سیکرٹری خارجہ اسد مجید سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیکرٹری خارجہ اسد مجید سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسد مجید اور تھامس ویسٹ کی ملاقات میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

شام میں خوراک کی کمی ریکارڈ شرح پر پہنچ چکی:اقوام متحدہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ شام میں خوراک کی کمی ریکارڈ شرح پر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایف پی نے اپنے بیان میں کہا کہ شام میں جاری تنازعے نے29 لاکھ افراد کو خوراک کی کمی کے باعث بھوک سے مرنے کے سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں بھوک میں اضافے کی شرح 12 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور یہاں موجود تقریباً 12 ملین افراد یہ نہیں جانتے کہ ان کے لیے آئندہ خوراک کا انتظام کہاں سے اور کیسے ہو گا۔
ڈبلیو ایف پی نےکہا ہے کہ گزشتہ 3 سال میں ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں تقریباً 12 گنا اضافہ ہوا ہے جس کے باعث شام اب دنیا میں خوراک کے عدم تحفظ کے شکار افراد کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔
یو این کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ بیسلی نے گزشتہ ہفتے شام کے دورے کے دوران کہا کہ اگر عالمی برادری شام کے عوام کی مدد کے لیے کوئی مثبت ا قدام نہیں اٹھاتی تو اسے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی ایک اور لہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری اور عطیہ دہندگان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام میں آنے والے دنوں میں مزید مسائل کو روکنے کے لیے کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے کے تخمینے کے مطابق شام میں 18 ملین افراد میں سے 90 فیصد غربت کی زندگی گزار رہے ہیں،شام کی معیشت متاثر ہونے میں تنازعات کے علاوہ خشک سالی، ہیضہ اور کووڈ۔19 کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملک لبنان میں مالیاتی بحران بھی شامل ہے۔

پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے: روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے یوکرین کے تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو اس کے معاشی اثرات کا سامنا ہے۔
وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے اور ایسی کوئی رکاوٹیں نہیں ہیں جن پر سفارتکاری کامیاب نہ ہوسکے، روس کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں مثبت بات چیت ہوئی ہے، پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات دوطرفہ اور علاقائی استحکام کیلئے اہم ہیں، پاکستان روس تعلقات دیرینہ اور دہائیوں پر مشتمل ہیں، پاکستان روسی فیڈریشن کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطے جاری رکھے گا، روسی ہم منصب کے ساتھ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور کے تمام پہلوؤں کو شامل کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور پاکستان روس کے ساتھ تجارت، سلامتی، دفاع، انسداد دہشت گردی، تعلیم اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، ملاقات کے دوران اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیر الجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہ پاکستان اور روس کے درمیان افغانستان پر بہتر تعاون ہے اور جنگ سے متاثرہ ملک میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف حاصل کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی موجودہ حکومت ملک کی توانائی کی ضروریات سے نمٹنے کیلئے بھی پرعزم ہے، ہم روس، امریکہ اور یورپ کے ساتھ اپنے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے پشاور کی مسجد میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی تعاون ضروری ہے، پاکستان کے ساتھ مشترکہ مشقوں اور فوجی تربیت سمیت باقاعدہ فوجی رابطے کر رہے ہیں، خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کا براہ راست تعلق افغانستان سے ہے، اس مقصد کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم بالخصوص افغانستان سے متعلق اس کے رابطہ گروپ کی صلاحیتوں کو استعمال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سرگئی لاروف نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران انسانی، ثقافتی اور تعلیمی روابط استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اور روس اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے، غیر جانبدارانہ پوزیشن کے حوالے سے پاکستان کا موقف قابل تحسین ہے، پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔

ڈائریکٹرز پی ٹی سی ایل کی بہترین کارکردگی کیلئے کردار ادا کریں، اسحاق ڈار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ٹیلی کمیونیکیشن شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے بورڈ میں حکومت کے نامزد ڈائریکٹرز کو پی ٹی سی ایل کی بہترین کارکردگی کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری نجکاری اور سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹیلی کام سیکٹر بالعموم اور پی ٹی سی ایل کے بارے میں بالخصوص تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے اس شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی سی ایل کے بورڈ میں حکومت کے نامزد ڈائریکٹرز کو پی ٹی سی ایل کی بہترین کارکردگی کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

