پی ڈی ایم سرکار فیل، دو خاندانوں کی وجہ سے ملک ڈوب رہا ہے، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سرکار فیل ہو چکی، دو خاندانوں کی وجہ سے ملک ڈوب رہا ہے، کوئی بھی انہیں پیسے دینے کو تیار نہیں، اب تو سعودی عرب نےبھی انکار کر دیا۔
رول آف لا کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وکلا سےخطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف اس وقت قرضہ دے گا جب ان کی شرائط مانی جائیں گی، پاکستان میں سری لنکا جیسی صورتحال زیادہ دورہ نہیں، حالات کی بہتری کا واحد راستہ صاف اور شفاف الیکشن ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں اتنا بڑا کرائسزنہیں آیا جو آچکا ہے، پاکستان دلدل میں پھنسا ہوا ہے، وکلا پاکستان کواس دلدل سےنکال سکتے ہیں، ایک آدمی نے سازش کر کے رجیم چینج کا فیصلہ کیا، ایک آدمی کے فیصلے کی وجہ سے حکومت گرائی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ یہ حکومت فیل ہو چکی ہے، سعودی عرب نے بھی کہہ دیا ہے کہ اب پیسے نہیں دیں گے، انہوں نے 8 ماہ میں دنیا کے چکر لگا لیے ہیں، بلاول زرداری تو کبھی پاکستان میں ملتا ہی نہیں، ان کو کوئی بھی پیسے نہیں دے رہا، اب تو سعودی عرب نے بھی انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوخاندانوں کے 30 سالہ اقتدار کی وجہ سے بھارت، بنگلا دیش آگے نکل گئے، دو خاندانوں کی دولت میں اضافہ ہوا لیکن پاکستان ڈوب رہا ہے، آج دنیا کہہ رہی ہے پاکستان کے حالات سری لنکا جیسے ہونے لگے ہیں، کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا آج ایل سیز کھولنے کے لیے پیسے نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قرضوں کا ڈیفالٹ رسک خطرناک سطح تک پہنچ گیا ہے، آئی ایم ایف شرائط ماننے سے بجلی، گیس، ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا، ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، مسائل سےنکلنے کا ایک ہی راستہ رول آف لا ہے، ملک میں کمزور اور طاقت ور کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ کا حکم ہے اپنے نبیؐ کی زندگی سے سیکھو، مدینہ کی ریاست میں سب سے پہلے رول آف لا قائم کیا گیا تھا، ہمارے پیارے نبیؐ نے دنیا کی امامت کی تھی، پہلے انصاف ہوتا ہے پھر خوشحالی آتی ہے، نامور ڈاکوؤں پر اربوں روپے کے کیسز تھے انہیں سازش کے تحت اقتدار پر بٹھایا گیا، ان نامور ڈاکوؤں نے اپنے سارے کیسز معاف کرا لیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ایک ملک بتا دیں جس نے ملک لوٹا ہو اور اسے این آر او دیا گیا ہو، ہماری حکومت میں انڈسٹریز، زراعت گروتھ کر رہی تھی، ہمارے دورمیں معیشت 6 فیصد پر گروتھ کر رہی تھی، 30 سال معیشت کو تباہ کرنے والے آج معیشت کیسے ٹھیک کر سکتے ہیں؟ پاکستان میں رول آف لا کی اسٹرگل ہے، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانا ہو گا، جب تک لوگوں کو انصاف کے نظام پر اعتماد نہیں ہو گا تب تک خوشحالی نہیں آئے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ریکارڈ ایکسپورٹ ہو رہی تھی، ملک کو اس دلدل سے اوورسیز پاکستانی نکال سکتے ہیں، مسلم لیگ کے گزشتہ 5 برسوں میں ایکسپورٹ نہیں بڑھی تھی، قبضہ گروپس اوورسیز پاکستانیوں کے پلاٹس پر قبضہ کر لیتے ہیں وہ انویسٹمنٹ کیسے کریں گے؟ امریکا، یورپ، مڈل ایسٹ، سعودی عرب، دبئی میں کسی نے سنا ہے کہ وہاں قبضہ گروپ ہے؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سارے چور اوپر آکر بیٹھ گئے ہیں، انہوں نے اسمبلی میں ایسا قانون پاس کیا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، ایسی ترمیم کی ہے ایک ایک ڈاکو بچ گیا ہے، پہلے مشرف اور اب باجوہ نے این آر او ٹو دیا، ہم سب کو مل کر رول آف لا کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی، یہ جہاد ہے ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ کرنا جہاد ہے، سب سے بڑی پارٹی کا ہیڈ ہوں اپنی ایف آئی آر درج نہیں کرا سکا، عام آدمی کے ساتھ کیا سلوک ہو گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کو ایک سچی ٹویٹ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اعظم سواتی پر ظلم کیا گیا، کیا وہ اتنا بڑا فرعون تھا جس پر کوئی ٹویٹ نہیں کر سکتا، شہبازگل پر بھی تشدد کیا گیا، وکلا کمیونٹی کی ذمہ داری تھی اس معاملے پر پہلے اسٹینڈ لیتے، شہباز شریف کی ویڈیو بھارتی چینلز پر چل رہی ہے کہتا ہے سبق سیکھ لیا ہے ہندوستان سے دوستی کرنی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نریندر مودی نے کشمیریوں کا قتل کیا، کیا شہباز شریف کو کشمیریوں کی قربانیوں کی کوئی فکر نہیں، یہ دنیا سے پیسے مانگ رہے ہیں اپنے پیسے سارے باہر رکھے ہوئے ہیں، وکلا سے کہتا ہوں یہ سیاست نہیں ’انصاف کےلیے جہاد‘ ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ آزاد عدلیہ کے لیے پہلے جیل کاٹ چکا ہوں اب پھر آزاد عدلیہ کے لیے نکلا ہوں، اپنے اوپر حملے کے پلان بارے تین ماہ پہلے بتا دیا تھا، پولیس، سی ٹی ڈی نے جے آئی ٹی میں آنے سے انکار کر دیا، پولیس منتخب حکومت کی سننے کے بجائے طاقت ور لوگوں کی بات مان رہی ہے، جس نے عدالت میں کہا ایک شوٹر ہے، اس کا اپنا بیان تھا ایک چھت پر اور شوٹر تھا، عدالت میں جا کر اس نے بیان بدل لیا۔
عمران خان نے کہا کہ جے آئی ٹی کو ثبوتاژ کیا جا رہا ہے، جو کچھ کیا جا رہا ہے اب پورا یقین ہو گیا ہے تین بڑی طاقتور شخصیات نے ایسا کیا، اگر بچنا ہے تو ملک میں انصاف کا نظام لانا ہو گا، ظلم کا نظام چل سکتا مگر کفر کا نہیں، یہ پیسے لینے کے لیے سیلاب کو بھی بیچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھکاریوں کی طرح پیسے مانگ مانگ کر آج اپنی عزت کھو بیٹھے ہیں، بھارت ہمیں کہہ رہا ہے پہلے دہشت گردی ختم کرو پھر بات ہو گی، اس سے زیادہ ذلت پہلے نہیں دیکھی۔

