ننکانہ صاحب: (ویب ڈیسک) شاہ کوٹ مین جی ٹی روڈ پر تیزرفتار کار بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق شاہ کوٹ مین جی ٹی روڈ پر بلوچنی کے قریب افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں تیزرفتار کار بے قابو ہوکر دیوار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو شدید زخمی ہیں ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شاہ کوٹ منتقل کر دیا.
Monthly Archives: January 2023
لاہور: گھرمیں آتشزدگی سے کم سن بچی جھلس کرجاں بحق
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے کلمہ چوک پر گھر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فالکن کمپلیکس کلمہ چوک پر گھر میں آگ لگنے سے ایک بچی جھلس کر جاں بحق جبکہ دوسرا بچہ شدید زخمی ہے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغازکیا ، ریسکیو کے مطابق جاں بحق بچی ایمان کی عمر ایک سال ہے جبکہ پانچ سالہ عبدالرحمٰن کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
ریسکیوحکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے ۔
کراچی : بلال چورنگی کے قریب کار الٹ گئی، ایک شخص جاں بحق
کراچی: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے کلفٹن کے قریب کار الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کار الٹنے کا حادثہ بلال چورنگی کے قریب پیش آیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اگلے 12 گھنٹوں میں بجلی مکمل بحال ہو جائیگی: وفاقی وزیر توانائی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا کوئی بڑا فالٹ نہیں آیا، امید ہے آئندہ 12 گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، پشاور اور اسلام آباد میں بعض گرڈ سٹیشن بحال کر دیئے گئے ہیں۔
خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاور جنریشن کے وقت ایک ایک میگا واٹ کو دیکھا جاتا ہے کہ اس سے پاور ٹیرف پر کیا اثر پڑے گا اور موسم سرما میں چونکہ بجلی کی طلب کم ہوتی ہے اس لیے سسٹم کو رات کے وقت زیادہ تر سسٹم کو بند کر دیا جاتا ہے اور صبح ایک ایک کر کے سسٹم کو دوبارہ آن کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج صبح سات بجے کے قریب جب ایک ایک کر کے سسٹم کو آن کیا جا رہا تھا تو اس دوران جامشورو اور دادو کے درمیان فریکوئسی کی کمی کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا بریک ڈاؤن شمال سے جنوب تک آیا ہے اور ہم آہستہ آہستہ جنوب سے شمال کی طرف سسٹم بحال کر رہے، تربیلا اور وارسک سے کچھ سسٹم بحال کرنا شروع کر دیے ہیں، ایک محتاط اندازے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، کوشش ہے اس سے پہلے ہی بجلی کی مکمل بحالی ہو جائے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی نے مزید کہا کہ کراچی شہر کا معاملہ تھوڑا سا پیچیدہ ہے، کراچی میں کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی موجود ہے لیکن کراچی کو نیشنل گرڈ سے جو 1100 میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے وہ چند گھنٹوں میں بحال ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو تعینات کر کے خود کو جانبدار ثابت کیا: مسرت جمشید
لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کی تعیناتی کر کے اپنے جانبدار اور نااہل ہونے پر ایک اور مہر ثبت کر لی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی پر نیب کیسز بھی ہیں اور وہ سیاسی طور پر متنازعہ بھی ہے، ایسا شخص جو مبینہ طور پر زرداری کا فرنٹ مین ہو اس کو لانے کا مقصد صرف عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اس تعیناتی پر ہم سڑکوں پر بھی جائیں گے اور قانون کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا، انہیں ناصرف وقت پر الیکشن کروانا ہوں گے بلکہ عوام انہیں دھاندلی کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ کی تقرری ، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا
لاہور : (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے معاملے پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس آج زمان پارک طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں محسن نقوی کی تقرری کے خلاف قانونی اور سیاسی آپشنز کا جائزہ لیا جائے گا ، مشاورت کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
عمران خان پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کے معاملے پر اپنا اگلا لائحہ عمل دیں گے جبکہ رجیم چینچ سے متعلق بھی اہم گفتگو کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین محسن نقوی کی تقرری کے خلاف احتجاجی کال کا بھی اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : محسن نقوی کی نگران وزیر اعلیٰ تقرری کیخلاف تحریک انصاف کا عدالت جانے کا اعلان
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا تھا کہ محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری مسترد کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرری کے بعد محسن نقوی نے رات کو ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ۔
پی ٹی آئی کے 44 اراکین اسمبلی نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے 44 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ کیونکہ سپیکر ابھی تک تمام اسمبلی ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے، اس لیے پارٹی چیئرمین کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیر نے 44 پارٹی اراکین کے ناموں کی فہرست شیئر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو ای میل کر دی ہے، اگلا قدم اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ہوگی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس کے بعد مستعفی پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی مجموعی تعداد 79 ہو گئی تھی۔
ملک بھر میں بارشیں و برفباری ، سردی مزید بڑھ گئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کہیں بارش ، کہیں برفباری اور کہیں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
ملک کے بالائی علاقوں سمیت شمالی بلوچستان میں غیرمعمولی سردی اور برفباری سے معمولات زندگی شدید متاثرہوئے ہیں ، آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تین روز سے جاری برف باری کا سلسلہ رک گیا جبکہ وادی گریس میں تین فٹ، کیل، شاردہ میں دو ، دو فٹ تک برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
