دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 8 جون سے لندن میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 8 جون سے لندن کے اوول گراؤنڈ میں ہونے کا امکان ہے، اگرچہ ابھی تک حکام نے تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ میچ 8 سے 12 جون تک شیڈول ہو گا، بارش کی صورت میں ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کیلئے ایک اضافی دن بھی مختص کیا جائے گا۔
اگر بھارت فائنل کیلئے کوالیفائی کرے تو اس کے پلیئرز کیلئے یہ شیڈول موزوں ہو گا، انہیں مئی کے آخر میں آئی پی ایل ختم ہونے پر تازہ دم ہونے کا کافی وقت مل جائے گا۔
Monthly Archives: January 2023
ڈراپ ان پچز سے متعلق رمیز راجہ کی رائے مسترد
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کپتان اور حال ہی میں پی سی بی کی چیئرمین شپ سے برطرف ہونے والے رمیز راجہ بدستور ڈراپ ان پچز کی وکالت میں مصروف ہیں، ان کی پاکستانی پچز سے متعلق رائے پر کافی حیرت بھی ظاہر ہو رہی ہے۔
حال ہی میں رمیز نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں ٹیسٹ میچ پچ کو اب تک ڈی کوڈ نہیں کر پایا، انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں راولپنڈی کی پچ نے مجھے کافی مایوس کیا، اسی لیے میں ڈراپ ان پچز کا حامی ہوں کیونکہ اس سے آپ ملتان یا کراچی جہاں بھی کھیلیں ایک جیسی پچ ملے گی، پنڈی کی پچ میں کوئی باؤنس نہیں تھا، میں نہیں جانتا کہ ایسا کیوں ہوا۔
اس پر سابق کپتان اور حال ہی میں عبوری چیف سلیکٹر کی ذمہ داری نبھانے والے شاہد خان آفریدی نے کہا کہ جس طرح رمیز راجہ نے بات کی میں تو سن کر ہی حیران رہ گیا، ہم کیوں اچھی پچز تیار نہیں کرسکتے؟ پاکستان میں انٹرنیشنل میچز کافی عرصے سے ہورہے ہیں اور ہم اس طرح کی باتیں کررہے ہیں، رمیز نے کہا کہ وہ ٹرننگ ٹریک چاہتے تھے میں سمجھتا ہوں کہ اس موسم میں ہم کچھ بڑا کر سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20 اور ون ڈے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے مگر 5 روزہ پچ کی تیاری میں ہم بدستور کافی پیچھے ہیں، پنڈی کی پچ ہمیشہ ہی فاسٹ بولرز کیلئے معاون رہی پھر اس کو تبدیل کردیا گیا، میں نے وہاں پر کبھی اس قسم کی پچ نہیں دیکھی، وہاں پر کئی فرسٹ کلاس میچز ہوئے مگر اس بار جس طرح کی فلیٹ پچ تھی وہ پہلے کبھی نہیں رہی، اس کو دیکھ کر مجھے فیصل آباد اور سیالکوٹ کی پچز یاد آرہی تھیں۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان کے 4 بڑے وینیوز ملتان، کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہمیشہ ہی فاسٹ بولرز کو باؤنس کی وجہ سے لطف اندوز ہوتے دیکھا ہے، خاص طور پر راولپنڈی سے بڑی تعداد میں پیسرز کے سامنے آنے کی بھی یہی بڑی وجہ رہی ہے۔
صدر مملکت کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ قرآن کی توہین کا عمل احمقانہ، اشتعال انگیز اور اسلامو فوبک ہے، یہ غیر اخلاقی واقعہ بلاوجہ اشتعال انگیزی اور دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آزادی اظہار رائے نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دیتی، اسلام دنیا کے تمام مذاہب کے لیے عزت اور احترام کی تلقین کرتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس گھناؤنے فعل نے مسلمانوں کو ان کی مقدس اقدار کی توہین کرکے دکھ پہنچایا ہے، یہ عمل دُنیا میں اسلامو فوبیا کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے ، صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ عزم کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نفرت کے نظریے کو فروغ دینے والے اور انتہا پسند اور بنیاد پرست عناصر کو نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
حکومت نے کراچی کی بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کے تمام چارجز معاف کر دیئے
کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے میری ٹائم سینیٹر فیصل سبز واری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر پھنسے ہزاروں کنٹینرز کا جرمانہ معاف کر دیا ہے۔
