ہارون رشید پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ہارون رشید قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ آئین کے تحت چیف سلیکٹر اور کپتان کی تقرری میرا اختیار ہے، سلیکشن کمیٹی کے دوسرے ارکان کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس چار فروری کو بحرین میں ہوگا جس میں اپنا موقف پیش کریں گے جبکہ افغانستان کے خلاف سیریز ابھی ممکن نہیں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ شان مسعود کو نائب کپتان بنانے کے لیے سب سے مشاورت کی تھی اور نائب کپتان کو پلینگ الیون میں کھلانے کے لیے کوئی دباو نہیں ڈالا گیا تھا۔ بابر اعظم ہمارا بہترین کرکٹر ہے اور اسکی کپتانی کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ مکی آرتھر جلد ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر ریٹائرمنٹ واپس لینا چاہتے ہیں تو وہ ٹیم میں آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کا آئی سی سی ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔

ہاکی ورلڈ کپ 2023: کوارٹر فائنل مرحلے کاآغاز کل سے ہوگا

بھوبنیشور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 15واں ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز کل سے ہوگا۔
مینز ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہے جس میں شائقین ہاکی کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔
میگا ایونٹ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے ، ہاکی کے میگا ایونٹ میں کل (منگل )کو دو کوارٹر فائنل میچز کا فیصلہ ہوگا ، پہلا کوارٹر فائنل میچ آسٹریلیا اور سپین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں بیلجیم اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ۔
میگا ایونٹ کے چاروں کوارٹرفائنل اور دونوں سیمی فائنلز اور فائنل میچز کلنگا سٹیڈیم، بھونیشور میں کھیلے جائیں گے ۔
پاکستانی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے لئے کوالیفائی نہ کرنے کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں ہے، گرین شرٹس کو سب سے زیادہ 4 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔
میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل 27 جنوری کو جبکہ تیسری پوزیشن اور فائنل میچ 29 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

بارڈ فاؤنڈیشن کی ٹینس سٹار ہانیہ منہاس ایڈیڈاس کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) ہانیہ منہاس کھیلوں کے معروف عالمی برانڈ ایڈیڈاس(ایڈیڈاس) کی آفیشل برانڈ ایمبیسیڈر مقرر ہونے والی پہلی کم عمر پاکستانی بن گئی ہیں۔ وہ یہ تاریخی کارنامہ انجام دینے والی پاکستان کی پہلی نوعمر کھلاڑی ہیں۔
ہانیہ نے 22 اگست 2022 کو آئی ایم جی (IMG)میں تربیت شروع کی، اور اس کے بعد سے انہوں نے کئی اہم ایونٹس میں شاندار کامیابیاں سمیٹیں، جن میں اورنج باؤل انٹرنیشنل U12 فلوریڈا امریکہ میں سیمی فائنل تک رسائی، U12 ایڈی ہیر انٹرنیشنل، فلوریڈا، امریکہ میں تیسری پوزیشن، لٹل مو انٹرنیشنل چیمپئن شپ U12، نیویارک میں ڈبلز اور مکس ڈبلز کی چیمپئن، فلوریڈا میں USTA نیشنل U14 ٹینس چیمپئن شپ میں چیمپئن، ریاستہائے متحدہ میں L5 U16 نیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں چیمپئن، کورل اسپرنگس، فلوریڈا میں U14 نیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں چیمپئن، اور فلوریڈامیں USTA U16 گرلز نیشنل چیمپئن شپ فائنل میں چیمپئن رہیں۔
BARD (بارڈ) فاؤنڈیشن کے صدر جناب عبدالرزاق داؤد نے ہانیہ کے ساتھ فاؤنڈیشن کی وابستگی پر فخر کا اظہار کیا اور کہا: “میں اس نوجوان ٹیلنٹ پر خوش ہوں۔ یہ قابل ذکر خبر ہے اور پاکستان،ان تمام لوگوں خصوصاً خواتین کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے جن کی خواہشات بلند ہیں۔ ہانیہ منہاس پہلی کم عمر پاکستانی ٹینس کھلاڑی ہیں جنہیں ایڈیڈاس کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے جو دنیا کے معروف اسپورٹس ویئر برانڈ ہیں۔ اس کا جوش و جذبہ، عزم اور نظم و ضبط اسے عالمی معیار کے ٹینس کھلاڑیوں کی صف میں لے جائے گا۔ یہ پاکستان کیلئے بننے والا ایک ستارہ ہے۔
اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہانیہ نے کہا، Adidas خاندان میں شامل ہونا بے حد فخر اور جوش کا احساس ہے۔ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی خواہش رکھتی ہوں اور اپنی صلاحیتوں اور صلاحیتوں کو نکھارنے، اپنے شوق کو حاصل کرنے اور عالمی معیار کا ٹینس کھلاڑی بننے کے لیے سخت محنت کرتی ہوں۔ میں پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے لیے BARD فاؤنڈیشن کے تعاون پر خوش اور اس کو سراہتی ہوں۔
ہانیہ کی بریڈنٹن، فلوریڈا میں آئی ایم جی اکیڈمی میں ٹریننگ اور ٹورنامنٹس کے اخراجات بلقیس اور عبدالرزاق داؤد (BARD) فاؤنڈیشن کی طرف سے سپانسر کیے جا رہے ہیں۔ فاؤنڈیشن کا مشن ان افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے جو اپنے منتخب کردہ فیلڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے مہم جوئی اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

