اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہر غیر اخلاقی، غیر جمہوری، غیر قانونی اور غیر شرعی کام کرکے ڈھٹائی سے اس کا دفاع کرنا پی ٹی آئی قیادت کا طرہ امتیاز ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ان پر شیاطین اترتے ہیں، تبدیلی کی حشیش پلا کر سازشی بہروپیے نے بہت سا شر اور گمراہی پھیلائی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے غلیظ قول و فعل سے ریاست مدینہ کے مقدس نام کی بار بار توہین کی، ریاستِ پاکستان کی بنیادیں کمزور کیں، اب مکافاتِ عمل کا وقت ہے۔
Monthly Archives: January 2023
پی ٹی آئی کا فواد چودھری کی گرفتاری کے خلاف عدالت جانے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فواد چودھری کی گرفتاری کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ فواد چودھری کو رات کی تاریکی میں اغوا کیا گیا، یہ بزدلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو ایسے حراست میں لیا گیا جیسے دہشتگرد پکڑے جاتے ہیں۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ بتائیں کہ کیا مارشل لاء لگ چکا اور اسکا اعلان باقی ہے؟ بتائیں فواد چودھری کو کہاں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کواٹھایا تھا، کیا اسکی آواز دبا لی گئی؟، فواد چودھری کی گرفتاری کیخلاف عدالت جائیں گے۔
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہارمیں بارش جاری رہنے کا امکان ہے، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کالام میں 21، مالم جبہ میں 17، میر خانی میں 08، دیر میں 04، دروش میں 03 اور مری میں 02 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 14، قلات منفی 09، گوپس، اسکردو منفی 07، کالام منفی 06 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ علاوہ ازیں ژوب، پاراچنار، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 05، ہنزہ میں منفی 04، مری، پنجگور اور استور میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فواد چودھری کو لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا
لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو پنجاب پولیس نے لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چودھری کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’’ فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ‘‘۔
فرخ حبیب نے اپنے ایک اور پیغام میں چند گاڑیوں کی فوٹیج بھی شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چودھری کو گرفتار کر کے لے جا رہی ہیں۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء اور کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے زمان پارک کے باہر جمع ہو ئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک میں موجود ہیں، گرفتار کر کے دکھائیں، عمران خان کو گرفتار کرنا ایک سازش ہے، ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارکن ملک میں فسطائیت قائم نہیں کرنے دیں گے۔
چینی شہر موہے میں سردی کا 54 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے شہر موہے میں اس وقت خون جما دینے والی سردی پڑ رہی ہے جہاں درجہ حرارت منفی 53 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے شمال میں واقع شہر موہے میں ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے جس نے نظامِ زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح شہر کی سرد ترین صبح کے طور پر ریکارڈ کی گئی جس کا درجہ حرارت منفی 53 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جب کہ اس سے قبل شہر میں 54 برس پہلے 1969 میں منفی 52 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بلاول بھٹو کی سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم خسرو نوزیری سے ملاقات
تاشقند: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم خسرو نوزیری سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے بانی رکن کی حیثیت سے اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم خسرو نوزیری نے خطے میں ترقی اور رابطوں کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس سمیت 97 لاء افسر عہدوں سے فارغ
لاہور: (ویب ڈیسک) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس سمیت 97 لاء افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
ایڈووکیٹ جنرل آفس کے 97 لاء افسروں کو بھی عہدوں سے فارغ کر دیا گیا، جن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق 32 ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور 65 اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چودھری جواد یعقوب کو ایڈووکیٹ جنرل کے امور دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ قانون و پارلیمانی امور پنجاب کی جانب سے 55 وکلا کا بطور ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، ایڈووکیٹ جنرل آفس میں 20 نئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور 35 اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا تقرر کیا گیا ہے۔
حکومت سکلز ایجوکیشن کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، احسن اقبال
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہنر پر مبنی تعلیم پر توجہ دے رہی ہے اور اسے فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے تعلیمی نظام کو جدید رجحانات کے مطابق ڈھالیں۔
تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو) میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تھیوری کے بجائے عملی علم کو فروغ دیں، تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر این ایس یو ڈاکٹر محمد مختار اور طلباء اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ وژن 2025 کے تحت قومی نصابی اصلاحات کا آغاز کیا گیا اور قومی نصاب کونسل بھی قائم کی گئی لیکن پچھلی حکومت نے اصلاحات کے ایجنڈے کو متنازعہ بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ چار اہم چیزوں یعنی نصابی اصلاحات، اساتذہ کی تربیت، امتحانات اور مدرسہ اصلاحات پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ وژن 2025 کا حصہ تھا لیکن بدقسمتی سے سابق حکومت نے ان منصوبوں کو روک دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کی حقیقتیں بدل چکی ہیں کیونکہ سکلز بیس ایجوکیشن نے ڈگری بیس ایجوکیشن سسٹم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یاد رہے کہ دسمبر 2018 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے امن اور ترقی کے لیے سیکھنے کے کردار کو منانے کے لیے 24 جنوری کو تعلیم کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا تھا۔
ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری یکم مارچ سے شروع ہو گی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملکی تاریخ کی پہلی پیپر لیس ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری یکم مارچ سے شروع ہو گی، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم مارچ سے شروع ہونے والی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری یکم اپریل تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری، ساتویں خانہ و مردم شماری کا آغاز ہو رہا ہے، پہلی پیپر لیس مردم شماری میں جیوٹیگنگ شامل ہے۔
ملک بھر میں 7ویں خانہ و مردم شماری پر 34 ارب روپے لاگت آئے گی، ہر شہری پورٹل پر ڈیجیٹل مردم شماری میں از خود اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کر سکے گا۔
دنیا بھر میں کشمیری 26 جنوری بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائینگے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مقیم کشمیری 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے جس کا مقصد عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔
یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند جماعتوں نے اس کی حمایت کی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہے اور اسے خود کو بڑا جمہوری ملک قرار دینے کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔
تہاڑ جیل میں نظر بند رہنما نے اپنے پیغام میں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور زبردستی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں و کشمیر کے عوام کو اپنی سیاسی قسمت کا فیصلہ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کرانے کے اپنے وعدوں کے باوجود کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت کے زور پر دبانے کے لیے پرتشدد راستے کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے جو خطے میں بدامنی کی ایک بڑی وجہ ہے، ادھر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھی کل جماعتی حریت کانفرنس کی ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ ان کے مادر وطن پر بھارت کا غیر قانونی اور زبردستی قبضہ ان کے لیے ناقابل قبول ہے۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیر میں ہلاکتوں اور تباہی میں ملوث ہے اور اس نے لاکھوں کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنایا ہوا ہے اور اسے یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس بات سے آگاہ ہے کہ بھارت ایک غاصب ملک ہے جس نے ہمیشہ کشمیریوں کی امنگوں اور ان کے جمہوری حقوق کو پامال کیا ہے اور انہیں گزشتہ 75 سال سے زائد عرصے سے غیر قانونی فوجی قبضے میں رکھا ہوا ہے۔
بینظیر انکم سپورٹ کی رقم میں کٹوتیاں کرنے والے 19 پی او ایس ایجنٹس گرفتار
لاہور: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر بی آئی ایس پی نے نوٹس لیتے ہوئے ملتان ریجن کے 149 اے ٹی ایمز اور بائیو میٹرک سسٹم مکمل طور پر فعال کر دیئے۔
ترجمان بی آئی ایس پی نے کہا ہے کہ تمام اے ٹی ایمز 24 گھنٹے کی بنیاد پر فعال ہیں، مستحقین سے غیر قانونی کٹوتیوں میں ملوث مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، پنجاب ریجن میں 312 پی او ایس ایجنٹس کو شکایات کی بنیاد پر بلاک کیا گیا، 30 ایف آئی آر درج کر کے 19 پی او ایس ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان بی آئی ایس پی نے مزید کہا کہ رقوم میں کٹوتی یا کسی بھی شکایت کی صورت میں قریبی BISP تحصیل دفتر سے رجوع کیا جائے، مستحقین کی شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے 16 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت بحال کر دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع کروانے کے بعد 16 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت بحال کر دی جن میں 4 سینیٹرز اور 12 اراکین اسمبلی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق رکن اسمبلی شہر یار مہر اور سید محمد راشد شاہ کی رکنیت بحال کر دی، سینیٹر کامران مائیکل ، سیف اللہ آبڑو، محسن عزیز اور ثانیہ نشتر کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی ہے۔
چودھری عابد رضا، عصمت اللہ، لال چند، موسیٰ گیلانی اور خالد مقبول صدیقی کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی، الیکشن کمیشن نے مالی گوشواروں کی تفصیلات نہ جمع کروانے پر ان اراکین کی رکنیت معطل کر رکھی تھی۔
انڈر19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ بدترین شکست
آکلینڈ: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ میں جاری آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ ویمن کے ہاتھوں 103 رنز سے شکست سے دوچار ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کے امکانات بھی محدود ہوگئے ہیں۔
کیویز کی طرف سے ایک سو اناسی رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم سات وکٹ کے نقصان پر صرف 75 رنز بناسکی۔
نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹیں گنوا کر مخالف ٹیم کو 178 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ جارجیا پلیمر 53 رنز بناکر نمایاں رہیں جب کہ پاکستان کی انوشا ناصر نے 3 اور ماہ نور آفتاب نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
جواب میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بناسکی، اریشہ نور 24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔


















