لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتار نہیں کر سکتی۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے اپنے مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں، لہٰذا امپورٹد حکومت مجھے کبھی گرفتار نہیں کر سکتی۔
گزشتہ شب زمان پارک سے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر کارکنوں کی بڑی تعداد کے پہنچنے اور احتجاج کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 22 کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پارٹی رہنما فواد چودھری کی گرفتاری پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری تحریک انصاف کے ہراول دستے کے کارکن ہیں، ان کے خلاف کیس انتقامی کارروائی ہے۔
عمران خان نے اپنی ممکنہ گرفتاری سے متعلق پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت مکمل کرنے کے بعد تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو ہدایات بھی جاری کر دیں۔
Monthly Archives: January 2023
کراچی سے سمگل کی گئی 79ہزار 200 نشہ آورگولیاں بینکاک ایئرپورٹ پربرآمد،مسافرگرفتار
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے تھائی لینڈ گئے مسافر کے قبضہ سے بینکاک ایئر پورٹ پر 79ہزار200 نشہ آور گولیاں پکڑی گئیں۔
تھائی حکام کے مطابق مسافر انور انصاری 19 جنوری کو کراچی ایئرپورٹ سے تھائی ایئر کی پرواز سے روانہ ہوا ، 20 جنوری کی صبح سوورنا بھومی بین الاقوامی ایئرپورٹ بینکاک پر عملے نے مسافر کے سامان کی چیکنگ کے دوران ممنوع چیز کی نشاندہی کی ، ملزم کے پاس موجود سامان سے 79200 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں ، جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا ۔
تھائی حکام کے مطابق برآمد کی گئیں گولیوں میں 40800 ڈائی زیپم اور 23,800 زولپیڈیم ٹراٹریٹ شامل ہیں ، گولیوں کےکیمیکل ایگزامن کےبعد مسافر پر کلاس ٹوسائیکو ٹراپک مادے کی اسمگلنگ کاالزام ہے ، پاکستانی شہری کو تھائی لینڈ میں15سال قید اور1.5 ملین بھات تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔
پی ایس ایل کی تیاری، بابر اعظم نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا
لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے بعد قومی کپتان بابر اعظم ایکشن میں واپس لوٹ آئے۔
بابر اعظم نے لاہور میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا، انہوں نے 3 گھنٹے کے ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ پریکٹس کی۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے این ایچ پی سی کے کوچز اور انفرادی ٹرینر کے ہمراہ پریکٹس کی۔
بابر اعظم نے نیوزی لینڈ سیریز کے بعد چند روز کی بریک لی تھی، تاہم اب پی ایس ایل کے لیے خود کو تازہ دم کرنے کے لیے انہوں نے بھرپور ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ہیں، پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے شروع ہوگا۔
شمالی کوریا: دارالحکومت میں پانچ روز کیلئے لاک ڈاؤن نافذ
پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے دارالحکومت پیانگ یانگ میں پھیلتے سانس کے مرض کی بنا پر پانچ روز کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کردیا ۔
شمالی کوریا کی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں کو اتوار تک گھروں میں محدود رہنے کا کہا گیا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ٹمپریچر چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔
جاری بیان میں اس مرض یا کورونا وبا کے بارے میں براہ راست بات نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ دیگر شہروں میں بھی ایسی کوئی پابندی لگائی گئی ہے یا نہیں ۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ سال ملک میں کورونا کی تصدیق کی تھی اور اسی سال اگست میں اس پر قابو پانے کا اعلان بھی کیا تھا۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے تجارتی پارٹنر اور اتحادی چین میں کورونا پابندیاں نرم ہونے کے بعد کورونا سے اموات اور کیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔
ایشیا کپ: پاکستان میں میزبانی پر آئندہ ماہ بات ہو گی
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کی پاکستان میں میزبانی کے معاملے پر پی سی بی اور بی سی سی آئی آئندہ ماہ آمنے سامنے ہوں گے جبکہ 4 فروری کو بحرین میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں کوئی نتیجہ سامنے آنے کا امکان ہے۔
ایشیا کپ کی پاکستان میں میزبانی کے حوالے سے متنازع صورتحال کے سوال پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ ابھی تک کئی فیصلے سامنے آئے مگر ایشین کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ نہیں ہو رہی تھی جس کے لیے حکام کو قائل کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ اب 4 فروری کو بحرین میں اجلاس ہو گا، یہ بہت اہم پیشرفت ہے، جن مسائل پر بھی باتیں کی جارہی ہیں ہم ان سوالات کو وہاں اٹھائیں گے، میڈیا میں اس سے زیادہ کچھ کہنا مناسب نہیں ہو گا، میں فی الحال کسی موقف کو دل میں ہی محفوظ رکھوں گا، بحرین میں جو صورتحال سامنے آئی گی اسی کے مطابق اپنا ردعمل اور پالیسی تشکیل دیں گے۔
پاک بھارت کرکٹ بحالی پر انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام چاہتے ہیں کہ وہ یہاں نہ آئیں لیکن ہم وہاں جائیں، یہ ایک پرانا مسئلہ ہے، اسی لیے پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ اور بھارت میں ہونے والے ایونٹس پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