کراچی میں تاجر برادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ شپنگ لائنز کے ہزاروں کنٹینرز پورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں، ہم معاملے پر کئی دن سے اسٹیک ہورلڈز سے مشاورت کر رہے تھے اور فیصلہ کیا ہے کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر پھنسے کنٹینرز سے کسی قسم کا جرمانہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شپنگ لائنز نے کنٹینرز پر ڈیمرج کے چارجز میں معقول رعایت دینے کی حامی بھری ہے، پورٹس پر پھنسے کنٹینرز سے ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔
فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا آف ڈاک ٹرمینلز پر کنٹینرز منتقل ہوں گے، پاکستان میں کوئی شپنگ لائن بند کرنے نہیں جا رہے، شپنگ لائنز کا کاروبار جاری رہے گا، ہم نے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجر برادری ہمارے ساتھ بیٹھی ہے، ان کے علم میں بھی ہے کہ حکومت مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مشکل وقت ہے مگر مل کر اس کا مقابلہ کریں گے، حکومت چلانے کیلئے جو پیسے درکار ہیں وہ کاروباری سرگرمیوں سے آئیں گے، کاروباری طبقہ اگر مدد نہیں کرے گا تو کوئی حکومت بھی نہیں چل سکتی۔
عمران خان پر حملے کی تحقیقات کیلئے وفاقی وزارت داخلہ نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دیدی
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دیدی۔
آئی جی ریلوے راؤ سردار علی خان کو جے آئی ٹی کا کنونیئر مقرر کر دیا گیا، آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی کے نمائندے بھی جے آئی ٹی میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے ملزم نوید کے وکیل کے اعتراضات پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی ریلوے راؤ سردار علی خان جے آئی ٹی کے کنونیئر ہوں گے، ڈی آئی جی پنجاب پولیس کامران عادل، آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت چار بار ٹیم میں تبدیلی کرچکی ہے، تفتیش کرنے والی ٹیم کے چار ارکان نے غلام محمود ڈوگر سے اختلاف کیا تھا جس پر انہیں بھی بدل دیا گیا تھا، ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد نے وفاقی و صوبائی محکمہ داخلہ میں تفتیش پر اعتراضات دائر کیے تھے۔
ایک پاگل پاکستان کے پلے پڑ گیا، اسمبلیاں توڑنے کا کوئی جواز نہیں تھا: سعد رفیق
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے و رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کا کوئی جواز نہیں تھا، پرویز الہٰی اور محمود خان نے اسمبلیاں توڑنے کی کوئی آئینی وجہ بیان نہیں کی، اسمبلیاں توڑ کر اختیارات کا بے جا اور ناجائز استعمال کیا گیا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میں اس وقت الیکشن کے حق میں نہیں ہوں، انتخابات کب ہوں گے یہ تو الیکشن کمیشن ہی بتا سکتا ہے، عمران خان کی مقبولیت کراچی میں فارغ ہو چکی ہے، الیکشن کے لئے سب کو ایک پیج پر آنا چاہیے، الیکشن کروا دینا اور الیکشن الیکشن کھیلنا یہ تو مسئلے کا حل نہیں ہے، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور آئی ایم ایف کو پاکستان میں پھر بلانا پڑگیا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفے دیئے تو اس وقت کونسی چیز کاٹ گئی تھی جو اس وقت استعفے دیئے گئے، انہوں نے اسمبلیوں کو تماشہ بنایا ہوا ہے، انہیں اسمبلیوں میں الیکشن لڑنے کا حق حاصل نہیں، پہلے منتخب ہوتے ہو یا “چنتخب” ہوتے ہو پھر استعفیٰ دے دیتے ہو، پھر کہتے ہو اسمبلیاں توڑیں گے، یہ پاگل آدمی پاکستان کے پلے پڑگیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ جو سہولت کار عمران خان کو لے کر آئے ان کو بھی اللہ سزا دے گا، انہوں نے ملک کا حال خراب کر دیا ہے، ذمے ہمارے پڑگیا ہے، 4 سال یہ اور اس کے سہولت کار گند ڈالتے رہے، روز نئے تجربات کرتے تھے جس دن نوازشریف کو نکالا گیا اس دن سے تماشا شروع ہوگیا تھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا اٹارنی جنرل کی عدم تعیناتی پر اظہارِ برہمی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کیا حکومت اتنی نا اہل ہے کہ ایک اٹارنی جنرل نہیں لگا سکتی؟۔
