لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے سیاسی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلوچستان کے سیاسی رہنما جعفر مندوخیل کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، ڈاکٹر افنان اور دیگر بھی شریک ہوئے، نواز شریف نے جعفر مندوخیل سے ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں بلوچستان کے سیاسی حالات اور عوامی معاملات پر بھی گفتگو کی، مسلم لیگ ن بلوچستان کے پارٹی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے جعفر مندوخیل کو صوبے میں مسلم لیگ ن کو متحرک کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
Monthly Archives: January 2023
95 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) فلمی دنیا کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے ’آسکر ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا، جس میں فلم ‘ایوری تھنگ ایوری وئیر آل ایٹ ونس’ 11 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے رہی۔
ہالی وڈ کی اس سائنس فکشن فلم کو بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر، بہترین اداکارہ، بہترین معاون اداکارہ اور بہترین معاون اداکار سمیت دیگر شعبوں کے لیے نامزد کیا گیا۔
95 ویں آسکر ایوارڈز میں بہترین فلم کے لیے ایوری تھنگ ایوری وئیر آل ایٹ ونس کے علاوہ اواتار دی وے آف واٹر،TÁR، ایلوس، The Fabelmans ، The Banshees of Inisherin، ٹاپ گن میورک، آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ، ٹرائی اینگل آف سیڈنس اور Women Talking کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
The Banshees of Inisherin کو مجموعی طور پر 9 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا، خاص طور پر اداکاری کے شعبوں میں اس کے 4 اداکار مقابلہ کریں گے۔
آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ اور ایلوس کو 8 ، 8 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔
The Fabelmans کو بہترین ڈائریکٹر سمیت مجموعی طور پر 7 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔
ٹاپ گن میورک کے حصے میں 6 نامزدگیاں آئیں مگر ٹام کروز خود بہترین اداکار کی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
غیر ملکی فلموں کی کیٹیگری میں پاکستانی فلم جوائے لینڈ جگہ بنانے میں ناکام رہی البتہ بھارتی فلم ‘آر آر آر’ کا گانا Naatu Naatu بہترین اوریجنل گانے کی کیٹیگری میں نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
خیال رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب 12 مارچ کو ہوگی۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی واپسی کا شیڈول پھر تبدیل
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کی وطن واپسی کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل ہو گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی وطن واپسی کے وقت میں ردوبدل ہوا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق مریم نواز صاحبہ اب 28 جنوری، ہفتے کی سہہ پہر 3 بج کر 5 منٹ پر لاہور پہنچیں گی۔
بجلی بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے تعطل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات کے تدارک کیلئے جامع حکمت عملی کی تیاری کا حکم دیا، توانائی کی بچت کی عادتیں اپنانے کیلئے ملک گیر عوامی آگہی مہم چلانے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بریک ڈاؤن کی وجہ سے عوام اور کاروباری برادری کو جس تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ ناقابل قبول ہے، مستقبل میں ایسے کسی واقعے کو برداشت نہیں کروں گا، ذمہ داروں کا واضح تعین کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ توانائی کی بچت کی عادتوں کو عام اور عالمی سطح پر رائج طریقوں کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے گا، گزشتہ 7 سال میں پٹرولیم مصنوعات سے متعلق امپورٹ بل دوگنا ہوچکا ہے، وفاقی کابینہ کو وزارت اطلاعات و نشریات نے توانائی مہم پر بریفنگ بھی دی۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں توشہ خانہ کے حوالے سے بنائی گئی بین الوزارتی کمیٹی کی سفارشات پر مبنی جامع رپورٹ پیش کی گئی، کمیٹی نے نئی پالیسی کا مسودہ بھی اجلاس میں پیش کیا، کابینہ نے بھی کمیٹی کی سفارشات اور نئی توشہ خانہ پالیسی پر اپنی تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تجاویز کی روشنی میں بین الوزارتی کمیٹی اپنی رپورٹ میں ترامیم کر کے آئندہ کابینہ کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کرے، کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 اور 11 جنوری 2023 کے اور CCLC کے 6 جنوری 2023 کے فیصلوں کی توثیق کردی۔