سینیٹ اجلاس، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف حکومتی ارکان بھی تلملا اٹھے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ اجلاس میں آٹے کی قیمتوں کی گونج سنائی دیتی رہی جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد ایوان میں احتجاجاً پشاور سے روٹی ساتھ لے آئے۔
سینیٹ کے اجلاس میں خطاب کے دوران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پشاورمیں ایک روٹی 20 روپے کی مل رہی ہے، خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت پنجاب اور سندھ سے زیادہ ہے، آٹے کی ترسیل پر پابندی لگی ہوئی ہے، یہ خیبرپختونخوا کے ساتھ ظلم ہے۔
سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ صوبے میں آٹا کس نے چوری کیا، تفصیلات بتائی جائیں، لوگوں کو ذلت کے ساتھ مہنگا اور ناقص آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، جب ملک میں گندم موجود ہے تو قیمت کیوں بڑھ رہی ہے، موجودہ حکومت نے عوام کو ذخیرہ اندوزوں، دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ کی تعیناتی پر انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 86 سالہ شخص کو لگا دیا گیا، ایسا نگران وزیر اعلیٰ مسلط کیا جو اپنے آپ کو نہیں سنبھال سکتا، سکیورٹی کرائسز، فوڈ اور فنانشل کرائسز والا صوبہ ایسے نگران وزیر اعلیٰ کے حوالے کیا گیا ہے۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اپنی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی دیکھیں کہاں پہنچ گئی، کیا ہمیں حکومتی بینچز پر بیٹھنا چاہئے، ہم کب تک عمران خان کو پیٹتے رہیں گے، ہمیں بھی 10 ماہ ہو گئے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ لوگ آٹے کی لائن میں مر رہے ہیں، پیٹرول کہاں پہنچ گیاہے، عوام آٹے کیلئے لائن میں کھڑے ہونے کے بجائے ہمارے گریبان پکڑتے، اس طرح ملک نہیں چل سکتا سارے کے سارے الزام عمران پر نہیں ڈال سکتے، اب نتائج دینے کا وقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے تو ہم صوبائی حکومت پر الزام لگاتے تھے؟، اب تو وہاں پر صوبائی حکومت نہیں ہے، کیا ہم لوگ آٹے کی جگہ سیمنٹ کھانا شروع کر دیں، حکومتی بنچز پر بیٹھے ہیں اس کے باوجود آٹا نہیں مل رہا۔
وفاقی وزیر خوراک طارق بشیر چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک تباہ حال ہے، مگر ہم مصیبت میں بھی سیاسی سکورنگ کرتے ہیں، معزز ممبر ایوان میں روٹی کے ساتھ آئے، ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، روس اور یوکرائن کی جنگ کے بعد انہوں نے ایکسپورٹ پر پابندی لگا دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ملک جہاں پہنچ گیا یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے، ہم پاکستان کو زرعی ملک کہتے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، میرا دل بہت دکھی ہے ہمارے لوگ آٹے کی لائن میں مر رہے ہیں، جس صوبے نے جتنا مانگا اتنا آٹا فراہم کیا۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہمارا دل بھی خون کے آنسو روتا ہے، اس میں ہمارا قصور ہوتا تو اعتراف کرتا، ہم نے صوبائی حکومتوں کو بھی لکھا ہے، کوئی شک نہیں ہے کہ ملک میں مافیاز ہیں، ایک حکومت بتا دیں جس نے کسان پیکیج نہیں دیا؟ عوام کو آٹے کی فراہمی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی: (ویب ڈیسک) پشاور کی پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ڈی جی نے اس ضمن میں تمام سیکٹر کمانڈرز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
ترجمان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ رینجرز کی جانب سے پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
شہر قائد کی مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کی گئی ہے جب کہ رینجرز کو پولیس کے ساتھ مل کر مشتبہ علاقوں کی مشترکہ کومبنگ آپریشن کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز نے عوام الناس سے کہا ہے کہ کسی بھی مشتبہ شخص کی اطلاع فوری طور پر رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 پر دیں۔

