لاہور : (ویب ڈیسک) واٹس ایپ کے اسٹیٹس فیچر میں مزید اپ ڈیٹس متعارف کرا دی گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین کے باہمی رابطوں کی مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ میں اسٹیٹس فیچر کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس ہو گئیں۔ اب صارفین اپنے اسٹیٹس میں اپنی ریکارڈ آواز کو بھی بطور آڈیو اسٹیٹس لگا سکیں گے۔
واٹ ایپ کے بیٹا ورژن میں ایک نیا فیچر شامل کیا گیا جسے استعمال کرتے ہوئے صارفین اپنی ریکارڈ شدہ آڈیو کو اپنے اسٹیٹس پر لگا سکیں گے لیکن یہ اپ ڈیٹس ابھی منتخب اینڈرائیڈ بیٹا ٹیسٹرز پر دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق میسجنگ ایپلی کیشن صارفین کو یہ اختیار دے گی کہ وہ فیصلہ کرسکیں کہ ان کے وائس اسٹیٹس کون کون سنتا ہے اور صارفین اپنی آواز کی ریکارڈنگ پر بھی کنٹرول رکھ سکیں گے کیونکہ فیچر کی مدد سے اسٹیٹس پبلک کرنے سے قبل ڈیلیٹ کا آپشن بھی دستیاب ہو گا۔
صارفین اپنی 30 سیکنڈ کی آواز ریکارڈ کر کے اسٹیٹس پر لگا سکیں گے جو 24 گھنٹے تک موجود رہے گی اور مقررہ وقت کے بعد ختم ہو جائے گی۔ اسٹیٹس فیچر میں ہونے والی یہ اپ ڈیٹ آنے والے ہفتوں میں دیگر واٹس ایپ صارفین کے لیے بھی دستیاب ہو گی۔
Monthly Archives: January 2023
بازیابی کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ کا فواد چوہدری کو پیش کرنے کا حکم
لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے رات گئے گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو ڈیڑھ بجے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی بازیابی کے لیے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے انہیں ڈیڑھ بجے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کے لیے جسٹس طارق سلیم شیخ کو بھجوا دی ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ کچھ دیر بعد کیس کی سماعت کریں گے۔
یاد رہے کہ رات گئے گرفتار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو راہداری ریمانڈ کے لیے کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا تھا، عدالت نے اسلام آباد پولیس کی راہداری ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے پہلے ان کا طبی معائنہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
بھارت کی پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت
لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت نے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے ایس سی او اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو شرکت کی دعوت دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس رواں برس مئی میں بھارتی شہر گوا میں ہو رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کو دعوت سے متعلق پاکستان بھارت وزارت خارجہ نے ردعمل سے گریز کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی 2011 میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔
فواد چودھری تحریک انصاف کے ہراول دستے کے کارکن ہیں، عمران خان
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فواد چودھری تحریک انصاف کے ہراول دستے کے کارکن ہیں۔
عمران خان نے فواد چودھری کی گرفتاری کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ بائیس کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، فواد چودھری تحریک انصاف کے ہراول دستے کے کارکن ہیں، امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتاری نہیں کر سکتی، امپورٹڈ حکمرانوں کے اپنے کیسز عدالتوں میں ہیں۔
عمران خان نے ٹوئٹر پر ہنگامی پریس کانفرنس کا اعلان کر دیا، انہوں نے لکھا کہ میں آج شام 4 بجے میڈیا ٹاک کروں گا، ہمیں اب اپنے بنیادی حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہو گا۔
انہوں نے لکھا کہ فواد چودھری کو چیف الیکشن کمشنر پر تنقید کی وجہ سے گرفتار کیا گیا، فواد چودھری کی گرفتاری نے ثابت کیا کہ ملک ایک بنانا ری پبلک بن چکا ہے۔
رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کے بھائی بھی گرفتار
جہلم : (ویب ڈیسک) جہلم سے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کے بھائی فرازچودھری کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، فواد چودھری کے بھائی نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ہم فوادچودھری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہےتھے، ہمیں احتجاج کےدوران گرفتار کیا گیا اور مجھ پر تشدد بھی کیا گیا ہے۔
