لندن: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ پر ڈنڈی ماری تو پنجاب الیکشن کا قبرستان بن جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ غلطی کی گنجائش نہیں، زرداری کی جیب کی گھڑی، گیم چینجروں کی ہاتھ کی چھڑی، الیکشن سلیکشن میں بدل دے گی۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حالات انتہائی سنگین ہیں، نہ آٹا نہ قبر کیلئے زمین میسر ہے، ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے، کل وطن واپس آ رہا ہوں۔
Monthly Archives: January 2023
پشاور: بڈھ بیر شیخان میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، کوئی جانی نقصان نہ ہوا
پشاور: (ویب ڈیسک) تھانہ بڈھ بیر شیخان میں گشت پر مامور پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے فرنٹیئر روڈ پر انچارج تھانہ بڈھ بیر شیخان بمعہ ٹیم پٹرولنگ پر تھے کہ اچانک دھماکہ ہوگیا، دھماکے سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے، دھماکا خیز مواد پینٹ کے ڈبے میں نصب کیا گیا تھا۔
ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، خاتون سمیت دو افراد جاں بحق
پاکپتن: (ویب ڈیسک) تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثہ میں خاتون سمیت دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حادثہ ٹریکٹر ٹرالر کی تیزی رفتاری کے باعث پیش آیا۔
قبل ازیں کورنگی نمبر 4 میں گرلز کالج کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، حادثے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اسد عمر کی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے اپوزیشن کے ناموں پر طنزیہ ٹویٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے دیئے گئے ناموں پر طنزیہ ٹوئٹ کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اسد عمر نے لکھا کہ ’’امپورٹڈ کے فرنٹ مین کو نگراں وزیر اعلیٰ بنانے سے بہتر ہے پردہ اٹھا دیں اور نواز شریف یا آصف زرداری کو بنا دیں‘‘۔
واضح رہے کہ حکومتی اتحاد کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں، اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کررکھا ہے۔
وزیراعظم کی سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی پرزور مذمت
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اقدام قرار دیا ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دائیں بازو کے ایک انتہا پسند کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کے لبادہ کو دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، یہ اقدام ناقابل قبول ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سوئیڈن میں ترکیہ کے سفارتخانے کے باہر قرآن کریم کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا ، سعودی عرب، پاکستان، خلیجی ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم (او ائی سی) کی جانب سے بھی واقعے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
سیاسی استحکام ناگزیر، مشکل فیصلے کر کے ملک کو استحکام دینا پڑیگا: شاہدخاقان
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ناگزیر ہے، مشکل فیصلے کر کے ملک کو استحکام دینا پڑے گا، ایک دوسرے پر الزامات اور گالم گلوچ کی سیاست زہر قاتل ہے۔
کوئٹہ میں لشکری رئیسائی، مفتاح اسماعیل اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتی، معاشی بدحالی انتہا پر پہنچ چکی ہے، عوام کے مسائل ایک طرف رہ گئے ہیں، مشکل فیصلے کر کے ملک کو استحکام دینا ہوگا، وقت آگیا ہے کہ لوگوں کو حقوق دیئے جائیں، ملک کے تمام مسائل کا حل آئین میں موجود ہے، آئین کو تسلیم نہیں کریں گے تو مسائل حل نہیں ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ غیر جماعتی فورم پر ملک مسائل پر بات کرنا ہوگی، بلوچستان کے مسائل کی بڑی وجہ غیر نمائندہ لوگ ہیں، ہم مسائل کے حل کا دعوی نہیں کرتے، کیا ایوانوں میں بیٹھے لوگ بلوچستان کے مسائل حل کر رہے ہیں، سب اپنے گریبان میں دیکھیں کوئی بھی الزام سے بری الذمہ نہیں،ان سب سائل پر بات کیلئے ایک فورم رکھا جس کی ابتدا کوئٹہ سے ہوئی۔
مفتاح اسماعیل
اس موقع پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 4 ماہ تک کچھ فیصلے نہ ہونے پر معیشت کو نقصان ہوا، پاکستان کا قرض بڑھ کر 51 ہزار ارب تک پہنچ چکا، رقم سہولیات کے بجائے قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہو رہی ہے، قرضوں کی وجہ سے مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، 8 کروڑ پاکستان مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں، پچھلے 20 سالوں میں ملک کا قرضہ بڑھتا جا رہا ہے، قرضوں کی مد میں 21 ارب ڈالر واپس کرنے ہیں، گردشی قرض کا حل کسی حکومت نے نہیں نکالا، حکومت کے آئی ایم سے مذاکرات کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
لشکری رئیسانی
لشکری رئیسائی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ معیشت کی بدحالی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے، بلوچستان کے حوالے سے بات چیت کرنے کی فضا بنانا ہوگی، جس بحران سے سماج گزر رہا ہے مذاکرات کی اشد ضرورت ہے، گوادر میں بنیادی ضروریات کیلئے احتجاج ہو رہا ہے۔
