پشاور: (ویب ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعظم خان کے نام پر اتفاق ہو گیا۔
وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعظم خان کے نام پر اتفاق ہونے کا اعلان کیا، اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ، سپیکر اور ان کی جماعت کا مشکور ہوں، جماعت کے بڑے نہ چاہیں تو بات مکمل نہیں ہو سکتی، ہمارا اپنا کوئی اختیار نہیں، جماعتوں کے فارمولے اور ہدایات پر آتے ہیں۔
اکرم درانی نے کہا کہ دو، تین نام حکومت کے تھے، دو نام اپوزیشن کے تھے، تاریخ میں پہلی بار جماعتوں کے درمیان دوریاں ہیں، صوبے میں بدامنی اور مہنگائی کا مسئلہ ہے، پشاور میں پرویز خٹک، وزیراعلیٰ اور سپیکر اور ان کی پارٹی کا بھی مشکور ہوں، دونوں جانب سے اچھے افراد کے نام آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان اور ظفر اللہ کے نام ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اویس احمد آغا اور صاحب زادہ سعید ہیں اور خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان پر اتفاق ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ اعظم خان متعدد اہم پوسٹوں پر تعینات رہ چکے ہیں، اعظم خان چیف سیکرٹری اور وزیر خزانہ خیبرپختونخوا کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے، اعظم خان نے وفاقی وزیرتوانائی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں، اعظم خان وفاقی وزیرمذہبی امور بھی رہے ہیں۔
Monthly Archives: January 2023
زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے، شہباز شریف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے فی ایکڑ لاگت میں کمی آئے گی۔
وزیرِاعظم کے زیر صدارت کسان پیکیج پر عملدرآمد اور ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئزیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر جلد منتقلی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ڈیزل اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہونے سے قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت ہوگی۔
شہباز شریف نے وزیر توانائی، سیکرٹری اور ان کی ٹیم کی تجاویز کی تعریف کی اور کہا کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، کسان پیکیج پر کسانوں کی تمام تنظیموں کو مشاورت کا حصہ بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد کیلئے صوبوں سے مشاورت و تعاون کو بھی یقینی بنایا جائے، خوردنی تیل کی پیداوار مزید بڑھانے کیلئے ایکسپرٹس کی کمیٹی کی مشاورت سے حکمتِ عملی تشکیل دی جائے، انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار کیلئے کلائمٹ ریزیلئنٹ بیج متعارف کروانے کے اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
اجلاس کو پاور ڈویژن کی طرف سے بریفنگ دی گئی کہ زرعی ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی کے منصوبے حتمی مراحل میں ہیں، اقدام سے ملک کے ڈیزل اور درآمدی ایندھن کی مد میں سالانہ 3.61 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔
بریفنگ کے دوران حکام نے بتایا کہ چھوٹے کسانوں کو اس وقت 816.5 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں، رواں سال 6 لاکھ 32 ہزار ہیکٹرز پر خوردنی تیل کے بیجوں کی کاشت ہوئی، کلائمٹ ریزیلئنٹ بیجوں کو متعارف کرانے کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں سے رابطے میں ہیں، اس پر بہت جلد مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
پنجاب میں الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے اسپیکر کا گورنر کو خط
لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پرپنجاب اسمبلی تحلیل ہوچکی، آئین کے آرٹیکل 105 (3) ، 224 اور 224 اے کے تحت آپ نے جنرل الیکشن کی تاریخ مقرر کرنا تھی، آپ 90 دن میں پنجاب اسمبلی الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کے پابند ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کو 7 روز گزرنے کے باوجود آپ نے الیکشن کی تاریخ تاریخ مقرر نہیں کی، آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے جنرل الیکشن کی تاریخ مقررکریں۔
اسپیکر نے گورنر پنجاب کو بھیجے گئے خط کی کاپی صدر مملکت کو بھی ارسال کردی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے کہا تھا کہ گورنر پنجاب نے اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد کی ایڈوائس میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی خلاف ورزی کی ہے، گورنر کے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
چین میں نئے سال کی آمد، پاکستانی سفارتخانے کی چینی عوام اور حکومت کو مبارکباد
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین میں نئے سال کی آمد پر پاکستانی سفارتخانے کی چینی عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے نئے سال پر چینی حکومت اور چینی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس نئے سال میں چین اور پاکستان کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
چین کے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی سفارتخانے کو سجا دیا گیا، چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے بھی چینی عوام کو مبارکباد دی ہے۔
