وزیر اعظم کے حکم پر پنجاب کیلئے 26 ہزار ٹن گندم یومیہ کوٹہ بحال

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کو غذائی بحران سے بچانے کیلئے محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے چند روز قبل 26 ہزار ٹن سے کم کر کے 24 ہزار ٹن کیا جانے والا فلور ملز کا یومیہ گندم کوٹہ دوبارہ بحال کروا دیا۔
وزیر اعظم نے چاروں صوبائی محکمہ خوراک سمیت وفاقی محکمہ پاسکو کو درپیش باردانہ بحران کے خاتمے کیلئے بھی وفاقی وزارتوں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے باردانہ کے خام مال کی امپورٹ کیلئے ایل سیز کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔
مزید برآں وزیراعظم کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے پنجاب بھر میں سرکاری آٹے کی فروخت کے ٹرکنگ پوائنٹس کی تعداد بڑھا دی ہے، لاہور میں ٹرکنگ پوائنٹس کی تعداد 95 سے بڑھا کر 145 جبکہ راولپنڈی میں 240 کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سامان کے درمیان چھپا کر سرکاری آٹا سمگل کرنے والے گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں سینکڑوں تھیلے آٹا برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ بند روڈ پر سرکاری آٹے کو ریفائن کر کے سمگل کرنے والی خفیہ آٹا فیکٹری پکڑی گئی ہے۔

ماہرہ خان کے ٹوئٹ پر اب تک دل دکھتا ہے: خلیل الرحمان قمر

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف مصنف اور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ ماہرہ خان کے ٹوئٹ پر اب تک دل دکھتا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران میزبان نے خلیل الرحمان قمر سے اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق دئیے گئے بیان پر سوال کیا۔
جس کے جواب میں خلیل الرحمان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان کا ٹوئٹ آج تک میرا دل دکھاتا ہے، ماہرہ اور میرے درمیان عزت کا ایک رشتہ تھا اور وہ ایک بہت اچھی اداکارہ ہے، مجھے اس کی ٹوئٹ سمجھ نہیں آئی لیکن اب اسے سمجھ آگیا ہے، اب ان شاء اللہ کسی روز ماہرہ خان کی بات معاف کردی جائے گی لیکن ابھی ماہرہ خان کی بات پر دل کڑھتا ہے اور شدید دکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان کو حق تھا کہ وہ مجھے کال کر کے پوچھ لیتی کہ میں نے ایسا کیوں کیا، میں انہیں بتا دیتا لیکن ماہرہ خان نے وہ حق استعمال کرنے کے بجائے اوچھا ہتھکنڈا استعمال کیا جس کی تکلیف آج بھی ہے، میں نفرت نہیں کرتا لیکن مجھے ماہرہ سے نفرت ہوئی اور اس کا دکھ بھی ہوا کہ میں نے ایک اچھی لڑکی اور معقول اداکارہ سے نفرت کی۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے مارچ 2020 میں خلیل الرحمٰن قمر کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں انہوں نے ڈرامہ نگار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ہاکی ورلڈکپ : نیوزی لینڈ نے بھارت کوشکست دے کرٹورنامنٹ سے باہرکردیا

نیودہلی : (ویب ڈیسک) ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کا خواب حقیقت نہ بن سکا ، بھارت کو ناک آؤٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
بھارت کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے ناک آوٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-5 سے شکست دے دی ۔
دونوں ٹیمو ں کے درمیان مقررہ وقت میں مقابلہ 3۔3 گول سے برابررہا تاہم میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا۔
بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ ہاکی ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔
ہاکی ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل 24 جنوری کو نیوزی لینڈ اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پیرو : صدر ڈینا بولارٹے کیخلاف مظاہرے تاحال جاری، اہم ثقافتی مقام بند

لیما : (ویب ڈیسک) پیرو کی حکومت نے ملک کے نئے صدرڈینا بولارٹے کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران سیاحوں اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اپنے مشہور سیاحتی مقام ماچو پچو کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرو میں پرتشدد مظاہرے جن میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اس وقت شروع ہوئے جب پیرو کے سابق رہنما کو معزول کر دیا گیا، مظاہرین کی طرف سے مبینہ طور پر ٹرین کی کچھ پٹریوں کو نقصان پہنچانے کے بعد جمعرات کو ماچو پچو تک ٹرین سروسز بھی معطل کر دی گئی تھیں۔
وزیر سیاحت لوئس فرنینڈو ہیلگیورو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ سیاحتی مقام ماچو پچو پر پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جن میں 148 غیر ملکی اور 270 پیرو باشندے شامل ہیں۔
پیرو کی وزارت ثقافت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے پہلے ہی اس مقام کے لیے ٹکٹ خریدے تھے وہ مظاہروں کے اختتام کے بعد ایک ماہ تک ان کا استعمال کر سکیں گے یا رقم کی واپسی حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ ثقافتی مقام ماچو پچو کو دنیا کے سات عجوبوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، یہ سیاحوں میں بے حد مقبول ہے جہاں ہر سال تقریباً دس لاکھ لوگ آتے ہیں۔
یاد رہے کہ پیرو میں مظاہرین نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور نئے صدر ڈینا بولارٹے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے بائیں بازو کے سابق صدر پیڈرو کاسٹیلو، جو جیل میں ہیں اور بغاوت اور سازش کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں کو رہا کیا جائے۔

