اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان بار کونسل کے 20 رکنی وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال سے ملاقات کی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملاقات میں پاکستان بار کونسل کے نومنتخب وائس چیئرمین، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اور سابق وائس چیئرمین بھی شامل تھے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان بار کونسل کے وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔
Monthly Archives: January 2023
اسحاق ڈار سے امریکی وزارت خزانہ کے سینئر عہدیدار کی ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے امریکی وزارت خزانہ کے سینئر عہدیدار رابرٹ کپروٹھ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران امریکی سینئر حکام کے علاوہ وزیرمملکت عائشہ غوث پاشا اور طارق باجوہ بھی موجود تھے، وزیرخزانہ نے امریکی عہدیدار کو پاکستان کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملکی معیشت کودرست سمت ڈالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت پختہ عزم کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے امریکی عہدیدار کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں بارے آگاہ کیا، امریکی عہدیدار نے معاشی استحکام کیلئے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، رابرٹ کپروٹھ نے معاشی و مالیاتی امور پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ضروری ہے، سید نوید قمر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ملک کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے، میرا دفتر تجارت وسرمایہ کاری کی سہولت کیلئے سب کیلئے کھلا ہے۔
پاکستان میں سلیکون کی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے بارے میں یو ایس پاکستانی ڈاسپورا کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے شعبے میں تجارت اورسرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سید نوید قمر نے کہا کہ سلیکون ویلی کے متحرک اور کامیاب امریکی پاکستانی ڈاسپورا اور مقامی کاروباروں اور سب سے اہم بات حکومت پاکستان کا اعتماد حاصل کرنا یقینی طور پر پاکستان کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں سٹارٹ اپ کنیکٹ پروگرام شروع کرنے پر یو ایس ایڈ اور اوپن سلیکون ویلی کو بھی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ مجھے یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ آج کی کانفرنس کے دوران پاکستان کو ترقی یافتہ اور جدید بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کے لیے تارکین وطن کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
سید نوید قمر کا مزید کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ چار ڈاسپورا اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر رہا ہے جو پاکستان کے ترقیاتی منظرنامے پر مثبت اثر ڈالے گا۔
وفاقی وزیرنے یقین دلایا کہ ان کا دفتر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تجارت اور سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے سب کے لیے کھلا ہے۔
حکومت منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پُرعزم ہے، شاہ زین بگٹی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پُرعزم ہے، حکومت ملک سے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
وزارت انسداد منشیات کے زیراہتمام کنٹرولڈ پری کرسر کیمیکلز کی درآمد کے سلسلے میں صنعتی اداروں کی رجسٹریشن اور عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹ (این او سی) کی درخواست کے لئے خودکار نظام پر مبنی نئی آن لائن پورٹل پری کرسر مینجمنٹ سسٹم (پی ایم ایس) کے افتتاح پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزارت انسداد منشیات و اس کے تمام ذیلی ایجنسیوں و اداروں کی معاونت سے منشیات کا استعمال روکنے کے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