پاکستان کے سعد حیات ٹمن کو ڈیووس میں منعقدہ ورلڈاکنامک فورم میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ینگ گلوبل لیڈر منتخب کرلیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سعد حیات ٹمن کو ورلڈ اکنامک فورم نے حال ہی میں ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے2023کے سالانہ اجلاس میں ینگ گلوبل لیڈرکمیونٹی اور پاکستان کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا ہے۔درحقیقت ہر برس ینگ گلوبل لیڈرز کا فورم دنیا بھر میں مختلف کمیونٹیز اور صنعتوں سے تعلق رکھنے والے 40برس سے کم عمر لیڈروں کی شناخت،انتخاب اور ان کو سراہنے کیلئے ایک سخت انتخابی عمل سے گذرتا ہے۔بقول ان کے”یہ نوجوان لیڈرز اس مثال پر پورا اترتے ہیں،جس کی ہمیں آج ضرورت ہے،امید،ہمدردی،سچائی اورایسے حل جو دنیا کو بہتر بناسکتے ہیں۔“
سعد حیات ٹمن 2022کی ینگ گلوبل لیڈرز کلاس کیلئے پاکستان سے منتخب ہونے والے صرف دو نمائندوں میں سے ایک تھے،جبکہ دوسرے ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کی نگہت داد تھیں۔سعد پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے اسٹریٹجک ریفارمزاینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ کے رکن رہے ہیں،جہاں انہوں نے ادارہ جاتی اصلاحات پر وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کی حمایت کے ساتھ ساتھ کابینہ کے اراکین کو زراعت،سول سروسز اور ماحولیاتی تبدیلیوں میں اہم اصلاحات کے متعلق مشورے دیئے اور وزیر اعظم کی وفاقی کابینہ کے ساتھ کارکردگی سے متعلق معاہدوں پر عملدر آمد میں بھی شامل رہے۔سعد فی الحال سندھ طاس کی ماحولیاتی بحالی کیلئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے Living Indus initiative کے نیشنل کو آرڈینیٹر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز مینجمنٹ بورڈ کے رکن بھی ہیں۔سابق Fulbright scholar of distinction, وزیر اعظم کے دفتر میں خدمات سر انجام دینے سے قبل پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی تبدیلی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئےMcKinsey & Company کے ساتھ مینجمنٹ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرچکے ہیں،وہ عالمی بینک او ر اقوام متحدہ کیلئے مشاورت کی خدمات بھی سر انجام دے چکے ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں ایک بکھری ہوئی دنیا میں تعاون کے موضوع پر مبنی عالمی مسائل کے حل کیلئے حکومت،کاروبار اور سول سوسائٹی کے رہنما موجود تھے۔سالانہ اجلاس میں سعد نے عالمی رہنماؤں بشمول سربراہان مملکت،کابینہ کے اراکین اور صنعتی رہنماؤں جیسے مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ ندیلا اوردیگر اہم شخصیات سے بات چیت کی۔سعد نے خود سندھ کی ماحولیاتی بحالی میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کے اہم اقدام کی نمائندگی کی،جسے وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمن نے کراچی کونسل برائے خارجہ امور اور پاتھ فائنڈر گروپ کے زیر اہتمام پاکستان کے سرمایہ کاروں کے فورم میں پیش کیا۔
سعد ٹمن کا اپنے دورے کے حوالے سے کہنا ہے کہ”ایک نوجوان عالمی رہنما کے طور پر ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرنا باعث اعزاز اور قابل فخر ہے۔بین القوامی شراکت داروں کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں کے ساتھ حالیہ بدترین سیلاب اور مہنگائی کے موجودہ بحران کے تناظر میں پاکستان کے نوجوانوں کے نقطہ نظر کی نمائندگی کرنا انتہائی اہم تھا۔“
سعد نے مزید کہا کہ ہم ایک بکھری ہوئی دنیا میں رہتے ہیں،جہاں بڑی حد تک بے ضابطگیاں اور پولرائزیشن ہے،اب وقت آگیا ہے کہ ساطق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر ماحولیات ملک امین اسلم کے 10بلین ٹری منصوبے میں سرمایہ کاری کی جائے،ہمیں لیونگانڈس جیسے اقدامات کے ذریعہ تعاون کے زیادہ سے زیادہ شعبے تعمیر کرنا ہوں گے،جس کا تصور گزشتہ حکومت نے دیا تھا اور اب وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمن اس کی قیادت کررہی ہیں۔

