لاہور: (ویب ڈیسک) ڈیفنس روڈ پر جھونپڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 6افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔
لاہور کے علاقے گجر کالونی ڈیفنس روڈ پر جھونپڑیوں میں آگ لگنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔ آگ کے باعث 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
زخمی ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں جن میں ریحان،اللہ وسایا،عامر،ذہرہ اور ان کی والدہ مقبولہ بی بی شامل ہیں ۔
ریسکیو کی جانب سے جھونپڑیوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیاہے ۔
Monthly Archives: January 2023
عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے: مسرت جمشید
لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ایک طرف ملک دیوالیہ ہونے والا ہے دوسری طرف چیئرمین پر حملے کی تحقیقات کرنے والی JIT پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ممبران سے متنازعہ بیانات دلوائے جا رہے ہیں، ایسی حرکات ثابت کر رہی ہیں کہ اس سازش میں شریک لوگ کتنے طاقتور ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج جمشید اقبال کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف اور فوری الیکشن کے لیے NA121 میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، ریلی کا آغاز صدر گول چکر سےہوگا اور جوڑے پل سے ہوتے ہوئے غازی آباد روڈ، مغلپورہ اور دھرم پورہ جائے گی۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن صحتیابی کے بعد ہسپتال سے گھر منتقل
حیدرآباد: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کو صحت یابی کے بعد ہسپتال سے اپنے گھر کراچی منتقل کر دیا گیا۔
گزشتہ روز شرجیل انعام میمن کو دل کا دورہ پڑنے پر فوری طور پر دل کے ہسپتال این آئی سی وی ڈی لایا گیا تھا۔
شرجیل انعام میمن کے دل کی دو شریانیں بند تھیں جن کا فوری آپریشن کیا گیا تھا، دوران آپریشن دواسٹینٹس ڈالے گئے تھے، چوبیس گھنٹے ہسپتال میں رہنے کے بعد شرجیل انعام میمن کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا سمیت اپنے ملازمین کو بھی کوریج سے روک دیا تھا۔
سندھ کے سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر دوسال بعد برفباری
دادو: (ویب ڈیسک) سندھ کے سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر تقریبا دوسال بعد ہلکی برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا ۔
سندھ کا مری کہلائے جانے والا گورکھ ہل اسٹیشن دو سال بعد برف کی سفید چادر اوڑھے نظر آیا ہے ، برفباری سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا وہیں سیاحوں کی بڑی تعداد نے موسم کا لطف اٹھانے کیلئے اس علاقے کا رخ کیا ۔
انچارج گورکھ جمن جمالی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس مقام پر دوسال بعد برفباری ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
یہ ہل اسٹیشن دادو شہر سے 90 کلومیٹر کے فاصلے پر کھیرتھر رینج میں سطح سمندر سے 5,800 فٹ بلندی پر واقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیراور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
مالم جبہ 06، مری 01انچ اورا سکردو میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سےکم درجہ حرارت لہہ منفی14، زیارت منفی11، استور، کالام منفی 09، گوپس میں منفی 08ڈگری سینٹی گریڈ رہا ، ہنزہ منفی 07، مالم جبہ، اسکردو منفی 06، قلات میں منفی 05 سینٹی گریڈ رہا کوئٹہ، بگروٹ منفی 04اور مری میں منفی 03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی، 9 مریضوں کی حالت نازک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 726 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 726 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 09 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.24 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 09 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
الیکشن کمیشن آج نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرے گا
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ کون؟ نامزدگی کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بنائی گئی دو طرفہ پارلیمانی کمیٹی مقررہ وقت میں اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہی جس کے بعد الیکشن کمیشن آج شام 6 بجے ہونے والے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن ارکان کے درمیان غیر رسمی بات چیت سے قبل اس معاملے کے بارے میں فیصلے پر اتفاق رائے کی راہ ہموار کی جائے گی۔
نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار کا فیصلہ کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس صرف آج کا دن ہے کیونکہ آئین کے آرٹیکل اے-224 کے تحت الیکشن کمیشن کو دیا گیا 2 روز کا وقت آج ختم ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ چودھری پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کئے ہیں جبکہ حمزہ شہباز نے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے محسن نقوی اور احد چیمہ کے ناموں کی توثیق کی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا معاملہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نامزد امیدواروں پر صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مسلسل تناؤ اور عدم اتفاق کے سبب غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوگیا۔
مریم نواز کا پاکستان واپسی کا پروگرام کچھ تبدیل ہوا ہے: رانا ثنا اللہ
لندن: (ویب ڈیسک) وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا پاکستان واپسی کا پروگرام کچھ تبدیل ہوا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مریم نواز 27 جنوری کو لندن سے دبئی جائیں گی، دبئی سے 28 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی۔
خیال رہے کہ مریم نواز گزشتہ کچھ عرصے سے لندن میں مقیم ہیں۔
تحریک انصاف میں شامل ہونے والے پیر امین الحسنات کے حوالے سے رانا ثنا نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے بعد وہ غیر فعال ہوگئے تھے۔
شیعب اختر نے فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے راہیں جدا کرلیں
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی پر بننے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے خود کو علیحدہ کر رہے ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ ’انتہائی دکھ کے ساتھ، میں آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ کئی ماہ غور و خوض کے بعد میں نے فلم راولپنڈی ایکسپریس اور اس کے میکرز سے خود کو الگ کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی منیجمنٹ اور قانونی ٹیم کے ذریعے میں نے معاہدہ ختم کردیا ہے۔‘
شعیب اختر نے مزید لکھا : ’یقیناً یہ ایک ڈریم پروجیکٹ تھا اور میں نے اس میں شامل رہنے کیلئے کافی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہ ہوسکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’احسن طریقے سے اختلافات حل کرنے میں ناکامی اور معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث بالآخر مجھے ان کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے پڑے۔‘
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور فاسٹ بولر نے کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں نے پروجیکٹ چھوڑ دیا، اس معاملے پر میں نے تمام قانونی ضابطے پورے کیے اور اپنی زندگی کی کہانی استعمال کرنے کے حوالے سے دیے گئے حقوق منسوخ کردیے ہیں۔‘
شعیب اختر نے خبردار کیا کہ ’اگر فلم میکرز نے بائیوگرافی فلم پر کام جاری رکھا اور میرا نام یا میری زندگی کی کہانی کسی بھی طرح استعمال کی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ‘
خیال رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں شعیب اختر نے تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی جس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم ‘راولپنڈی ایکسپریس’ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار کا نام بھی سامنے آیا تھا۔
شعیب اختر کے کردار کیلئے عمیر جسوال کو منتخب کیا گیا تھا جنہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فلم کے کردار کی جھلک شیئر کی تھی۔
عمیر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’آپ سب کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش اور خوش ہوں کہ راولپنڈی ایکسپریس میں، میں شعیب اختر کا کردار نبھاؤں گا، بڑے پردے پر لیجنڈ شعیب اختر کا کردار ادا کرنے پر مجھے فخر ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
قومی کرکٹر شان مسعود پشاور سے دلہن بیاہ لائے
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر شان مسعود اپنی دلہن نیشے خان کو پشاور سے بیاہ لائے ہیں۔
شان مسعود کی شادی کی تقریب میں کپتان بابر اعظم سمیت دیگر سٹار کرکٹرز نے شرکت کی، تقریب میں لیجنڈری سابق کرکٹر انضمام الحق، محمد یوسف، شاہد آفریدی سمیت دیگر سابق کھلاڑی بھی شریک تھے۔
اس سے پہلے قومی اوپنر کے نکاح کی تقریب میں نوبیاہتا جوڑے نے ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنائیں جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
ن لیگ بڑی جماعت، جب الیکشن ہوئے بھاری اکثریت سے جیتیں گے، شہباز شریف
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہبا زشریف نے کہا ہے کہ جب بھی الیکشن ہوئے بھاری اکثریت سے جیتیں گے، ن لیگ مضبوط اور بڑی جماعت ہے، کوئی بھی اسے ختم نہیں کر سکا۔