2014 اور 15 میں بھارتی ٹیم کی دورہ پاکستان کے حوالے سے وعدہ خلافی پر پی سی بی کی جانب سے کیس دائر کیے جانے اور فیصلہ خلاف ہونے کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا گیا کہ کیا اس بار بھی کوئی ایسا جارحانہ قدم اٹھایا جاسکتا ہے۔
جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم اپنے ممکنہ اقدام کے بارے میں سوچیں گے مگر ایک اور عدالتی جنگ نہیں چھیڑ سکتے، ساتھ ہی یہ وضاحت بھی کرنا چاہوں گا کہ بی سی سی آئی کیخلاف کیس مناسب انداز میں نہیں لڑا گیا، جج نے واضح طور پر کہا تھا کہ اگر خوردبین سے دیکھیں تو مقدمہ پاکستان اور دوربین سے بھارت کے حق میں نظر آتا ہے،بات وہیں پر ختم ہوئی کہ بھارتی حکومت نے ٹور کی اجازت نہیں دی۔
21 ماہ تک بند رہنے کے بعد کنگنا کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال
ممبئی: (ویب ڈیسک) متنازع بیانات کیلئے مشہور بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ 21 ماہ بعد بحال کر دیا گیا۔
گزشتہ دو سالوں سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پابندی کا شکار اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ پھر سے بحال کر دیا گیا ہے، کنگنا رناوت نے ٹوئٹر پر پیغام میں مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ٹوئٹر پر واپس آکر اچھا لگ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت کے اکاؤنٹ کو مئی 2021 میں معطل کیا گیا تھا اداکارہ سوشل میڈیا پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتی ہیں انہوں نے 2021 میں ریاست بنگال میں ہونے والے انتخابات کے بعد پرتشدد واقعات کے بارے میں مواد ٹوئٹر پر اپ لوڈ کیا تھا جس کے بعد ان کا اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ’نفرت آمیز اور بد سلوکی پر مبنی‘ مواد کو شیئر کرنے اور متنازع بیانات کے باعث اداکارہ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا جا چکا ہے۔
علاوہ ازیں کنگنا رناوت نے ٹوئٹر پر اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز کے حوالے سے بھی اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم کی شوٹنگ مکمل ہو گئی ہے، انہوں نے لکھا کہ ’فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے 20 اکتوبر 2023 کو سنیما گھروں میں ملتے ہیں۔‘
یاد رہے اداکارہ اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کو خود ڈائریکٹ کر رہی ہیں اس فلم کی کہانی بھی انہوں نے خود لکھی ہے جبکہ وہ اس فلم میں سابق بھارتی وزیرِاعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
بھارت میں شیڈول ورلڈکپ ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے بہت چیلنجز کا سامنا ہے:بٹلر
لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے وائٹ بال ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے بہت چیلنجز کا سامنا ہے۔
انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ اکتوبر میں ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے صرف 13 ون ڈے شیڈول ہیں، ہماری ٹیم کے پاس سال 2019 کے مقابلے میں زیادہ “چیلنجز” ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل ٹیم کے پاس زیادہ میچز نہیں اس لیے کوشش ہے کہ کچھ پوزیشنز کو واضح کریں اور کھلاڑیوں کو اعتماد دیں۔
انگلش ٹیم کا جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ سے مقابلہ ہونا ہے اور اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ بٹلر فل سٹرینتھ ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے محض ایک روز بعد شروع ہو گی جس کے باعث بین ڈکٹ، ول جیکس، ہیری بروک، اولی سٹون اور جو روٹ جیسے کھلاڑیوں کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔
خیال رہے کہ آئن مورگن کی قیادت سے دستبراری کے بعد جوز بٹلر کو انگلش ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔
پیرو میں حکومت مخالف احتجاج شدت اختیار کرگیا
لیما : (ویب ڈیسک) پیرو میں قبل از وقت انتخابات اور سابق صدر کی رہائی کے لئے حکومت مخالف احتجاج میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے ۔
خبررساں ادارے کے مطابق پیرو میں حکومت مخالف احتجاج ایک بار پھر سے شروع ہوگیا ، دارالحکومت لیما سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرین صدر دینا بولوارتے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مظا ہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے اور ربڑ کی گولیاں اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ،جس کے بعد مظا ہرین کی جانب سے سرکاری املاک کو نقصا ن پہنچایا گیا ۔
اس حوالے سے صدر ڈینا بولوارتے نے اپنے بیان میں کہا کہ سڑکوں کی ناکہ بندی اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں نے ملک کو تباہ کر رکھا ہے ، پیرو میں مظاہرین اور پولیس جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہو گئی ہے اور 1,300 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔
11 دسمبر سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں 40 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 700 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔
دہشتگردی کے خدشات ، سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے4 مشتبہ افراد گرفتار کرلیے
