برطانوی وزیراعظم نے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر معافی مانگ لی

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک نے اپنی گاڑی میں سفر کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر عوام سے معافی مانگتے ہوئے اپنی اس عادت کو ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق نومنتخب وزیراعظم رشی سوناک کی اپنی گاڑی میں بیٹھے حکومتی کارکردگی سے متعلق گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ سیٹ بیلٹ باندھے بغیر سفر کر رہے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر عوام کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ جس پر وزیراعظم رشی سوناک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجھے غلطی کا احساس ہے، اپنی غلطی تسلیم کرتا ہوں اور معافی کا خواست گار ہوں۔
جس پر میٹرو پولیس نے بھی بیان جاری کیا کہ وہ اُس معاملے سے آگاہ ہیں اور وائرل ویڈیو کا جائزہ لے رہے ہیں، اگر کچھ غیر قانونی ہوا تو کارروائی بھی کی جائے گی۔
لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے نہ صرف وزیراعظم رشی سوناک کے سفر کے لیے مہنگے پرائیویٹ جیٹ کے استعمال کی بلکہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
جواب میں وزیراعظم کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم برطانیہ کے مختلف علاقوں میں کم سے کم وقت میں پہنچنے کے لیے سفر کے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہیں اور یہ غیر ضروری نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ رشی سوناک سے قبل بورس جانسن کو سالگرہ کی تقریب میں کورونا پابندیوں کی پاسداری نہ کرنے پر وزیراعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونا پڑا تھا۔

سونے کی قیمت میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملکی سطح پر بھی سونے کے قیمت میں700 روپے فی تولہ اضافہ ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 20 ڈالر بڑھ کر 1929 ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت فی تولہ قیمت میں 700 اور اور فی دس گرام قیمت میں 600 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 86 ہزار روپے اور فی دس گرام قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 600 روپے ہوگئی۔

ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت، اوگرا نے نوٹس لے لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اوگرا نے ایل پی جی کو مقررہ قیمتوں سے زائد پر فروخت کرنے کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان اوگرا کے مطابق معاملے کی تحقیقات کیلئِے انفورسمنٹ ٹیموں کو متحرک کردیاہے، ٹیمیں متعین کردہ قیمتوں پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی بنائیں گی۔
انفورسمنٹ ٹیموں نے لاہور اور اسلام آباد کے مختلف ایل پی جی پلانٹس کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے قیمتوں کو چیک کرنے کے ساتھ حفاظتی اقدامات کا بھی معائنہ کیا۔
ترجمان کے مطابق خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ انفورسمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں تعینات رہیں گی۔

پی ٹی آئی سے منحرف ایم این اے کا اسپیکر کو استعفی قبول نہ کرنے کا خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی سے منحرف اور جے یو آئی کا حصہ بننے والے رکن قومی اسمبلی ناصر خان موسیٰ زئی نے اسپیکر کو اپنا استعفی قبول نہ کرنے کا خط لکھ دیا۔
تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے رکن قومی اسمبلی ناصر خان موسی زئی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میرا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میرا استعفیٰ پی ٹی آئی کے آفس میں کمپیوٹر آپریٹر نے ٹائپ کیا تھا۔
ناصر خان موسیٰ زئی نے مزید کہا کہ میں قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونا نہیں چاہتا، پارٹی آفس کا خط سیاسی مقاصد کے لیے تھا، میں اپنا استعفی واپس لیتا ہوں، اپنے حلقے کے مسائل کے لیے اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کروں گا۔
واضح رہے کہ ناصر خان موسیٰ زئی کچھ عرصے قبل پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرچکے گھے اور چند روز قبل ہی انہوں نے جے یو آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

کراچی: ٹرالر کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار تین افراد جاں بحق

علی پور: (ویب ڈیسک) کراچی روڈ پر تیزرفتار ٹرالر کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ تھانہ سٹی کی حدود چندر بھان نالہ کے قریب کراچی روڈ پر پیش آیا، جہاں حادثے موٹر سائیکل پر سوار تین افراد موقع پر جانبحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہے، جن کا تعلق ایک ہی گھر سے ہے۔
ریسکیو حکام نے لاشوں کو لواحقین کے اصرار پر ہسپتال کی بجائے گھر منتقل کردیا۔

پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کے لئے حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی، نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ اب الیکشن کمیشن کرے گا۔
لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے زیر صدارت اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے عہدے پر تقرری کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کسی بھی نام پر متفق نہ ہو سکی۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کررکھا ہے۔

لاہور کے مہنگے سکول میں مبینہ طور پر نشے سے روکنے پر لڑکیوں کے گروپ نے ساتھی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈیفنس کے علاقے میں واقع سکول میں مبینہ طور پر نشے سے روکنے پر لڑکیوں کے گروپ نے ساتھی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈ یا پر وائر ل ہو گئی۔تشدد کے دوران لڑکیاں معافی کا مطالبہ بھی کرتی رہیں اور گالیاں بھی دیں ۔
سوشل میڈ یا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکیوں کے ایک گروپ نے اپنی ساتھی طالبہ کو زمین پر لٹایا ہوا ہے اور خود اس کے اوپر بیٹھ کر اسے تشدد کا نشانہ بنا رہیں ہیں ۔ اس دوران وہاں موجود دیگر لوگ ویڈیوز بھی بناتے رہے ۔ بتا یا جا رہا ہے کہ یہ واقع ڈیفنس میں واقعہ سکارزڈیل امریکن انٹر نیشنل سکول میں پیش آیا ۔تشد د کا نشانہ بننے والی لڑکی مبینہ طور پر دیگر ساتھیوں کو نشے سے روکتی تھی جس کی وجہ سے فریقین میں تلخی پیدا ہوئی۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈ یا پر وائرل ہو گئی ۔واقعے کامقدمہ بھی درج ہو چکا ہے۔

روشنی خارج کرنے والے کیڑوں سے بھری سرنگ اہم سیاحتی مرکز بن گئی

پرتھ: (ویب ڈیسک) یہ دنیا عجائبات سے بھری ہے اور آسٹریلیا کے علاقے ہیلنس برگ میں ایک طویل لیکن متروک ریلوے سرنگ میں اب ایسے کیڑوں نے بسیرا کرلیا ہے جو رات کے وقت دمکتی نیلی روشنی خارج کرتے ہیں۔
نیوساؤتھ ویلزمیں واقع اس جگہ پر اب سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ سرنگ بھوتوں اور آسیب کی کہانیوں کی شہرت بھی رکھتی ہے۔ یہاں حیاتیاتی طور پر روشنی خارج کرنے والے حشرات نے ڈیرہ جمالیا ہے۔
1889 میں تعمیر کی گئی اس 624 میٹر طویل سرنگ کا نام ’میٹروپولیٹن ٹنل‘ ہے۔ ایک زمانے میں یہ بہت مصروف رہی اور اس کے بعد اسے بند کردیا گیا۔ کئی عشروں تک بند رہنے والی سرنگ میں حشرات الارض کا مسکن بن گیا اور یوں جب 1995 میں اسے دوبارہ کھولا گیا تو یہاں روشنی خارج کرنے والے ننھے مہمان بھی کروڑوں کی تعداد میں موجود تھے۔ اب رات کو روز یہاں خوبصورت روشنیوں کا ایک شو ہوتا ہے جس کی چھت پر پر لاکھوں روشنی بھرے حشرات نظر آتے ہیں۔
لیکن روشنی خارج کرنے والے یہ حساس کیڑے خود روشنی سے بیزار ہیں اور جب سیاح ان پر ٹارچ ڈالتے ہیں تو یہ وہاں سے بھاگ جاتے ہیں۔ اس طرح لوگوں کی آمدورفت سے متاثر ہوکر وہاں تابندہ کیڑوں کی تعداد کم ہونے لگی ہے۔
اس کے بعد انتظامیہ نے 2019 میں دوبارہ اس سرنگ کو بند کرکے لوگوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی ہے تاکہ اس ننھی مخلوق کو دوبارہ پھلنے پھولنے کا موقع مل سکے۔

