سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کشمیری میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع کپواڑا میں فوجی کیمپ میں فائرنگ کی آواز سے اہلکاروں اور افسران کی دوڑیں لگ گئیں، جائے وقوعہ پر اہلکار کی لاش کے ساتھ اس کی سرکاری رائفل بھی پڑی تھی۔
بھارتی فوجیوں نے اپنے ساتھیوں کو قریبی ملٹری ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا، بھارتی فوجی اہلکار نے سرکاری رائفل سے سر میں گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔
خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت لائس نائیک شیو کمار کے نام سے ہوئی ہے،لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا اور واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں2007 سے اب تک 560 سے زائد اہلکار خودکشی کرچکے ہیں۔
Monthly Archives: January 2023
پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے: روس
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے وزیر برائے توانائی نکولے شولگینوف نے کہا ہے کہ پاکستان کو خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سے متعلق معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روسی وزیر توانائی کے مطابق پاکستان کے ساتھ خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے معاہدے کو مارچ کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے میں خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات کی ٹرانسپورٹیشن، انشورنس اورحجم سے متعلق تفصیلات طے ہونگی۔
روسی وزیر توانائی کا کہنا تھاکہ روس کے فی الحال ایل این جی سپلائی کے معاہدے ہوچکے ہیں، پاکستان کو ایل این جی کیلئے روسی کمپنیز سے 2023 کے آخر کیلئے رابطہ کرنا چاہیے، روس کے پاس اسپاٹ مارکیٹ میں بھی ایل این جی کی تھوڑی کیپیسٹی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور روس کا بین الحکومتی کمیشن کا 8 واں اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا ہےکہ روس پاکستان کو مارچ کے آخر تک خام تیل ایکسپورٹ کرے گا۔
بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سے جرمنی کے سفیر مسٹر ایلفرڈ گریناس نے ملاقات کی، ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس موقع پر جرمن سفیر کو ریکوڈک منصوبے، گوادر پورٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
جرمن سفیر نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے گا۔ جرمنی کی حکومت بلوچستان میں ہنر مند افرادی قوت اور صحت کے شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔
قومی ویمن فٹبالر مائرہ خان کے شاندار گول نے دھوم مچا دی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان مائرہ خان کے سعودی فٹبال ٹیم کے خلاف شاندار گول نے دھوم مچا دی۔
گزشتہ روز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کھیلے گئے ویمن فٹبال میچ میں سعودی عرب کو ایک صفر کی سبقت حاصل تھی کہ آخری لمحات میں پاکستان کو فری کک مل گئی۔
قومی ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان مائرہ خان نے فری کک پر شاندار ہٹ لگائی جو سعودی ویمن فٹبال ٹیم کی گول کیپر ہاتھوں کو چھوتی ہوئی گول کے اندر چلی گئی اور اس طرح میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا۔
سٹیڈیم میں موجود کمنٹیٹرز اور تماشائی بھی شاندار گول کرنے پر مائرہ خان کو داد دیے بغیر نہ رہ سکے اور قومی ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ماریہ خان پاکستان کے دو سکواش لیجنڈز کی قریبی رشتے دار ہیں۔ وہ عالمی شہرت یافتہ سکواش کھلاڑی ہاشم خان کی نواسی ہیں اور امریکا میں پیدا ہوئی تھیں اور وہیں اپنے نانا سے سکواش کی تربیت بھی حاصل کرتی رہی ہیں۔
علاوہ ازیں ماریہ خان چھ ورلڈ اوپن اور 10 برٹش اوپن جیتنے والے سکواش لیجنڈ جہانگیر خان کی بھانجی بھی ہیں۔
وزیر اعظم نے اخراجات میں کمی کیلئے قومی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دیدی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے اخراجات اور بجٹ خسارہ کم کرنے کیلئے اقدامات کرتے ہوئے 15 رکنی قومی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دے دی۔
وزارت خزانہ نے قومی کفایت شعاری کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق سابق پرنسپل سیکرٹری ناصر کھوسہ، وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی کفایت شعاری کمیٹی کے ٹی او آرز بھی جاری کر دیئے گئے، کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی، مالی نظم و ضبط کی سفارشات پیش کرے گی، سرکاری وسائل کی بچت کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے، کمیٹی سرکاری اداروں کے نقصانات کا جائزہ لے کر اقدامات تجویز کرے گی۔
قومی کفایت شعاری کمیٹی 15 روز میں وزیراعظم کو اپنی سفارشات پیش کرے گی، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز قومی کفایت شعاری کمیٹی میں شامل ہوں گے، چیئرمین سی ڈی اے، سیکرٹریز خزانہ، کابینہ، پاور، ہاؤسنگ اینڈ ورکس بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معاشی ماہرین قیصر بنگالی، زبیر خان اور فرخ سلیم بھی قومی کفایت شعاری کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