لاہور : (ویب ڈیسک) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی ) نے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور کے سرحدی علاقے باٹا پور میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ منڈی بہاؤالدین ، نارووال ، جہلم سے بھی تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مختلف اضلاع میں 46 مقامات پر کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن کیے، ان کارروائیوں کے دوران 467 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی جبکہ 2694 افراد سے پوچھ گچھ کے دوران 3 مشتبہ افراد کی نشاندہی ہوئی ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف 4 مقدمات درج کر لیے گئے جبکہ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست دشمن عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔
جاپان میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ، نظام زندگی متاثر
ٹوکیو : (ویب ڈیسک) جاپان کے مختلف حصوں میں طوفان کے باعث شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے ، برفباری سے ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں ریکارڈ برفباری ، حکومت کی جانب سے وارننگ جاری کردی گئی ، ٹوکیو میں رواں سال کی پہلی برف باری ہوئی، جاپان کے شہر منی وا میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 36 انچ برف پڑی ہے جبکہ کوسا میں آج صبح درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید برفباری اور طوفان سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ، وسطی جاپان میں برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیاں ، ٹرک کافی دیر تک سڑکوں پر پھنسے رہے ۔
جاپان کے شمالی حصے میں ڈومیسٹک ایئر لائنز کی 300 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں جبکہ حد نگاہ متاثر ہونے سے بلٹ ٹرین سروس بھی معطل اور تاخیر کا شکار ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں کل تک درجہ حرارت مزید نیجے گرسکتا ہے جو کہ صدی کا سب سے کم درجہ حرارت ہوسکتا ہے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق مغربی جاپان سے شمالی جاپان تک برف باری کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ 126 کلومیٹر کی رفتار تک ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا کیلئے پارلیمانی بورڈ کے قیام کا اعلان
پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا کے لئے پارلیمانی بورڈ کے قیام کا اعلان کر دیا۔
پارلیمانی بورڈ میں سابق وزراء اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، محمود خان، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق گورنر شاہ فرمان شامل ہیں۔
علی امین گنڈا پور، محمد عاطف، مراد سعید، عمر ایوب، شبلی فراز اور مشتاق غنی بھی پارلیمانی بورڈ میں شامل، جبکہ نورالحق قادری، فضل محمد، جنید اکبر، شہرام خان ، اعظم سواتی، شوکت علی یوسفزئی، اور تیمو رسلیم جھگڑا بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہیں۔
عمران خان کا فواد چودھری کی اہلیہ سے ٹیلی فونک رابطہ
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چودھری کی اہلیہ ہبہ چودھری کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چودھری کی نہایت لغو بنیادوں پر گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فواد چودھری کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو پولیس نے بدھ کے روز لاہور میں صبح کے وقت ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔
فواد چودھری کے خلاف منگل کی رات سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 243 روپے پر پہنچ گیا
لاہور : (ویب ڈیسک) ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کے فکس ریٹ کو ختم کرنے کے بعد روپے کی قدر میں کمی ہو گئی ہے۔
چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک بوستان کے دفتر سے جاری نوٹس کے مطابق 11 بجے کے قریب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی تجارت 243 روپے پر ہو رہی تھی، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 0.93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب 60 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں، تاہم اب بھی صورتحال پریشان کن ہے کیونکہ ان ذخائر سے صرف 3 ہفتوں کی درآمدات ہوسکتی ہیں۔
ڈالرز کی قلت کے سبب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے معیشت پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ ترسیلات زر قانونی بینکنگ کے بجائے گرے مارکیٹ سے آ رہی ہیں۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق ایک جانب جہاں پاکستان کی فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان کو امید ہے کہ بلیک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کم ہو گی وہیں دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس اندیشے کا بھی اظہار کیا گیا معاملہ الٹ بھی ہو سکتا ہے۔
اس حد تک اکثریت متفق نظر آئی کہ ڈالر کا سرکاری ریٹ بڑھ جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی کے بعد ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے ڈالر کی قیمتوں کو مستحکم رکھا گیا تھا جبکہ حکومت کی جانب سے بھی انٹربینک ریٹ کو مستحکم رکھا جا رہا تھا تاکہ مارکیٹ میں افراتفری کی صورتحال پر قابو رکھا جا سکے۔
ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے یہ بتایا گیا ہے کہ اس کا مقصد ڈالر کی بلیک مارکیٹ، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں موجود ڈالر کی قیمتوں میں فرق کو ختم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایکسچینج کمپنیوں نے ملک میں ڈالر کی کمی، بڑھتے ہوئے ریٹ اور موجودہ غیریقینی صورت حال کے سبب ڈالر کا فکس ریٹ کیپ ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


