سپریم کورٹ میں ٹیمپرڈ گاڑی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کی معاونت نہ ملنے اور اٹارنی جنرل کی عدم تعیناتی پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ ملک میں اس وقت اٹارنی جنرل کون ہے؟ اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
جسٹس قاضی نے کہا کہ آں آں آں ایسے کر رہے ہیں جیسے بہت مشکل آئینی سوال پوچھ لیا ہے، حکومت اتنی نااہل ہے کہ ایک اٹارنی جنرل تک تعینات نہیں کر سکتی، کیا اٹارنی جنرل کی تعیناتی پر حکومت کسی سے بارگین کر رہی ہے؟ سپریم کورٹ کے ساڑھے 5 ہزار وکیل ہیں حکومت کو ایک نہیں مل رہا۔
عدالت نے کہا کہ اٹارنی جنرل تعینات نہ کر کے حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی پاسداری نہیں کی گئی، پیار سے کہہ رہے ہیں کہ اٹارنی جنرل تعینات کر دیں، ایڈیشنل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل صرف اٹارنی جنرل سے ہدایات لینے کے پابند ہیں، اٹارنی جنرل کی ہدایات کے بغیر ڈپٹی اورایڈیشنل اٹارنی جنرل کا پیش ہونا خلاف قانون ہے۔
ترکیہ میں عام انتخابات 14 مئی کو ہونگے
انقرہ : (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے 14 مئی کو عام انتخابات کا اعلان کردیا۔
خبرایجنسی کے مطابق ترک صدر نے برسا میں نوجوانوں سے خطاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا ، اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ خدا کے شکرگزار ہیں کہ پہلی بار ووٹ ڈالنےکے اہل نوجوان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق دو دہائیوں سے برسر اقتدار ترک صدر کو انتخابات میں مشکل مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا ، رائےعامہ کے جائزوں کے مطابق ترکیہ میں اس بار پارلیمانی و صدارتی انتخابات سخت ہوں گے۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں انتخابات 8 جون 2023 کو ہونا تھے تاہم اب ایک ماہ قبل ہی انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
اے این ایف کی ملک بھرمیں کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، 5ملزم گرفتار
کراچی : (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھرمیں منشیات کےخلاف مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرتے ہوئے 5ملزم گرفتار کرلیے ۔
ترجمان اےاین ایف کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کےقریب اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم گرفتارکرلیا ، ملزم سے10 کلو 800 گرام چرس برآمدکرلی گئی ۔
ترجمان کے مطابق اےاین ایف اور ایف سی نے بلوچستان تافتان میں مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں 350 کلو افیون اور200 کلو چرس برآمد کرلی ، جبکہ کچلاک روڈکوئٹہ میں کارروائی کے دوران کار سے54 کلو چرس برآمد، نوشکی کے رہائشی ایک ملزم کوحراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں اے این ایف نے تورخم بارڈر کےقریب سے بھارتی ساختہ 17700 نشہ آورگولیاں برآمد کرلیں ۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف اور ایف سی کی خیبر میں 2 مشترکہ کارروائیاں ، پلاسٹک کےتھیلوں سے52 کلو500 گرام چرس اور3کلو 500 گرام آئس برآمد کرلی گئی ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آبادموٹر وےٹول پلازہ کےقریب کارسے120 کلوافیون اور60 کلوچرس برآمد کی گئی ، کارروائی کے دوران خاتون سمیت3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں ۔
سعودی پرولیگ :کرسٹیانورونالڈو النصرکلب کی قیادت کرینگے
ریاض : (ویب ڈیسک) پرتگال کے کرسٹیانورونالڈو سعودی پرو لیگ میں الاتفاق کلب کے خلاف اپنے پہلے میچ میں النصرکلب کی قیادت کریں گے۔
کرسٹیانو رونالڈونے گذشتہ ماہ النصر کے ساتھ ڈھائی سال تک کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے ، اس معاہدہ کی مالیت 20 کروڑ یورو (21 کروڑ62 لاکھ ڈالر) سے زیادہ بتائی گئی تھی ، لیکن گذشتہ سال اپریل میں ایک مداح کے ہاتھ سے فون چھیننے پرانگلینڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ان پر دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی اورانھیں کھیلنے کا انتظار کرنا پڑا تھا۔
