لندن میں پاکستان سے آئے بچوں کی نواز شریف سے ملاقات

لندن: (ویب ڈیسک) لندن میں پاکستان سے آئے بچوں نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، نواز شریف نے بچوں کو آٹو گراف بھی دیے۔
نواز شریف سے پاکستان سے آئے مسلم لیگی کارکن آصف نے اپنے بچوں کے ہمرا سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر نواز شریف نےایک بچےکی شرٹ پر اور ایک بچےکے ہاتھ پر آٹو گراف بھی دیا، ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں، دونوں بچوں نے ان کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔

دلہا نوٹ گِننے میں ناکام ، دلہن کا شادی سے انکار

اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت کے شہر فرخ آباد میں ایک دلہن نے اپنے ہونے والے شوہر کو عین شادی کے دوران اس وجہ سے مسترد کردیا کہ وہ دس روپے کے 30 نوٹ نہیں گِن پارہا تھا۔
21 سالہ دلہن کے اہلِ خانہ کے لیے بھی یہ واقعہ حیران کن تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی کرانے والے پنڈت نے پہلے ہی دلہن کے گھروالوں کو دولہا کے مشکوک کردار سے خبردار کردیا تھا۔ اس کے بعد دلہن نے منڈپ چھوڑ دیا اور اس دوران دونوں خاندانوں کے درمیان بحث اور تلخ کلامی ہوئی۔
پھر دلہن والوں نے آزمائش کے طور پر دولہے کو دس دس کے 30 نوٹ دیئے اور اسے گننے کو کہا ۔ 23 سالہ دولہا کئی کوششوں کے باوجود درست گنتی میں ناکام رہا۔ اس کے بعد دولہن والوں نے کہا کہ لڑکا دماغی طور پر بے حد کمزور ہے۔
اس موقع پر دلہن کے بھائی موہت نے بتایا کہ ہم نے بھروسے کےعزیزوں کے مشورے پر کسی تصدیق کے بغیر شادی طے کردی تھی۔ ہمیں لڑکے کی دماغی اور جسمانی حالت پر شک گزرا تو اسے ایک آسان ٹیسٹ سے گزارا جس کے بعد ہماری بہن نے شادی سے انکار کردیا۔
جھگڑا بڑھنے پر پولیس آگئی اور دونوں خاندانوں کے تصفیئے پر اصرار کرتی رہی۔ تاہم دلہن اور اس کے گھروالوں نے شادی سے یکسر انکار کردیا۔

پلاسٹک کے کچرے سے نمٹنے کے لیے ڈپازٹ اسکیم کا اعلان

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت کی جانب سے پلاسٹک کچرے سے نمٹنے کے لیے ڈیپازٹ اسکیم کا اعلان کردیا گیا۔
اعلان کی گئی اسکیم کے تحت پلاسٹک کی بوتلیں کا کین لینے پر 20 پینی وصول کیے جائیں۔ یہ پیسے کین یا بوتل خالی واپس لوٹائے جانے پر واپس کر دیے جائیں گے۔
اس اسکیم کے لیے ممکنہ طور پر سپر مارکیٹوں میں اور دیگر اسٹورز میں ریورس وینڈنگ مشین نصب کی جائیں گی جن میں خالی بوتلیں جمع کروا کر واؤچر سے پیسے لیے جاسکیں گے۔
برطانیہ میں ہر سال صارفین تقریباً 14 ارب پلاسٹک کی بوتلیں اور نو ارب کین استعمال کرتے ہیں جن کی بڑی تعداد آخر میں کچرا بنتی ہے یا زمین برد کردی جاتی ہیں۔
حکومت کی جانب سے یہ نئی اسکیم انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں 2025 میں متعارف کرائی جائے گی، جس کے ساتھ انڈسٹری میں ضروری تبدیلیوں کے لیے کام کیا جائے گا۔ اسکیم کے نفاذ کا مقصد تین سال بعد پلاسٹک کچرے میں 85 فی صد تک کمی لانے کی یقین دہانی کرانا ہے۔
تاہم، اس اسکیم کے تحت شیشے کی بوتلیں ری فنڈ نہیں جائیں گی۔
اس اسکیم کے متعلق سب سے پہلے 13 سال قبل برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے تجویز پیش کی جس کے بعد 2017 میں اس وقت کے سیکریٹری اسٹیٹ برائے ماحولیات مائیکل گوو نے یہ تجویز پیش کی۔

بنوں میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کا سپاہی شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں ایک سپابی شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکہ ضلع بنوں کے جانی خیل علاقے میں ہوا، دھماکے کے نتیجے میں سپاہی گل شیر وطن پر قربان ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سپاہی گل شیر کی عمر 24 سال اور اس کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی پر اس کے خاتمہ کے لیے آپریشن جاری ہے۔