جاپان میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا؛ برطانیہ و امریکا بھی پریشان

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) مہنگائی کا جن عالمی قوتوں اور معاشی طور پر مضبوط ممالک میں بھی بے قابو ہوگیا، جاپان میں 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تو برطانیہ نے بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں ریکارڈ اضافہ کردیا جب کہ امریکا میں بھی مہنگائی عروج پر ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں گزشتہ ماہ مہنگائی میں 4 فیصد اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں۔
مہنگائی کے ستائے عوام حکومت پر کڑی تنقید کر رہے ہیں بالخصوص حال ہی میں فوجی بجٹ میں تاریخی اضافے کے فیصلے پر عوامی سطح پر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔
برطانیہ میں بھی پٹرول اور کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں بھی ریکارڈ 5.9 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔
برطانوی عوام جو پہلے ہی مہنگائی کا شکار ہیں اور اب کرایوں میں اضافے کے اعلان سے مزید پریشان ہوگئے جب کہ ہر گھر پر کونسل ٹیکس کی مد میں مزید 9.7 فیصد اضافے کا بوجھ ڈال دیا گیا۔
امریکا جو مہنگائی کی وجہ روس کی یوکرین میں جارحیت اور خلیج ممالک کے تیل کی پیداوار میں کمی کو بتاتا ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے سے قاصر ہے جو گزشتہ برس تقریباً 7 فیصد تھی۔
کم و بیش یہی حالات جرمنی، فرانس اور دیگر ممالک میں بھی ہیں۔ ایشیا میں سب سے تیزر رفتار ترقی کرنے والی معیشت بنگلا دیش کی ہے لیکن اسے بھی تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی نے ہلکان کردیا ہے۔
بنگلا دیش بھی آئی ایم ایف کے پاس قرض کے لیے درخواست دے چکا ہے جس کہ وجہ وہ ڈالرز کی کمی کے باعث ادائیگیوں میں عدم توازن کو بتاتا ہے۔ اسی طرح ڈیفالٹ ہونے والے ملک سری لنکا کے حالات بھی اب تک سنبھل نہیں سکے ہیں