ایف پی سی سی آئی اور اپٹما کے وفد کی وزیر مملکت مصدق ملک سے ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی ایوان صنعت وتجارت اور اپٹما کے وفود نے وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات، بجلی بریک ڈاؤن پر وزیر مملکت نے حکومت کی پوزیشن واضح کی۔
وزیر مملکت نے گزشتہ روز ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجوہات سے وفود کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی فراہمی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کو حکومت یقینی بنائے گی، حکومت کی پالیسیاں کاروبار دوست رہی ہیں، پٹرول،گیس، ایل این جی سے متعلق جامع پالیسی لا رہے ہیں۔
ایف پی سی سی آئی وفد نے توانائی، پٹرولیم اور گردشی قرضوں کے بارے اپنے تحفظات وزیر مملکت کے سامنے رکھے جس پر وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقے کے تمام مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پی ٹی آئی کا اصل نام پاکستان تحریک الزام ہے، مرتضیٰ وہاب
کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا اصل نام پاکستان تحریک الزام ہے، پی ٹی آئی نے الزامات کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر پی ٹی آئی والے خوفزدہ ہو چکے ہیں، پیپلز پارٹی نے شہر سمیت صوبے کے مسائل کے حل میں ہمیشہ دلچسپی لی ہے، مسائل کافی حد تک حل ہونے پر عوام نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے نہ جانے کیوں خائف ہیں، پی ٹی آئی والے جیت کر بھی پریشان رہتے ہیں، آئندہ بھی پریشانی ان کا مقدر ہو گی، تحریک الزام کے لوگ کسی حال میں خوش نہیں ہوسکتے، جس شخص کے یہ پیروکار ہیں وہ خود الزام خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا دنیا کے سامنے مقدمہ لڑا، وزیر خارجہ نے دنیا میں پاکستان کے عوام کی بھرپور انداز میں نمائندگی کی۔
آئی سی سی مینز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا اعلان، بین سٹوکس کپتان ، بابر بھی ٹیم کا حصہ
دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر 2022 کا اعلان کردیا جس میں انگلینڈ کے بین سٹوکس کپتان مقرر ہوئے۔
آئی سی سی نے مینز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر 2022 میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھی شامل کیا ہے جو ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر میں شامل واحد پاکستانی بیٹر ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر 2022 کے دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، ویسٹ انڈیز کے بریتھ ویٹ اور انگلش کھلاڑی جونی بئیرسٹو شامل ہیں۔
بھارت کے ریشبھ پنت، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا، آسٹریلیا کے نیتھن لیون اور انگلش کھلاڑی جیمز اینڈرسن بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل اسد عمر، فواد چودھری، سینیٹر اعظم سواتی اور حماد اظہر نے بھی شرکت کی، ملاقات کے دوران الیکشن کمیشن کے اقدامات کے خلاف آئینی آپشنز پر بات چیت کی گئی۔
زمان پارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران سیاسی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے متنازعہ اقدامات کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے اور سیاسی آپشنز پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں الیکشن کی تاریخ نہ آنے پر اظہار تشویش کیا گیا اور بیورو کریسی کی اکھاڑ پچھاڑ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، چودھری پرویزالٰہی نے آئندہ سیاسی معاملات کے حوالےسے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئلی مذاکرات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئلی مذاکرات ہوئے ، مذاکرات پاکستان کے وقت کے مطابق ساڑھے 6 بجے شروع ہوئے تھے جو تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق معاشی ٹیم آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ورچوئلی شریک ہوئی، وزارت خزانہ حکام نے آئی ایم ایف کو منی بجٹ میں نئے ٹیکس اقدامات پر بریف کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل بڑھانے، بجلی پرسبسڈی ختم کرنے کی شرط عائد کی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ ڈالر ریٹ کا تعین مارکیٹ کے مطابق کیا جائے، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں فرق کو ختم کیا جائے۔
آئی ایم ایف نے ایف بی آر ریونیو اہداف اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں رکھے گئے اہداف کو پورا کیا جائے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکام نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی کابینہ گیس قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد دے گی۔
تاشقند میں بلاول بھٹو زرداری کی ترک ہم منصب میولت چاواشولو سے ملاقات