وزیر اعظم کے زیر سربراہی اجلاس میں موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک دیئے گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو خطرناک صورتحال پر پہنچایا، ہم نے آنے کے بعد ملک کو سنبھالا دیا، ن لیگ ایک مضبوط اور بڑی جماعت ہے اس کو کوئی بھی ختم نہ کر سکا، جب بھی الیکشن ہوں گے مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالیں، ہمیں غریب عوام کا احساس ہے، ہماری کوشش ہے کہ ایسے قدم اٹھائیں جس سے غریب آدمی کو نقصان نہ ہو۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاملات جلد حل ہو جائیں گے، معاشی معاملات سےنمٹنے کے لئے تمام پلان موجود ہیں، ہم عنقریب معاشی بحرانی کیفیت سےنکل جائیں گے، مہنگائی پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکمران جماعت کی خرابی کو درست کرنے میں وقت لگتا ہے، ہم نے پاکستان اور معیشت کو سنبھال لیا ہے، ہر طرح سے معاملات کنٹرول میں ہیں، فکر کی کوئی بات نہیں۔
ریکوڈک معاہدے پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں: بلوچستان حکومت
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ ریکوڈک صوبے میں بڑی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع لائے گا، اس کے خلاف کوئی پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے کے خلاف بھارتی میڈیا پر کیے جانے والے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں، اندرونی اور بیرونی ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ترقی کی منزل پر گامزن نہیں دیکھنا چاہتی، یہ منصوبہ نہ صرف بہتر انداز سے جاری رہے گا بلکہ مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کا باعث بھی بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک پراجیکٹ حکومت بلوچستان اور بیرک گولڈ کا مشترکہ اور ایک تاریخی معاہدہ ہے، منصوبے سے بلوچستان کو خاص طور پر اور پاکستان کو بالعموم متعدد محاذوں پر فائدہ ہوگا، معاہدے سے پاکستان میں 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، مقامی لوگوں کیلئے 8 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی اور مقامی طور پر سماجی و اقتصادی ترقی اور شراکت داری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ریکوڈک ڈیل کو قانونی طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے تحفظ حاصل ہے اور ریاستی اداروں، سیاسی قوتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا اتفاق ہے، منصوبہ بلوچستان اور پاکستان کا معاشی مستقبل ہے اور ملک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے تک جاری رہے گا، صوبے کے محب وطن بلوچ، پشتون عوام امن پسند ہیں، یہاں کے عوام ایسے منصوبوں کا خیر مقدم کرتے ہیں جن کا مقصد سب کا اجتماعی فائدہ ہو۔
پاکستان کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے، پاکستان سویڈن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر رہا ہے، سویڈن پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا اظہار رائے کی آزادی میں کسی صورت نہیں آتا، انسانی حقوق کے علمبردار نفرت انگیز عمل نہ کرنے اور لوگوں کو تشدد پر نہ اکسانے کی ذمہ داری نبھائیں، اسلام امن کا مذہب ہے، دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو اسلامو فوبیا، زینو فوبیا، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی، پرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے حل کیلئے ایکشن پلان کو حتمی شکل دی جائے، اسحاق ڈار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار نے گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے حل کیلئے قائم کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے جلد از جلد حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دے۔
وفاقی وزیر خزانہ کے زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، کمیٹی کے چیئرمین اشفاق یوسف تولہ، ایس ای سی پی کے چیئرمین، کنٹرولر جنرل پاکستان، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کے علاوہ خزانہ اور پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اشفاق یوسف تولہ نے اجلاس کو گیس سیکٹر میں گردشی قرضہ کی مقدار اور توانائی کے شعبہ میں گردشی قرضہ کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے اصلاحات متعارف کرانے کے طریقہ کار اور فریم ورک سے آگاہ کیا، اجلاس میں ملک میں اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے توانائی کے شعبہ میں پائیداری کے حوالہ سے قابل عمل تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرخزانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے توانائی کے شعبہ کے مسائل بشمول گردشی قرضے کے حل کی حکومتی ترجیحات پر عمل درآمد پر زور دیا تا کہ اس شعبہ کے مالی استحکام اور ملک کی اقتصادی ترقی کویقینی بنایا جاسکے
وزیر خزانہ نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے مسئلہ کے فوری حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دیں۔


















