نیویارک: (ویب ڈیسک) معروف پاپ گلوکار جسٹن بییر نے اپنے گانوں کے حقوق فروخت کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹن بیبر کے گانوں کے حقوق میوزک پبلشنگ اور ریکارڈنگ کمپنی ہپگنوسس نے خریدے ہیں۔
اس معاہدے کو امریکی میوزک انڈسٹری کی سب سے بڑی ڈیل قرار دیا جارہا ہے جوکہ 200 ملین ڈالرز یعنی 20 کروڑ ڈالرز میں طے ہوئی ہے۔
جسٹن بیبر کے مشہور ترین گانے ’بے بی‘ اور ’سوری‘ سمیت دیگر گانوں کے حقوق فروخت کیے گئے ہیں ان گانوں نے دنیا بھر میں موجود جسٹن بیبر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
جسٹن بیبر کے گانوں کے حقوق خریدنے والی کمپنی ہپگنوسس کا کہنا ہے اس کی زیادہ دلچسپی بیبر کے 290 گانوں میں ہے جبکہ ڈیل میں ایسے گانے شامل ہیں جو 31 دسمبر 2021 سے قبل ریلیز ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جسٹن ٹیمبرلیک اور مشہور وکا وکا اسٹار شکیرا نے بھی اپنی موسیقی مذکورہ کمپنی کو بیچ دیئے تھے۔
Monthly Archives: January 2023
شاہ رُخ خان کی 4 سال بعد بڑے پردے پر واپسی، ’پٹھان‘ ریلیز ہوتے ہی چھا گئی
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رُخ خان کی تنازعات کی نظر ہونے والی فلم ’پٹھان‘ بھارت سمیت دنیا کے سو سے زائد ممالک میں ریلیز کر دی گئی۔
شاہ رُخ خان اپنی 2018 کی آخری فلم ’زیرو‘ کی ریلیز کے 4 سال بعد بڑے پردے پر جلوہ گر ہوئے ہیں ’پٹھان‘ میں ان کے ساتھ بالی ووڈ اسٹائل کوئین دیپیکا اور ایکشن ہیرو جان ابراہم مرکزی کردار نبھا ر ہے ہیں۔
پٹھان نے ریلیز سے قبل ہی پہلے دن کے 4 لاکھ ایڈوانس ٹکٹس فروخت کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے جبکہ آج بھارت سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بننے والی اس ایکشن تھرلر فلم کو بھرپور پزیرائی مل رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رُخ خان کے مداح ان کی نئی فلم دیکھنے کیلئے بےصبری سے انتظار کر رہے تھے اور آج صبح 7 بجے سے ہی سنیما گھروں کے باہر قطار میں کھڑے تھے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کو بھارت سمیت دنیا کے 100 ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی شاہ رُخ خان کی فلم اور گانوں کےخوب چرچے ہو رہے ہیں۔
فلم میں سلمان خان نے بھی کیمیو رول ادا کیا ہے جہاں وہ چلتی ٹرین میں دھواں دار انٹری دیتے ہوئے شاہ رُخ خان یعنی پٹھان کو بچانے پہنچتے ہیں، شاہ رُخ کے ساتھ سلمان خان کے مداح بھی فلم کے ایکشن سین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر بھی ہر طرف ’پٹھان‘ کے چرچے ہیں ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ پٹھان اور ایس آر کے ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔
فلپائن میں یکے بعد دیگرے 2 طیارے حادثے کا شکار
منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن کا فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے سے دو اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ ایک نجی طیارہ لاپتہ ہوگیا جس میں 6 افراد سوار تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے صوبے بتان میں فوجی طیارے نے تربیتی پرواز کے لیے ایئربیس سے اُران بھری تھی تاہم کچھ دیر بعد ہی کھیتوں میں گر کر تباہ ہوگیا۔
فوجی طیارے کے زمین پر گرتے ہی آگ بھڑک اُٹھی۔ طیارے میں دو اہلکار سوار تھے جو حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹین تشکیل دیدی گئی۔
دوسری جانب کوایان ایئرپورٹ سے اُڑان بھرنے والا ایک پرائیوٹ سیسا طیارہ اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکا۔ طیارے کو سیرا میدر کے پہاڑی سلسلے سے گزرنا تھا۔ اڑان بھرنے کے 4 منٹ بعد ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
مسافر بردار طیارے کو 30 منٹ کی پرواز کے بعد منزل مقصود پر پہنچنا تھا لیکن طیارہ راستے میں ہی لاپتہ ہوگیا۔ طیارے کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیم بھیجی گئی لیکن تاحال طیارے کا سراغ نہیں مل سکا۔
طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔ موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو آپریشن بند کردیا گیا تھا جسے دوبارہ کل صبح شروع کیا جائے گا۔ مسافروں کے زندہ ملنے کی امیدیں معدوم ہوگئیں۔
ہم جنس پرستی جرم نہیں، انھیں چرچ آنے کی اجازت ہے؛ پوپ فرانسس
ویٹی کن سٹی: (ویب ڈیسک) پوپ فرانسس نے ہم جنس پرستوں کے خلاف قوانین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کا چرچ میں خیر مقدم کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے ’’اے پی‘‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پوپ فرانسس نے کہا کہ ہم جنس پرست ہونا کوئی جرم نہیں اور اسے جرم قرار دینے والے قوانین غیر منصفانہ ہیں۔
پوپ فرانسس نے مزید کہا کہ خدا اپنے تمام بچوں سے ویسے ہی پیار کرتا ہے جیسے کے وہ ہیں۔ اس لیے ہم جنس پرستوں کے خلاف کسی بھی امتیازی قانون سازی کی مخالفت کریں گے۔
اس موقع پر پوپ فرانسس نے تسلیم کیا کہ دنیا کے کچھ حصوں میں کیتھولک بشپ ہم جنس پرستی کو گناہ سمجھتے ہوئے اسے جرم تسلیم کرنے والے قوانین کی حمایت کرتے ہیں۔
تاہم انہوں نے ایسے کیتھولک بشپ کے ان رویوں کو ثقافتی پس منظر سے منسوب کیا اور کہا کہ ان بشپس کو ہر ایک (جنس) کے وقار کو پہچاننے کے لیے فکری تبدیلی کے عمل سے گزرنے کی ضرورت ہے۔
پوپ فرانسس نے زور دیا کہ ہم جنس پرستی کو جرم قرار دینے والے بشپس کو رحم، درگزر اور مہربانی سے کام لینا چاہیے جیسے کہ خدا ہم میں سے ہر ایک پر مہربانی کرتا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 67 ممالک ہم جنس پرستی کو مجرم قرار دیتے ہیں اور ان میں سے 11 ممالک میں اس کی سزا موت ہے۔
فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کر دیا گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سرکاری اداروں کے خلاف بیان بازی اور نفرت پھیلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری اور الیکشن کمیشن کی طرف سے سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی بھی عدالت میں پیش ہوئے، فواد چودھری کے بھائی فیصل چودھری، زلفی بخاری، حماد اظہر، خرم شہزاد اور سینیٹر شہزاد وسیم بھی کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔
ترکیہ سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا پہلا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا
کراچی: (ویب ڈیسک) ترکیہ سے سیلاب متاثرین کے لیے بھیجا گیا امدادی سامان کا پہلا جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا، دوسرا بحری جہاز 4 فروری کو پہنچے گا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ترکیہ کے قونصل جنرل سے امدادی سامان وصول کیا، پہلے بحری جہاز کے ذریعے 864 ٹن امدادی سامان کراچی پہنچا، دوسرا بحری جہاز900 ٹن امدادی سامان لے کر آئے گا۔
امدادی سامان میں کمبل، سردیوں کے لئے گرم کپڑے، غذائی اشیا اور دیگرچیزیں شامل ہیں، یہ سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ہماری بِھرپور مدد کی ہے، حالیہ سیلاب کے بعد سب سے پہلا امدادی سامان ترکیہ سے آیا تھا، پاکستان کے عوام ہر قدرتی آفت کے موقع پر مدد پر ترکیہ کے مشکور ہیں۔
قونصل جنرل ترکیہ نے کہا کہ ترکیہ کے لوگ پاکستان سے بے انتہا محبت کرتے ہیں، پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان ترکیہ کے ہر بچے کو ازبر ہے۔
موجودہ سیٹ اپ پاکستان کو تباہی کی طرف لیکر جا رہا ہے: عمران خان