نصف کلو وزنی کواڈکاپٹر ڈرون نے رفتار کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ایریزونا: (ویب ڈیسک) ڈرون اور کواڈکاپٹر عام ہونے سے اب ان کی تیز رفتاری کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک ننھے منے کواڈکاپٹر نے تیز ترین پرواز کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
مکینکل انجنیئر اور شوقیہ ڈرون ساز ریان لیڈرمان نے ایکس ایل آر وی تھری نامی کواڈکاپٹر ڈیزائن کیا ہے اور اس کا فریم بھی بنایا ہے۔ اس کا وزن محض 490 گرام ہے جو عام کواڈکاپٹر سے تو مختلف ہے لیکن مقابلے میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس پر گولی کی شکل کے خول بنائے گئے ہیں جو اس کی رفتار بڑھاتے ہیں اور ڈھانچہ بھی عموداً بنایا گیا ہے۔ سب سےنیچے اس کی پنکھڑیاں ہیں۔
اس میں طاقتور بیٹری لگائی گئی ہے تاہم تبدیل شدہ چیسس، اندرونی لے آؤٹ اور ساخت ہی برق رفتاری کا راز ہے۔ اس میں کوبراموٹریں لگائی گئی ہیں۔ ریان کے مطابق اس پورا سامان 400 ڈالر میں خریدا جاسکتا ہے۔
رفتار کا ریکارڈ بنانےکےلیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ ڈرون ایک مقام تک پہنچایا جائے اور دوبارہ اسی راہ سے پلٹ کر اپنے پہلے والے مقام پر واپس پہنچے۔ اس کے علاوہ بلندی بدلنے کی اجازت نہیں تھی کیونکہ اس سے ثقلی قوت اثر کرتی ہے اور اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ آخری شرط یہ تھی کہ اسے کم ازکم 100 میٹر تک اڑایا جائے تاکہ اس کی رفتار کو ناپا جاسکے۔
گزشتہ نومبر کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے افسران کے سامنے ریان نے ڈرون کو 360 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار پر اڑایا جبکہ اس سے قبل وہ اسی ڈرون کو 414 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے اڑاچکے تھے لیکن اسے رجسٹر نہیں کیا گیا تھا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اب تیزرفتار ڈرون کی باقاعدہ تصدیق بھی کی ہے۔

انٹارکٹیکا کی برف سے سات کلوگرام وزنی خلائی پتھر دریافت

شکاگو: (ویب ڈیسک) اس میں کوئی شک نہیں کہ براعظم انٹارکٹیکا میں آسمانی پتھر (میٹیورائٹس) بڑی تعداد میں ملتے ہیں اور اب ماہرین نے ایک ایسا ہی غیرمعمولی شہابیہ دریافت کیا ہے جس کا وزن 7.6 کلوگرام ہے جواسے مزید غیرمعمولی بناتے ہیں۔
انٹارکٹیکا ایک دشوار گزار اور سخت سردی میں گھرا مقام ہے لیکن اسی نیلگوں برف میں آسمانی پتھر کی بڑی تعداد نہ صرف یہاں گرتی ہے بلکہ انہیں سفید برفیلی چادر میں باآسانی ڈھونڈ نکالا جاسکتا ہے۔ پھر وہاں موسمیاتی شدت کم ہے اور سیاہ پتھر زیادہ ٹوٹ پھوٹ کے شکار نہیں ہوتے۔
برف میں گرنے کے بعد آسمانی پتھر عموماً باہر کی جانب نمایاں دکھائی دیتے ہیں اور یوں اس خزانے کو تلاش کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔ اب ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم نے ایک ساتھ پانچ شہابی پتھر اٹھائے ہیں جن میں سے ایک کا وزن تقریباً 17 پاؤنڈ ہے۔
جامعہ شکاگو کے فیلڈ میوزیئم سے وابستہ ماریہ والدیزنے دیگر ممالک کے سائنسدانوں کے ساتھ مل کر یہ شہابی پتھر دریافت کئے ہیں جن کا تجزیہ اب رائل بیلجیئن انسٹی ٹیوٹ آف نیچرل سائنسِس میں کیا جائے گا۔ تاہم ان کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بین الاقوامی ٹیم میں تقسیم کئے جائیں گے اور ہر ایک ٹیم مختلف پہلو سے اس کا مطالعہ کرے گی۔
توقع ہے اس پر تحقیق سے مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔

روس: پانی سے تباہی مچانے والا ایٹمی بم تیار

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے پانی سے تباہی مچا دینے والا ایٹمی بم بنا ڈالا، یہ جدید ہتھیار ساحلی شہر کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
روسی ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کا سونامی بنانا اور پھر اس سے سارا ملک ڈبو دینا اس ہتھیار کی خصوصیت ہے، یہ جدید ہتھیار سونامی پیدا کر کے برطانیہ جیسے ملک کو سمندر برد کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہتھیار خاص طور پر نیٹو ممالک سے نمٹنے کے لئے بنایا گیا ہے اور زیر سمندر پیدا کی جانے والی سونامی ساحلی شہر کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ روس نے 2019 میں اس مقصد کے لئے آبدوز کو لیس کیا تھا۔

نگران وزیراعلیٰ کیلئے متنازعہ نام سامنے آیا تو عدلیہ سمیت ہر جگہ جائیں گے: پی ٹی آئی

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا معاملہ الیکشن کمیشن میں جانے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا ہے کہ چاروں امیدواروں کے کردار کو سامنے رکھ کر بہتر شخص کا نام سامنے لایا جائے، اگر کسی ایسے شخص کا نام سامنے لایا گیا جو متنازعہ ہو تو عدلیہ سمیت ہر جگہ جائیں گے۔
لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے زیر صدارت اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ایک نام پر اتفاق نہ ہوسکا جس کے بعد نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کا فیصلہ اب الیکشن کمیشن کرے گا۔
اجلاس کے بعد پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے رکن راجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی تھی اس کے اجلاس میں دو دو نام پر بات ہوئی، جو نام ہم نے دیے ان کو اگر کسی بھی پیمانے پر دیکھیں تو اپوزیشن سے بہتر ہیں، دو دنوں سے نامزد لوگوں کی درگت بن رہی ہے، وہ فیصلے کریں جو عوام کو قابل قبول ہوں، آج بھی جو نام ہم نے دیے وہ اپوزیشن کے ناموں سے ہر لحاظ سے بہتر ہیں۔
راجہ بشارت نے کہا کہ اپوزیشن دو ناموں پر اڑی رہی، ہم نے نصیر احمد کا نام بھی دیا، دو بیوروکریٹس کے نام دیے، فیصلہ یہ ہوا ہے کہ دونوں اطراف کے نام الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے، چاروں امیدواروں کے کردار کو سامنے رکھ کر بہتر شخص کا نام سامنے لایا جائے، ہمارے پاس سارے فورم موجود ہیں، اگر کسی ایسے شخص کو سامنے لایا گیا جو متنازعہ ہو تو عدلیہ سمیت ہر جگہ جائیں گے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہم نے نگران وزیر اعلیٰ پر فیصلہ کرنا تھا نوید چیمہ، احمد نواز سکھیرا اور نصیر احمد خان کے نام سامنے رکھے، جس کا کردار اچھا ہو ایڈمنسٹریشن کا تجربہ ہو اسے آگے لایا جائے، احمد نواز سکھیرا ہمارے اور ان کے دور میں بھی کام کرتے رہے، تجربہ کار لوگوں کو سامنے لایا جائے۔
ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ 3 ماہ کے لئے غیر جانبدار الیکشن کروانے ضروری ہیں، ایسا نگران وزیر اعلیٰ ہو جس کا تجربہ ہو، ہمارے سارے نام غیر جانبدار ہیں، کاش اپوزیشن ہمارے ساتھ بات کرتی، اب الیکشن کمیشن میں فیصلہ چلا گیا ہے۔

روس سے مارچ کے بعد خام تیل، انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی، مصدق ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ روس سے مارچ کے بعد خام تیل اور دیگر انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔
روس سے سستے تیل اور گیس خریدنے کے معاملہ پر وزیر پٹرولیم نے چند ہفتوں بعد روس سے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی نوید سنا دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس میں انرجی سکیورٹی پر جامع پلان تیار کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ مارچ کے بعد روس سے خام تیل اور دیگر انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی، روس سے اگلی سردیوں سے پہلے گیس کے حصول کیلئے بھی انتظامات کر لیے جائیں گے، تجارت کیلئے کرنسی کا طریقہ کار بھی طے کر لیا گیا ہے۔
وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے بھی مذاکرات چل رہے ہیں، پائپ لائن، ٹرمینلز کے امور پر بھی بات چیت چل رہی ہے۔