خودکار آن لائن پورٹل کے اجرا کے موقع پر بتایا گیا کہ یو این او ڈی سی نے نئے سسٹم کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کی ہے اور یہ منصوبہ حکومت جاپان کے مالی تعاون سے مکمل کیا گیا ہے، نئی پورٹل کی باضابطہ افتتاحی تقریب وفاقی وزیر نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے دیگر اہم شرکا میں وفاقی سیکرٹری وزارت انسداد منشیات، چیئرمین پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) اور یو این او ڈی سی کنٹری آفس پاکستان (کوپیک) کے نمائندہ بھی شامل تھے، مختلف وفاقی وزارتوں اور متعلقہ محکموں کے افسران، صنعتی شعبے کے سینئر نمائندوں اور عطیہ دینے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پاکستان میں یو این او ڈی سی کنٹری آفس کے نمائندے ڈاکٹر جیریمی ملسم نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے کام کرنے والے نئے پی ایم ایس سسٹم کی بدولت متعلقہ قومی اداروں کی استعداد میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب وہ کنٹرولڈ پری کرسر کیمیکلز کے صنعتی شعبے میں قانونی استعمال کے لئے درآمد کے سلسلے میں ڈیٹا حاصل کرنے، اسے استعمال میں لانے اور اس کی تشریح کرنے کے ساتھ ساتھ درخواستوں کی منظوری کے لئے براہ راست محفوظ طریقے سے کام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تکنیکی استعداد بڑھانے کے اس اقدام سے پاکستان میں پری کرسر کنٹرول کے نظام میں بہتری آئے گی اور کیمیکلز اور دواسازی کے شعبے سے وابستہ صنعتی اداروں کے لئے کاروبار میں مزید آسانی پیدا ہو گی، استعداد میں اس بہتری کی بدولت انسداد منشیات کے لئے حکومتِ پاکستان کی پالیسی 2019 کے مقاصد کے حصول اور یو این او ڈی سی کے پاکستان کنٹری پروگرام III (2022-2025) کی دفعات کے تحت ہماری مشترکہ خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کی راہ ہموار ہو گی۔
وزارت انسداد منشیات کی سینئر جوائنٹ سیکرٹری سبینہ سکندر جلال نے پی ایم ایس پر ایک جامع پریزنٹیشن دی، انہوں نے شرکاء کو انٹرنیٹ کے ذریعے انفارمیشن مینجمنٹ اور درخواست پر کارروائی کے اس نظام کے ڈیزائن اور اس کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا جو درخواستوں پر کارروائی کے مینوئل نظام کی جگہ لے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس نظام میں عوامی کمپنیوں کی رجسٹریشن، صنعتی استعمال کے لئے کنٹرولڈ پری کرسر کیمیکلز کی درآمد کی درخواستوں، عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹ کے اجرا اور درآمد شدہ کنٹرولڈ کیمیکلز کے استعمال کی تفصیلات جمع کرانے جیسی سرگرمیوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، سابق چیئرمین پی سی ایم اے ظفر محمود نے اپنے خطاب میں پاکستان کے اس نئے خودکار پری کرسر مینجمنٹ سسٹم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
لاہور: (ویب ڈیسک) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر طویل مشاورت کی گئی۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اللہ کی ذات کے بعد حکومت کے فاشسٹ اقدامات سے تحفظ اعلیٰ عدلیہ ہی دے سکتی ہے، پہلے بھی انصاف عدلیہ سے ملا، پختہ یقین ہے کہ اب بھی انصاف انہی سے ملے گا۔
چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء سے کہا ہے کہ حکومتی مظالم کے خلاف فوری عدالتوں سے رجوع کریں، صرف عدالتیں ہی حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے تحفظ دے سکتی ہیں۔
آپ تیاری کریں، پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کریں گے: اماراتی صدرکی وزیراعظم سےگفتگو
