لاہور: فرنیچر کےگودام میں آگ لگ گئی ، متعدد دکانیں جل کرخاکستر

لاہور: (ویب ڈیسک) باغبانپورہ میں شالیمارباغ کے سامنے فرنیچر کے گودام میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ۔
لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں رات گئے لگنے والی آگ کے نتیجے میں فرنیچر کی 52 دکانیں جل گئیں جبکہ 6 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، ریسکیو ٹیموں نے شدید دھویں کیوجہ سے قریبی گھروں سے لوگوں کا محفوظ انخلاء کروایا ۔
ریسکیو کے مطابق فائر اینڈ ریسکیو آپریشن میں کوئی زخمی یا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، اور 04 گھنٹے کی چیلنجنگ فائر فائیٹنگ سے آگ کو محدود اور کنٹرول کیا گیا۔
فائر اینڈ ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کی 15 ایمرجنسی وہیکل اور 50 ریسکیورز نے حصہ لیا، آگ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے نقصان کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔

فواد چودھری کی گرفتاری جمہوریت، قانون کی بالادستی پر طمانچہ ہے: شاہ محمود قریشی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فواد چودھری کی گرفتاری جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر طمانچہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فواد چودھری کی علی الصبح بغیر وارنٹ گرفتاری اس ملک کی جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر ایک زور دار طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا قصور ہے فواد چودھری کا، کس جرم کے تحت اٹھایا گیا اسے، خدارا پاکستان کے ساتھ کھلواڑ بند کیا جائے، ورنہ حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔
خیال رہے رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو پولیس نے لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔

کراچی ایئرپورٹ سےسونا اور غیر ملکی کرنسی سمگلنگ کی کوشش ناکام ، ملزم گرفتار

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ایئرپورٹ سے سونا اور غیرملکی کرنسی بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ، ایک ملزم کوگرفتار کرلیاگیا ۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے نے کراچی سے بنکاک جانے والے مسافر سے 1 لاکھ 15 ہزار امریکی ڈالر، 31 ہزار کینیڈین ڈالر اور 50 گرام سونا برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ترجمان کے مطابق مسافر راحیل نے تمام نقدی اور سونا اپنے بیگ میں انتہائی مہارت سے چھپا رکھا تھا، اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران نقدی اور سونا برآمد کر لیا ، نقدی اور سونے کی پاکستانی روپوں میں مالیت 3 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

آسٹریلین اوپن مینزسنگلز :سٹیفانوس سیٹسیپاس اور کیرن خچانوف سیمی فائنل میں پہنچ گئے

سڈنی : (ویب ڈیسک) یونان کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 3 سٹیفانوس سیٹسیپاس اور روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔
آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے میلبورن میں جاری ہیں ، یونان کے نامور ٹینس سٹار سٹیفانوس سیٹسیپاس نے جمہوریہ چیک کے جیری لیچیکا اور روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف نے امریکا کے سیباسٹین کورڈا کو کوارٹر فائنل میں شکست دی ۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں یونان کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 3 سٹیفانوس سیٹسیپاس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف جمہوریہ چیک کے کھلاری جیری لیچیکاکو 3-6، 6-7(2-7) اور 4-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے ۔
ایک اور میچ میں روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ، انہوں نے کوارٹر فائنل میچ میں حریف امریکی کھلاڑی سیباسٹین کورڈا کے میچ کے دوران فٹنس مسائل کے باعث دستبردار ہونےکےبعد ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کیرن خچانوف کو ابتدائی دو سیٹس میں 6-7(5-7) اور 3-6 سے برتری حاصل تھی ، تیسرے سیٹ میں ان کو امریکی کھلاڑی کے خلاف 0-3 کی برتری تھی کہ حریف کھلاڑی مقابلے سے دستبردار ہوگئے ۔

اوکاڑہ میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ سے ایک شخص قتل

اوکاڑہ : (ویب ڈیسک) تھانہ منڈی احمد آباد کی حدود میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے تھانہ منڈی احمد آباد کی حدود نواحی گاؤں بونگی سائبہ میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ ایک شخص کی جان لے گئی ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ، ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا تاہم فائرنگ کرنیوالے ملزمان کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے ۔

