خیال رکھیں”۔ دونوں یوٹیوب شخصیات کے وی لاگز نوجوانوں میں بے حد مقبول ہیں۔
یاد رہے کہ معروف یوٹیوبر شام ادریس اور فروگی کی شادی نومبر 2018 میں ہوئی ،شام اور فروگی کی2 بیٹیاں ہیں، فروگی کافی عرصے سے وی لاگز نہیں بنا رہی جبکہ شام نے ایک ماہ قبل ہی اپنی اورفروگی کی شادی کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر ایک وی لاگ بھی شیئر کیاتھا ۔

شائقین کے لیے بڑی خبر، پی ایس ایل نمائشی میچ کا ٹکٹ صرف 20 روپے میں

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) 5 فروری کو پی ایس ایل8 کے کوئٹہ میں ہونیوالے نمائشی میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا گیا، جس کی قیمت صرف 20 روپے رکھی گئی۔
بگٹی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں عوام کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ٹکٹ کی قیمت محض 20 روپے رکھی گئی ہے، یہ ٹکٹ کوئٹہ کے چار مختلف مقامات پر فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں جن میں بولان کرکٹ سٹیڈیم اور بگٹی کرکٹ سٹیڈیم بھی شامل ہیں۔
پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے اس نمائشی میچ میں ملک کے نامور کرکٹرز شرکت کریں گے جن میں شاہد آفریدی بھی شامل ہیں۔
تاہم قومی کپتان بابراعظم، سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، محمد نواز، نسیم شاہ، افتخار احمد، محمد حسنین اور عمر اکمل جیسے کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر پشاور پہنچ گئے، انہوں نے ہسپتال جا کر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
پشاور پولیس لائنز میں مبینہ خودکش حملہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر پشاور پہنچے جہاں انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور پشاور پولیس لائنز کے زخمیوں کی عیادت کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے بتایا کہ وزیراعظم نے واقعے پر ہنگامی اجلاس اور تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو طلب کیا۔
مریم اورنگ زیب کے مطابق امن و امان سے متعلق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ کے محرکات پر غور کیا گیا، اجلاس میں واقعے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز دھماکے پر ہنگامی اجلاس میں کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو پولیس لائنز میں خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی، شرکاء نے پولیس لائنز حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

چودھری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا معاملہ، الیکشن کمیشن محفوظ فیصلہ کل سنائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چودھری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن محفوظ شدہ فیصلہ کل سنائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت بھی کل ہو گی، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاز لسٹ جاری کر دی۔

قصور: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے وکیل قتل

قصور: (ویب ڈیسک) موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے وکیل کو قتل کردیا۔
قتل ہونیوالے وکیل کی شناخت اسلم جوئیہ کے نام سے ہوئی جو دفتر سے اپنی گاڑی پر گھر جارہا تھا، نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
افسوسناک واقعہ تھانہ صدر کی حدود میں پریس کلب روڈ پر پیش آیا، پولیس اور ریسکیو ٹیم اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی، نعش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔

آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں اتحاد

مظفر آباد: (کوہ نورنیوز) آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اتحاد کر لیا جس کیلئے دونوں پارٹیوں کے درمیان معاہدہ بھی طے پا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سابق وزراء بیرسٹر افتخار گیلانی، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے جاوید ایوب اور بازل نقوی نے معاہدے پر دستخط کئے، مجوزہ معاہدہ چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین، میئر، ڈپٹی میئر اور لیبر کونسلر کے امیدواروں کیلئے کیا گیا ہے۔
معاہدے کے مطابق مظفر آباد میں چیئرمین ضلع کونسل کیلئے پیپلز پارٹی کا امیدوار ہوگا جبکہ وائس چیئرمین مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، پیپلز پارٹی حمایت کرے گی، ڈسٹرکٹ مظفر آباد میں کسان کونسلر پیپلز پارٹی کا ہوگا۔
معاہدے کے مطابق میونسپل کارپوریشن کیلئے میئر مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، پیپلز پارٹی ڈپٹی میئر کیلئے امیدوار دے گی، لیبر کونسلر کیلئے مسلم لیگ (ن) اپنا امید وار نامزد کرے گی۔

خودکش حملہ آورکیسے پولیس لائنز میں داخل ہوگیا؟ وزیراعظم آئی جی کے پی پر برہم

پشاور:(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکے پر آئی جی خیبر پختونخوا (کے پی) پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہےکہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 44 ہوگئی ہےجب کہ 157 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
دھماکےکے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر پشاور پہنچے، انہوں نے لیڈی ریڈنگ اسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز مسجد میں دھماکے پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری سے استفسار کیا کہ خود کش حملہ آور کیسے پولیس لائنز میں داخل ہوگیا ؟ پولیس لائنز میں داخلےکا ایک ہی گیٹ ہے، حملہ آور کہاں سے آیا؟
آئی جی معظم جاہ انصاری نے بتایا کہ پولیس لائنز میں فیملی کوارٹرز بھی ہیں،کیا پتہ حملہ آورکہاں سے آیا اورکیسے داخل ہوگیا؟ ہوسکتا ہےکہ حملہ آور پہلے سے ہی اندر ہی رہ رہا ہو ، تحقیقات کر رہے ہیں کہ واقعہ کیسے پیش آیا اور حملہ آور کیسے داخل ہوا؟

اوکاڑہ قصور روڈ پر حادثہ میں 3 بچے جاں بحق، نوجوان شدید زخمی

لاہور: (ویب ڈیسک) اوکاڑہ قصور روڈ پر حادثہ میں 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ کوسٹر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کےباعث ہوا، حادثہ کے فوری بعد کوسٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

بلاول بھٹو زرداری کی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات

ماسکو: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری کی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے تعمیری بات چیت ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تعلیم، معیشت، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے اقدامات پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چین میں زلزلہ، شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے زنجیانگ ریجن کی کاؤنتی شایا میں زلزلے کے شیدید جھٹکے محسوس کیے گئے،تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
مقامی زلزلہ پیما مرکز (سی ای این سی) کےمطابق زلزلے کے جھٹکے صبح7بج کر 49 منٹ پر صوبہ اکسو کی شایا کائونٹی میں محسوس کیے گئے جس کا مرکز 50کلومیٹر زیر زمین تھا۔