پی ٹی آئی نے جو استعفےگالیوں کے ساتھ دیے اب وہی واپس لینےکو بیتاب ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف استعفوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یو ٹرن پر برس پڑے، ان کا کہنا ہےکہ جو استعفےگالم گلوچ کے ساتھ دیے تھے اب وہی استعفے واپس لینےکےلیے بیتاب ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان میں شرم اورحیا نام کی کوئی چیز نہیں ہے، حواری کہتے ہیں اب ستّر نشستوں پرالیکشن لڑے گا اورپھر استعفے دےگا، کوئی صاحب عقل یہ نہیں کرسکتا،عمران خان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ہمارے ناموں پر اعتراض کیا گیا، الیکشن کمیشن نے آئینی اور قانونی طریقے سے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کی، پی ٹی آئی کا نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پراعتراض کا کوئی آئینی جواز نہیں، پرویز الہٰی اس عمر میں اپنے رشتےدار کے خلاف ہوگئے ہیں۔

ملک میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 950 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 950 روپے بڑھ کر فی تولہ سونا ایک لاکھ 88 ہزار 150 روپے ہوگیا ہے۔
ملک میں ایک تولہ سونے کا یہ بلند ترین بھاؤ ہے۔ 10 گرام سونے کا بھاؤ 814 روپے اضافے سے ایک لاکھ 61 ہزار 308 روپے ہوگیا ہے۔
عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 3 ڈالر کم ہوکر 1924 ڈالر فی اونس ہے۔

عمران خان کا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری کیخلاف احتجاج کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔
زمان پارک سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر رکھی جاتی ہے، جمہوریت کے پاس اخلاقی معیار ہوتے ہیں، برطانیہ میں وزیراعظم کوجھوٹ بولنےپر مستعفی ہونا پڑا، برطانوی وزیراعظم بریگزٹ پر ایک ووٹ سے ہار جاتا ہے، مستعفی ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے جمہوریت کے معیار اتنے گرگئے کہ کسی کو اعتماد ہی نہیں کہ حکومت شفاف انتخابات کراسکتی ہے، نگران حکومت کی بنیادی وجہ اس کا غیرجانبدار ہونا ہے ، ہم نے ناصر کھوسہ کا نام چنا، سوچا کہ یہ نام ان کو بھی پسند ہوگا، احمد سکھیرا اس وقت کابینہ سیکرٹری ہیں ہم نے سوچا اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہوگا جبکہ نوید اکرم چیمہ بھی شہبازشریف کے سیکرٹری رہ چکے ہیں لیکن انھوں نے ہمارے تمام نام مسترد کیے۔
ان کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں جمعیت علمائے اسلام نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کا نام دیا، انہوں نے صحیح نام دیا تو ہم نے تسلیم کیا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ میں نے اتنی بد دیانت الیکشن کمیشن اپنی زندگی میں نہیں دیکھی، اس الیکشن کمیشن کا ہر فیصلہ ہمارے خلاف آتا ہے ، الیکشن کمیشن کے فیصلوں پر 8 مرتبہ عدالت گئے اور وہاں فیصلہ ختم ہوا، اس حکومت نے توشہ خانہ میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ مانگا تو کہتے ہیں سیکرٹ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چوری کیں۔
سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ایک آدمی جس نے سب سے زیادہ ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی، اس کا نام محسن نقوی تھا، ہماری حکومت گرانے میں ایک شخص بھاگا پھرتا تھا وہ محسن نقوی تھا، انٹیلی جنس بیورو نے محسن نقوی کی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ دی تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ جس کو زرداری نے بیٹا بنایا ہوا ہے اس کی ساکھ کیا ہوگی؟ باہر کی دنیا میں آصف زرداری کو مسٹر 10 پرسٹ کہا گیا ، محسن نقوی میں نہ اخلاقی معیار ہے نہ غیرجانبداری، اس کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنھوں نے میرے نام پرکاٹا ڈالا ہے، مجیب الرحمان پر کاٹا ڈالا گیا ملک ٹوٹ گیا، پیپلزپارٹی پر کاٹا ڈالا گیا تو ایم کیو ایم بن گئی، نواب اکبر بگٹی پر کاٹا لگایا گیا بلوچستان کے حالات اب تک ٹھیک نہ ہوئے، سیاستدانوں پر کاٹا لگانے سے ملک کو نقصان ہوتا ہے، محسن نقوی تمام ان لوگوں کو لیکر آئے گا جو ہمارے سخت مخالف ہیں۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ اس الیکشن کمیشن سے زیادہ نقصان ملک کو کسی نے نہیں پہنچایا، محسن نقوی کی تعیناتی اور الیکشن کی تاریخ کیلئے عدالت جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ چور کراچی کی طرح دھاندلی کرکے ملک پرپھر مسلط ہونا چاہ رہے ہیں، قوم کو ان چوروں کے خلاف احتجاج کیلئے نکلنا چاہیے، جس نے پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرائی اس کو تسلیم کرلیں تو ہم میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں کل سے احتجاج شروع کررہا ہوں، کل لاہور میں احتجاج کریں گے، بدھ کو پنڈی میں احتجاج ہوگا، اس کے بعد فیصل آباد اور ملتان میں احتجاج کریں گے، ملک کے مختلف شہروں میں ہر روز احتجاج شروع ہوگا، ہم محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ بالکل تسلیم نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا اور انہوں نے رات کو ہی عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف نے محسن نقوی کی تقرری کی مخالفت کی اور سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد معاملہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔

ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی، بیرکوں کو آگ لگادی

گجرات: (ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ جیل گجرات ہنگامہ آرائی کے دوران قیدیوں نے بیرکوں کو آگ لگادی۔
ذرائع کے مطابق گجرات میں جیل انتظامیہ کے ناروا سلوک پر قیدی بھڑک اٹھے، ایک قیدی بیرک کی دیوار میں کیل لگا رہا تھا جیسے پولیس والوں نے تشدد کیا تو بات ہنگامہ آرائی تک پہنچ گئی۔
مشتعل قیدیوں نے بیرکوں کو آگ لگا دی اور جیل کی چھتوں پر چڑھ گئے،پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر جیل کو حصار میں لے لیا،فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران کچھ قیدی اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں،سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں، حالات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گجرات جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کے واقعہ کا نوٹس لیکر کمشنر اور آر پی او گجرات کو فی الفور ڈسٹرکٹ جیل پہنچنے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے، ذمہ دار قیدیوں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

سربراہ پاک فضائیہ سےکمانڈر امریکی ائیرفورس سینٹرل کمانڈکی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نائنتھ ائیر فورس (امریکی ائیر فورس سینٹرل کمانڈ) کےکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے آج سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاک فضائیہ کی جانب سے گزشتہ برسوں میں خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔
انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی ائیرفورس کے کمانڈر نے گزشتہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستان کی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقعہ پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ دونوں تزویراتی شراکت داروں کے مابین پہلے سے موجود دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانےکے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے سکیورٹی اور جیو پولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن کا بھی ذکرکیا۔
ائیر چیف نے مزیدکہا کہ “پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں”۔
دونوں معززین نے دوران ملاقات تربیت اور آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

طالبہ پر ساتھی طالبات کے تشدد کا معاملہ، مدعی نے مزید 3 افراد کو نامزد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے ڈیفنس کےاسکول میں طالبہ پر ساتھی طالبات کے تشددکی تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے کے مدعی نے مزید 3 افراد کو نامزد کر دیا ہے۔ مزید نامزد کیے گئے افراد میں اسکول انتظامیہ اور ویڈیو بنانے والے شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں پہلے جنہیں نامزد کیا گیا تھا وہ شامل تفتیش ہو چکے ہیں، ویڈیو میں تشدد کرنے والی لڑکیاں عبوری ضمانت کے بعد شامل تفتیش ہوئیں، تمام ملزمان نے پولیس کے سامنے پیش ہو کر بیانات ریکارڈ کرا دیے۔
خیال رہے کہ طالبہ پر تشدد کے کیس پر ایک انکوائری ٹیم بھی بنائی گئی تھی، انکوائری ٹیم نے تاحال اپنی رپورٹ جمع نہیں کرائی ہے۔

شکرگڑھ: ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے بیٹا جاں بحق، باپ زخمی

شکرگڑھ: (ویب ڈیسک) دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کرڈالا جبکہ باپ کو شدید زخمی کردیا۔
افسوسناک واقعہ شکرگڑھ کے قریب مان پور میں پیش آیا جہاں نوجوان وسیم باپ کے ہمراہ کباڑ کے گودام میں بیٹھا تھا کہ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کی، جس سے نوجوان نعیم موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اسکا باپ نصیر احمد شدید زخمی ہوگیا، ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122، پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی، نعش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 35 پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 35 پوائنٹس اضافے سے 38443 پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 417 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، بازار میں 8 کروڑ شیئرز کا کاروبار 2.8 ارب روپے میں ہوا۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 99 کروڑ روپے بڑھ کر 6135 ارب روپے ہے۔

ملکی آبادی میں اضافے کیلیے اقدامات ابھی یا کبھی نہیں کی بنیاد پر کرنے ہیں؛ جاپان

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے شرح آبادی میں خطرناک حد تک کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان کی سکڑتی آبادی کو روکنا ناگزیر ہوگیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ ابھی یا کبھی نہیں کی بنیاد پر حل ہونا چاہیے۔
قبل ازیں پارلیمنٹ سے خطاب میں وزیراعظم فومیو کیشیدا نے کہا تھا کہ وہ جون تک بچوں سے متعلق پالیسیوں کے لیے بجٹ کو دوگنا کرنے کے منصوبے پیش کریں گے اور اس معاملے کی نگرانی کے لیے بچوں اور خاندانوں کی ایک نئی سرکاری ایجنسی اپریل میں قائم کی جائے گی۔
سال کے پہلے پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم فومیو کیشیدا کا مزید کہنا تھا کہ ہماری قوم اس بات کے دہانے پر ہے کہ آیا وہ اپنے سماجی افعال کو برقرار رکھ سکتی ہے یا نہیں۔