چین کے نئے سال کو جشن بہاراں اور خرگوش سے منسوب کیا گیا ہے، چین میں پاکستانی سفارت خانے کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، پاکستان سفارتخانے کی جانب سے چین کے بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور دوستی کا اظہار کیا گیا ہے۔
نوازشریف کی واپسی میں حائل قانونی موشگافیاں دور کی جا رہی ہیں، واپسی باعزت ہوگی: رانا ثنا
لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ جائے گی، نواز شریف نے انتخابات کیلئے پارلیمانی بورڈ کے نام فائنل کر لیے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ لندن اور پاکستان میں انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی، میاں نوازشریف نے انتخابات کیلئے پارلیمانی بورڈ کے نام فائنل کر لیے، پارلیمانی بورڈ درخواستوں پر امیدواروں کا فیصلہ کرے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت نوازشریف خود کریں گے اور وہ پاکستان میں ہوں گے، انتخابات کیلئے امیدواروں کے انٹرویو نوازشریف خود کریں گے اور پاکستان میں انتخابی مہم کو وہ خود لیڈ کریں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تجویز ہے کہ 6 یا 7 سینئر عہدیدار انتخابی مہم کیلئے اپنے عہدے سے مستعفی ہوں، انہوں نے کہا کہ مریم نوازشریف 26 کو پاکستان کیلئے روانہ ہوں گی۔
میری پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم مخلوط حکومت بنانےکی کوشش کروں گا: بلاول
ڈیووس: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم وہ مخلوط حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔
بلاول نے امریکی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ میری پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم مخلوط حکومت بنانےکی کوشش کروں گا، دہشت گردی سے نمٹنے کا واحد راستہ جمہوریت ہے، ہم وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر بائیڈن کے مزید روابط کی توقع رکھتےہیں۔
بلاول نے کہا کہ افغانستان ایک حقیقت ہے، ہمیں عبوری افغان حکومت سے پہلے سے زیادہ روابط بڑھانےکی ضرورت ہے، دہشتگرد گروپوں سے متعلق پاکستان اور امریکا کے مفادات یکساں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے چیلنج پر فوجی اور سیاسی قیادت واضح مؤقف رکھتی ہے، افسوس کہ عمران خان کی حکومت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی طرف نرم گوشہ رکھتی تھی، عمران خان نے نہ صرف ٹی ٹی پی والوں کو رہا کیا بلکہ ان سے مذاکرات بھی کیے۔
بلاول نے کہا کہ اس بارے میں ہم واضح ہیں،کسی بھی دہشتگرد تنظیم سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ یقین ہے اگر عبوری افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں تو اپنی سکیورٹی ممکن بنا پائیں گے، پاکستان اور افغانستان اکیلے دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، پاکستان اور افغانستان کومل کر ایسا کرنا ہوگا، ہم دونوں دہشتگردی کا شکارہیں۔
بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کو غربت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
بھارتی گجرات میں فسادات سے متعلق سوال پر بلاول نے جواب دیا کہ ہمیں ماضی کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔
عمران خان کے بیانیے کی کراچی والوں نے دھلائی کردی ہے، حافظ حمداللہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما جمیعت علماء اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیانیے کی کراچی والوں نے بلدیاتی الیکشن میں دھلائی کردی ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا کہ کل تک عمران خان اور پی ٹی آئی چیختے رہے استعفے منظور کیے جائیں، اب سپیکر نے استعفے منظور کرلیے ہیں تو کہتے ہیں منظور کیوں کیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے شہباز شریف قبول نہیں تھے اور قومی اسمبلی سے مستعفی ہو گئے، اب کہہ رہے ہیں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض قبول نہیں ہم واپس آ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام خالی نشستوں پر عمران خان الیکشن لڑیں گے تو کیا 5 مخصوص خواتین کی نشستوں پر بھی عمران خان ہی الیکشن لڑیں گے۔
فیروز خان کی ٹویٹ نے مداحوں کو الجھن میں ڈال دیا
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار فیروز خان کی مبہم سی ٹویٹ نے ان کے مداحوں کو الجھن میں ڈال دیا ہے۔
فیروز خان کی ٹویٹ متعدد شوبز فنکاروں کی طرف سے نجی معلومات ظاہر کرنے پر اُن کے خلاف قانونی کارروائی کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔
رواں ہفتے فیروز خان نے تشدد کے الزامات لگانے پر ساتھی اداکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے اور انہوں نے ایک ٹویٹ میں قانونی دستاویز بھی شیئر کی جس میں فنکاروں کی نجی معلومات موجود تھی۔
فرحان سعید اور منیب بٹ نے اعلان کیا تھا کہ نجی معلومات افشاء کرنے پر اداکار کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
ساتھی فنکاروں کی طرف سے شدید تنقید پر فیروز خان نے کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا لیکن اب ان کی ٹویٹ نے الجھن پیدا کردی ہے۔
فیروز خان نے اپنی تازہ ٹویٹ میں مبہم انداز میں لکھا ’ابھی تو پہلا ہاف بھی نہیں‘۔
مداحوں کی طرف سے اداکار سے پوچھا جارہا ہے کہ اس پوسٹ کا مطلب کیا ہے، کچھ افراد نے فیروز خان پر سخت تنقید کی ہے اور بعض نے چپ رہنے کا مشورہ بھی دے دیا۔
برازیل کے فٹبالر جنسی ہراسانی کے الزام میں گرفتار