بابر اعظم ٹاپ پلیئر، کپتانی کے لیے کوئی دوسری چوائس نہیں: یونس خان

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نےکہا ہےکہ کپتانی کے لیے بابر اعظم کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نے میڈیا سےگفتگو کہا کہ بابراعظم دو سالوں سے ٹاپ پلیئر ہے، ان کا موازنہ کسی سے نہیں کیا جاسکتا۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے بابر کے علاوہ کوئی چوائس نہیں، انڈیا اور پاکستان کی سیریز ہونی چاہیے، دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سےکھلاڑی بنتے ہیں اور ان کا گریڈ بڑھتا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف اچھی اننگز سے ویرات کوہلی کی گریڈنگ اوپر ہوئی، کرکٹ کی پروموشن کے لیے دونوں ممالک کو بیٹھ کر بات کرنا چاہیے۔
یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پاکستان کرکٹ بورڈ کا زبردست فیصلہ ہے، اس سے کھلاڑیوں کے لیے روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔

پشاور مسجد خودکش دھماکا : شہادتوں پر شوبز ستارے بھی سوگوار

کراچی: (ویب ڈیسک) پشاور میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے اور متعدد شہادتوں پر شوبز ستاروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے ٹویٹر پر لکھا کہ پشاور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کیلئے دعاگو ہوں، ایک عبادت گاہ میں حملہ ناقابل بیان جرم ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کو مخاطب کرکے لکھا ’خدا کے واسطے معصوم لوگوں کو بخش دو، وہ امن کے ساتھ نماز ادا کررہے تھے، دہشت گردوں کا نہ کوئی ضمیر ہے اور نہ ہی مذہب‘۔
فیصل قریشی نے پوسٹ لکھی کہ اللہ سب کو اپنی امان میں رکھے اور جو ظلم کرتے ہیں بیشک ان کیلئے سخت سزا ہے۔
احمد علی بٹ نے جہاں بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا وہیں انہوں نے اپنے مداحوں کو خبردار کردیا کہ ہم پرانے خوفناک پاکستان میں آگئے ہیں۔
صبا قمر نے بھی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج اور افسوس ظاہر کرتے ہوئے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔
ارسلان نصیر نے ایک زخمی دل کے ایموجی اور پشاور دھماکے کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی تشویش ظاہر کی۔

کامران اکمل جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر، سہیل تنویر اور جنید بھی شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈسٹرکٹ اور ریجنل جونیئر ٹیموں کے انتخاب کیلئے 8 رکنی سلیکشن کمیٹی بنادی۔
کامران اکمل کو اس جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی انڈر 13، انڈر 16 اور انڈر 19 پلیئرز کا انتخاب کرے گی۔
کھلاڑیوں کا انتخاب ریجنل اور ڈسٹرکٹ ٹیموں کیلئے ہوگا۔ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان میں سہیل تنویر، عامر نذیر، فیصل اطہر، قیصر عباس، تیمور خان اور جنید خان بھی شامل ہیں۔

پنجاب میں نگران حکومت کی جانب سے ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے صوبے میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی۔
سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن احمد رضا سرور کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب لگا دیا، سیکرٹری کوآپریٹیو فواد ہاشم ربانی کو بھی تبدیل کر کے سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی تعینات کر دیا گیا۔
نبیل جاوید کو سیکرٹری لیبر سے تبدیل کر کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب تعینات لگا دیا، سیکرٹری سکولز وقاص محمود کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، محمد احسن وحید سیکرٹری پبلک پراسیکیوشنز تعینات کر دیئے، سیکرٹری اوقاف میاں ابرار امجد کا تبادلہ کر دیا گیا، اسد اللہ فیض کو سیکرٹری لیبر تعینات کر دیا۔
عثمان انور سیکرٹری آرکائیو پنجاب، ظفر اقبال سیکرٹری ہائوسنگ، ارشاد احمد سیکرٹری بلدیات، علی جان سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، ڈاکٹر نعیم رؤف سیکرٹری انرجی، واصف خورشید کو چئیرمین سیکرٹری زراعت تعینات کر دیا گیا، ڈاکٹر سہیل انور سیکرٹری پی اینڈ ڈی کو چئیرمین کا اضافی چارج دے دیا۔
مدثر وحید ملک سیکرٹری فاریسٹ، احسان بھٹہ سیکرٹری ٹورازم، احمد عزیز تارڑ سیکرٹری ہیومن رائٹس، مسعود مختار سیکرٹری ایکسائز، مریم خان سیکرٹری آئی اینڈ سی، زمان وٹو سیکرٹری خوراک، مسرت جبیں کوآپریٹیوز پنجاب تعینات کر دیا گیا، نادر چھٹہ اور ملک بھلہ کو او ایس ڈی بنا دیا جبکہ کمشنر سوشل سیکیورٹی امبرین ساجد اور ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری کو ہٹا دیا گیا۔
روبینہ اشرف ڈی جی پی آر، ظہور حسین سیکرٹری سوشل ویلفیئر، عائشہ حمید ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو، کوثر خان کمشنر سوشل سکیورٹی، اشفاق احمد رجسٹرار کوآپریٹیو، فیصل فرید سیکرٹری سکولز، عامر کریم سیکرٹری کوآرڈینیشن ٹو وزیر اعلیٰ، ڈاکٹر فرخ نوید سیکرٹری عملدرآمد ٹو وزیر اعلیٰ اور رفاقت علی سپیشل سیکرٹری فنانس تعینات کر دیئے گئے۔