لاہور (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ سیٹ اپ پاکستان کو تباہی کی طرف لیکر جا رہا ہے۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ 26 سال پہلے تحریک انصاف پارٹی کا نام رکھا تھا، انصاف کا مطلب ہوتا ہے کمزور اور طاقتور سب برابر ہوں گے، ہمارے پیارے نبیؐ نے کہا صرف کمزور کو جیلوں میں ڈالنے والی قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، ہمارے پیارے نبیؐ نے دنیا کی امامت کی، بار بار مدینہ کی ریاست کا حوالہ دیتا ہوں، مدینہ کی ریاست کی بنیاد ہی عدل اور انصاف تھی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنگل کے قانون کو معاشرے میں بنانا ری پبلک کہا جاتا ہے، جن ممالک میں قانون کی بالادستی وہ خوشحال ہے، اللہ پر ایمان ہے زندگی اور موت کا ایک وقت مقرر ہے، مجھے جیل سے کوئی فکر نہیں، سب کو کہتا ہوں جیل سے نہیں ڈرنا کتنے لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، ڈال دیں، پاکستانی اگر آج کھڑے نہ ہوئے تو آگے اندھرا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کیا الیکشن کمیشن کو منشی کہنے پر جمہوریت میں کسی کو پکڑا جاتا ہے؟ اعظم سواتی کیخلاف ایک ٹویٹ کرنے پر 30 مقدمات درج کیے گئے، ارشد شریف کے ساتھ ظلم کیا گیا، ارشد شریف خود دار، دیانت دار اور محب وطن صحافی تھا، میرے اوپر قاتلانہ حملہ کیا گیا کونسا جرم کیا تھا؟ اپنی قوم سے کہہ رہا ہوں آپ کا مستقبل آپ کے اپنے ہاتھوں میں ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ قوم کو اپنے مستقبل کیلئے فیصلہ کرنا ہو گا، وعدہ ہے جب تک زندہ ہوں قوم کیلئے جدوجہد کروں گا، کبھی زندگی میں نہیں سوچا بیرون ملک جا کر رہوں، جتنی زندگی ہے اپنے ملک میں گزاروں گا، جیل سے نہیں ڈرنے والا، آج پاکستان کی معزز عدلیہ، وکلا سے مخاطب ہوں، یہ وقت ہے وکلا کو رول آف لا کیلئے کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جس طرف ملک کو لے جا رہے ہیں ملک کا کوئی مستقبل نہیں، انصاف اور قانون کی دھجیاں اڑا کر جنگل کا قانون نافذ کیا جا رہا ہے، پہلی دفعہ لوگوں کی پاکستان سے امیدیں ختم ہو رہی ہیں، ساڑھے 8 لاکھ نوجوان ملک سے باہر جا چکے ہیں، پٹرول دنیا میں سستا اور پاکستان میں مہنگا ہو رہا ہے، ایسی کونسی قیامت آئی تھی ہر چیز کی قیمت دگنا ہو چکی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں غربت بڑھتی جا رہی ہے، بزنس مین، تنخواہ دار، کسان طبقے کا برا حال ہے، تنخواہ دار طبقے کا گزارہ مشکل ہو چکا ہے، وجہ ملک میں ظلم اور ناانصافی کا نظام ہے، عوام اپنے آپ سے پوچھیں آج یہ حالات کیوں پیدا ہوئے، کیا وجہ ہے ہم آج تباہی کے راستے پر کھڑے ہیں، پاکستان اس وقت بڑے خطرناک موڑ پر کھڑا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ظلم، ناانصافی کے سامنے کھڑے ہونا جہاد ہے، انصاف کے بعد ہی خوشحالی آتی ہے، مدینہ کی ریاست میں پہلے عدل اور پھر خوشحالی آئی تھی، نیلسن منڈیلا نے کہا تھا اگر غربت کم کرنی ہے تو پہلے انصاف قائم کرو، چین نے ستر کروڑ عوام کو انصاف دے کرغربت سے نکالا، خوشحالی کا انصاف کے ساتھ لنک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ کا قول ہے ظلم کا نظام چل سکتا ہے کفر کا نہیں، ہماری حکومت میں آٹا 65 روپے اور آج 135 روپے میں ہو گیا، ہمارے دور میں 60 ارب روپیہ اضافی کمایا تھا، ہماری حکومت کے جانے کے بعد کیا ہوا آج بجلی کی قیمت دگنا ہو گئی ہے؟، ابھی مزید ملک میں مہنگائی ہوگی، پاکستان کے معاشی حالات کبھی بھی ایسے نہیں تھے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ملک کے طاقتور ڈاکوؤں نے اپنے 1100 ارب کے کیسز معاف کرا لیے، موجودہ سیٹ اپ پاکستان کو تباہی کی طرف لیکر جا رہا ہے، اللہ نے مجھے ہر نعمت سے نوازا ہے، سب کچھ دیا، انہوں نے سازش کے ذریعے مجھے باہر نکالا تو لاکھوں لوگ میرے لیے سڑکوں پر نکلے، کسی بھی وزیر اعظم کو ایسی عزت نہیں ملی تھی۔
یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان آمد، وزیر اعظم نے استقبال کیا
رحیم یار خان: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے دورے کے دوران رحیم یار خان پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف اور متعدد وزراء نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تاریخی تعلقات اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے شیخ محمد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر معیشت، تجارت اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کے مختلف راستوں پر تبادلہ خیال کیا اس کے علاوہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیر غور آئے، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تاریخی تعلقات پر فخر ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے فواد چودھری کی بازیابی کی درخواست خارج کردی
