آسٹریلین اوپن ٹینس ،ثانیہ مرزا واک اوور ملنے کے بعد سیمی فائنل میں داخل

میلبورن: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپنا آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
بھارتی جوڑی کو مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں واک اوور ملا ہے، بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپناپر مشتمل بھارتی جوڑی کو کوارٹر فائنل میچ میں لیٹوین جیلینا اوسٹاپنکو اور ان کے ہسپانوی جوڑی دار ڈیوڈ ویگا ہرنینڈز کے خلاف کھیلنا تھا ۔
حریف جوڑی مقابلے کے لئے نہ آسکی اور بھارتی جوڑی کو واک اوور ملنے کے بعد وہ باآسانی مکسڈ ڈبلز کے ٹاپ فور راؤنڈ میں پہنچ گئی ۔
اس سے قبل بھارتی جوڑی نے دوسرے راؤنڈ میں یوروگوئین کھلاڑی ایریل بہاراور جاپانی جوڑی اور ماکاٹو نینومیا کو شکست دے کر ٹاپ ایٹ میں جگہ بنائی تھی۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل ثانیہ مرزانے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ یہ ان کا آخری گرینڈ سلام ہوگا۔

رمیز راجا کو واپس اپنی جگہ پر آجانا چاہیے، وسیم اکرم کا طنز

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔
کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان اور کمنٹیٹر وسیم اکرم نے کہا کہ ملک میں غلط تصور پایا جاتا ہے کہ چیئرمین کسی کرکٹر کو ہی ہونا چاہیے، کوئی بھی کرکٹر بورڈ سے بڑا نہیں ہوتا۔
وسیم اکرم نے رمیز راجا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ چھ دن کیلئے آئے تھے اب چلے گئے انہیں واپس اپنی جگہ پر آجانا چاہیے، نجم سیٹھی تجربہ کار ہیں وہ معاملات ڈیل کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت بورڈز کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے تھی، یہ گلی کوچے کی کرکٹ نہیں ہورہی ہے تم نہیں آؤ گے تو ہم بھی نہیں آئیں گے، مجھے نہیں سمجھ آتا یہ کون لوگ ہیں؟۔
قبل ازیں بھارت رواں سال شیڈول ستمبر کے آخر میں ایشیاکپ کے لیے پاکستان میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تھا جس کے جواب میں اسوقت کے چیئرمین رمیز راجا نے موقف اپنایا تھا کہ اگر بھارت ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا ہے تو ہم بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں شرکت نہیں کریں گے۔
تاہم پی سی بی نے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے حکام کے ساتھ 4 فروری کو بحرین میں ہنگامی میٹنگ کی ہے۔
بابراعظم کو بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے کا مشورہ دینے پر ہونے والی تنقید کے سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ 1،2 صحافی ایسے ہیں جو کھانا کھاتے نہ چائے پیتے ہیں، بس 24 گھنٹے ٹوئٹر پر ہوتے ہیں۔ لیگ کرکٹ میں ٹریڈ ہونا معمول کی بات ہے،میری بابر اعظم سے اچھی بات چیت اب بھی ہوتی ہے،وہ اپنا بچہ ہے،میں اسے سپورٹ اوراچھی کارکردگی پر داد بھی دیتا ہوں۔
شاہین شاہ آفریدی بھی جب رابطہ کرتے ہیں ان کی رہنمائی کرتا ہوں، کھلاڑیوں کی ٹی20 ورلڈکپ میں کارکردگی اچھی رہی اور ٹیم نے فائنل بھی کھیلا۔