نیوزی لینڈ: نومنتخب وزیر اعظم کرس ہپکنز بدھ کو حلف اٹھائیں گے

ویلنگٹن : (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے نومنتخب وزیر اعظم کرس ہپکنز بدھ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ سابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اعلان کیا کہ وہ برن آؤٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جمعرات کو ملک کی رہنما کی حیثیت سے سبکدوش ہو جائیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہپکنز اپنی مکمل کابینہ کا اعلان بعد میں کریں گے لیکن انہوں نے کہا ہے کہ وہ سابق نائب وزیر اعظم گرانٹ رابرٹسن کو وزیر خزانہ کے عہدے پر برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ہپکنز نے کارمل سیپولونی کو اپنا نائب نامزد کیا ہے، جس سے وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پاسیفکا نسل کی پہلی فرد ہیں جبکہ انہوں نے اپنی تعیناتی پر کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ میں سامون، ٹونگن اور نیوزی لینڈ یورپی ہوں اور مخلوط ورثے کے ساتھ نیوزی لینڈ کی نسلوں کی نمائندگی کرتی ہوں، میں اپنی پیسفک کمیونٹی کے لیے اس کی اہمیت کو تسلیم کرنا چاہتی ہوں۔
دوسری جانب اتوار کو اپنی حکمران جماعت لیبر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اپنی حمایت میں متفقہ ووٹ حاصل کرنے کے بعد نومنتخب وزیر اعظم کرس ہیپکنز نے کہا ہے کہ وہ اپنی فیملی کو اس ’’ گھناؤنی ‘‘ بدسلوکی سے بچائیں گے جس کا سامنا سابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو عہدے پر رہتے ہوئے کرنا پڑا، کیویز کی ایک ’’ چھوٹی اقلیت ‘‘آرڈرن کے ساتھ بدسلوکی کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں احساس ہے کہ خود کو لیڈر کے طور پر آگے لانے کا مطلب یہ ہے کہ وہ ’’ عوامی ملکیت ‘‘ ہیں لیکن یہ کہ ان کا خاندان ایسا نہیں ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کو ’’ عام کیوی بچوں کی زندگی‘‘ ملے۔
وزیر اعظم کے طور پر اپنی ترجیحات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کیوی خاندانوں اور کاروباری حضرات کی مدد کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

نیپرا نے ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک میں آج ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کا نوٹس لے لیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ہونے والے بریک ڈاؤن کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 2021 اور 2022 میں بلیک آؤٹ اور ٹاور گرنے کے واقعات پر جرمانے کر چکے ہیں، مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے نیپرا مسلسل ہدایات، سفارشات جاری کرتا رہا ہے۔
یاد رہے کہ آج صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا جس کے بعد بحالی کا کام جاری ہے۔

پی ٹی آئی اراکین کو سپیکر قومی اسمبلی کی رہائشگاہ جانے سے روک دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سے استعفے واپسی کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 45 ایم این ایز کو سپیکر راجہ پرویز اشرف کی رہائشگاہ جانے سے روک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 45 اراکین کے استعفے واپس لینے کے معاملے پر اراکین کے مشترکہ طور پر سپیکر کی رہائشگاہ جانے کے اعلان کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے اور پی ٹی آئی اراکین کو راجہ پرویز اشرف کی رہائشگاہ جانے سے روک دیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو منسٹر انکلیو میں کے باہر روکا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں ہے، جس کے بعد ممبران احتجاجاً وہیں دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں جبکہ منسٹر انکلیو کے باہر خواتین اہلکاروں سمیت پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔
پی ٹی آئی اراکین نے اس موقع پر سخت احتجاج کیا اور نعرے بھی لگائے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔
بعد ازاں پولیس سے مذاکرات کے بعد اراکین نے اپنا احتجاج ختم کردیا اور الیکشن کمیشن دفتر کی جانب روانہ ہو گئے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے 45 اراکین اسمبلی قومی اسمبلی سے اپنے استعفے واپس لینے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے پارلیمنٹ پہنچے اور سپیکر راجہ پرویز اشرف کے وہاں موجود نہ ہونے پر اب تمام اراکین نے مشترکہ طور پر سپیکر کی رہائشگاہ جانے کا اعلان کیا تھا۔