معاشی حالات ٹھیک نہ ہوئے تو الیکشن 6 ماہ مؤخر کر سکتے ہیں: ترجمان پی ڈی ایم
ہنگو: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ معاشی حالات ٹھیک نہ ہوئے تو الیکشن میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
ہنگو میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ معاشی حالات ٹھیک نہ ہوئے تو الیکشن 6 ماہ مؤخر کر سکتے ہیں، جنرل الیکشن اکتوبر 2023 میں ہوں گے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کو معاشی طور پر کھوکھلا کیا، عمران خان نے جاتے جاتے پاکستان کے ہاتھ پاؤں معاشی طور پر باندھ کر چھوڑے، آئین اور اسمبلیوں کو توڑنا آمروں کا کام ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ پاناما کو بہانہ بنا کر نواز شریف کو نا اہل کر کے نیا سیاسی انتشار پیدا کیا گیا اور پی ٹی آئی کو بزور بازو مسلط کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے مسلط کردہ حکومت کا خاتمہ کیا۔
وزیر داخلہ نے مریم نواز کی واپسی کا پکا پلان بتادیا
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مریم نوازکی وطن واپسی کی حتمی تاریخ بتادی۔
وزیر داخلہ رنا ثنا اللہ نے مریم نواز کی واپسی کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز 28 جنوری کو وطن واپس پہنچیں گی۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کا پاکستان واپسی کا پروگرام تبدیل ہوا ہے۔ مریم نواز اب27 جنوری کو لندن سے دبئی اور 28جنوری کو دبئی سے پاکستان پہنچیں گی۔
واضح رہے کہ مریم نواز 6 اکتوبر کو بیرون ملک روانہ ہوئی تھیں۔ جس کے بعدوہ سرجری کیلیے اپنے والد کے ہمراہ لندن سے جینیوا پہنچی تھیں۔ 6 جنوری کو نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے بتایا تھا کہ مریم نواز کا جینیوا میں گلے کا تین گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا۔
صحت یابی کے بعد سے مریم نواز کی وطن واپسی کی خبریں سامنے آرہی ہیں تاہم اب ان کی وپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
لاس اینجلس اولمپکس:کرکٹ کی شمولیت کا امکان ابھی باقی ہے
لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) لاس اینجلس اولمپکس2028 میں کرکٹ کی شمولیت کا امکان ابھی باقی ہے۔
2028 میں لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کا امکان ابھی باقی ہے۔ آئی سی سی کی تجاویز پر اولمپک کمیٹی اکتوبر میں حتمی فیصلہ کرے گی۔رینکنگ میں پہلے چھ نمبروں پر موجود ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے کرکٹ کو 8 کھیلوں سمیت اولمپکس گیمز میں شامل کرنے کیلئے شارٹ لسٹ کیا تھا اور اسے2028 اولمپکس میں شامل کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
مگر اب ایک بار پھر یہ خبر سامنے آئی ہے کہ آئی سی سی نے کرکٹ کو اولمپکس 2032 میں شامل کرنے کیلئے نئی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سیکرٹری جے شاہ نئی کمیٹی کی سربراہی کریں گے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تجویز دی ہے کہ اولمپکس 2028 میں مردوں اور خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ایونٹ بھی شامل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے چھ، چھ ٹیموں کی تجویز دی گئی ہے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کہا ہے کہ آئی سی سی کی تجاویز پر اسی صورت میں فیصلہ کیا جائے گا جب دنیا کی بہترین ٹیمیں اس ایونٹ میں حصہ لیں۔
پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے سے تعلقات بڑھیں گے: پرویز الٰہی
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی ، معاشی ، کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا، پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی۔
ایوان وزیراعلیٰ میں چودھری پرویز الہٰی سے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران طاہر جاوید نے مختصر مدت میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی کے مثالی اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے 5 سال کے کام 5 ماہ میں کئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے، پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
دوران ملاقات وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی، معاشی، کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا، پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی، تعلیم،صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔
چودھری پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پنجاب اور کیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے، وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں۔
پرتشدد مظاہرے : برازیل کے صدر نے آرمی چیف کو برطرف کر دیا
برازیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے آرمی چیف جنرل جولیو سیزر ڈی اروڈا کو برطرف کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برازیلین صدر لولا ڈی سلوا نے دارالحکومت برازیلیا میں دو ہفتوں کے احتجاج کے بعد ملک کے آرمی چیف جنرل جولیو سیزر ڈی اروڈا کو عہدے سے برطرف کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل جولیو سیزر ڈی اروڈا نے 30 دسمبر کو اپنا عہدہ سنبھالا تھا۔
صدر لولا ڈی سلوا کے قریبی کمانڈر جنرل ٹومس ربیریو پیویا کو نیا آرمی چیف لگایا جا رہا ہے جو جنوب مشرقی ملٹری کمانڈ کے سربراہ رہ چکے ہیں، جنرل ٹومس نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام کو صدارتی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
اس حوالے سے صدر لولا ڈی سلوا نے شک کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ آرمڈ فورسز کے اہلکار بھی مظاہرین کے ساتھ ملے ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ برازیل کے صدر نے حالیہ دنوں فوج کے کئی افسران کو برطرف کیا ہے۔
یاد رہے کہ برازیل کے سابق صدر جیر بولسونارو کے ہزاروں حامیوں نے 8 جنوری کو دارالحکومت برازیلیا میں مظاہرہ کیا تھا ، ان مظاہروں میں درجنوں سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے اور مظاہرین نے صدارتی محل، کانگریس اور سپریم کورٹ کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔
مشتعل افراد نے صدارتی انتخابات میں بولسونارو کی لولا سے ہار کو تسلیم نہ کرتے ہوئے فوج سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
برازیل کے پولیس حکام کے مطابق 8 جنوری کو ہونے والے پر تشدد مظاہروں میں 2000 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
عالمی مالیاتی بحران میں شدت ، امریکی بینکوں سے ہزاروں ملازمین نکالنے کی تیاریاں
نیویارک : (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی بحران شدت اختیار کرگیا ہے جس کے نتیجے میں اب امریکی بینکوں سے بھی بڑے پیمانے پر ہزاروں ملازمین کو نکالنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں معاشی صورت حال بگڑنے کے بعد امریکی بینکوں میں بھی ملازمین کی برطرفیوں کی تیاری شروع ہوگئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق انویسٹمنٹ بینکوں کے ریونیو میں کمی کے باعث بینکوں پر لاگت کم کرنےکا دباؤ ہے اس وجہ سے امریکی بینکنگ سیکٹر میں لاکھوں برطرفیوں کا خدشہ ہے ، بینکوں کی اس فیصلے کی بعد ہزاروں ایسے افراد ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے جنہیں حالیہ برسوں میں بھرتی کیا گیا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس لہر کی زد میں وہ ملازمین بھی آئیں گے جو پہلے کورونا کی وبا کے دوران نوکری سے فارغ ہونے سے بچ گئے تھے ، چند امریکی بینکوں نے تو 15ہزار سے زائد ملازمین کو نکالنے کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
بینکنگ سیکٹر پر نظر رکھنے والے ماہرین یہ توقع کررہے ہیں کہ مزید بینک بھی اسی طرح کے فیصلے کریں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام بینکوں میں کٹوتیوں کی توقع نہیں تاہم وہ لاگت کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
یورپی یونین کی نئی پابندیوں کا خدشہ ، ایرانی کرنسی گراوٹ کا شکار
جرمنی : (ویب ڈیسک) یورپی ممالک جہاں ایران کے عہدیداروں پر نئی پابندیاں عائد کرنے پر غور کررہے ہیں وہیں ایرانی کرنسی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے نئی پابندیوں کے خدشے کے پیش نظر ایرانی کرنسی بری طرح متاثر ہوئی ہے ، گزشتہ روز ایران کی غیر سرکاری مارکیٹ میں ڈالر 447,000 ریال تک فروخت ہو رہا تھا جو ایک دن پہلے 430,500 میں فروخت ہو رہا تھا۔
ملک گیر احتجاج شروع ہونے کے بعد سے اب تک ریال کی قدر میں 29 فیصد کمی آئی ہے۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق یورپی ممالک کے درمیان مظاہرین پر کریک ڈاؤن کرنے کے تناظر میں 37 عہدیداروں اور تنظیموں پر پابندی عائد کرنے کے بارے میں بحث جاری ہے ، عالمی برادری میں ایران کی بڑھتی تنہائی کی وجہ مشرق وسطیٰ میں بدامنی پھیلانے اور یوکرین میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور تباہی کا سبب بننے والے ڈرونز کی فراہمی ہے۔
یورپی یونین اور ایران کے درمیان تعلقات میں حالیہ مہینوں میں تناؤ پیدا ہوا ہے کیونکہ جوہری مذاکرات کی بحالی کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں۔
یورپی یونین بلاک کے وزرائے خارجہ پیر کو برسلز میں پہلے سے طے شدہ اجلاس میں تہران پر پابندیوں کے چوتھے پیکج کو اپنانے پر متفق ہورہے ہیں ۔ یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد گروپ کی فہرست میں ڈالے۔
یورپی یونین پہلے ہی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن پر 60 سے زائد ایرانی حکام اور اداروں کے اثاثے منجمد اور ویزا پابندیاں عائد کر چکی ہے۔
ایران میں اخلاقی پولیس کے ہاتھوں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد پورے ملک میں مظاہرے جاری ہیں ، اقوام متحدہ کے مطابق ایران نے ان مظاہروں میں 14 ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر 18 افراد کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے ۔


