بارسلونا: (ویب ڈیسک) برازیل کے 39 سالہ فٹبالر دانی الویس کو اسپین کے ایک نائٹ کلب میں خاتون کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے فٹبالر کو بارسلونا پولیس کو پہلے جنسی ہراسانی کے الزام میں پوچھ گچھ کے لیے تھانے طلب کیا اور تفتیش کے بعد باضابطہ طور پر حراست میں لے لیا اور جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ برازیل کے فٹبالر نے 30 دسمبر کو نائٹ کلب میں رضامندی کے بغیر زیر جامے کے نیچے چھوا تھا جس پر اُس نے اپنے دوستوں کے ساتھ نائٹ کلب کے سیکیورٹی اسٹاف کو بھی شکایت کی تھی۔
نائٹ کلب انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے پر جنسی ہراسانی کی شکار لڑکی نے 2 جنوری کو تھانے میں اسٹار فٹبالر کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔
قبل ازیں برازیل کے فٹبالر دانی الویس نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ وہ کسی بھی خاتون کے ساتھ ایسا نہیں کرسکتا۔ اُس دن دوسرے کئی لوگوں کے ساتھ کلب میں تھا،ڈانس کر رہا تھا اور اچھا وقت گزار رہا تھا۔
انسٹاگرام نے ’کوائٹ موڈ‘ فیچر متعارف کرا دیا
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے اسمارٹ فون کی لت سے نمٹنے اور نوٹیفیکیشنز میں کمی لانے کے لیے نیا ’کوائٹ موڈ‘ فیچر متعارف کرادیا۔
میٹا کی ذیلی ایپلی کیشن کا یہ فیچر نوٹیفیکیشنز کو خاموش کرتا ہے اور ڈائریکٹ میسجز(ڈی ایم) میں خود بخود جواب بھیج دیتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ’اِن کوائٹ موڈ‘ کا اسٹیٹس بھی متعارف کرایا گیاہے جو انسٹاگرام کے پروفائل نام کے نیچے واضح ہوتا ہے تاکہ دوسرے صارفین اس کو دیکھ سکیں۔
پہلے مرحلے میں کوائٹ موڈ فیچر امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے جبکہ دیگر مملک میں یہ فیچر جلد ہی متعارف کرا دیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری، مختلف نام زیر غور
پشاور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری پر مشاورت کے لئے وزیر اعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی سپیکر ہاؤس پہنچ گئے ہیں، ملاقات میں دونوں رہنما اپنے اپنے نام پیش کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے دو ریٹائرڈ بیوروکریٹس صاحبزادہ سعید اورجاوید اقبال کے ناموں پرغور کیا جا رہا ہے، پی ٹی ائی نے دو شخصیات پر اتفاق کر لیا ہے، حتمی منظوری سابق وزیراعظم عمران خان دیں گے۔
جاوید اقبال خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری، صاحبزادہ سعید اہم عہدوں پر کام کر چکے ہی، صاحبزادہ سعید خیبرپختونخوا کی پی ٹی ائی حکومت میں وزیراعلیٰ کے مشیر بھی رہ چکے ہیں، وزیر اعلیٰ محمود خان آج 2 نام اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے ساتھ ملاقات میں پیش کریں گے۔
دوسری جانب اپوزیشن نے سابق آئی جی ظفر اللہ خان اور سابق چیف جسٹس دوست محمد کا نام تجویز کیا ہے، ظفراللہ خان کا نام اے این پی جبکہ سابق چیف جسٹس دوست محمد کا نام جے یو آئی نے دیا ہے، وزیراعلی محمود خان اور اکرم درانی نے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے دیگر نام بھی اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔
ملک میں تیل کے مطلوبہ ذخائر موجود ہیں، قلت کا کوئی امکان نہیں: وزارت پیٹرولیم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت پیٹرولیم نے ملک میں تیل کی قلت کے امکان کو مسترد کردیا۔
وزارت پیٹرولیم کے مطابق ملک میں تیل کے مطلوبہ ذخائر موجود ہیں، قلت کا کوئی امکان نہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ پی ایس او کے پاس پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، اس کے علاوہ تیل ترسیل کرنے والی کمپنیوں کے پاس بھی پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ ہے۔
وزارت پیٹرولیم نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں، قیاس آرائیوں اور گمراہ کن اطلاعات پر کان نہ دھریں۔
دوسری جانب پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے بھی ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ ملک میں تیل ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، ہمارے پاس تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
پی ایس او کے مطابق وزارت اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نجی کمپنیز کے ذخائر کی صورتحال کو مانیٹر کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ خبر سامنے آئی تھی کہ ملک کے بینکوں نے آئل کمپنیز کی پیٹرول امپورٹ ایل سیز کھولنے سے انکار کردیا جس کے بعد ملک میں فروری کے آغاز سے پیٹرول کی قلت ہوسکتی ہے۔
وزیراعظم کی سعودی ویمن ٹیم کو فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی خواتین ٹیم کو فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے پرمبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں پاکستان خواتین ٹیم کی دوسری پوزیشن پر بھی فخرہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ماریہ خان کو شاندار گول کرنے پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال اور خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں 4 ملکی ویمنز فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں سعودی عرب اور پاکستانی ویمن ٹیم کے مابین ہونے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا، تاہم پوائنٹس میں برتری پر سعودی ٹیم فاتح قرار پائی، قومی ویمن ٹیم کا دوسرا نمبر رہا۔


