عمران پارٹی سربراہی کیس، الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کو پارٹی سربراہ سے ہٹانے کے لیے الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 30 جنوری کو سماعت کرے گا ، بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس شاہد کریم، جسٹس جواد حسن، جسٹس شمس محمود مرزا شامل جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواست کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دیا تھا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو نوٹس جاری کیا تھا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا تھا۔

نقیب اللہ قتل کیس: راؤ انوار سمیت تمام ملزمان بری

کراچی: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں راؤ انوار سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا۔
انسداد دہشتگردی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پراسکیوشن ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔
عدالت نے راؤ انواز سمیت تمام کو بری کر دیا، بری ہونے والے دیگر ملزمان میں ڈی ایس پی قمر احمد، امان اللہ مروت اور دیگر شامل ہیں۔
کیس کا پس منظر
13 جنوری 2018 کو اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے دعویٰ کیا کہ ایک پولیس مقابلے کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی، سوشل میڈیا پر نقیب اللّٰہ سے متعلق باتیں وائرل ہوئیں تو میڈیا نے بھی اس پر آواز اٹھائی، پشتون تحفظ موومنٹ بھی اسی واقعے کے بعد منظر عام پر آئی۔
بعد ازاں اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے اس معاملے کا نوٹس لیا۔
نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان محسود نے ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی جس میں کہا گیا کہ 3 جنوری 2018 کو سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار ان کے بیٹے نقیب اللہ اور دیگر دو افراد حضرت علی اور قاسم کو اٹھاکر لے گئے، 6 جنوری کو حضرت علی اور قاسم کو تو چھوڑ دیا گیا لیکن نقیب اللہ کو قید رکھا گیا۔
محمد خان محسود (ان کا اب اتقال ہوچکا ہے) نے موقف اختیار کیا کہ 17 جنوری کو ٹی وی اور اخبارات سے انہیں معلوم ہوا کہ ان کا بیٹا ایک جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا ہے۔
عدالت نے راؤ انوار اور دیگر ملزمان پر 25 مارچ 2019 کو فرد جرم عائد کی تھی اور ملزمان کے خلاف 60 گواہان پیش ہوئے تھے۔
اس وقت کے آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے خود نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان محسود سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کا یقین دلایا لیکن انہیں انصاف نہ مل سکا، اپنے بیٹے کے قاتلوں کو سزا دلانے کی امید ہی میں ان کا انتقال ہو گیا۔
گزشتہ 5 برسوں کے دوران ناصرف محمد خان محسود کا انتقال ہو گیا بلکہ راؤ انوار کے خلاف بیان دینے والے اہلکار بھی اپنے بیانات سے مکر گئے۔

وزیراعلیٰ کے تقرر پر پی ٹی آئی کے اعتراض کا کوئی آئینی جواز نہیں : خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر پی ٹی آئی کی جانب سے اعتراض کا کوئی آئینی جواز نہیں ۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دیے گئے ناموں میں ایک محسن نقوی اور ایک سابق گورنمنٹ ملازم تھے، محسن نقوی کا نام کسی پلی بارگین معاملے میں گھسیٹا جارہا ہے ، محسن نقوی کی تقرری پر ان کا اعتراض کرنا رولا ڈالنے والی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا ایک کیس تھا اس میں ایک ملزم سے انہوں نے قرض لیا ہوا تھا، انہوں نے ایک لیٹر کے ساتھ چیک لگا کر وہ قرض واپس کردیا تھا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہوا ہے تو ہم اس کا دفاع نہیں کریں گے ، حارث اسٹیل کے کیس میں یہ معاملہ تھا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں متفقہ طور پر نام آیا، سب سے زیادہ اعتراض چوہدری پرویز الٰہی کو ہے ، اس عمر میں چوہدری پرویز الٰہی تمام رشتہ داروں کے خلاف ہوگئے ہیں ، جتنا شور مچاکر گالم گلوچ کرکے انہوں نے استعفے دیے تھے ، اس کے بعد کہا گیا کہ یہ اسمبلی سازش کی پیداوار ہے ، اب وہ اسمبلی میں واپس آنے کیلیے مرے جارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس الیکشن کمیشن سے انصاف مانگ رہے ہیں جس کو گالیاں دیتے ہیں ، اب کہتے ہیں لیڈر آف اپوزیشن بننا ہے، اس وقت ہی بن جاتے، عزت کے ساتھ اپوزیشن نبھاتے۔