اقتصادی ترقی کیلئے ریونیو پالیسیوں میں اصلاحات ضروری ہیں، وزیر خزانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر میں ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے افتتاح کے موقع پر کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے ریونیو پالیسیوں میں اصلاحات ضروری ہیں۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ورثہ میں کمزور معیشت ملی، معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کروانے کے لئے پرعزم ہے، کمیشن محصولات میں اضافے کے لئے اپنی پوری کوشش کرے۔
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 4 ارب ڈالرز سے زائد کی غذائی اشیا درآمد کی گئیں
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیے۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 4 ارب 91 کروڑ 42 لاکھ ڈالرز کی غذائی اشیا درآمد کی گئیں اور سالانہ بنیاد پر غذائی اشیاء کی درآمد میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی تادسمبر 31کروڑ87 لاکھ ڈالرز کی چائے درآمد کی گئی، سالانہ بنیادوں پر چائے کی درآمدات میں 6.05 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ اسی ششماہی میں 2ارب 8 کروڑ 22 لاکھ ڈالرز کا پام آئل درآمد کیا گیا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ 6 ماہ کے دوران 60 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز کی گندم درآمد کی گئی، سالانہ بنیادوں پر گندم کی درآمد میں 29.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 53 کروڑ 52 لاکھ ڈالرز کی دالیں درآمد کی گئیں، سالانہ بنیادوں پر دالوں کی درآمد میں 54.13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جولائی تا دسمبر 2 کروڑ 16 لاکھ ڈالرز کا ڈرائی فروٹ درآمد کیا گیا، سالانہ بنیادوں پرڈرائی فروٹ کی درآمدات میں 39.44 فیصد کمی آئی، جولائی تا دسمبر 33 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کی چینی درآمد کی گئی جبکہ اسی عرصے میں 8 کروڑ 14لاکھ ڈالرز کا دودھ، کریم، بچوں کا فارمولا دودھ درآمد ہوا، اس کے علاوہ ایک ارب 3 کروڑ ڈالرز کی دیگر غذائی اشیاء درآمد کی گئیں۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ دسمبر 2022 میں 14 کروڑ 88 لاکھ ڈالرز کی گندم درآمد کی گئی، دسمبر 2022 میں 43 لاکھ ڈالرز کا ڈرائی فروٹ، 7 کروڑ 7لاکھ ڈالرز کی چائے اور 12 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز کی دیگر غذائی اشیا درآمد کی گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق دسمبر2022 میں 3 لاکھ 27 ہزار ڈالرز کی چینی درآمد کی گئی۔
فاسٹ بولر وہاب ریاض نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر وہاب ریاض نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اہم اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
وہاب ریاض ان دنوں بنگلادیش پریمیئر لیگ میں کھلنا ٹائیگرز کی جانب سے ایکشن میں ہیں اور آج انہوں نے چٹوگرام چیلنجرز کیخلاف میچ میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ان چار وکٹوں کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کے وکٹوں کی تعداد 401 ہوگئی ہے اور وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
وہاب ریاض ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے چھٹے بولر اور دوسرے فاسٹ بولر ہیں۔ ان سے قبل فاسٹ بولر ڈوین براوو نے یہ اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب تک سب سے زیادہ 614 وکٹیں لینے کا اعزاز ڈوین براوو کے پاس ہے جب کہ افغانستان کے راشد خان 496 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 474 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقا کے عمران طاہر چوتھے، بنگلادیش کے شکیب الحسن پانچویں اور وہاب ریاض چھٹے نمبر پر ہیں۔
عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف کا پیٹرن انچیف بنائے جانے پر غور
لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف کا پیٹرن انچیف بنائے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق صدارت سے ہٹائے جانے کے قانونی امکانات کاؤنٹر کرنے کیلئے تحریک انصاف نے جوابی پلان آف ایکشن تیار کر لیا۔ عمران خان نئےعہدے کے تحت بھی تمام تر اختیارات کے ساتھ پارٹی امور کی سربراہی جاری رکھ سکیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت نے عمران خان کے خلاف ہر حربہ ناکام بنانے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کے خلاف ممکنہ اقدام کی صورت میں عہدہ بنایا جائے گا، نئے عہدے کے لیے پارٹی آئین میں تبدیلی ضروری نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں سنگل بینچ نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی الیکشن کمیشن کی درخواست کے خلاف چیف جسٹس کو لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی، جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا جس میں جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس جواد حسن شامل تھے۔
