رات تک پورے ملک میں بجلی کا نظام بحال ہو جائے گا: وزیر توانائی خرم دستگیر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پورے ملک میں ٹیمیں فنی خرابی دور کرنے کیلئے متحرک ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ بجلی کے نارتھ، ساؤتھ نظام میں خرابی کی وجہ سے فراہمی متاثر ہوئی، اللہ کے کرم سے ترسیلی نظام محفوظ ہے، وولٹیج میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ ہوا، پچھلے کئی گھنٹوں سے پورے ملک میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
انہوں نے کہا اوچ کے مقام پر پاور پلانٹ متبادل کے طور پر بجلی فراہم کر رہا ہے، وسیع بریک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر اعظم نے تین رکنی کمیٹی بنا دی ہے، پوری توجہ محنت کے ساتھ بجلی بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، رات تک پورے ملک میں بجلی کا نظام بحال ہو جائے گا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا زیرو روٹ لینے سے انکار، اپنی گاڑی، اپنا پٹرول استعمال کرونگا، محسن نقوی

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے زیرو روٹ لینے سے انکار کر دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا کہ سرکاری پروٹوکول بھی نہیں لیا جائے گا، اپنی گاڑی اور اپنا پٹرول استعمال کروں گا۔
نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی بغیر پروٹوکول وزیر اعلیٰ آفس پہنچے، انہوں نے وزیر اعلیٰ آفس کے افسروں سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ آفس کے افسروں کا محسن رضا نقوی سے تعارف کرایا گیا۔
واضح رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی اپنی گاڑی میں وزیر اعلیٰ آفس پہنچے۔

اس شہر کی پھر سے خدمت کروں گا، راؤ انوار

کراچی: (ویب ڈیسک) نقیب اللہ محسود قتل کیس میں بری ہونے والے ایس ایس پی راؤ انوار نے کہا ہے کہ آج جھوٹا کیس انجام تک پہنچ گیا، اس شہر کی پھر خدمت کروں گا اور ظالموں سے آخری سانس تک لڑتا رہوں گا۔
نقیب اللہ قتل کیس میں باعزت بری ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راؤ انوار نے کہا کہ جھوٹے کیس کا آج انجام ہوگیا،اللہ نے اور جج نے ہمارے ساتھ انصاف کیا ہے، کیس سے متعلق مزید چیزیں بھی میڈیا کو بتاؤں گا، جس کو گولی لگی اس کا نام نقیب اللہ نہیں نصیب اللہ تھا اس کی غلط تصویر میڈیا پر چلوائی گئی۔
راؤ انوار نے مزید کہا کہ اس شہر کی پھر سے خدمت کروں گا جب تک سانس ہے ظالموں سے لڑتا رہوں گا۔

وزیراعظم کا بجلی تعطل کا سخت نوٹس، اعلی سطح کی تحقیقات کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کے تعطل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلی سطح کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیر اعظم نے تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دے کر وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی کا اتنا بڑا بحران کس وجہ سے پیدا ہوا، آگاہ کیا جائے اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
وزیراعظم نے بجلی کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات برداشت نہیں۔

اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود 16 سے بڑھا کر 17 فیصد کر دی۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پریس کانفرنس میں مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کر رہے ہیں، جس سے شرح سود 16 سے بڑھا کر 17 فیصد کر دی گئی ہے۔
جمیل احمد خان کا کہنا تھا کہ ترقی کی شرح 2 فیصد سے کم رہ سکتی ہے، معیشت پر دباؤ برقرار رہا تو مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے نویں جائزے کے بعد ڈالر آئیں گے جس سے صورتحال بہتر ہوگی۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے 6 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تین اعشاریہ سات ارب ڈالر رہا، درآمدات میں کمی کی وجہ سے بزنس کمیونٹی متاثر ہو رہی ہے، لارج سکیل مینوفیکچرز میں کافی ایشوز چل رہے ہیں، جی ڈی پی گروتھ 2 فیصد سے کم رہ سکتی ہے۔
جمیل احمد خان نے کہا کہ مہنگائی کا زور ہے، قیمتوں میں استحکام ضروری ہے، قرضوں کی ادائیگیوں کا اثر ہمارے ریزرو پر پڑتا ہے، ہم اپنے ٹارگٹ کے مطابق چل رہے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی سے دسمبر تک 3.7 ارب ڈالر ہے، درآمدات کا کافی فرق آ رہا ہے، امپورٹ، ایکسپورٹ کے مسائل کی وجہ سے گروتھ پر منفی اثر آئے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ دو ارب ڈالر سود ادا کر چکے ہیں، اگلے چار سے پانچ ماہ میں ایک ارب ڈالر مزید سود ادا کرنا ہے، جولائی سے جنوری تک بڑے بڑے قرضے واپس کیے، ڈالرز کی غیر قانونی خرید و فروخت پر ایکشن لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بہت بڑے بڑے قرضے واپس کیے، 9 بلین ڈالر قرض ادا کیا ہے، 6 بلین ڈالر رول اوور ہوا ہے، 3 ارب ڈالر سے کم قرضہ رواں مالی سال کے آخری چند ماہ میں ادا کرنا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا تھا کہ بینکوں کےخلاف ایکشن میں ابھی تھوڑا سا وقت لگ رہا ہے، عالمی مارکیٹ کی بے یقینی صورتحال کا بھی پاکستان پر اثر پڑ رہا ہے، وزارت خزانہ آئی ایم ایف سے رابطے میں ہے، جلد پراگریس ہو گی، منی بجٹ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بات کا جواب وزارت خزانہ ہی دے گی۔

اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی کامیڈی ڈرامہ فلم ’سیلفی‘ کا ٹریلر جاری

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی آنے والی فلم ’سیلفی‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔
راج مہتا کی ہدایتکاری میں بننے والی کامیڈی ڈرامہ فلم ’سیلفی‘ ملیالم زبان کے کامیڈی ڈرامہ ڈرائیونگ لائسنس کا ریمیک ہے جس کی کہانی ایک سپر اسٹار اور اس کے دیوانے پولیس مداح کے گرد گھومتی ہے۔
مداح سپراسٹار کے ساتھ سیلفی لینے کیلئے خوب جتن کرتا ہے تاہم سیلفی نہ ملنے پر اداکار سے بدلہ لیتا ہے اور اسے ڈرائیونگ لائسنس کیلئے خود آفس آنے پر مجبور کرتا ہے۔
فلم میں اکشے کمار اور عمران ہاشمی مرکزی کردار کریں گے جبکہ اداکارہ نصرت بھروچا اور ڈیانا پینٹی بھی شامل ہوں گی۔
کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی سیلفی 24 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
یاد رہے کہ اکشے اور عمران ہاشمی کی اس جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے اور وہ فلم کی ریلیز کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

بھارتی کرکٹر کے ایل راہول اور آتھیا شیٹی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

کھنڈالہ: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی اور کرکٹر کے ایل راہول رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
گزشتہ کئی دنوں سے اپنی شادی کی افواہوں کی وجہ سے خبروں کا حصہ بننے والے کے ایل راہول اور آتھیا شیٹی بلاآخر شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
کے ایل راہول کی شادی میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا جبکہ شادی سے میڈیا کو بھی دور رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی شادی کی تصاویر تاحال سامنے نہیں آئیں ہیں تاہم اجے دیوگن نے اس نئی نویلی جوڑی کو سوشل میڈیا پر شادی کی مبارکباد دی ہے۔
اجے دیوگن نے ٹوئٹر پر آتھیا اور کے ایل راہول کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پیارے دوست سنیل شیٹی اور مانا شیٹی کو ان کی بیٹی آتھیا اور کے ایل راہول کی شادی کی مبارکباد ، نوجوان جوڑے کو خوشگوار ازدواجی زندگی کی دعائیں‘۔
اجے دیوگن کے اس ٹوئٹر پیغام سے آتھیا اور کے ایل راہول کی شادی کی خبروں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ وہ جلد بچوں کو میڈیا کے سامنے لائیں گے۔
یاد رہے کہ آتھیا اور کے ایل راہول کی شادی کو خفیہ رکھا گیا تھا تاہم ان کی شادی کی تیاریوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔

