میلبورن: (ویب ڈیسک) بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپنا آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئے۔
رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری ہے۔
آج کھیلے گئے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپناپر مشتمل بھارتی جوڑی نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد امریکی ٹینس کھلاڑی ڈیسیرا کراؤزک اور ان کے برطانوی جوڑی دار نیل سکوپسکی کو 6-7(5-7)،7- 6(7-5) اور 6-10 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
Monthly Archives: January 2023
ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 49 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی230 روپے 89 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے اضافہ کے ساتھ ڈالر 243 روپے میں فروخت ہوا۔
واضح رہے کہ سال 2023 میں اب تک ڈالر 3 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے قرضوں کے بوجھ میں 430 ارب روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں بڑا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے شروع میں مثبت آغاز ہوا ہے اور 100 انڈیکس میں 770 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس اضافے کے بعد 39,825.80 پوائنٹس پر پہنچ گیا، آج کے تجارتی سیشن میں 294 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 612 پوائنٹس اضافے سے 39 ہزار 55 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 647 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 39 ہزار 91 رہی۔
بازار میں17 کروڑ 97 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 6 ارب 36 کروڑ روپے رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 68 ارب روپے بڑھ کر 6 ہزار203 ارب روپے ہو گئی تھی۔
13 جماعتیں الیکشن سے خوفزدہ، یہ جو قدم اٹھاتے ہیں ان کے گلے پڑ جاتا ہے، شیخ رشید
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ 13 جماعتیں الیکشن سے ڈری ہوئی ہیں، یہ جو قدم اٹھاتے ہیں ان کے اپنے گلے پڑ جاتا ہے۔
لال حویلی راولپنڈی کے باہر عوام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ان کا ایجنڈا یہ ہے کہ انہیں مقبول اور محبوب عمران خان پسند نہیں ہے، ان کی ایک ہی سازش ہے کہ عمران خان کو مائنس کیا جائے، عمران خان کو زہر بھی دیا جا سکتا ہے، سلو پوائزننگ بھی کی جاسکتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا یہ لوگ سمجھتے تھے شاید ہم ڈر جائیں گے، ہم نسلی ہیں، ہم اصلی ہیں، جس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، چٹان کی طرح کھڑے ہوتے ہیں، نوازشریف صاحب میں نے لندن میں آپ کے ساتھ والے دفترمیں پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کل نہیں تو پرسوں آجائے گا، جو قدم اٹھاؤ گے آپ کے گلے پڑے گا، عمران خان مزید مقبول ہو جائے گا، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہنا چاہتے ہیں، عمران خان اگر جیل میں ہوگا تو کسی کا باپ بھی اس کے خلاف جلسہ نہیں کر سکتا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، ہم اس ملک کے قومی اثاثے نہیں بکنے دیں گے، بلاول کو بیچ دیں گے، یہ الیکشن سے بھاگے ہوئے لوگ ہیں، 13 پارٹیاں اس قابل نہیں کہ یہ الیکشن میں جائیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، ہم پاکستان میں خانہ جنگی دیکھ رہے ہیں، جمہوریت کو شدید خطرہ لاحق ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے، سماج تباہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف قبر کی قیمت ختم کر دو، مردوں کی سوچ لے کر آنے والا خاندان کہہ رہا ہے میں کپڑے بیچ دوں گا، اس خاندان میں پھوٹ پڑ گئی ہے، یہ عوام میں جانے کے قابل نہیں ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپنے اداروں سے کہنا چاہتا ہوں عوام ہی فوج ہے، عوام دکھی ہو تو فوج دکھی ہے، لوگوں نے نکلنا ہے، مارچ ،اپریل سیاسی طور پر انتہائی خطرناک اور سنگین ہے، انہوں نے کہا کہ بلاول اپنی بہاروں میں ہیں ،ان کا واپس آنے کا دل نہیں کر رہا، محسن نقوی