الریاض کے شاہ فہد بین الاقوامی اسٹیڈیم میں انھوں نے سعودی عرب کے النصر اورالہلال کلب کے کھلاڑیوں پر مشتمل آل اسٹارز ٹیم کی قیادت کی تھی لیکن اس نمائشی میچ میں لیونل میسی کی پیرس سینٹ جرمین کے ہاتھوں ان کی ٹیم کو5-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
37 سالہ فٹبالر نے گذشتہ جمعرات کو پیرس سینٹ جرمین کلب کے خلاف دوستانہ میچ میں دوگول اسکور کرکے شائقین سے خوب داد سمیٹی تھی ۔
الریاض کے مرسول پارک میں کھیلنے والے النصرکلب کا شمار سعودی عرب کے کامیاب ترین کلبوں میں ہوتا ہے، یہ کلب نو مرتبہ سعودی لیگ جیت چکا ہے ۔
امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ، سٹاک ایکسچینج میں کمی
کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدر بدستور گراوٹ کا شکار، سٹاک مارکیٹ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 63 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 230 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے، سٹاک ایکسچینج میں 237 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد 100 انڈیکس 38 ہزار 170 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔
ایرانی کرنسی تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی، ایک ڈالر لاکھوں ریال تک جا پہنچا
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر لاکھوں ریال تک جا پہنچا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کو ان دنوں یورپی یونین کی جانب سے مزید پابندیوں کے خدشے کا سامنا ہے جس کے باعث ڈالر کے مقابلے میں ایران کی کرنسی تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب پر نئی پابندیوں کے خدشے کے پیش نظر مارکیٹ میں ایرانی ریال پر مزید اثر پڑا اور اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 4 لاکھ 47 ہزار ریال تک جا پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کررہی ہے جس میں اس بار ایرانی پاسداران انقلاب کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ یورپی یونین کے بعض ممبران ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا چاہتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 4 لاکھ 47 ہزار ریال تک جا پہنچا جبکہ گزشتہ ہفتے ایک ڈالر کی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 500 ریال تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں احتجاج سے لے کر اب تک ریال کی قدر میں 29 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
ہفتے کے روز ایرانی سینٹرل بینک کے گورنر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایرانی ریال کا گرنا اس کے خلاف ایک نفسیاتی آپریشن کے نتیجے میں ہے، دشمنی ملکوں کی تنظمیں ایران میں عدم استحکام پیدا کررہی ہیں۔
لاہور میں طالبہ پر تشدد کا واقعہ: علی ظفر نے غنڈہ گردی کے ذاتی تجربات شیئر کردیئے
لاہور: (ویب ڈیسک) طالبات کی طرف سے نشے سے انکار پر ساتھی طالبہ پر تشدد کے واقعے پر اداکار و گلوکار علی ظفر نے اپنے ذاتی تجربات شیئر کردیئے۔
علی ظفر نے سکول میں تشدد کے واقعے کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سکول میں اس طرح کے واقعات کو ختم کرنے کیلئے درست اپروچ اپنانے کی ضرورت ہے۔
لاہور کے ایک ایلیٹ سکول میں نشے سے انکار پر ایک لڑکی پر ساتھی طالبات نے تشدد کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور لڑکیوں کے خلاف پولیس مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
علی ظفر نے ٹوئٹر پر ایک طویل پوسٹ میں تفصیل سے لکھا کہ ان کو کالج کے دنوں میں متعدد مرتبہ اس طرح کی غنڈہ گردی کا سامنا کرنا پڑا، ان کے انگریزی لہجے اور کپڑوں کو تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور یہ کئی برسوں تک جاری رہا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ سکولوں کو غنڈہ گردی پر ایک بہت واضح پالیسی اپنانی چاہیے، اساتذہ اور سٹاف کو تربیت دی جائے کہ وہ اس قسم کے تشدد کو پہچان سکیں۔
اداکار کے مطابق سکولوں کے ساتھ ساتھ والدین پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اچھی تربیت کریں، وہ اپنے بچوں کی تربیت پر پوری توجہ دیں۔


