50 ہزار سال بعد دوبارہ زمین کے قریب آنے والا ستارہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ایک سبز دم دار ستارہ زمین کے قریب سے 50 ہزار سال بعد دوبارہ گزرنے والا ہے۔
C/2022 E3 نامی اس دم دار ستارے کو مارچ 2022 میں امریکا کے کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے دریافت کیا تھا، اس وقت وہ سورج سے 37 کروڑ 70 لاکھ میل کی دوری پر موجود تھا۔
ماہرین کے تخمینے کے مطابق یہ دم دار ستارہ ہمارے سورج کے مدار میں ہر 50 ہزار سال بعد داخل ہوتا ہے، یعنی یہ آخری بار زمین کے قریب سے اس وقت گزرا تھا جب ہمارے سیارے میں پتھر کا عہد چل رہا تھا۔
یہ دم دار ستارہ یکم اور 2 فروری کو زمین کے سب سے زیادہ قریب ہوگا اور 2 کروڑ 70 لاکھ میل دوری سے گزرے گا، دم دار ستارے بنیادی طور پر گرد اور برف کی ایسی گیندیں ہوتی ہیں جو سورج کے بڑے بیزوی مداروں کے گرد گھومتی رہتی ہیں۔
جب دم دار ستارے سورج کے قریب آتے ہیں تو ان کے جسم گرم ہوجاتے ہیں جبکہ برفانی سطح گیس میں تبدیل ہوجاتی ہے اور گرد پھیل جاتی ہے، ان سب عناصر سے بادل سا بنتا ہے جس کے پیچھے گرد کی دم ہوتی ہے۔
C/2022 E3 کی تصاویر پہلے ہی سامنے آچکی ہیں جس میں اس کے اردگرد سبز جگمگاہٹ نظر آئی ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اس رنگت کی وجہ diatomic کاربن نامی مالیکیول ہے، یہ مالیکیول شمسی ریڈی ایشن کی الٹرا وائلٹ شعاعوں میں سبز روشنی خارج کرتا ہے۔
یہ دم دار ستارہ آنے والے دنوں میں دوربین کے بجائے آنکھوں سے دیکھنا بھی ممکن ہوگا مگر ایسی جگہوں پر جہاں تاریکی بہت زیادہ ہو اور روشنی کی آلودگی نہ ہونے کے برابر ہو۔
ویسے دوربین یا ٹیلی اسکوپ سے اسے زیادہ آسانی سے دیکھنا ممکن ہے جبکہ آن لائن بھی ورچوئل ٹیلی اسکوپ پراجیکٹ کے یوٹیوب چینل پر اسے دیکھا جاسکتا ہے۔
مگر اسے دیکھنے کا وقت زیادہ طویل نہیں، اگرچہ اگلے ہفتے اس کا بہترین نظارہ ہوسکے گا مگر فروری کے وسط میں یہ مدھم ہونا شروع ہوجائے گا اور پھر دوبارہ واپسی کے سفر پر روانہ ہوجائے گا۔

چار یو ایس بی پورٹ والا 40 ہزار ایم اے ایچ پاور بینک اور ٹارچ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اسمارٹ فون ہماری زندگی کا لازمی جزو بن چکا ہے اور اسی طرح سفر میں ٹیبلٹ یا چھوٹا لیپ ٹاپ بھی ضروری رہتا ہے۔ اس کے لیے حیرت انگیز طور پر ایک بہت ہی تیز رفتار اور طاقتور پاور بینک بنایا گیا ہے جو 40 ہزار ایم اے ایچ کی قوت رکھتا ہے اور یو ایس بی سی اور یو ایس بی اے کی دو دو پورٹس کے ساتھ دستیاب ہے۔
اس طرح زیادہ پورٹس، بہت طاقتور بیٹری اور الیکٹرون کے تیز رفتار بہاؤ کی وجہ سے یہ غیر معمولی طور پر بہت تیز رفتار چارجر ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک مرتبہ مکمل چارجنگ کے بعد ’آئی فوری‘ پاور بینک ایپل میک بک کو دو مرتبہ، ٹیبلٹ کو چار مرتبہ اور آئی فون کے سب سے جدید ماڈل کو 10 مرتبہ چارج کرسکتا ہے۔
چار پورٹس کی موجودگی سے ایک ساتھ چار ڈیوائس اس سے چارج کیے جا سکتے ہیں۔ اس کا مجموعی پاور آؤٹ پٹ 100 واٹ تک ہے۔ جبکہ پی ڈی فاسٹ چارجنگ پروٹوکول سے یہ فوری طور پر آلات کو بجلی سے بھر دیتا ہے۔ اگر فون مکمل بند ہو تو 30 منٹ میں 60 فیصد تک چارج ہو جاتا ہے۔
سب سے بڑھ کر اس میں ایک جدید ڈسپلے اسکرین ہے جس میں چارجنگ، پاور بینک کی کیفیت، اور دیگر تفصیلات واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ اس طرح فون کو بار بار چارجنگ کی جھنجھٹ سے آزادی مل سکتی ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ اگلی نسل کے اس پاور کو مکمل طور واٹرپروف، ڈسٹ پروف اور گرنے کے بعد ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ بنایا گیا ہے۔ آئی فوری کو مضبوط بنانے کے لیے اس کے دونوں طرف المونیئم کے دو خول لگائے گئے ہیں۔
سب سے بڑھ کر پاوربینک بہت کم وزن ہے آسانی سے ہاتھ میں سما سکتا ہے۔ اس میں 500 لیومن کی طاقتور ٹارچ بھی ہے جو فلیش لائٹ بھی بن جاتی ہے۔ تاہم اسکرین پر ٹچ کے ساتھ اس کی شدت کم یا زیادہ بھی کی جاسکتی ہے۔ اس اہم خاصیت کی بنا پر اس کا وزن ڈیڑھ کلوگرام ہے۔
فی الحال اس کی تعارفی قیمت 99 ڈالر رکھی گئی ہے۔