اس کیس میں سنگل بینچ نے پہلے ہی الیکشن کمیشن کو عمران خان کی جانب سے مالی اثاثے چھپانے اور حقیقت پر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹا بیان جمع کرانے پر حلقہ این اے 95 (میانوالی ون) سے نااہل ہونے کے بعد انہیں پی ٹی آئی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا تھا۔
آئی ٹی میں اچھی سرمایہ کاری ہوسکتی ہے، وزیر اعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شعبہ آئی ٹی میں اچھی سرما یہ کاری ہوسکتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خلیج ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان 220 ملین سے زائد آبادی کی مارکیٹ ہے اور متحدہ عرب امارات کے تاجر پاکستان میں میں موجود مواقع سے استفادہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مضبوط اور بڑی کنزیومر مارکیٹ پیش کرتے ہیں جبکہ توانائی، انفرا اسٹرکچر اور ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایگرو بیسڈ انڈسٹری میں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور شعبہ آئی ٹی میں اچھی سرمایہ کاری ہوسکتی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے تعاون کی تعریف کی۔
مسائل ‘کےٹو’ پہاڑ کی طرح ہمارے سامنے کھڑے، عمران کا ایجنڈا انتشار پھیلانا ہے، احسن اقبال
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسائل ‘کےٹو’ کے پہاڑ کی طرح ہمارے سامنے کھڑے ہیں، عمران خان کا ایجنڈا مسلسل انتشار اور بے یقینی پھیلانا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر الیکشن ہوں گے، ہم نے حکومت سنبھالی تو خزانہ خالی تھا، موجودہ حکومت کو قومی جرگے کی حکومت کہتا ہوں، سوائے ایک ضدی شخص کے پورا پاکستان اس حکومت میں شامل ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں معاشی اصلاحات کے راستے پر چلنا ہے، ہمیں اپنی ایکسپورٹ بڑھانا ہو گی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور الیکشن کمپین کو لیڈ کریں گے، نواز شریف کو سزائیں جوڈیشل انجینئرنگ کر کے دی گئیں۔
حکومت کے نام وزیراعلیٰ بنائے جانے کی اہلیت نہیں رکھتے: ملک احمد خان
لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کا معاملہ الیکشن کمیشن میں جانے پر اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے کہا ہے کہ ہمارے تجویز کردہ ناموں میں سے ہی نگران وزیراعلیٰ ہونا چاہیے، حکومت کے نام وزیراعلیٰ بنائے جانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔
میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پارلیمانی پارٹی کے رکن ملک احمد خان نے کہا کہ بدقسمتی سے سیاسی طور پر معاملہ طے نہیں ہو سکا، سیاسی معاملات عدالت میں جانے کے حق میں نہیں ہوں، آئین میں لکھا ہے جو نام بھیجے گئے اس کے علاوہ نہیں جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سال پاکستان کے سیاہ ترین سال تھے، نیب نے ہمارے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے، یہ اختیار الیکشن کمیشن کا ہے، اگر میری چوائس پوچھیں گے تو محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب بننا چاہیے، محسن نقوی سے زیادہ کریڈبل کون ہوگا۔
ملک احمد خان نے کہا کہ پرویز الہیٰ کو اپنی نامزد کردہ کمیٹی پراعتبار نہیں، پرویز الہیٰ نے پہلے ہی عدالت جانے کا بیان دے دیا، اس معاملے میں عدالت کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے، جو انہوں نے دو نام دیے کیا وہ اہل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ احد چیمہ کے خلاف بے بنیاد کیس بنایا گیا، احد چیمہ نے شہباز شریف کی قیادت میں میٹرو، اورنج لائن ٹرین منصوبے کو پورا کر کے دکھایا، احد چیمہ بہترین انداز میں الیکشن کروا سکتے ہیں۔
روس یوکرین جنگ مذاکرات کے ذریعے ختم ہوسکتی ہے: سعودی وزیر خارجہ
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کو مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کا امکان دیکھ رہے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوئٹزرلینڈ میں ڈیووس اکنامک کانفرنس کے موقع پر امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مملکت تیل کی قیمت کو نسبتاً مستحکم رکھنے کے لیے روس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ خطے میں سب سے زیادہ فعال سیکورٹی پارٹنر ہے۔ اس کے علاوہ سعودی وزیر نے کہا کہ چین سعودی عرب کے لیے ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام فلسطینیوں کو امید دلانے سے حاصل ہوگا،فلسطینیوں کو ان کی اپنی ریاست دے کر انہیں عزت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے شام کے معاملے پر بھی بات چیت کی اور کہا کہ ہمیں شام کے بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔


