محسن نقوی کے نگران وزیر اعلیٰ بننے پر چندہ کھانیوالے کو تکلیف ہوئی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محسن نقوی کے نگران وزیر اعلیٰ بننے پر فارن ایجنٹ اور چندہ کھانے والے کو تکلیف ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کوتکلیف اصل تکلیف یہ ہے کہ یہ تقرری جادو ٹونے سے نہیں ہوئی، تقرری آئین اور قانون کے مطابق ہوئی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ بزدار مسلط نہیں ہوا؟ پنجاب لوٹنے والو ! اب الیکشن ہوں گے، سلیکشن نہیں۔

پنجاب میں پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان کا سیاسی مستقبل تاریک ہونے لگا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان کا سیاسی مستقبل تاریک ہونے لگا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے 17 جولائی کے ضمنی الیکشن میں ہارنے والوں کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنماؤں نے اعتراض اٹھایا ہے کہ منحرف ارکان کو ٹکٹس دینے سے پنجاب ہاتھ سے نکل گیا، ضمنی الیکشن میں ن لیگ اپنے امیدوار لاتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔
یاد رہے مسلم لیگ ن نے پنجاب میں پارلیمانی بورڈ بنانے پر کام شروع کر دیا ہے، پارلیمانی بورڈ پنجاب میں الیکشن کیلئے امیدواروں کے انٹرویو اور ٹکٹ کا فیصلہ کرے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ن لیگ نے فعال کردار ادا نہ کرنیوالے ممبران اسمبلی کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کی محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب بننے پر مبارکباد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب بننے پر محسن نقوی کو مبارکباد پیش کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ کیا جس کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے تمام تقاضے پورے ہوں گے، محسن نقوی آئین کے تقاضوں کے مطابق اس ذمہ داری میں سرخرو ہوں گے۔
شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ میری دعا ہے کہ محسن نقوی اس آئینی و عوامی فرض میں بطریق احسن کامیاب ہوں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر آپ کی تقرری کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

منی لانڈرنگ ریفرنس: سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہیں: نیب کا بیان

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی، وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز اور داماد ہارون یوسف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت نیب نے عدالت میں سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دیا جس کے بعد سلیمان شہباز نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔
نیب تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ نئے قانون کے تحت سلیمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری اب نہیں ہے، اس پر سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری انکوائری سٹیج پر تھا، نئے قانون میں وارنٹ گرفتاری تفتیش کی سٹیج پر ہی ہو سکتے ہیں۔
نیب وکیل کا کہنا تھا کہ اب سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، ہم نے سوالنامہ سلیمان شہباز کو دیا تھا لیکن ابھی جواب نہیں دیا اس پر سلیمان شہباز کے وکیل نے کہا کہ ہم نے نیب کو جواب جمع کرا دیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سلیمان شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے پر نمٹا دی جب کہ عدالت نے ہارون یوسف کی حد تک نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے ان کی ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کر دی ہے۔

عمران خان حملہ کیس: ملزم کے وکیل کا نئی جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان حملہ کیس کے مرکزی ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد نے نئی جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
ایک بیان میں ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد نے کہا کہ غلام محمود ڈوگر کا جے آئی ٹی سربراہ برقرار رہنا بدنیتی پر مبنی ہے، ثابت ہو گیا تھا کہ غلام محمود ڈوگر عمران خان کی خواہش پر تفتیش کررہے ہیں، لازم تھا کہ انہیں جے آئی ٹی سے نکالا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ قوم پہلے ہی غلام محمود کو تفتیش خراب کرنے کا ذمہ دار سمجھتی ہے، جے آئی ٹی نئی بن گئی تھی تو پرانے ممبران ملزمان کو عدالت میں کیوں پیش کر رہے تھے؟ 4 پولیس افسران کی جانب سے غلام محمود ڈوگر پر سیاسی بدنیتی کے الزامات ہیں۔

الیکشن کمیشن نے دودھ کی رکھوالی پر ’’بلا‘‘ بیٹھا دیا ہے: شیخ رشید احمد

لندن: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ متنازع شخص کی نگران وزیراعلیٰ نامزدگی نا صرف الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان بلکہ ملک کے الیکشن کے تابوت میں بھی کیل ٹھونک دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے دودھ کی رکھوالی پر بلا بیٹھا دیا ہے، یہ 13 جماعتیں جو مرضی کر لیں عوام کے فیصلے کو روکنا پاکستان کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک گھمبیر، سنگین، اقتصادی، معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے گزر رہا ہے، ایسے موقع پر ایک ناپسندیدہ آدمی کو 60 فیصد آبادی والے صوبے کا نگران وزیراعلیٰ بنانا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ اس ملک کے عوام کی توہین کر رہے ہیں، جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں، ذلت اور رسوائی آپ کا مقدر ہے۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا راستہ روکنے کے لئے جو آپ یہ سارے قدم اٹھا رہے ہیں یہ آپ کے گلے پڑے گا، عوام کی فتح ہوگی، پاکستان اور اسلام کی فتح ہوگی، آپ نیست و نابود ہوں گے اور آپ کے تمام ارادے ناکام ہوں گے، پاکستان کی قوم آپ کو شکست دے گی۔