جوان مرد سے بوڑھا ہونے والا اریزر

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) گزشتہ دنوں ہم نے پینسل کے حروفِ غلط مٹانے والے سب سے بڑے ربڑ (اریزر) کی خبر شائع کی تھی اور اب جاپان کے ایک فنکار نے بہت دلچسپ اریزر بنایا ہے جو استعمال کے ساتھ ساتھ ربڑ کے ساتھ لگی تصویر کو کچھ اس طرح بدلتا ہے کہ وہ جوان سے بوڑھی ہوجاتی ہے۔
ایشی کاوا کازووا نامی فنکار نے انسانی ہیولے کا اریزر بنایا ہے جسے اگر آپ سرکی جانب سے استعمال کریں تو اس کے بال کم ہونے لگتے ہیں اور ایک وقت میں وہ باقاعدہ گنجا ہوجاتا ہے۔ مزید استعمال پر اس کے سارے بال اڑجاتے ہیں اور یوں پھر ماتھا اور چہرے کے خدوخال غائب ہوجائیں گے۔ اس طرح بچے دلچسپ انداز میں اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
ایشی کاوا نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اریزر کی تفصیلات اور شکل شیئر کی ہے۔ اس میں چھوٹے قد کا تاجر نما انسان دھیرے دھیرے گنجا ہوتا رہتا ہے اور آپ کی غلطی اسے بھگتنی پڑتی ہے۔
لیکن انہوں نے ٹویٹ میں ایک دلچسپ جملہ لکھا ہے کہ آپ جتنا اپنا سر(دماغ) استعمال کریں گے، اس کے نتائج اتنے ہی بہتر ہوتے جاتے ہیں۔ اب تک ہزاروں افراد اس اہم اریزر کو پسند کرچکے ہیں اور سب ہی اسے خریدنے کی خواہش رکتھے ہیں۔ اس ربڑ کا نام ’سیلری مین‘ یا تنخواہ دار شخص رکھا گیا ہے۔
تاہم اس کی فروخت اور قیمت کے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

بھارت میں ڈائنوسار کے 250 سے زائد انڈوں کے فاسلز دریافت

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں 250 سے زائد ڈائنو سار کے قدیم انڈے دریافت ہوئے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر قبل از تاریخ سے تعلق رکھنے والے یہ جاندار جدید پرندوں کی طرح گھونسلے بنا کر رہا کرتے تھے۔
بھارت کی یونیورسٹی آف دہلی کے ہارشا ڈھیمن سمیت دیگر سائنس دانوں نے حال ہی میں وسطی بھارت کے نرماڈا گاؤں سے 92 گھونسلے دریافت کئے ہیں جن میں سے ٹائٹینوسارس(ڈائنا سار کی سب سے بڑی نسل) کے 256 فاسل انڈے ملے ہیں۔
محققین کے مطابق یہ باقیات ایسے خطے سے ملی ہیں جو کریٹیسیئس دور(ڈائنا سار کا دور ختم ہونے سے تھوڑا عرصہ قبل) کے آخر سے تعلق رکھنے والے ڈائنا سار کے ڈھانچوں اور انڈوں کی دریافت کے لیے مشہور ہے۔
جرنل PLOS میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ ڈائنو سار ممکنہ طور پر آج کے مگرمچھوں کی طرح اپنے انڈے گڑھوں میں دبا دیا کرتے تھے۔
محققین کے مطابق ٹائٹینوسارس ممکنہ طور پر آج کے پرندوں کی طرح ترتیب وار انڈے دیتے تھے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ تحقیق میں پیش کیا گیا ڈیٹا ڈائنو سار کی زندگی اور ان کی ارتقاء کے متعلق اہم معلومات فراہم کرسکتا ہے۔