کورونا وائرس : چین کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

بیجنگ : (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے مطابق چین کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے داخلے کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
عالمی ادارہ صحت نے بیجنگ کی جانب سے فراہم کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جبکہ یہ 3 سالوں میں پہلی بار ہے کہ 63 ہزار سے زائد کورونا مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ نیشنل ہیلتھ کمیشن میں بیورو آف میڈیکل ایڈمنسٹریشن کے سربراہ نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ 8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک 59 ہزار 938 افراد ہلاک ہوئے جن میں پانچ ہزار 503 اموات براہ راست کورونا وائرس کی وجہ سے اور 54 ہزار 435 اموات کورونا اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں۔
خیال رہے کہ 8جنوری کو لگ بھگ 3 سال بعد چین نے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سفری پابندیوں کو ختم کریا تھا ، چین میں نئے قمری سال کی 40 روزہ چھٹیوں کا آغاز ہوا جس کے بعد کورونا کے کیسز بڑی تعداد میں سامنے آئے تھے ۔

سعید اجمل پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہشمند

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل بھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہمشندوں میں شامل ہوگئے۔
نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے ساتھ کام کرکے بہت تجربہ حاصل کرچکا ہوں، اگر پاکستانی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور اس میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔
غیر ملکی کوچز کو جتنے پیسے دیے جاتے ہیں، اس سے کم معاوضہ بھی پاکستانی کوچز کو ملے تو وہ بھی ٹیم کو بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں،شہرہ آفاق سپنر نے ملک میں کوالٹی اسپنرز نہ ہونے کو لمحہ فکریہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سپن بولنگ کے شعبے نے پاکستانی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا، اب ایسا کچھ دکھائی نہیں دے رہا، ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی، جب تک اچھے اسپنرز نہیں ہوں گے تب تک توقعات کے مطابق نتائج نہیں ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو ہمارے پاس اسپنرز ہیں، ان پر ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، نوجوان اسپنر ابرار احمد کو بھی بولنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے، پی ایس ایل میچز کے دوران ان کے ساتھ خود کام کروں گا تاکہ ان کی بولنگ میں مزید کاٹ لائی جا سکے۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا شیڈول جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل8 کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کراچی میں 9 میچز کا انعقاد ہوگا۔
8 مقابلے رات اور ایک میچ دن میں کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا میچ 14 فروری کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دوسرا میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد کے درمیان 16 فروری، تیسرا میچ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان 18 فروری، چوتھا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان 19 فروری، پانچواں میچ کوئٹہ گلیڈیٹر اور پشاور زلمی کے درمیان 20 فروری کو ہوگا۔
چھٹا میچ لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈیٹر کے درمیان 21 فروری، ساتواں میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 23 فروری،8 واں میچ کوئٹہ گلیڈیٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 24 فروری کو کھیلا جائے گا۔
کراچی کا 9 واں اور واحد ڈےمیچ 26 فروری کو کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان ہوگا۔

آسٹریلین اوپن ٹینس مینزسنگلز، سٹیفانوس اور جینک سنر پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے

میلبورن: (ویب ڈیسک) یونانی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ سٹیفانوس اور اطالوی ٹینس سٹار جینک سنر اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے شہرمیلبورن نے میں جاری 111 واں میگا ایونٹ میں آج کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں یونانی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے تھرڈ سیڈ ڈ سٹیفانوس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
انہوں نے نیدرلینڈز کے حریف ٹینس کھلاڑی ٹیلون گریکسپور کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، ان کی فتح کا سکور 2-6، 6-7(5-7) اور 3-6رہا ۔
ایک اور میچ میں اطالوی ٹینس سٹار جینک سنر نےسخت مقابلے کے بعد حریف ہنگری کے مارٹن فوکسووکس کو 6-4، 6-4، 1-6، 2-6 اور 0-6 سے ہرا کر میگاایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
پری کوارٹر فائنل میں دونوں ٹاپ 16کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف کوارٹر فائنل کے لئے پنجہ آزمائی کریں گے۔

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 31.83 فیصد ہوگئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ادارہ شماریات کا کہنا ہے سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 31.83 فیصد ہوگئی ہے، حالیہ ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 8 روپے اضافہ ریکارڈ ہوا، زندہ مرغی فی کلو 11 روپے 76 پیسے مہنگی ہوئی۔
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 62 روپے 78 پیسے مہنگا ہوا، دال مونگ 2 اور دال ماش اڑھائی روپے مہنگی ہوئی جبکہ کیلے کی فی درجن قیمت میں 4 روپے کا اضافہ ہوا۔
علاوہ ازیں حالیہ ہفتے کے دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