تاشقند: (ویب ڈیسک) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ازبکستان کے دار الحکومت تاشقند میں ترک ہم منصب میولت چاواشولو کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
ازبکستان میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کے 26 ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاک، ترکیہ قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی اہمیت کے متعدد امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس
پشاور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبے کی امن و امان، معاشی صورتحال اور مالی مسائل سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ کو متعلقہ حکام کی جانب سے صوبے کو درپیش مالی مسائل اور امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، محمد اعظم خان نے صوبے کو درپیش معاملات وزیر اعظم کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چند دنوں میں ملاقات کریں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کیلئے یہ دونوں ایشوز انتہائی اہم ہیں، حکومت ان پر خصوصی توجہ دے گی، اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے ہر ممکن تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی، صوبے میں آئے روز امن و امان کے بڑھتے ہوئے واقعات اور پولیس پر حملے تشویشناک ہیں۔
محمد اعظم خان نے کہا صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، حالات کے تناظر میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو مستحکم کرنے اور جدید آلات سے لیس کرنے کیلئے وفاق سے بات کی جائے گی۔
اجلاس میں سابق عوامی نمائندوں، سابق بیورو کریٹس اور دیگر شخصیات کی سکیورٹی کیلئے پولیس گارڈز کی تعیناتی کے موجودہ نظام پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، ان شخصیات کے ساتھ غیر ضروری طور پر تعینات اضافی اہلکاروں کو واپس بلانے کی تجویز دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں نئی پالیسی تشکیل کیلئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت چار ہزار سے زائد پولیس اہلکار مختلف شخصیات کی سکیورٹی پر تعینات ہیں، جن افراد کو واقعتاً سکیورٹی کی ضرورت ہو، انہیں پولیس گارڈز فراہم کیے جائیں گے، موجودہ صورتحال میں غیر ضروری پولیس گارڈز فراہم کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
شاہ رخ خان میرے پسندیدہ ‘کو سٹار’ ہیں: دیپیکا پڈکون
ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے کہا کہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان ان کے پسندیدہ کو سٹار ہیں۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ دیپیکا پڈکون نے کہا کہ شاہ رخ اور میں بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں فلم اوم شانتی اوم سے شروع ہونے والی کچھ بہترین فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں اپنے پسندیدہ کو اسٹار کے ساتھ کام کررہی ہوں،ہمارا ایک اچھا تعلق ہے اور میرے خیال سے ناظرین بھی ہمیں ساتھ کام کرتا ہوا دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
فلم پٹھان میں شاہ رخ کے ساتھ کام کے تجربے پر بات کرتے ہوئے دیپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ ہم دونوں اس فلم کا کریڈیٹ لے سکتے ہیں، فلم کیلئے شاہ رخ خان نے اچھی ورزش اور کھانے پینے کا خیال رکھا ہے لیکن یہ ایک ٹیم ورک ہے جس کے ساتھ ہم نے کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون اوم شانتی اوم، چنائے ایکسپریس اور ہیپی نیو ائیر سمیت کئی بالی وڈ فلموں میں شاہ رخ خان کے ساتھ جلوہ گرہوچکی ہیں اور اب جلد ہی ان کی فلم پٹھان بھی ریلیز ہونے والی ہیں۔
یونیسکو نے تعلیم کا عالمی دن افغان طالبات کے نام کردیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ‘یونیسکو’ نے دنیا بھر میں آج منائے جانے والے یوم تعلیم کو افغانستان کی طالبات کے نام کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی جانب سے آج یوم تعلیم منایا تھا اور ادارے نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر افغانستان کے حکمرانوں کو یاد دلائیں کہ انہیں افغان لڑکیوں کو پڑھنے کی اجازت دینے کی ضرورت ہے۔
یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آڈرے ازولے نے کہا کہ بین الاقوامی دن کے پانچویں ایڈیشن کو افغانستان میں ان تمام لڑکیوں اور خواتین کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں جنہیں سیکھنے، پڑھنے اور سکھانے کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر یونیسکو نے طالبان حکومت کی جانب سے لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ افغان لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کو فی الفور ہٹایا جائے۔


