کترینہ کیف کے انسٹا گرام پر7 کروڑ فولورز مکمل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو انسٹا گرام پر 233 ملین لوگ فولو کر رہے ہیں، جبکہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا 84 ملین فولورز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
بالی ووڈ سٹار کترینہ کیف جو کہ سٹائل آئیکون تو ہیں ہی لیکن ساتھ ہی بھارت کی ٹاپ اداکاروں میں بھی شمار ہوتیں ہیں، حال ہی میں کترینہ کیف نے سوشل میڈیا کی ایپلیکشن انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی انسٹا فیملی بڑھ گئی ہے، 7 کڑوڑ لوگ انہیں انسٹا گرام پر فولو کر رہے ہیں۔
کترینہ کیف کی ویکی کوشال سے شادی کے بعد کترینہ کے فینز انہیں ویکی کے ساتھ دیکھنے کے خواہش مند ہیں، کترینہ اپنے سوشل میڈیا پر اپنے پروفیشنل تصاویر اور ویڈیوز کے علاوہ تشہیری مہم اور بہت کم لیکن اپنی اور کوشال کی تصاویر یا ویڈیوز کو شیئر کرتیں ہیں۔
حال ہی میں کترینہ کیف نے اپنے بیوٹی برینڈ kay by katrina کو بھی متعارف کروایا ہے۔

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں ندا ڈار بھی شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ائیر کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کی ندا ڈار بھی شامل ہیں۔
آئی سی سے نے کرکٹ کے مختصر ترین اور مقبول فارمیٹ (ٹی 20) میں ویمنز ٹیم آف دی ائیر کا اعلان کردیا ہے۔
ویمنز ٹی 20 ٹیم میں بھارت کی 4 ،آسٹریلیا کی 3 جبکہ نیوزی لینڈ، پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔
ویمنز ٹیم آف دی ائیر کی ٹیم میں نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن بطور کپتان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بھارتی ویمن کرکٹر سمریتی مندھانہ، دپتی شرما، رچا گھوش اور رینوکا سنگھ جبکہ آسٹریلیا کی بیٹھ موونی، ایش گارڈنر اور تاہیلا مک گراتھ شامل ہیں۔
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں پاکستان سے ندا ڈار، انگلینڈ کی سوفی ایکلیسٹون اور سری لنکا کی آئینوکا رانا ویرا شامل ہیں۔

ویلنٹائن ڈے پر پشاور زلمی کو شکست دیکر کراچی والوں کو تحفہ دینگے: عماد وسیم

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 14 فروری ویلنٹائن کے روز بابر اعظم کی پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون کو شکست دینے کیلئے پرجوش ہیں۔
حال ہی میں نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران عماد وسیم نے پی ایس ایل 8 کیلئے کراچی کنگز کے پہلے میچ سے متعلق گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ہر ٹیم سے میچ ایک ہی اہمیت کا حامل ہے لیکن اس بار کراچی اور پشاور زلمی کے میچ کی سوشل میڈیا پر خاصی ڈسکشن ہورہی ہے، کراچی کنگز بھی پشاور کی طرح پرجوش ہے اور جیت کیلئے پشاور زلمی کی طرح ہی محنت کریں گے۔
کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ٹیم کے سارے لڑکے بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں ، لہٰذا ہمیں ویلنٹائن کے روز کراچی والوں کو جیت کر اچھا تحفہ دینا چاہیے، اگر ٹیم اچھا کھیل کر ٹورنامنٹ کے آغاز میں شروع کے میچز جیت جائے تو اچھا مومینٹم سیٹ ہوجاتا ہے، پی ایس ایل کا نیو سیزن ہے ہمیں آغاز اچھا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب کپتانی کے حوالے سے بات کرتے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے کرتا دھرتاؤں کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے ایک بار پھر مجھے کراچی کنگز کی کپتانی کیلئے منتخب کیا، کپتانی کسی بھی کھلاڑی کے لیے ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے ساتھ ہی ایک اعزاز بھی ہے، کپتان کا سب سے بڑا کام دوسری ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی ایماندار ی سے کرنا چاہیے جس کے لیے میں دوستی یاری پر یقین نہیں رکھتا، میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جو ٹیم کیلئے بہتر ہوں اور الحمد اللہ ابھی تک لڑکوں کی پرفارمنس بھی بہت اچھی ہے۔