ایک ماہ میں ادویات کی قیمتوں میں ساڑھے 13 فیصد اضافہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے صحت کا شعبہ بھی بری طرح متاثر، دسمبر 2022ء میں ادویات اور طبی سہولیات ساڑھے 13 فیصد مہنگی ہوئیں، دسمبر میں ادویات اور خام مال کی قیمتوں میں 15 اعشاریہ 40 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں طبی آلات کی قیمتوں میں 6 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، دسمبر میں ڈاکٹروں کی فیس میں 15 فیصد، دانتوں سے متعلق علاج 13 اعشاریہ 59 فیصد، میڈیکل ٹیسٹس 16 اعشاریہ 40 فیصد اور ہسپتالوں کی فیس میں ساڑھے 6 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو ادویات کے لئے خام اور طبی آلات کی درآمدات میں آسانی اور ٹیکسوں میں کمی سے ان کی قیمتوں میں کمی لانا ضروری ہے۔
اعلیٰ معیاری سہولیات کی حامل گرین لائن ٹرین 27 جنوری سے دوبارہ بحال ہو گی
لاہور: (ویب ڈیسک) سیلاب کے باعث بند کی گئی گرین لائن ٹرین کو سپیریئر سروس کے طور پر 27 جنوری سے دوبارہ چلایا جا رہا ہے۔
محکمہ ریلوے کے مطابق گرین لائن ٹرین میں اعلیٰ معیار کی سہولیات دی جائیں گی جس میں ناشتہ، کھانا، بیڈنگ، یوٹیلیٹی پیک اور ہائی ٹی شامل ہوں گی۔
تمام سہولیات مفت میں فراہم کی جائیں گی، یہ سہولیات پاکستان کی کسی اور ٹرین میں میسر نہیں ہیں۔
گرین لائن ٹرین کی مختلف کیٹیگریز کا کرایہ ان سہولیات کے پیش نظر رکھا گیا ہے اور دوسری ٹرینز سے تقابلی مطابقت رکھتا ہے، گرین لائن پاکستان کی آرام دہ ترین سواری ہوگی۔
گرین لائن ایکسپریس چین سے درآمد شدہ نئی کوچز اور بہترین انتظامات کے ساتھ اسلام آباد تا کراچی اپنے سفر کا آغاز کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف 27 جنوری کی دوپہر مارگلہ سٹیشن اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کا افتتاح کریں گے۔
ٹرین مارگلہ سٹیشن اسلام آباد سے دوپہر 3 بجے روانہ ہو کر اگلے روز دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر کراچی پہنچے گی، ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 9450 روپے، اے سی پارلر کا کرایہ 8500 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 7550 روپے اور اکانومی کلاس کا کرایہ 4200 روپے ہے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور وفاقی وزرا کی تعداد میں کمی کی تجویز
لاہور: (ویب ڈیسک) کفایت شعاری کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی، وزرا کی تعداد سمیت وزارتوں کے اخراجات کم کرنے کی تجویز پیش کردی۔
کفایت شعاری کمیٹی نے تجاویز پیش کی ہیں کہ سرکاری محکموں میں دس فیصد، وزارتوں کے اخراجات میں پندرہ فیصد کٹوتی کی جائے۔ کابینہ میں وزراء کی تعداد 30 تک محدود رکھی جائے، باقی وزیر اور مشیر بلا معاضہ کام کریں۔
کمیٹی کی تجاویزمیں کہا گیاہےکہ سرکار کیلئے گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگائی جائے۔ صوبائی نوعیت کے منصوبوں پر فنڈز کا استعمال روکا جائے۔
اس کےعلاوہ سرکاری ضمانتوں کے ذریعے قرضے حاصل کرنے کے لیے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز پر پابندی عائد کرنے سمیت کئی سفارشات شامل ہیں۔ کمیٹی عملدرآمد کا فیصلہ کرنے کے لیے اپنی رپورٹ وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کام پرچے کروانا نہیں، انتخابات کروانا ہے: شیخ رشید
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فواد چودھری کی گرفتاری میں الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن گیا ہے، الیکشن کمیشن کا کام پرچے کروانا نہیں، انتخابات کروانا ہے، جو قوم الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں کر رہی وہ الیکشن کے نتائج پر کیا خاک اعتبار کرے گی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے گرفتاریوں کا دور شروع ہوگا، جس کے بعد جام حکومت کا سڑکوں پر کام تمام ہو جائے گا، حکومت کے ارادے واضح ہو گئے ہیں، عوام کو سمجھ جانا چاہیے، یہ الیکشن نہیں کچھ اور کرنے جا رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ چھوٹا بھائی پرائم منسٹر ہے اور بڑے بھائی کے پاکستان آنے پر پاؤں میں مہندی لگی ہے، الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن میں جانے کے لئے تیار نہیں، نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والے عنقریب قوم کے احتساب کی بھینٹ چڑھیں گے، زرمبادلہ کے ذخائر 4 بلین سے کم اور آئی ایم ایف کی شرائط سر پر ہیں، وزیروں کا جمعہ بازار لگا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی، اقتصادی، معاشی اور توانائی بحران حکومت کے گلے پڑنے والا ہے، ملک جام ہے ، حکومت کا کام تمام ہے، فواد چودھری کی گرفتاری جلتی پے پٹرول کا کام کرے گی، اب ملک الیکشن کے بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے، فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے مزید 43 پی ٹی آئی ارکان کو ڈی نوٹیفائی کردیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 43 ممبران قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے گزشتہ روز استعفے واپس لینے کے لئے الیکشن کمیشن کو ای میلز کی تھیں، پی ٹی آئی ممبران اسمبلی نے استدعا کی تھی کہ ان کو ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی نے مزید 43 پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے، پی ٹی آئی کے اب تک مجموعی طور پر 124 ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی جانب سے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے 4 مرحلوں میں منظور کیے گئے، پہلے میں 11، دوسرے اور تیسرے مرحلے میں 35، 35 اور پھر 43 استعفے منظور کیے گئے۔