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے فواد چودھری کی بازیابی سے متعلق درخواست خارج کردی۔
ہائی کورٹ میں فواد چودھری کو حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈیڑھ بجے فواد چوہدری کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
وقفے کے بعد دوبارہ سماعت ہوئی لیکن فوادچودھری کو پیش نہ کیا گیا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ فوادچودھری جہاں بھی ہیں فورا عدالت میں پیش کیاجائے۔
پی ٹی آئی وکیل نے بتایا کہ اطلاعات ہیں فوادچودھری کواسلام آبادلےگئےہیں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ میں جوآرڈرکرتاہوں عملدرآمدکیلئےکرتاہوں، میرےآرڈرہیں کہ فوادچودھری کوعدالت پیش کیاجائے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ آدھاگھنٹہ دیں، ابھی عملدرآمدکراتاہوں۔ عدالت نےسماعت 2 بجےتک ملتوی کردی۔
2 بجے سماعت ہوئی تب بھی فواد چودھری کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا جس پر عدالت نے سماعت 3 بجے تک ملتوی کردی۔
3 بجے سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو فواد چوہدری کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس فواد چوہدری کو لیکر اسلام آباد روانہ ہوگئی ہے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ اگر اسلام آباد پہنچ بھی گئے ہیں تو انہیں واپس لائیں۔
دوبارہ سماعت ہوئی تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ ایک مقدمہ درج ہوا ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ میں آپ کو بعد میں سنوں گا، پہلے آرڈر پر عملدرآمد کریں۔
عدالت نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے سماعت شام چھ بجے تک ملتوی کردی۔
چھ بجے سماعت ہوئی تو فواد چوہدری کو پھر عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے پیش ہوکر بتایا کہ فواد چوہدری پنجاب پولیس نہیں بلکہ اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں، میں رحیم یار خان میں تھا جہاں موبائل سگنلز کا مسئلہ تھا، مجھے عدالتی حکم کی تاخیر سے اطلاع ملی، تب فواد چودھری اسلام آباد پہنچ چکے تھے، مجھے اگر جلدی پتہ جل جاتا تو میں عدالتی حکم پر عملدرآمد کرواتا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی وکیل سے کہا کہ آپ اس عدالت سے کیا چاہتے ہیں، یہ ایف آئی آر اسلام اباد میں درج ہوئی ہیں جنہیں خارج کرنے کا اختیار اسلام آباد ہائیکورٹ کے پاس ہے۔
وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری کو اس عدالت میں پیش کیا جائے اور گرفتاری غیر قانونی قرار دی جائے، پولیس کو 4 مواقع دیے لیکن انہوں نے فواد کو پیش نہیں کیا۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے،یہ کیسے ثابت کر سکتے ہیں کہ یہ غیر قانونی حراست ہیں۔
عدالت نے کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری میں غیر قانونی کیا ہے، اگر آپ مقدمے کا اخراج چاہتے ہیں تو اسلام آباد ہائیکورٹ فورم ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی بازیابی سے متعلق درخواست خارج کردی۔
پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن منصوبے کا پتہ چلالیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کےانٹیلی جنس اداروں نے بھارت کےفالس فلیگ آپریشن منصوبے کا پتہ چلالیا۔
بھارتی یوم جمہوریہ کےموقع پرمقبوضہ کشمیرمیں مبینہ دراندازی کا ڈرامہ بنایا گیا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج اور پولیس کے ذریعےکارروائی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
بھارت نے فالس فلیگ آپریشن لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں پلان کیا۔
پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے بھارتی منصوبے کے 3 اہم کرداروں کا بھی پتہ چلالیا۔ بھارت کی 93 انفینٹری بریگیڈ کا ایجنٹ بشیر اور 2 ساتھی عالم اور اسلم فالس فلیگ آپریشن کےمرکزی کردارہیں۔
بشیر کا مقامی افراد کے ذریعے جشکوال، آزاد کشمیرسائیڈ سے آئی ای ڈیز نصب کرکے مقبوضہ کشمیر میں داخلے کا پلان ہے، بھارتی منصوبے کے تحت مسجد کے قریب اس کارروائی کو ناکام بنایا دکھایا جائے گا۔
منصوبے کے تحت بھارتی فوج اور پولیس جعلی برآمدگی بھی ظاہر کرے گی۔
خیال رہے کہ کل 26 جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ منایا جائے گا۔
مریم نواز کا وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا: رانا ثنا اللہ
لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کا وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس دوران رانا ثنا اللہ نے مریم نواز کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چیف آرگنائزر مریم نواز کا وطن واپس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کریں گے، مریم نواز 28 جنوری بروز ہفتہ تین بج کر پانچ منٹ پر لاہور پہنچیں گی۔
جاپان میں مال بردار جہازڈوب گیا ، 14 افراد محفوظ، 8 تاحال لاپتا
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے جنوب مغربی سمندر میں ڈوبنے والے مال بردار جہاز کے عملے کے 14 افراد کو بچالیا گیا ہے جبکہ 8 افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاپانی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ حادثہ جاپان اور کوریا کے درمیان سمندر میں طوفانی ہواؤں کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں مال بردار جہاز ڈوب گیا ، جہاز کے عملے کے تمام افراد کا تعلق چین اور میانمار سے ہے جن میں سے 14 کی جان بچا لی گئی ہے جبکہ 8کی تلاش جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہانگ کانگ کے نام سے رجسٹرڈ کشتی نے مدد کا پیغام بھیجا تھا۔
یاد رہے کہ سال 2020 میں بھی جاپان کے جنوب مغرب میں ٹائیفون کی زد میں آکر جہاز کے عملے میں شامل 43 افراد اور چھ ہزار مویشی ڈوب گئے تھے ۔
چُھپن چُھپائی کھیلتے ہوئے لڑکا ملائیشیا پہنچ گیا
چٹاگانگ: (ویب ڈیسک) بچپن میں سب نے چھپن چھپائی کا کھیل تو ضرور کھیلا ہوگا، اس کھیل میں ہر بچے کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ ایسی جگہ پر چھپے جہاں سے اس کے ساتھی اسے ڈھونڈ نہ پائیں۔
چھپن چھپائی کا ایسا ہی ایک کھیل بنگلادیش میں بھی بچے کھیل رہے تھے ،جہاں ایک بچے نے چھپنے کی ایسی جگہ کا نتخاب کیا جس کی وجہ سے وہ دوسرے ملک پہنچ گیا۔
جی ہاں بنگلادیش میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں چُھپن چُھپائی کھیلتے ہوئے معصوم لڑکا ملائیشیا پہنچ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 جنوری کو ملائیشین بندرگاہ پر بنگلادیش سے پہنچنے والے سامان سے بھرے کنٹینر سے انتہائی پریشان حالت میں ایک لڑکا برآمد ہوا۔
کنٹینر میں سے بچہ برآمد ہونے پر حکام نے اسے انسانی سمگلنگ کا کیس سمجھتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔
دوران تفتیش معلوم ہوا کہ یہ بچہ بنگلا دیش کے شہر چٹاگانگ میں اپنے دوستوں کے ساتھ چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے کنٹینر میں چھپ گیا، تاہم کنٹینر بند ہوجانے کی صورت میں وہ 6 دن تک اسی میں رہا اور جیسے ہی کنٹینر ملائیشین بندرگاہ پہنچا تو وہ خوش قسمتی سے زندہ بچ گیا۔
حکام کے مطابق لڑکے کی شناخت فہیم کے نام سے ہوئی ہے، جس نے بتایا کہ وہ چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے کنٹینر میں ہی سو گیا تھا، تاہم آنکھ کھلنے پر اس نے باہر جانے کی کوشش کی تو کنٹینر بند تھا، وہ رویا چلایا پر کسی نے اس کی آواز نہیں سنی۔
6 دن سے کچھ کھائے پیے بغیر خوش قسمتی سے زندہ بچ جانے پر ملائیشین حکام نے بچے کو فوراً ہسپتال منقل کیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ انسانی سمگلنگ کا واقعہ نہیں، بچے نے جو بتایا وہ سچ ہے، ہم بنگلا دیشی حکام کے ساتھ فہیم کو اس کے گھر واپسی بھیجنے کے لیے رابطے میں ہیں۔


