رحیم یار خان: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر رحیم یار خان پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا چاندنہ ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور اماراتی صدر کی ملاقات برادرانہ ماحول میں ہوئی، شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف سے بڑی والہانہ محبت کا اظہارکیا اور وزیراعظم کا ہاتھ تھامے اپنے جہاز میں لےگئے۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ صدر یو اے ای نے وزیراعظم کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنےکا بھی عندیہ دیا، ان کا کہنا تھا کہ آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کی اپنے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کرائی، وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی۔
افواج کے لیے نیا قومی تمغہ قائم کرنے کی منظوری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان ڈائمنڈ جوبلی تمغہ 2022 کے نام سے نیا تمغہ تفویض کرنے کی منظوری دے دی۔
سربراہ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیا قومی تمغہ قائم کرنے کی منظوری اعزازات ایکٹ 1975 کے تحت دی۔
پاکستان ڈائمنڈ جوبلی تمغہ افواج پاکستان، سول فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد کو جغرافیائی و سیاسی حدود کے دفاع میں خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق تمغہ عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے اور اندورنی اور بیرونی طور پر قیامِ امن کیلئے خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں دیا جائے گا
افواج پاکستان کیلئے قائم کردہ نیا قومی تمغہ قیامِ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ 14 اگست 2022 سے نافذ العمل ہوگا۔
افغانستان؛ جما دینے والی سردی میں ہلاکتوں کی تعداد 150 ہوگئی
کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں شدید سردی سے ایک ہفتے کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 150 ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں رواں موسم میں درجۂ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا اور معمولات زندگی معطل ہوکر رہ گئے۔ شہری گھروں میں محصور ہوگئے لیکن ٹوٹے پھوٹے گھر انھیں موسم کی سختی سے بچانے میں ناکام رہے۔
طالبان حکام نے تصدیق کی ہے کہ شدید سرد موسم کے باعث ایک ہفتے کے دوران 150 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں سرد موسم کی وجہ سے 70 ہزار سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
افغانستان میں موجودہ موسم سرما میں سردی بھی معمول سے زیادہ پڑ رہی ہے اور جنگ زدہ ملک میں امدادی کاموں کے لیے دستیاب این جی اوز نے بھی کام کرنا بند کردیا ہے۔ جس کے بعد امداد شہریوں تک نہیں پہنچ پا رہی ہے۔
این جی اوز نے افغانستان میں کام کرنا بند تنظیم کی خواتین ورکرز پر طالبان کی جانب سے پابندی عائد کرنے کے ردعمل میں کیا تھا تاہم اب این جی اوز نے موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے امدادی کاموں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
ویزا قوانین میں نرمی، سعودی عرب میں پیشہ ور غیر ملکیوں کی تعداد میں اضافہ
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ویزا قوانین میں نرمی اور غیر ملکی کاروباریوں کو راغب کرنے کے اقدامات کے نتیجے میں پیشہ ورتارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈیلائٹ مڈل ایسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر معتصم دجانی نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ان کی اکاؤنٹنگ فرم سعودی عرب میں اپنی 6,000 مضبوط علاقائی افرادی قوت کی اکثریت کی میزبانی کرتی ہے، اوراس تعداد میں سال بہ سال نمایاں طور پر اضافہ ہوگا۔
راشد دجانی نے کہا کہ سعودی عرب میں تبدیلی کے بڑے منصوبے اوربے مثال اقتصادی ترقی اسے تارکین وطن کے لیے ایک پُرکشش مقام بناتی ہے،