برفباری کے باعث بند ہونے والی کوئٹہ چمن شاہراہ، کوئٹہ قلعہ سیف اللّٰہ شاہراہ اور بلوچستان کی قومی شاہراہیں کھول دی گئیں، تاہم قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، زیارت اور قلعہ سیف اللّٰہ کے بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں ابھی تک بند ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9، ہنزہ منفی 7، اسکردو منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 4، اسلام آباد 3، پشاور 6، لاہور 9 اور کراچی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
برفباری کے بعد ملکہ کوہسار مری، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی اورسوات میں سیاحوں کی بڑی تعداد نے ان مقامات کا رخ کرلیا ہے ۔
دوسری جانب سندھ کا مری کہلائے جانے والے گورکھ ہل اسٹیشن پر بھی گزشتہ روز ہلکی برف باری ہوئی جہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرگیا۔
لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہو گیا جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ریجن میں بجلی ٹرپ ہونے سے پورے ملک میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب معطل ہوئی، ذرائع لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا بتانا ہے کہ لاہور سمیت تمام بڑے، چھوٹے شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی و شمالی مین لائینوں میں بیک وقت فالٹ آیا۔
ادھر کراچی کے حوالے سے کیسکو چیف کا کہنا ہے کہ گڈو اور ڈی جی خان سے آنے والی سپلائی لائن ٹرپ کرگئیں جس کے باعث پورا بلوچستان بجلی سے محروم ہے، فنی خرابی سے متعلق معلومات لی جارہی ہیں۔
جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ان میں گلستان جوہر، گلشن جمال، راشد منہاس روڈ، رونگی، ملیر، قیوم آباد، اولڈ سٹی ایریا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے اور اس حوالے سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) حکام کا بتانا ہے کہ گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمشن لائنیں ٹرپ کر گئی ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، سرگودھا، شور کوٹ، پیر محل اور دیگر کئی شہروں میں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔
ذرائع کے مطابق گدو، جام شورو، مظفر گڑھ کے پاور پلانٹس بند ہیں جبکہ حویلی شاہ بہادر، بلوکی، تربیلا اور منگلا ڈیم میں 500 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی تھی، سسٹم بچانے کے لیے این پی سی کا فیوز بند کیا گیا، کراچی، جنوبی پنجاب ، سندھ، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو ، گیپکو،آئیسکو ریجنز میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ این ٹی ڈی سی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بحالی کا کام شروع کر دیا۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے 117 گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ذرائع نیشنل پاور کنٹرول کا کہنا ہے کہ اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائنوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا، بجلی کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 10 کیسز رپورٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 025 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 025 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 10 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.33 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 09 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
عمران خان نارووال سے الیکشن لڑیں، سیاست بھول جائیں گے: احسن اقبال
نارووال: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نارووال سے الیکشن لڑیں، ان کو سیاست بھول جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی سٹیڈیم کا 90 فیصد کام مکمل تھا، اس پروجیکٹ کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اس کی تعمیر پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، آج یہ میدان بھوت بنگلہ بن چکا ہے، جو حادثہ اس منصوبے کے ساتھ ہوا ایسا ہی پاکستان کی معیشت ساتھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نارووال کے عوام کی خدمت کی، عمران نیازی ہر حلقے سے کاغذ جمع کرواتے ہیں، نارووال سے بھی اپنے کاغذ جمع کروائیں، پھر دیکھیں کہ نارووال کے عوام عمران نیازی کے بت کو کیسے توڑتے ہیں، عمران خان کو دعوت دیتا ہوں، خود الیکشن لڑیں، نارووال کے عوام کے ہاتھوں ایسی عبرت ناک شکست کھائیں گے کہ سیاست بھول جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز پاکستان واپس آ رہی ہیں، پورے ملک میں تنظیم نو کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی، مریم نواز پارٹی کے لئے اثاثہ ہیں، نواز شریف بھی جلد وطن واپس آئیں گے، پوری پارٹی نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے، پورے پاکستان کو پتا لگ گیا ہے کہ نواز شریف کو سازش کے ساتھ نااہل کیا گیا تھا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء میں عمران خان کو دھاندلی کے ذریعے پاکستان پر مسلط کر کے پاکستان کو کریش کر دیا گیا، 4 سال بدترین انتقامی کارروائیاں کی گئیں، احتساب کے نام پر عوام کے اربوں روپے اڑائے گئے۔
سابق ایم این اے ملک جمیل، ایم پی اے ملک حنیف کی ن لیگ میں واپسی
لاہور: (ویب ڈیسک) گجرات سے سابق ممبر قومی اسمبلی ملک جمیل اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی ملک حنیف اعوان دوبارہ ن لیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سابق ایم پی اے ملک حنیف اعوان نے سابق ایم این اے ملک جمیل کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے، چودھری عابد رضا کوٹلہ کی کاوشوں کو خراج تحسین کرتے ہیں، گجرات میں (ن) لیگ ان شاءاللہ مزید مضبوط ہو گی۔
لاہور: شوہر نے بیوی اور کمسن بچی کو قتل کرکے خودکشی کر لی
لاہور: (ویب ڈیسک) لیاقت آباد کی میں شوہر نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی اور کمسن بچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ لیاقت آباد کی حدود میں دھلہ بازار کے قریب پیش آیا جس میں محسن مسیح نامی شخص نے فائرنگ کر کے بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا۔
بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے سر پر گولی مار کر خودکشی کر لی، ملزم اپنی بیوی بیٹی سمیت اظہر کھوکھر سے ملنے آیا تھا، فائرنگ سے پاسٹر اظہر کھوکھر بھی زخمی ہوا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اظہر کھوکھر کو شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔


