دوران سفر جہاز میں بچے کی پیدائش، عملے کا بھرپور تعاون

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان سے دبئی جانے والی پرواز میں دوران سفر خاتون نے بچے کو جنم دے دیا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق 19 جنوری کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے دبئی جانے والی ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز EK319 میں 35 ہزار میٹر کی بلندی پر دوران سفر ایک خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔
پرواز میں موجود مسافروں کے مطابق خاتون کی حالت اچانک خراب ہونے پر جہاز کے عملے نے بہترین انداز سے معاملے کو سنبھالتے ہوئے بچے کی ڈیلیوری میں معاونت فراہم کی۔
رپورٹس کے مطابق ماں اور بچہ دونوں بالکل ٹھیک ہیں، دبئی پہنچنے پر دونوں کو طبی امداد دی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال اگست میں کویت سے فلپائن جانے والی کویت ایئر ویز کی پرواز میں بھی ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا تھا۔

گرین لینڈ کی تیزی سے پگھلتی برف، سطح سمندر میں ہوشربا اضافے کا انتباہ

بریمر ہیون: (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے خبردارا کیا ہے کہ گرین لینڈ کی برف کی چادر اب تک کے سب سے زیادہ گرم درجہ حرارت سے گزر رہی ہے اور اگر یہ درجہ حرارت اس ہی رفتار سے بڑھتا رہا تو 2100 تک دنیا بھر کے سمندر 20 انچ تک بلند ہو جائیں گے۔
2001 سے 2011 تک گرین لینڈ کا درجہ حرارت 20 ویں صدی کی نسبت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ یہ دہائی گزشتہ ہزار سالوں میں سب سے گرم دہائی تھی۔
الفریڈ ویگنر انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے یہ ڈیٹا 1100 سے 2011 تک شمالی وسطی گرین لینڈ کے درجہ حرارت کو دوبارہ تشکیل دے کر حاصل کیا۔
گزشتہ 30 سال سے زائد کے عرصے میں دنیا کے سمندروں کی سطح بلند کرنے میں گرین لینڈ نے بڑا کردار ادا کیا ہے کیوں کہ وہاں برف پگھلنے میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک حالیہ اہم رپورٹ کے مطابق اس خطہ میں 1990 کی دہائی کے مقابلے میں سات گُنا زیادہ تیزی سے برف پگھل رہی ہے۔
ماہرین کی جانب سے اس خدشے کا اظہار بھی کیا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر برف کی چادر کے معاملات ایسی نہج تک پہنچ چکے ہیں جہاں سے واپسی ممکن نہیں۔
یہ بتایا گیا ہے کہ کاربن اخراج کے سبب عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے نتیجے میں گرین لینڈ کی تمام برف پگھل جائے گی۔
برف کی اس چادر کے کنارے پر موجود موسمیاتی اسٹیشن کئی سالوں سے علاقے کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کر رہےہیں لیکن سائنس دانوں پر اب تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ گلوبل وارمنگ کس طرح 3000 میٹر بلند علاقوں کو متاثر کر رہی ہے۔گرین لینڈ کی برف کی چادر کا عالمی موسم کے لیے ایک اہم کردار رکھتی ہے اور اس میں تقریباً 30 لاکھ کیوبک کلومیٹر تازہ پانی ذخیرہ ہے۔
سائنس دانوں کی جانب سے کی جانے والی یہ تحقیق جرنل نیچر میں شائع ہوئی۔

تھائی لینڈ؛ وین اور کار کی ٹکر میں بچوں سمیت11 افراد جل کر ہلاک

بیجنگ: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں چین کے نئے قمری سال کے آغاز پر سیاحتی مقام سے آنے والی مسافر وین ایک کار سے ٹکرا گئی اور آگ بھڑک اُٹھی جس میں 11 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وین میں حادثے کے وقت موجود مسافروں میں سے صرف ایک نوجوان اپنی جان بچا سکا۔ کسی اور مسافر کو وین سے نکلنے کی مہلت بھی نہ مل سکی۔
زندہ بچ جانے والے واحد مسافر، 20 سالہ طالب علم نے بتایا کہ حادثے کے وقت میں سو رہا تھا آنکھ کھلی تو خوفناک منظر دیکھا۔ پچھلے حصے میں آگ لگی تھی۔ میں نے دروازے پر لاتیں مار کر شیشہ توڑا اور بمشکل رینگتے ہوئے نکلا۔
طالب علم نے مزید بتایا کہ جیسے ہی میں وین سے باہر نکلا، زور دار دھماکا ہو گیا اور پوری وین دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ اندر سے مسافروں کے چیخوں کی آواز سنائی دے رہی تھیں لیکن میں کچھ نہ کرسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کا پتہ چلانا مشکل ہے کہ حادثہ کس کی غلطی سے پیش آیا۔ سال نو پر ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔

رواں ہجری سال مسجد الحرام میں 10 کروڑ عازمین کی آمدروفت ریکارڈ

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) بیت اللہ شریف کی مسجد الحرام میں رواں ہجری سال 10 کروڑسے زائد عازمین کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
حرمین شریفین کے امور کی نگرانی کے ذمے دار ادارے کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے انکشاف کیا ہے کہ 1444ھ کے آغاز سے لے کر اب تک بیت اللہ شریف کی مسجد الحرام میں 100 ملین سے زیادہ افراد کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی جبکہ حجر اسماعیل کے قریب نماز ادا کرنے والوں کی تعداد اس سال کے دوران 11 لاکھ 93 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 22 ویں سائنٹیفک فورم برائے حج، عمرہ اور وزٹ ریسرچ کے دوسرے سیشن میں اپنی شرکت کے دوران کیا۔
اعداد وشمار کے مطابق گاڑیوں کی نقل و حمل کی خدمات کے لیے ایک سال کے دوران 15 لاکھ سے زیادہ مہمانوں کی خدمت کی گئی۔
ڈاکٹر السدیس کا مزید کہنا تھا کہ مسجد نبوی ﷺ میں بزرگوں اور معذوروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے 50 سے زائد گاڑیاں صرف معمر افراد اور خاص ضرورت والے افراد کے لیے مختص کردی گئی ہیں۔
سال 2023 کے دوران دونوں مقدس مساجد میں رضاکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہاہے ، گاڑی کی خدمات کو ضرورت مند افراد تک پہنچانے کے لیے الیکٹرانک آرڈر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ مسجد الحرام میں الیکٹرانک طواف کی سروس کی فراہمی بھی ممکن بنائی جائے گی۔
دونوں مقدس مساجد میں منارۃ الحرمین الشریفین پلیٹ فارم کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے ۔ اس پلیٹ فارم کے تحت خطبات، اسباق اور تلاوت کی ترسیل کی جا رہی ہے جبکہ ایک سال کے دوران لوگوں کی جانب سے اس پلیٹ فارم سے 30 کروڑ سے زیادہ مرتبہ فائدہ اٹھایا گیا ۔

لاس اینجلس فائرنگ ، فرار ہونیوالا مطلوب شخص ہلاک

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں گزشتہ روز فائرنگ کے بعد فرار ہونے والا مطلوب شخص ہلاک ہو گیا۔
لاس اینجلس پولیس کے مطابق مانٹیری پارک نامی علاقے میں مطلوب ملزم کی وین کے قریب پہنچے تو فائرنگ کی آواز آئی، مطلوب شخص وین کے اندر مردہ پایا گیا جس کی شناخت 72 سالہ ہوکین تران کے نام سے ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز نئے چینی سال کے تہوار پر ڈانس اسٹوڈیو کلب میں مشتبہ شخص نے لوگوں پر فائرنگ کی تھی ، فائرنگ سے 5 خواتین اور 5 مرد ہلاک اور 16 افراد زخمی ہوئے تھے، فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم 26 جنوری تک سرنگوں کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں رضوان اور حارث رؤف بھی شامل

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے مینز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کر دیا جس میں دو پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ مینز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر کا کپتان انگلینڈ کے جوز بٹلر کو مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان کے محمد رضوان اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی آئی سی سی مینز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہیں۔
آئی سی سی مینر ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر کے دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، گلین فلپس، سکندر رضا، ہاردیک پانڈیا، سیم کرن، ونندو ہسارنگا اور جوش لٹل شامل ہیں۔