آصف زرداری کے ہاتھ کی گھڑی اور جیب کی چھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو آدمی پرچی ان کے پولنگ سٹیشن سے کرائے گا وہ بھی عمران خان کو ووٹ ڈالے گا، 90 دن کے اندر گورنر انتخابات کرانے کا پابند ہے، 100 دن کی جنگ ہے، پاکستان جیتے گا،عوام جیتے گی، عمران خان جیتے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثنا چور، ڈاکو، بے ایمان ہے، 77وزرا ہیں، 28 کے پاس محکمے نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر میری گرفتاری ہو تو میرے لیے کوئی نہ نکلے، میں جیل میں خوش ہوں گا، جیل میرا سسرال ہے۔
پولیس فواد چودھری کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی، ایف ایٹ کچہری پیش کیا جائیگا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پولیس پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق فواد چودھری کو کچھ ہی دیر میں ایف ایٹ کچہری پیش کیا جائے گا، ایف ایٹ کچہری میں پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔
پولیس حکام نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے وائرلیس سیٹ پر افسروں اور اہلکاروں کو ایف ایٹ پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
سیاسی گرفتاری کرنی ہوتی تو سب سے پہلے عمران خان کو پکڑتے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چودھری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر ہم نے سیاسی گرفتاری کرنی ہوتی تو سب سے پہلے عمران خان کو گرفتار کرتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تھانہ کوہسار میں ایف آئی آر درج کرائی، وہ ہی اس مقدمے کے مدعی ہیں، اگر سیاسی گرفتاری کرنی ہوتی تو فرنٹ مین سارے اس وقت جیلوں میں ہوتے، فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی گرفتاری نہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ عدالت، میڈیا کو فیصلہ کرنا ہو گا کسی جگہ پر لائن ڈرا کرنا ہو گی، افواج پاکستان کے خلاف پارٹی اکاؤنٹ سے مہم چلائی گئی، ایف آئی آر میں کسی سیاسی جماعت کا نام نہیں، الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دی گئی تمہارے بچوں کو دیکھ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دور میں بغیر وارنٹ گرفتاریاں تھا سیاسی انتقام، شہباز شریف کی بیٹی کے گھر پر بھی دھاوا بولا گیا، نواز شریف روزانہ نیب عدالتوں میں پیشیاں بھگتتے تھے، نواز شریف کو ہٹانا سیاسی انتقام تھا، عمران خان دورمیں لوگوں کی بیٹیوں کو گرفتار کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 ماہ سے تحریک انصاف کے ترجمان زبان درازی کر رہے ہیں، تین دفعہ کا منتخب وزیر اعظم عدالت پیش ہو سکتا ہے تو یہ کیوں نہیں، اگر آج انہیں استثنیٰ دیا تو پھر ہر جماعت کو استثنیٰ دینا پڑے گا، یہ نہیں ہو سکتا ایک شخص کو کھلی چھٹی دی جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا مسلم لیگ (ن) کے سب لوگوں نے اپنے کیسز عدالتوں میں جا کر لڑے، آپ اداروں کو دھمکائیں، شہدا کے خلاف مہم چلاتے ہیں، پہلے دھمکیاں دیتے ہو پھر کہتے ہو سیاسی گرفتاری ہو گئی، توشہ خانہ میں پکڑے جاتے ہو پھر دھمکیاں دیتے ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف 20 کلو ہیرؤئن کا مقدمہ بنایا گیا آج تک بیگ نہیں ملا، فریال تالپور کو عید والے دن ہسپتال سے گھسیٹ کر جیل ڈالا گیا، مریم نواز کو والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، عمران دورمیں پوری اپوزیشن کو بغیر وارنٹ جیلوں میں ڈالا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نہال ہاشمی نے توہین عدالت کی پارٹی نے بھی مذمت کی تھی، یہ لائن آج عدالتوں اور اداروں کو ڈرا کرنی پڑے گی، گالیاں، پھانسی کی باتیں کرنے والوں کو استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔
فواد چودھری کو توہین الیکشن کمیشن کا ایک اور نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو توہین الیکشن کمیشن کا ایک اور نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کو کل کی تقریر کے بعد نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا، پی ٹی آئی رہنما ادارہ جاتی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں، ان کا بیان الیکشن کمیشن ملازمین سمیت انکے اہلخانہ کیلئے دھمکی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فواد چودھری کے خلاف پہلے بھی توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس زیرسماعت ہے، الیکشن کمیشن فواد چودھری کو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دینے کا عندیہ بھی دے چکا ہے۔
فواد چودھری نے ادارے کے سربراہ کو دھمکی دی، معافی مانگنی ہو گی: عطا تارڑ
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایک متھ بن گئی ہے کہ تحریک انصاف کے لوگ جیل نہیں جائیں گے، کیوں نہیں جائیں گے؟۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیلسن منڈیلا اور ڈبو میں بہت فرق ہے، نیلسن منڈیلا بننے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، ہم کسی سے سیاسی انتقام نہیں لیں گے، قانون کے مطابق پرچہ کیا گیا ہے، انصاف کا دہرا معیار اور نظام نہیں چل سکتا، انصاف کا معیار فواد چودھری کیلئے مختلف نہیں، انصاف کا معیار وہی ہے جو نہال ہاشمی کیلئے تھا۔
وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ قانون کے مطابق بنا ہوا پرچہ فوری واپس ہو جائے، فواد چودھری کوئی اوپر سے اترا فرشتہ نہیں، ہم 4 سال جیلوں میں رہے، قانون اور آئین کے مطابق اپنا طرز عمل رکھا ہے، فواد چودھری کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا فواد چودھری کو ریمانڈ کیلئے عدالت پیش کیا جائے گا، ادھر سرعام دھمکی دینے پر کوئی ایکشن نہیں، رانا ثنا پر منشیات ڈال کر ایک سال جیل میں رکھا گیا، فواد چودھری نے جس ادارے کے سربراہ کو تھریٹ کیا، ان کو معافی مانگنی ہو گی، یہ ماضی کو مت بھولیں، فواد چودھری نے ایک غیر قانونی حرکت کی ہے، ہم نے الیکشن کمیشن کو تھریٹ نہیں کیا تھا۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ آپ کی حکومت کوئی ختم نہیں کر رہا تھا، آپ نے خود ختم کی، آپ سرعام آکر لوگوں کے خاندانوں کو تھریٹ نہیں کر سکتے، اگر اس چیز کو نا روکا تو اداروں کو تھریٹ کیا جائے گا، فواد چودھری ایک طاقتور آدمی ہے کمزور نہیں، ریلیف لینے کا ٹرینڈ بن گیا ہے، اپیل کی ایک سٹیج ہوتی ہے، آئین کے ساتھ کھلواڑ نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کا ایک طریقہ کار ہے، توشہ خانہ کا کیس چل رہا ہے، یہی بات اگر عام آدمی نے کی ہوتی تو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ہو چکا ہوتا، انصاف کا معیار دہرا نہیں ہو سکتا، نہال ہاشمی صاحب نے 6 ماہ قید بھگتی تھی، اپنے دور میں یہ بے گناہ لوگوں کو جیل میں ڈالتے تھے۔
فواد بے گناہ ہے، دلیل کا جواب دلیل سے دیں ہتھکڑی سے نہیں: اسد عمر
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ بے گناہ فواد چودھری کو فوری رہا کیا جائے، دلیل کا جواب دلیل سے دیں ہتھکڑی سے نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، فواد چودھری سچ بولتے ہیں، سچ کڑوا ہوتا ہے، آپ کو سچ پسند نہیں، آپ عوام کی عدالت میں اپنا مقدمہ رکھیں اور ثابت کریں کہ کس طرح فواد ٹھیک نہیں کہہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، حل رات کے اندھیرے میں ہتھکڑیاں لگانا نہیں ہے، دہشتگردی خیبرپختونخوا میں پھیل رہی ہے، دہشتگردوں سے مقابلہ کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں نظر دوڑائیں۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاملات ٹھیک نہیں ہورہے، کاروبار روزانہ کی بنیاد پر بند ہو رہے ہیں، عوام کو تاریخی مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ہم پاکستان کو قرض فری ملک بنا سکتے ہیں: سراج الحق