اگرچہ غیرملکی کارکنوں نے طویل عرصے سے سعودی عرب کی معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے ، لیکن سماجی اصلاحات کے ساتھ ساتھ روزگار کے بڑھتے ہوئے مواقع اسے زیادہ پرکشش منزل بنا رہے ہیں۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی سوشل انشورنس اسکیم پر دست خط کرنے والے غیر سعودیوں کی تعداد 2022 کی دوسری سہ ماہی میں 198,803 سے بڑھ کر 2022 کی تیسری سہ ماہی میں 1,183,577 ہو گئی تھی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ری شیڈول کر دیا گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس ری شیڈول کر دیا گیا، قومی اسمبلی کا اجلاس اب 27 جنوری کی بجائے 31 جنوری تک ملتوی کر دیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اجلاس 31 جنوری کو شام 5 بجے طلب کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ اجلاس 27 جنوری کو دن 11 بجے منعقد ہونا تھا، اجلاس ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 13 ڈالرز کمی سے 1925 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت میں 1150روپے کا اضافہ ہوگیا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 1 لاکھ 90 ہزار600 روپے جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 63 ہزار409 روپے ہوگئی۔
زمین کے اندرونی مرکز کے گھماؤ کی سمت پلٹنے کا انکشاف
لندن: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ زمین کے اندرونی مرکزنے ممکنہ طور گھومنا بند کرتے ہوئے الٹی سمت میں گھومنا شروع کردیا ہے۔
جرنل نیچر جیو سائنس میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ تحقیق زمین کی گہرائیوں میں ہونے والے عملیوں کے زمین کی سطح پر پڑنے والے اثرات، بشمول دن کے دورانیے کے، کی سمجھ کو بہتر بنائے گی۔
اس سے قبل ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ زمین کی سب سے اندرونی جہت کو ایک بیرونی مائع تہہ باقی زمین سے علیحدہ کرتی ہے۔ اس کی مقناطیسی فیلڈ اندرونی تہہ کے گھومنے سمیت مینٹل کے کششِ ثقل کے اثرات کا سبب بنتی ہے۔
گزشتہ مطالعوں میں زمین کے اندر سے آنے والی زلزلے کی لہروں کے تکرار کے درمیان وقت میں تبدیلی کی بنا پر بھی یہی نتیجہ اخذ کیا جا چکا ہے کہ ان لہروں کو اندرونی مرکز سے بھی اس ہی راستے سے گزرنا چاہیئے۔تاہم، اندرونی مرکز کے گھومنے کی رفتار مبہم رہی ہے۔
اس نئی تحقیق کے لیے محققین نے 1960 سے زمین کے اندرونی مرکز کے مساوی رستوں سے گزرنے والی زلزلے کی لہروں کا جائزہ لیا۔
سائنس دانوں نے ان لہروں کے خم اور ان لہروں کے درمیان وقت میں فرق کا جائزہ لیا۔ محققین نے کے مشاہدے میں یہ بات آئی کہ 2009 کے بعد سے زلزلوں کی ان لہروں کے راستوں میں معمولی سی تبدیلی ہوئی ہے۔
تحقیق کے نتائج اس خیال کی جانب اشارہ کرتے ہیں زمین کے اندرونی مرکز نے گھومنا بند کردیا ہے۔ اس کا تعلق ممکنہ طور پر اندرونی مرکز کے گھومنے کی سمت پلٹنے سے ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ان تبدیلیوں کا تعلق سطح زمین پر ہونے والے معاملات، جیسے کہ دن کے دورانیے، سے ہوتا ہے۔
پیزا کی سب سے بڑی دعوت میں 3 ہزار افراد 1000 پیزا کھا گئے
اوکلاہوما: (ویب ڈیسک) امریکا میں دنیا کی سب سے بڑی پیزا پارٹی کا انعقاد کیا گیا جس میں حیرت انگیز طور پر تین ہزار افراد نے شرکت کی اور 1000 پیزا پیش کیے گئے۔ یہ تقریب اوکلاہوما یونیورسٹی کے ہال میں منعقد کی گئی جس میں تین ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔
اس موقع پر اینڈولینی پیزا کمپنی کے مالک مائک بوش نے بتایا کہ وہ اس ریکارڈ کو توڑنے کے لیے گزشتہ 8 ماہ سے جدوجہد کر رہے تھے جس کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔ اس طرح شرکا کی غیرمعمولی تعداد آگئی اور بہت جلدی میں 1000 سے زائد پیزا تیار کئے گئے۔
شام میں شروع ہونے والی دعوت میں شرط یہ تھی کہ ہرفرد پیزا کی دو سلائس کھائے اور پانی کی چھوٹی بوتل ختم کریں لیکن اسے یہ عمل 15 منٹ میں انجام دینا تھا۔ اگر 15 منٹ سے اوپر ہوجائیں تو اس کا کھانا شمار نہیں ہوگا اور مقابلے سے خارج سمجھا جائے گا۔
اس طرح کل 3357 افراد نے مقررہ وقت میں پیزا کے دو ٹکڑے کھائے اور پانی ختم کیا۔ تمام افراد ٹکٹ لے کر اس تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ اس طرح کل 40 ہزار ڈالر کے عطیات جمع ہوئے جو بیمار بچوں کے علاج پر خرچ کیے جائیں گے۔


















