لاہور: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے چند گھنٹوں میں دوسری ملاقات کی۔
صدر عارف علوی اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی طرف سے الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر عارف علوی لاہور کے دورے پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔
بعد ازاں صدر عارف علوی نے چند گھنٹوں بعد عمران خان سے ان کی رہائشگاہ پر ایک اور ملاقات کی۔
Monthly Archives: January 2023
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا: محکمہ موسمیات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کراچی میں آج سے سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہے گا جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں دھند متوقع ہے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، کوئٹہ سمیت زیارت، ژوب، قلات اور کئی علاقوں کے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے پہنچ گئے، زیارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا سرد ترین مقام رہا، قلات منفی 7، کوئٹہ اور ژوب منفی 6 جبکہ بارکھان میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سبی اور تربت 8، پنجگور منفی 2، گوادر 13اور پسنی میں 12 ، خضدار منفی 4، دالبندین منفی 2 اور لسبیلہ میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع شدید سرد رہنے کا امکان ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں آج سے سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، 35 سے 50 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل سکتی ہیں، تیز ہواؤں کاسلسلہ جمعرات کی دوپہر سے ہفتے کی صبح تک جاری رہے گا، ہوامیں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے سردی زیادہ محسوس ہوگی، ہفتے کی صبح یا شام تک تیز ہواؤں کا سلسلہ رک جائے گا۔
بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے : وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد : (ویب ڈیسک) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کے سامنے جمہوری اور سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے مگر وہاں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں ،بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے۔
دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ، بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مسلمانوں نے ہر وہ قربانی دی جس کی مثال نہیں ملتی ، تحریک آزادی کشمیر کیلئے کشمیریوں نے اپنی تیسری نسل قربان کر دی ہے ، بھارت اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے اپنے ہی وعدے سے مکر رہا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کسی صورت بھارت کا حصہ نہیں اور نہ کبھی بن سکتا ہے، کشمیری خود کو پاکستانی سمجھتے ہیں اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہندوستان کا مکروہ اور انسانیت کا قاتل چہرہ دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب ہوا ہے ، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبصہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اور سیکولر ملک کا دعویٰ کرنے والا ہندوستان دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا سب سے بڑا فراڈ ہے، بھارت نے کشمیری ماؤں، بہنوں ، بزرگوں اور بچوں پر انسانیت سوز ظلم کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کاکہنا تھا کہ ہندوستان خود کو جمہوری ملک کہلوانے کے لائق نہیں، سات دہائیوں سے ہندوستان نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے علاوہ بھارت کی کئی ریاستوں میں لوگ بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہندوستان میں اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔
جھوٹے دعوؤں کے ساتھ بھارت پھر یوم جمہوریہ منا رہا ہے: مشعال ملک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ جھوٹے دعوؤں کے ساتھ بھارت پھر یوم جمہوریہ منا رہا ہے، جمہوریت کا جھوٹا لبادہ اوڑھے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔
بھارتی یوم جمہوریہ پر اپنے پیغام میں مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر 75 سال سے خون میں ڈوبا ہے، عزتیں غیر محفوظ، بچے لاوارث ہو چکے ہیں، بھارتی حکومت نے سیاسی جہدوجہد پر کشمیری رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات بنا رکھے ہیں۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کی کالونی بن چکا ہے، کشمیریوں پر پچاس لاکھ ہندوؤں کو بھی مسلط کر دیا گیا، دنیا بھارتی نام نہاد جمہوریت کی پٹی اپنی آنکھوں سے ہٹائے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم جبر دیکھے۔
فواد چودھری پہلے سے مضبوط ہو کر واپس آئیں گے: مسرت جمشید
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ فواد چودھری ہنستے مسکراتے صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آئیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانیوں کے دلوں کی آواز ہیں، پی ٹی آئی کا ہر کارکن ناقابلِ شکست ولولے کیساتھ چیئرمین کے پیچھے کھڑا ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین گھبراہٹ میں اپنا ہی نقصان کر رہے ہیں، فواد چودھری مزید مضبوط ہو کر واپس لوٹیں گے۔
ٹیکسلا :گھر میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی ، 2 بچے جاں بحق
ٹیکسلا: (ویب ڈیسک) پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں دو بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا کے محلہ صدیق آباد ڈھوک پراچہ میں گیس لیکیج سے آتشزدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا ، ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ سے دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ، زخمیوں میں بچوں کی والدہ اور دادا شامل ہیں ۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت چار سالہ سدیس اور پانچ سالہ اویس کے نام سے ہوئی ہے ۔
ریسکیو کی جانب سے بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کوایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
گورنرپختونخوا سے اعظم خان کی مشاورت، آج نگران کابینہ کی حلف برداری کا امکان
پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کے درمیان 5 گھنٹے طویل ملاقات کے دوران مشاورت کے بعد خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کی آج حلف برداری کا امکان ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے کابینہ کیلئے مشاورت نہیں کی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی کابینہ نہیں بن رہی کہ محمود خان سے مشاورت کریں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ نگران کابینہ وزیراعلیٰ کی صوابدید ہے وہ ہی بنائیں گے۔
مریم نواز وطن واپسی کیلئے آج لندن سےروانہ ہوں گی
لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز وطن واپسی کیلئے آج لندن سے روانہ ہوں گی، دبئی میں ایک روز قیام کے بعد ہفتے کی شام لاہور پہنچیں گی۔
مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدر مریم نواز اب چیف آرگنائزر کی حیثیت سے انتخابی مہم میں پیش پیش رہنے کے ساتھ پارٹی کو بھی منظم کریں گی۔
مریم نواز کی وطن واپسی کیلئے ن لیگ نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ہر ایم پی اے اور ایم این اے ایک ہزار کارکنان کو لے کر ائیر پورٹ پہنچے گا۔
مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر شہر کو استقبالیہ بینرز اور پوسٹرز سے سجانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا رپورٹر کیساتھ شیخ رشید کی بدتمیزی کے واقعہ پر اظہار مذمت
لاہور : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وفاقی وزیر اور سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) شیخ رشید احمد کی جانب سے نجی نیوز چینل کے رپورٹر کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب ان کے پاس سوال کا جواب نہیں ہوتا تو یہ صحافیوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور اس کے اتحادیوں کی تاریخ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ صحافیوں اور صحافت کا گلا دبانے کی کوئی کوشش ہاتھ سے نہیں جانے دی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شیخ رشید جان لیں کہ آج وہ جہاں کھڑے ہیں اس میں صحافیوں اور میڈیا کا کلیدی کردار ہے، ہم اس قسم کے رویئے کی مذمت کرتے ہیں، شیخ رشید صاحب کو اپنے اس رویئے پر معافی مانگنی چاہئے۔
کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد دوبارہ بڑھنے لگی، 12 مریضوں کی حالت نازک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 416 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 416 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 21 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.48 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 12 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔
یوم سیاہ منانے کی کال جماعتی حریت کانفرنس نے دی اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند جماعتوں نے اس کی حمایت کی ، جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہے اور اسے خود کو بڑا جمہوری ملک قرار دینے کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، دریں اثناء سینئر حریت رہنما نعیم احمد خان نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔
تہاڑ جیل میں نظر بند رہنما نے اپنے پیغام میں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور زبردستی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں و کشمیر کے عوام کو اپنی سیاسی قسمت کا فیصلہ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کرانے کے اپنے وعدوں کے باوجود کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت کے زور پر دبانے کے لیے پرتشدد راستے کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے جو خطے میں بدامنی کی ایک بڑی وجہ ہے، ادھر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھی حریت کانفرنس کی ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ ان کے مادر وطن پر بھارت کا غیر قانونی اور زبردستی قبضہ ان کے لیے ناقابل قبول ہے۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیر میں ہلاکتوں اور تباہی میں ملوث ہے اور اس نے لاکھوں کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنایا ہوا ہے اور اسے یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔
وزیر مملکت حنا ربانی کھر سے روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت اور عبوری افغان حکومت کے ساتھ عملی روابط کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے ملاقات کے دوران ماسکو فارمیٹ اور افغانستان کے پڑوسی ممالک کے ذریعے علاقائی حل کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ای سی سی اجلاس، گندم بیج پرسبسڈی کی مد میں 8.39 ارب کی گرانٹ منظور
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ربیع 2022-23 کی فصل کیلئے گندم کے بیج پرسبسڈی کی مد میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کیلئے 8.39 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوا، جس میں وفاقی وزراء سید نوید قمر، خرم دستگیر خان، احسن اقبال، سید مرتضیٰ محمود، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی محصولات طارق محمود پاشا، معاون خصوصی ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وزیر اعظم کے رابطہ کار رانا احسان افضل، وفاقی سیکرٹریز و سینئرافسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے ملک میں تیل و گیس کی درآمد پر بوجھ کم کرنے کیلئے آدم ایکس ون ڈولپمنٹ اینڈ پروڈکشن کی لیز میں 10 فروری 2022 سے توسیع سے متعلق سمری پیش کی گئی اور اس کا جائزہ لیا گیا، 10 فروری 2015 کو آدم ایکس ون کی 7 سالہ لیز کی اجازت دی گئی تھی۔
عمیرایس ای ون ڈسکوری گدو کی توسیعی ویل ٹیسٹنگ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی اجازت دی گئی، توسیعی مدت کا آغاز پیداوار کے آغاز سے ہو گا، اجلاس کو بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل کو گدو بلاک کا ایکسپلوریشن لائسنس 1999 میں دیا گیا تھا، وزارت قومی صحت خدمات کی جانب سے ڈرگ پرائس کمیٹی کی سفارش پر ایک دوائی کی ایم آر پی ایس میں اضافہ کی اجازت بھی دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں وزارت تجارت کی سمری پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو درآمدی گندم کی بندرگاہوں پر لوڈ ہونے کی حالت میں پہلے سے منظور شدہ 6 بین الاقوامی پری شپمنٹ انسپیکشن ایجنسیز کو معائنہ کرنے کی اجازت دی گئی، شرکاء کو بتایا گیا کہ آنے والے مہینوں میں درآمدی گندم کی کھیپ پہنچ رہی ہے۔
اجلاس میں وزارت تخفیف غربت وسماجی تحفظ کی جانب سے ربیع 2022-23 کی فصل کیلئے گندم کی بیج پرسبسڈی کے حوالہ سے سمری پیش کی گئی، جس پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 8.39 ارب روپے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی صورت میں فراہم کرنے کی اجازت دے دی، گندم کے یہ بیج سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کاشت کاروں کو فراہم کی جائے گی۔
ای سی سی نے بی آئی ایس پی کو شراکت دار بینکوں کے زریعہ نقد رقوم کی ادائیگی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی، سندھ حکومت کی جانب سے اہلیت کے طریقہ کار کے تحت منتخب مستحقین کو یہ رقم ادا ہو گی۔
اجلاس میں وزارت داخلہ کی سمریوں پرآئی ٹین مرکز اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو10 ملین روپے اورایک سیاسی جماعت کے لانگ مارچ میں مرنے والے کے ورثاء کیلئے 20 ملین روپے کی مالی معاونت کی منظوری بھی دی گئی۔


