جو مقدمہ درج ہوا اس پر فخر، نیلسن منڈیلا پر بھی یہی مقدمہ تھا: فواد چودھری
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ جو مقدمہ درج ہوا اس پر فخر ہے، نیلسن منڈیلا پر بھی یہی مقدمہ تھا۔
رات دیر گئے لاہور سے گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو پولیس نے راہداری ریمانڈ کے لیے کینٹ کچہری پیش کیا جبکہ فواد چودھری کے وکلاء کی جانب سے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔
عدالت پیشی کے موقع پر فواد چودھری کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری پیشی پر پولیس ایسے لگائی ہے کہ جیسے میں کوئی جیمز بانڈ ہوں، جس طرح گرفتار کیا گیا وہ مناسب نہیں تھا، مجھے یہ فون کرتے میں خود ہی آجاتا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا میں تو کہتا ہوں کہ 22 کروڑ عوام پر مقدمات بنا دیں، مجھے گرفتار کرنے والوں کو شرمندگی ہو گی، پولیس بتائے مجھے کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا جو مقدمہ درج ہوا ہے اس پر فخر ہے، نیلسن منڈیلا پر بھی یہی مقدمہ تھا، کہا جا رہا ہے میں نے بغاوت کی، میں سابق وفاقی وزیر اور سپریم کورٹ کا وکیل ہوں، مجھے عزت و احترام کے ساتھ ٹریٹ کیا جائے۔
انتخابات کی تاریخ کیلئےالیکشن کمیشن کا پنجاب، خیبرپختونخوا کے گورنرز کو خط
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کے لئے دونوں صوبوں کے گورنرز کو خط لکھ دیے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عام انتخاب کے لئے پنجاب میں 9 اپریل سے 13 اپریل کی تاریخ مقرر کی جائے۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کو بھیجے گئے مراسلے میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبے میں عام انتخابات کے لئے 15 سے 17 اپریل کی تاریخ مقرر کریں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئین کے مطابق گورنر اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کے انعقاد کی تاریخ دینے کا پابند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے 90 روز 14 جنوری سے شروع ہوتے ہیں، 13 اپریل کے بعد پنجاب میں پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی، اسی طرح خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے 90 روز 18 جنوری سے شروع ہوتے ہیں اور 17 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔
فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور، میڈیکل کرانے کا حکم
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہورکی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس نے سخت سکیورٹی میں فواد چودھری کو لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر ان کو ہتھکڑی لگائی گئی تھی۔
لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ رانا مدثر نے کیس کی سماعت کی جبکہ اس موقع پر پولیس نے فواد چودھری کے رہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ کوہسار پولیس نے فواد چودھری کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اس لیے ملزم کی اسلام آباد منتقلی کے لیے راہداری ریمانڈ ضروری ہے۔
فواد چودھری کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد کا 4 گھنٹے کا راستہ ہے، راہداری ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے، یہ جائیں اور اسلام آباد میں جا کر پیش کریں، ایک روزہ راہداری ریمانڈ لے کر کہیں اور لے کر جانا چاہتے ہیں۔
فواد چودھری کے وکیل نے کہا کہ سفری ریمانڈ نہیں بنتا، ان کی ہتھکڑی بھی کھولی جائے، دونوں ہاتھوں کی بجائے ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگائیں۔
وکیل کے دلائل پر عدالت نے کہا کہ آپ فضول باتوں میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا اور ان کا سروسز ہسپتال سے میڈیکل کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ فواد چودھری کو میڈیکل کے بعد اسلام آباد روانہ کیا جائے، عدالتی حکم کے بعد پولیس فواد چوہدری کو لے کر روانہ ہو گئی۔
فواد چودھری کو اسلام آباد منتقل کرنے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں پولیس ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔


