تیل کی قیمتیں بڑھانا حکومت کیلئے ایک کڑوا گھونٹ ہے: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتیں بڑھانا حکومت کیلئے ایک کڑوا گھونٹ ہے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پشاور دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، 4 دہائیوں سے دہشتگردی کی جڑیں پاکستان میں ہیں، اپوزیشن والے بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا تقریروں سے ملک نہیں تبدیل ہوگا، آج کی بربادی گزشتہ 4 سال حکومت کا نتیجہ ہے، ہاتھ باندھ کر اپیل کرتا ہوں عوام پس رہی ہیں، جلسوں میں نظمیں سنانے کے بجائے پارلیمان میں بات کریں، خدا کیلئے ریاست پر رحم کریں۔
انہوں نے کہا اپوزیشن لیڈر نے تجویز کوئی نہیں دی، آج پونے 4 سال کی ناکامیوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں، آپ حکومت سے نکالے جا چکے باقی اپنی اسمبلیاں آپ نے خود توڑیں، مہنگائی کے طوفان پر ہمارا دل بھی دکھتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان واپس یو اے ای روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان واپس یو اے ای روانہ ہو گئے، انہوں نے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد آنا تھا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اماراتی صدر بہاولپور میں شدید بارش اور موسم کی صورتحال کے باعث اسلام آباد نہیں آسکے، وہ صبح ساڑھے 7 بجے سے ٹیک آف کے منتظر تھے، موسم کی خرابی کی وجہ سے سکیورٹی نے انہیں پرواز کی اجازت نہیں دی۔
رحیم یار خان سے اسلام آباد کی جانب بہاولپور کے اوپر موسم انتہائی خراب تھا جس کی وجہ سے اماراتی صدر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات نہ کر سکے، سفارتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کا دورہ ری شیڈول ہونے کا امکان ہے۔

حکومت نے گیس کی قیمت بڑھانے کا بھی عندیہ دیا ہے: ڈاکٹر شہزاد وسیم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ حکومت نے یک مشت 35 روپے پٹرول کی قیمت بڑھا دی۔
سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ اسی جگہ وزیر موصوف نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا بھی عندیہ دیا ہے، یہ کوئی انہونی نہیں بلکہ حکومت کی نااہلی ہے۔
شہزاد وسیم کی تقریر کے دوران بہرہ مند تنگی نے لقمہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت زیادہ ہونے کے باوجود بھی ملک میں کم رکھیں۔
جس پر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ فواد چودھری کے اوپر تو کپڑا ڈال سکتے ہیں مگر اس ایوان میں ہم پر نہیں ڈال سکتے، یہ آئین کی کتاب بند کر رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مزید کہا گورنر کے پی کہہ رہا ہے کہ مجھے ابھی الیکشن تاریخ دینے کا حکم نہیں آیا، اگر اس نظام کو چلنا ہے تو وہ آئین کے تحت ہی چل سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں غریب مر رہا ہے اور ادھر سونے کے تاج پہنائے جا رہے ہیں، پٹرول کی قیمت بڑھانے کے بعد کہتے ہیں کہ اب یہ زہر کا پیالہ پیتے رہنا ہوگا۔