کراچی: سٹی کورٹ کے احاطے میں فائرنگ ،خاتون سمیت 3 افراد زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹی کورٹ میں فائرنگ سے پولیس اہلکار ، خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سٹی کورٹ میں ایک شخص کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں خاتون اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنی بیٹی اور داماد پر فائرنگ کی ، پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔
فائرنگ سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی پر پیش آیا۔

سٹیٹ بینک نے مخصوص درآمدی سامان کی پیشگی منظوری کی شرط واپس لے لی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مخصوص درآمدی سامان کی پیشگی منظوری کی شرط ختم کر دی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کاروباری اداروں کی سہولت کے لیے مخصوص درآمدی سامان کی پیشگی منظوری کی شرط واپس لے لی گئی ہے اور اس کی جگہ بینکوں کو عمومی ہدایت جاری کی ہے کہ خوراک، ادویات، توانائی وغیرہ جیسی ضروری اشیاء کی درآمد کو ترجیح دیں۔
مرکزی بینک نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کے مطابق درآمدی اشیاء لے کر آنے والے شپنگ کنٹینرز کی بڑی تعداد بندرگاہوں پر موجود ہے کیونکہ بینکوں کی جانب سے شپنگ کی دستاویزات جاری کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے۔
سٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے تمام درآمد کنندگان کو ایک بار سہولت فراہم کریں جو یا تو اپنی ادائیگی کی میعاد کو 180 دن (یا اس سے زائد) تک توسیع دے سکتے ہوں یا جو اپنی زیر التوا درآمدی ادائیگیوں کے تصفیے کے لیے بیرون ملک سے رقوم کا بندوبست کر سکیں۔
بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 مارچ 2023 تک درآمدی اشیاء کی دستاویزات کو پروسیس کر کے جاری کریں جو پاکستا نی بندرگاہ پر آ چکی ہوں یا 18 جنوری 2023ء کو یا اس سے قبل روانہ ہو چکی ہوں۔
بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کے علم میں یہ بات لائیں کہ وہ مستقبل میں کسی زحمت سے بچنے کے لیے کوئی بھی درآمدی لین دین شروع کرنے سے پہلے اپنے بینک کو اس سے آگاہ کریں۔

یوٹیلٹی سٹور پر سستے گھی کا حصول خواب بننے لگا، شہری خوار

لاہور: (ویب ڈیسک) مہنگائی کے توڑ کا دعوے کرنے والی حکومت یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کے فقدان کا مسئلہ حل نہ کر سکی، سٹورز پر اشیائے ضروریہ نایاب ہوچکی ہیں۔
لاہور کے بیشتر یوٹیلٹی سٹورز پر سستا گھی نایاب ہوگیا ہے، شہریوں کو طویل انتظار کے باوجود گھی نہیں ملتا، یوٹیلٹی سٹور گھی کا نرخ 300 روپے کلو مقرر ہے، سستا گھی کی سپلائی انتہائی محدود ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈی ختم کرنے سے شہری 300 روپے کلو والے سستے گھی سے محروم ہوگئے ہیں، درجہ دوئم ایک کلو گھی کا پیک 460 سے بڑھ کر 480 روپے کلو ہو گیا جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد کو ایک کلو گھی کا پیک 375 روہے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ سستے گھی کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، گھنٹوں لائنوں میں کھڑا رہنے کے بعد بھی کم نرخوں پر گھی میسر نہیں، غریب آدمی کے لیے تو دو وقت کی روٹی بھی کھانا مشکل ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر پہلے کم نرخوں پر اشیا دستیاب ہوتی تھیں اب وہ سلسلہ بھی ختم کر دیا گیا ہے جس سے مہنگائی کے اس دور میں مشکلات دو چند ہوگئی ہیں۔