6 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں شدید کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فیصد کمی آگئی۔
سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2022ء براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت 461 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.147 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کی گئی تھی۔
سٹاک مارکیٹ سے 6 ماہ کے دوران 12.9 ملین ڈالر کا انخلاء دیکھا گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 307 ملین ڈالر تھا، مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری میں 572 ملین ڈالر کا انخلاء ہوا۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 709 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اضافہ ہوا تھا۔
سٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری کا انخلاء حکومت کی جانب سے ایک ارب ڈالر بانڈز کی ادائیگی سے علیحدہ ہے۔

ٹرین ٹریک پر دھماکہ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے پنیر میں ٹرین ٹریک پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہشتگردوں کے اس بزدلانہ اقدام پر سخت قانونی اور آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیر ریلوے کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ لاہور سے 3 اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم بھی جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کو بحفاظت منزل مقصود پر پہنچایا جائے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں تقریب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں چینی سفارت کاروں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا، تقریب میں چینی کمپنیوں، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سی پیک سمیت دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر کی گہرائیوں سے گہری ہے۔

ملک کو پروجیکٹ عمران سے پاک کرنا اتحادی حکومت کی بڑی کامیابی ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کو پروجیکٹ عمران سے پاک کرنا اتحادی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کو سب سے بڑے غیرملکی ایجنٹ فتنے اور مافیا سے نجات دلائی ہے، پروجیکٹ عمران نے ملک کو معاشی دیوالیے کی طرف دھکیلا، آج ملک میں مہنگائی، معاشی تباہی اور سیاسی عدم استحکام اسی وجہ سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 4 سال میں عمران پراجیکٹ نے ملک کا معاشی دیوالیہ نکالا اور نوجوان کو بے روزگار کیا، سخت شرائط والا آئی ایم ایف کا پروگرام پروجیکٹ عمران کا عوام کو دیا گیا تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال تباہی مچا کر اور مہنگائی کا طوفان لا کر آج الیکشن الیکشن کی رٹ لگا کر کیا ہو گا، ملک پر 2018 میں مسلط ہونے والے الیکشن کی بات کر سکتے ہیں لیکن الیکشن لڑ نہیں سکتے۔

نیو ورلڈ آرڈر سے ترقی پزیر ممالک مشکلات کا شکار،تنہا چیلنجز سے نہیں نمٹ سکتے: بلاول

ڈیووس: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک چیلنجز سے تنہا نہیں نمٹ سکتا، اسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون درکار ہوتا ہے۔
ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران سکیورٹی اور کوآرڈینیشن کے موضوع پر سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا نیو ورلڈ آرڈر کی وجہ سے ایشیائی ممالک بالخصوص ترقی پزیر ممالک مشکلات کا شکار ہیں، تیسری دنیا کی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے،کوئی بھی ملک چیلنجز سے تنہا نہیں نمٹ سکتا، اسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کا تعاون درکار ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ روس یوکرین تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں گیس کی قیمتیں بڑھیں، روس یوکرین جنگ کی وجہ سے انسانی تنازع نے جنم لیا، روس یوکرین جنگ کے دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا روس یوکرین جنگ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے، پاکستان خود سے کسی جنگ کے حق میں نہیں ہے، پاکستان روس یوکرین تنازع کے حل کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہوتا ہے لیکن افسوس ہے مغرب کے لیے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں محض کاغذی رہ جاتی ہیں، کشمیری بھی آزادی کے لیے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان اور روس کے درمیان کسٹم شیئرنگ سے متعلق معاہدہ طے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور روس کے درمیان دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد، دونوں ممالک کے دوران کسٹمز امور سے متعلق تعاون بڑھانے اور ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ طے پا گیا۔
اسلام آباد میں پاک روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے بعد دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کسٹمز امور سے متعلق تعاون بڑھانے اور ڈیٹا شیئرنگ کے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔
تقریب کے دوران ایف بی آر اور روس کے فیڈرل کسٹمز سروس کے درمیان ڈیٹا تبادلے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے، ایم او یو کے تحت دونوں ممالک کسمٹز سے متعلق امور پر ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
اس موقع پر روسی ویزر توانائی نکولے شلگی نووف کا کہنا تھا کہ کمیشن اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، ڈیری کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے، پاکستان میں برآمدی صنعت لگانے میں تعاون جاری رکھیں گے، معاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، پاکستان کے ساتھ مختصر اور طویل مدتی منصوبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹ کو فروغ دیں گے، تیل اور گیس کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، توانائی ،زراعت ، مالیات، تجارت ، سرمایہ کاری، کسٹم کے شعبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے مزید معاہدے بھی کریں گے۔