بیروت دھماکہ کیس : لبنان کے سابق وزیراعظم حسن دیاب پر فرد جرم عائد

بیروت : (ویب ڈیسک) لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر 2020 میں ہوئے دھماکے کے معاملے پر اس وقت کے وزیراعظم حسن دیاب پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر 2020 میں ہوئے دھماکے کے معاملے میں سابق وزیراعظم حسن دیاب ، دوسابق وزراء، پراسیکیوٹر جنرل اور دیگر تین ججوں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے جبکہ اعلیٰ سکیورٹی حکام سمیت 15ا فراد کو شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی تفتیش کار جج طارق بیطار نے ایک سال بعد گزشتہ روز تحقیقات کا دوبارہ آغازکیا تھا ، دھماکے کے مقدمے میں سابق وزیراعظم حسن دیاب اور دیگردو وزراء پر خونریزی کی فرد جرم عائد کی گئی ہے تاہم پراسیکوٹر جنرل و دیگر 3 ججوں پر عائد الزامات کی وضاحت نہیں کی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ 4اگست 2020 میں دھماکا بیروت کی بندرگاہ پر موجودسیکڑوں ٹن امونیم نائٹریٹ کی وجہ سے ہوا تھا جس میں 220افراد ہلاک اور 6500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے نو منتخب وزیراعظم کرس ہپکنز نے حلف اٹھا لیا

ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) جیسنڈا آرڈرن کے گزشتہ ہفتے اچانک استعفیٰ دینے کے بعد لیبر پارٹی کے رہنما کرس ہپکنز نے نیوزی لینڈ کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی گورنر جنرل اور بادشاہ چارلس کی نمائندہ ڈیم سنڈی کیرو نے بدھ کے روز دارالحکومت ویلنگٹن میں باضابطہ طور پر کرس ہپکنز سے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب کے دوران کارمل سیپولونی نے بھی بطور نائب وزیر اعظم حلف اٹھایا۔
اس موقع پر نو منتخب کیویز وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے، میں آگے آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پرجوش ہوں۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نیوزی لینڈ کی مؤثر حکمت عملی میں اہم کردار ادا کرنے والے 44 سالہ ہپکنز کو آرڈرن کے استعفے کے بعد اتوار کے روز پارٹی کی سربراہی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

سابق امریکی نائب صدر مائیک پینس کے گھر سے بھی خفیہ دستاویزات برآمد

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات سرانجام دینے والے حکام کے گھروں سے خفیہ دستاویزات برآمد ہونے کا سلسلہ جاری، سابق امریکی نائب صدر مائیک پینس کے گھر سے بھی خفیہ دستاویزات برآمد ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک وکیل کی طرف سے سابق نائب صدر مائیک پینس کے انڈیانا کے گھر سے برآمد ہونے والی دستاویزات فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی ) کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وکلاء کو کچھ دستاویزات ملی ہیں جو ممکنہ طور پر حساس یا خفیہ معلومات پر مشتمل ہو سکتی ہیں جنہیں سابق نائب صدر نے ایک سیف میں بند کر رکھا تھا۔
مائیک پینس کے نمائندوں نے نیشنل آرکائیوز کو ایک خط بھیجا جس میں انہیں دستاویزات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سابق صدر ٹرمپ نے پینس کے دفاع میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معصوم آدمی ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی جان بوجھ کر بے ایمانی نہیں کی۔
خیال رہے کہ امریکی قوانین کے تحت صدارتی ریکارڈز ایکٹ کے تحت انتظامیہ ختم ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس کے ریکارڈ کو نیشنل آرکائیوز میں جانا چاہیے، ایسی دستاویزات کو قواعد و ضوابط کے مطابق محفوظ طریقے سے رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خفیہ دستاویزات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ٹرمپ کو کاغذات میں مبینہ طور پر غلط استعمال کے الزام میں مجرمانہ تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔

جرمنی یوکرین کو لیپرڈ 2 ٹینک فراہم کرنے پر رضامند : رپورٹس

برلن: (ویب ڈیسک) جرمن چانسلر اولاف شولز نے برلن پر کئی ہفتوں کے دباؤ کے بعد یوکرین کو لیپرڈ 2 جنگی ٹینک فراہم کرنے پر رضامندی کا اظہار کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی دباؤ کے بعد چانسلر اولاف شولز نے کم از کم 14 لیپرڈ 2 ٹینک یوکرین بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر ممالک کو بھی ایسا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے مطابق کم از کم 16 یورپی اور نیٹو ممالک کے پاس لیپرڈز 2 ٹینک موجود ہیں ۔
جرمن میڈیا نے منگل کو نامعلوم سرکاری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ برلن نے دیگر ممالک جیسے پولینڈ اور فن لینڈ کو بھی یوکرین کو جرمن ساختہ ٹینک دوبارہ برآمد کرنے کا لائسنس دیا ہے۔
جرمن حکومت لیپرڈز ٹینکوں کی فراہمی کے معاملے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور یہ فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے کہ کون سے ممالک جرمن ساختہ، جدید ترین ٹینک حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے جرمن حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے، چانسلر اولاف شولز( آج ) بدھ کی صبح جرمن پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔

سعودی عرب: یمن میں بے گھر افراد کے کیمپس میں پانی کی فراہمی شروع

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے یمن میں بے گھر افراد کے کیمپس میں پانی کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا۔
خبررساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی فنڈنگ سے شمال مشرقی یمن کی مأرب گورنری میں مقامی اتھارٹی نے چار کیمپوں میں ہزاروں بے گھر لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبے کا آغاز کیا۔
یہ اقدام بے گھر افراد کی محفوظ مقامات تک رسائی کو بڑھانے اور ان مقامات پرپانی کی ترسیل کے منصوبوں کے حصے کے طور پر اٹھایا گیا ہے، مأرب گورنریٹ کی ویب سائٹ کے مطابق ایجنٹ عبد ربہ مفتاح نےمأرب شہر کے شمال میں چار کیمپوں میں بے گھر ہونے والوں کو صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا، اس منصوبے کی لاگت چھ لاکھ ڈالر ہے، منصوبے کو یمن میں نقل مکانی کی بین الاقوامی تنظیم کے ذریعے نافذ کیا گیا ہے،
عبد ربہ مفتاح نے کہا کہ 28 ہزار بے گھر مردوں اور عورتوں کو السویداء، البطحاء، سائلۃ المیل اور حوش الجامعہ کے کیمپوں میں رکھا گیا ہے یہ منصوبہ کنوئیں سے پانی کے لیے پمپنگ یونٹ اور کنکریٹ کے ٹینک پر مشتمل ہے، ٹینک میں 300 کیوبک میٹر پانی کی گنجائش ہے۔
واضح رہے حوثی ملیشیا کی جانب سے حملوں کے باعث یمن میں بے گھر ہونے والوں کی کل تعداد کا تقریباً 60 فیصد مأرب گورنری میں ہے، یہ 42 لاکھ سے زیادہ افراد ہیں۔

گیس لیکیج سے دھماکا، 4 بچے جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) خروٹ آباد کے علاقے میں گھر میں گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 2 سے 10 سال کے درمیان ہیں، کوئٹہ میں رواں ماہ گیس لیکیج سے دھماکے کا یہ دوسرا واقع ہے، کچھ روز قبل ہونے والے دھماکے میں 5 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
افسوسناک واقعہ میں 2 خواتین بھی زخمی ہوئیں، بچوں کی لاشوں اور زخمی خواتین کو بی ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ملک میں کورونا سے اموات اور کیسز کی شرح میں نمایاں کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے اموات اور کیسز کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 056 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 12 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.30 فیصد رہی ہے ، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 12 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 نومبر 2020 کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا ۔

فواد کیخلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر مقدمہ درج ہوا، تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) رات دیر گئے گرفتار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے خلاف مقدمے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور سے رات دیر گئے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب سے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا اور اب اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد پولیس فواد چودھری کو موٹر وے کے ذریعے لیکر اسلام آباد روانہ ہو گئی ہے۔ فواد چودھری کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں، پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا اور فواد چودھری کے خلاف کارروائی سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر کی گئی۔ ایف آئی آر کے مطابق فواد چودھری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہو گئی ہے، جو لوگ نگران حکومت میں لگ رہے ہیں ان کا سزا ہونے تک پیچھا کریں گے، حکومت میں شامل لوگوں کو ان کے گھروں تک چھوڑ کر آئیں گے۔ فواد چودھری کیخلاف درج مقدمے میں کار سرکار اور دھمکی دینے کی دفعات شامل ہیں، مقدمے میں 153اے ،124اے ،505 اور506 کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ فواد چودھری نے الیکشن کمیشن، ان کے ممبران اور ان کے خاندانوں کو بھی خبردار کیا تھا۔ پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ فواد چودھری کو اسلام آباد منتقل کرنے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اسلام آباد پولیس فواد چودھری کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کرے گی۔