گھر کے سامنے پانی پھینکنے پر پڑوسی نے پولیس اہلکار کو قتل کر دیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شاہ خالد کالونی میں گھر کے سامنے پانی پھینکنے پر پڑوسی نے پولیس اہلکار محمد زاہد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد زاہد کو پڑوسی میر افضل نے گھر کے سامنے پانی پھینکنے پر قتل کیا، فائرنگ کے بعد ملزم میر افضل فرار ہو گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول پولیس اہلکار مری میں تعینات تھا، ایئرپورٹ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔

اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا جس میں آدم گیس فیلڈ سے تیل اور گیس کی تلاش کیلئے لیز کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گدو کے مقام پر عمیر آئل فیلڈ کی ٹیسٹنگ کی درخواست پر توسیع کیلئے غور کیا جائے گا، جبکہ پی ایل ایل اور سوکار کے درمیان معاہدے کا فریم ورک بھی منظور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈریپ سمری کے تحت 54 نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین کی سمری منظور کی جائے گی، ڈریپ کی تجویز پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بندرگاہوں پر موجود گندم کی شپمنٹ کے انسپیکشن کی منظوری بھی دی جائے گی، جبکہ کابینہ ڈویژن کیلئے 3 ارب روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی متوقع ہے۔
مزید برآں ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سمری پر سپریم کورٹ عمارت کی ضروری مرمت اور ججز کی رہائش گاہوں کی مرمت کیلئے بھی فنڈز کی منظوری کا امکان ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) نئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی سرکاری پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے دفتر آتے ہوئے اور گھر جاتے ہوئے زیرو روٹس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ عام عوام کی طرح لاہور کی سڑکوں پر سفر کریں گے، ڈاکٹر عثمان انور اہم میٹنگ میں جاتے ہوئے بھی زیرو روٹس نہیں لیں گے۔
زیرو روٹس کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے سی ٹی او لاہور کو آگاہ کر دیا، ٹریفک کے سسٹم کو بہتر بنانے اور عوام کے مسائل کے ادراک کیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیرو روٹس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کے لیے نام فائنل

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کے لئے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی اور گورنر غلام علی کے درمیان مشاورت کے بعد نام فائنل کر لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق نگران کابینہ میں ریٹائرڈ بیوروکریٹ، ماہرین معاشیات اور اہم شخصیات شامل ہیں، نگران کابینہ کے ناموں کے لئے کل صبح تک کا وقت مقرر ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ کابینہ میں سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہو کر چناؤ کیا جا رہا ہے، کابینہ کے لئے اچھی شہرت کے حامل افراد کا چناؤ کیا گیا ہے، کابینہ اراکین کی مکمل چھان بین کے بعد حلف برادری تقریب ہو گی۔

پنجاب میں متنازع ترین افسروں کو تعینات کیا جا رہا ہے: چودھری پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے درمیان مشاورتی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس، ایڈووکیٹ عامر سعید راں اور ایڈووکیٹ امداد حسین چانڈیو بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران موجودہ ملکی صورت حال سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ پنجاب میں نگران سیٹ اپ میں بڑے پیمانے پر بیورو کریسی کی اکھاڑ پچھاڑ کی مذمت کی گئی۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے الیکشن کمیشن غیر جانبداری سے شفاف الیکشن کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہے، پنجاب میں متنازع ترین افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی مخالف شہرت رکھنے والے آفیسرز کو اہم عہدوں ہر تعینات کیا جا رہا ہے، عمران خان کرپٹ مافیا کے آگے ڈٹ کر کھڑا ہے۔