لاہور : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو قرض فری پاکستان بنا سکتے ہیں، ہمارے پاس 65 فیصد باصلاحیت نوجوان ہیں، پاکستان نہ ٹوٹ سکتا ہے، نہ ہی دیوالیہ ہوسکتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دینی جماعت ہے، ہم نے مشکل میں مسلمانوں سمیت غیر مسلموں کی بھی مدد کی، زراعت کے حوالے سے ہم خصوصی چینل بنائیں گے، تعلیم پاکستان میں مفت ہوگی، صحت کی سہولیات ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لئے سیٹیں مخصوص کریں گے، ملک میں یتیم اور معذوروں کی کفالت کا کوئی انتظام نہیں ہے، ہم نے خیبرپختونخوا کو ایک قرض فری صوبہ بنایا تھا، آج وہ صوبہ ایک ہزار ارب کا مقروض ہے، ہم پاکستان کو قرض فری پاکستان بنا سکتے ہیں، ہمیں سودی نظام کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس 65 فیصد باصلاحیت نوجوان ہیں، کالام، مدین، مری ،مالم جبہ کی صورت میں دنیا کا حسن موجود ہے، ہمارے پاس کوئلے اور سونے کے ذخائر ہیں، ہمارے پاس دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکل میں لاکھوں سفیر موجود ہیں، پاکستان نہ ٹوٹ سکتا ہے، نہ ہی دیوالیہ ہوسکتا ہے۔
مستعفی پی ٹی آئی ارکان سے پارلیمنٹ لاجز خالی کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سی ڈی اے کو مستعفی پی ٹی آئی ارکان سے لاجزخالی کرانے کے لیے خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ارکان سے لاجزخالی کرانے کے لیے متحرک ہوگیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سی ڈی اے کو خط لکھ دیا ہے جس میں مستعفی پی ٹی آئی ارکان سے لاجز خالی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان کو رہائش گاہیں خالی کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیدی گئی ہے اور پارلیمنٹ لاجز میں مستعفی ارکان کو بقایا جات کی فوری ادائیگی کیلئے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی نیوزی لینڈ کے نئے وزیراعظم کرس ہپکنز کومبارکباد
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کرس ہپکنز کونیوزی لینڈ کا 41 واں وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میں کرس ہپکنز کے ساتھ مل کر دونوں دوست ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اوروسعت دینے کا متمنی ہوں۔
وزیراعظم نے نیوزی لینڈ کے نئے وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔
واضح رہے کہ جسنڈا آرڈرن کے گزشتہ ہفتے مستعفی ہونے کے بعد لیبر پارٹی کے رہنما کرس ہپکنز نے نیوزی لینڈ کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کا فواد چودھری کو 6 بجے ہر صورت پیش کرنے کا حکم
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے رہنما پی ٹی آئی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فواد چودھری کو 6 بجے تک ہر صورت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں فواد چودھری کی بازیابی کے لئے درخواست دائر کی گئی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لئے جسٹس طارق سلیم شیخ کو بھجوا دی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست سماعت کے لئے مقرر کرتے ہوئے فواد چودھری کو ڈیڑھ بجے پیش کرنے کی ہدایت کی، تاہم فواد چودھری کو عدالت پیش نہ کیا جا سکا۔
فواد چودھری کو مقررہ وقت پر عدالت پیش نہ کرنے پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری پیش کرنے کا حکم دیا۔
اس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے فواد چودھری سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ میرے علم میں نہیں کہ فواد چودھری کہاں ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے جواب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ میں نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی موجودگی میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
فاضل جج نے کہا کہ مجھے اپنے حکم پر عملدرآمد کروانا آتا ہے، فواد چودھری کو فوری عدالت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت 3 بجے تک ملتوی کر دی۔
دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی بات کاٹنے ہوئے کہا کہ آپ کو بعد میں سنوں گا، پہلے آرڈر پر عملدر آمد کریں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے سوال کیا کہ آئی جی کو بلوایا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ آئی جی رحیم یار خان سے لاہور سفر کر رہے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کوشام 6 بجے عدالت طلب کر لیا۔


