نوجوانوں کو 75 لاکھ روپے تک قرض، ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں، اگر وسائل فراہم کیے جائیں تو ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، ہم نوجوانوں کو 5 سے 75 لاکھ روپے تک کے قرضے دیں گے، اس کے علاوہ نوجوانوں کیلئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ پروگرام لا رہے ہیں۔
’’پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو فراہم کیا جانے والا 5 لاکھ تک کا قرض بلاسود ہو گا، 5 سے 15 لاکھ تک 7 فیصد کی شرح کے حساب سے قرضے دیئے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ہمارے دور میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے، لیپ ٹاپ دیئےتو کہا گیا یہ سیاسی رشوت ہے، لیپ ٹاپ نہیں تو کیا ہاتھوں میں کلاشنکوف دیتا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اپنے وسائل سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے تھے، نوجوانوں سے قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد تھی، کرونا کے دوران نوجوانوں نے لیپ ٹاپ کے ذریعے باعزت روزگار کمایا، نوجوانوں کو وسائل کی فراہمی کےعمل کو کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو اس کی قیمت ادا کرنا ہو گی، سب جانتے ہیں کہ انتہائی مشکل حالات میں ہم نے یہ ذمہ داری سنبھالی، تیل کی امپورٹ پر 27 ارب ڈالر خرچ ہو گئے، کچھ اقدامات کر کے ہم چند ارب ڈالر بچا سکتے تھے، ہماری حکومت نے توانائی بچت پروگرام کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 8 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا تو حکم امتناع لے لیا گیا، توانائی بچت پروگرام کیخلاف ایک صوبے کی حکومت ہائیکورٹ چلی گئی اوراسٹے آرڈر لے لیا، ہائیکورٹ کا ایک حکم جاری ہوا جو سر آنکھوں پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو سیاست کی قربانی دینا پڑے گی، پاکستان کو بچانے کیلئے اپنی سیاسی کمائی قربان کر دوں گا، آج ہم بڑی مشکلات میں ہیں، پاکستان کیلئے جان دے دوں گا، ہر قدم اٹھاؤں گا، ملک کو اس صورتحال سے نکالیں گے۔
وزیر اعظم کا اپنے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ نوجوان ہمارے سروں کے تاج اور پاکستان کے ستارے ہیں، لون پروگرام ہزار گنا زیادہ ہو سکتا تھا لیکن جتنی چادر ہے اتنے پاؤں پھیلائیں گے، نوجوانوں کیلئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ پروگرام لا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اب بھی کہتا ہے شرح سود کو بڑھانا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ سیاست، ریاست کو ایک ساتھ بچالیں، پاکستان کو بچانے کی جو ذمہ داری لی ہے وہ آخری دم تک نبھاؤں گا، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئےایک اور صوبے نے تاخیری حربے اپنائے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں سب سے بڑی ذمہ داری حکومت وقت کی ہوتی ہے، بہت جلد ہم پاکستان کو طوفانی لہروں سے نکال لیں گے، ہم ایک ایک پائی بچا کر آپ کے قدموں میں نچھاور کریں گے، ہم اپنےاقدامات پر 50 فیصد بھی عمل کر لیں تو قوم کی حالت بدل جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خاطر امیر طبقے اور اشرافیہ کو قربانیاں دینا ہوں گی، ماضی سے سبق سیکھیں اور آگے بڑھیں، ماضی میں رہیں گے تو مزید نقصان ہو گا۔

بلاول بھٹو کی ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات

تاشقند: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچ گئے جہاں انہوں نے ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ (ای سی او) کی 26 ویں وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہو رہا ہے، کانفرنس کا تھیم ”رابطے کو مضبوط بنانے کا سال“ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے، اس موقع پر رکن ممالک کے وزراءاور دیگر مندوبین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
کونسل آف منسٹرز اقتصادی تعاون تنظیم کا پالیسی ساز فورم ہے جو تنظیم کے فیصلوں اور سالانہ ورک پلان کی منظوری دیتا ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا 25 واں وزارتی کونسل اجلاس نومبر 2021 میں اشک آباد ترکمانستان میں منعقد ہوا تھا۔
پاکستان ایک بانی رکن کے طور پر اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے لیے پرعزم ہے جس کا مقصد مواصلات، تجارت، ثقافت اور رابطوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ موثر علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