سندھ ہائیکورٹ کا لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم، پیشرفت رپورٹ طلب

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس سے 10 فروری کو پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔
سندھ ہائیکورٹ میں کراچی سے 6 لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ،حراستی مراکز سے تفصیلات مانگی ہیں مگر جواب نہیں آیا۔
عدالت نے پولیس رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا، لاپتہ افراد کی ٹریول ہسٹری رپورٹ اور حراستی مراکز سے شہریوں کی موجودگی سے متعلق بھی رپورٹ طلب کرلی ۔
عدالت نے کہا کہ کچھ شہری 10 سال سے لاپتہ ہیں، بے شمار جے آئی ٹیز اور پی ٹی ایف سے نتیجہ نہیں نکلا۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹونے استفسار کیا کہ پولیس لاپتہ شہریوں کا سراغ لگانے میں کیوں ناکام ہے؟، عدالت نے حکم دیا کہ لاپتہ افراد کو ہر صورت بازیاب کرایا جائے۔
بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے 10 فروری کو پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔

بجلی کے بریک ڈاؤن پر این ٹی ڈی سی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر این ٹی ڈی سی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 23 جنوری کی صبح فریکوئنسی میں اتار چڑھاؤ پیدا ہوا تھا، فریکوئنسی کے اتار چڑھاؤ سے 5 سو کے وی کی ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئی تھیں۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈس پیچ کمپنی ( این ٹی ڈی سی ) کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں 23 جنوری بروز پیر بجلی کا بریک ڈاؤن علی الصبح فریکوئنسی میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیدا ہوا، فریکوئنسی کے اتار چڑھاؤ سے 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئی تھیں۔

پابندیوں کے باوجود پاکستان روس سے تیل خرید سکتا ہے: امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان پابندیوں کے باوجود روس سے تیل خرید سکتا ہے۔
امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا کے محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ روسی پیٹرولیم مصنوعات پر پرائس کیپ (قیمتوں کی حد) پر دستخط نہ کرنے کے باوجود پاکستان روس سے رعایتی نرخوں پر تیل خرید سکتا ہے۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان ان رعایت سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے جو امریکا نے دیگر ممالک کو روس سے تیل خریدنے کے لیے دی ہیں۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ ہم نے مختلف ممالک کو اس سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی ہے، حتیٰ کہ ان ممالک کو بھی جنہوں نے قیمتوں کی حد (پرائس کیپ) پر باضابطہ طور پر دستخط نہیں کیے تاکہ وہ دوسرے ممالک کے بجائے بعض صورتوں میں روس سے بڑی رعایت پر تیل خرید سکیں۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکا نے جی 7 سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر روس سے تیل کی خریداری کے بارے میں (قیمت کی حد پر) پرائس کیپ کا طریقہ کار اپنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرائس کیپ کا فائدہ یہ ہو گا کہ اس سے روس کو ریونیو سے محروم رکھنے کے باوجود توانائی کی منڈیوں کو وسائل حاصل ہوں گے جبکہ روس کو یوکرین کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے تیل سے ہونے والی آمدن کی ضرورت ہو گی۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم نے جان بوجھ کر روسی تیل پر پابندی عائد نہیں کی بلکہ اب یہ پرائس کیپ کا معاملہ ہے، امریکا واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ یہ وقت روس کے ساتھ اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے کا نہیں ہے، ہمارا ماننا ہے کہ توانائی کی عالمی منڈیوں میں وسائل کی موجودگی اور انہیں اچھی طرح سپلائی کرنے ضرورت ہے اور ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ پرائس کیپ ان مقاصد کے حصول کے لیے طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔

شان مسعود کے ولیمے سے قبل قوالی نائٹ میں سرفراز کے گانوں کی گونج

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ساتھی کرکٹر شان مسعود کے ولیمے سے قبل منعقد کی گئی قوالی نائٹ میں اپنی آواز کا خوب جادو جگایا۔
سوشل میڈیا پر فوٹوگرافر پیج کی جانب سے جہاں شان مسعود کی قوالی نائٹ سے دلہا دلہن کی تصاویر شیئر کی گئیں وہیں سٹیج پر سرفراز احمد کے قوالی نائٹ میں اپنی آواز کا جادو جگانے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔
ویڈیو میں سرفراز احمد کو بالی ووڈ سونگ ’مبارک ہو تم کو یہ شادی تمہاری‘ گاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر سرفراز نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ٹیسٹ میچ کے دوران شان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ شان کی شادی پر یہ گانا سنائیں گے۔
دوسری جانب ایک ویڈیو میں سرفراز کو گلوکاروں کے ہمراہ ’ گلابی آنکھیں جو تیری دیکھیں‘ بھی گاتے دیکھا گیا۔

ڈالر بے لگام، قیمت میں بڑا اضافہ، سٹاک مارکیٹ میں بھی میں تیزی

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بدستور کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 11 روپے 11 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 242 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر12 روپے مہنگا ہوا ہے، اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 255 روپے پر فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی ہے، سٹاک ایکسچینج میں 430 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 215 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔

اداکاراؤں کیخلاف جتنا قابلِ اعتراض مواد ممکن تھا ہٹا دیا: پی ٹی اے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ پاکستانی اداکاراؤں کا جو قابلِ اعتراض مواد سوشل میڈیا سے ہٹا سکتے تھے وہ ہٹا دیا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق معروف اداکاراؤں مہوش حیات اور کبریٰ خان کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جس میں پی ٹی اے، وفاقی حکومت اور ایف آئی اے نے اپنے جواب جمع کرائے۔
جسٹس نعمت اللہ نے سماعت کے دوران سوال کیا کہ مواد ہٹانےکی ہدایت کی تھی، کیا ہٹا دیا گیا؟ اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ مہوش حیات کا بیان لے لیا ہے، کبریٰ خان کا بیان لینا ہے۔
سائبر کرائم ونگ کے افسر نے بتایا کہ پی ٹی اے کو مواد ہٹانے کا کہہ دیا گیا ہے جب کہ تفتیشی افسر نے کہا کہ متعلقہ مواد جلد ہی ہٹا دیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے جواب دیا کہ قابل اعتراض مواد جو خود ہٹا سکتے تھے وہ ہٹا دیا گیا، جو مواد بیرون ملک سے ہٹایا جانا ہے اس کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے شکایتی نمبرز جاری کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جلد ہی مواد ہٹا دیا جائے گا اور تحقیقات کر لی جائیں گی۔
عدالت نے پی ٹی اے، وفاقی حکومت اور ایف آئی اے سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ مہوش حیات اور کبریٰ خان نے عادل راجا کے بیان کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ من گھڑت، بے ہودہ الزامات سے ساکھ کو نقصان پہنچا۔

ہمارے معاشرے میں عورتوں کو آزادی نہیں دی جاتی : مایا علی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں عورتوں کو آزادی نہیں دی جاتی، صرف عورت کو ہی خاندان کی عزت سمجھا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ مایا علی اور اداکار بلال اشرف نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس کے دوران اداکارہ نے عورتوں کے حقوق سمیت کئی موضوعات پر بات کی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر لڑکا کوئی گرل فرینڈ بنا لے تو ہم بہو سے کہیں گے واہ واہ اس کی پسند ہے لیکن اگر لڑکی کسی لڑکے کو دوست بنا لے یا صرف پسند ہی کر لے تو اسے بھائی ہی پسند نہیں کرتے۔
مایا علی نے کہا کہ بھائی کی گرل فرینڈ کو اچھی اور عزت والی سمجھا جاتا ہے جبکہ لڑکی اگر کسی کو پسند کر لے تو بات گھر کی عزت اور غیرت پر آجاتی ہے۔
خیال رہے کہ پوڈ کاسٹ کے مختلف کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن پر صارفین اپنی آراء کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔

روینہ ٹنڈن کیلئے بھارت کا اعلیٰ ترین ’’ پدما شری ‘‘ ایوارڈ

ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن کو بھارت کے اعلیٰ ترین ’’ پدما شری ‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ہندوستان کے 74 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر حکومت کی جانب سے پدما شری ایوارڈ یافتہ افراد کی فہرست جاری کی گئی جس میں اداکارہ روینہ ٹنڈن کا نام بھی شامل ہے۔
معروف اداکارہ نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں اس اہم اعزاز سے نوازے جانے پر بھارتی حکومت کی مشکور ہوں، میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے سینما کے آرٹ اور کرافٹ کے اس سفر میں میری رہنمائی کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سماجی خدمات اور خواتین کو بااختیار بنانے میں سرگرم روینہ ٹنڈن کو جی 20 کی صدارت میں وومن امپاورمنٹ ونگ (ڈبلیو 20) میں نمائندگی کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔

شان مسعود کی اہلیہ کے ہمراہ ’قوالی نائٹ‘ کی تصاویر وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی بیٹر شان مسعود کی اہلیہ نیشے کے ہمراہ قوالی نائٹ کی تصاویر سامنے آگئیں۔
قومی کرکٹر شان مسعود حال ہی میں اپنی دوست نیشے کے ہمراہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، جس کے بعد شان کے نکاح اور رخصتی کی تصاویر فوٹو گرافرز کی جانب سے شیئر کی گئیں جو سوشل میڈیا پر وائرل رہیں۔
اب فوٹوگرافر کی جانب سے شان مسعود کے ولیمے سے قبل قوالی نائٹ کی تصاویر سامنے آئی ہیں جس میں شان کووائٹ سوٹ پر بلیک واسکٹ جبکہ ان کی اہلیہ نیشے کو ڈارک پنک کلر کا خوبصورت لباس پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ شان مسعود کا ولیمہ جمعہ کے روز کراچی میں ہو گا۔
اس سے قبل شان مسعود نے اپنی دلہن کے حوالے سے بتایا تھا کہ ان کا تعلق پشاور سے ہے اور ان کی نیشے سے پرانی دوستی ہے جو اب بہترین رشتے میں بدل رہی ہے اور وہ بہت زیادہ خوش ہیں کہ انہیں زندگی کا بہترین ساتھی مل رہا ہے۔
شان مسعود کے مطابق نیشے انہیں بہترین انسان کے ساتھ بہترین کرکٹر بننے میں بھی مدد کریں گی کیوں کہ جب سے وہ ان کی زندگی میں آئی ہیں ان کے کردار میں بڑا اچھا بدلاؤ آیا ہے۔

کسی بھی امریکی صدر کے فیس بک استعمال کرنے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے : ٹرمپ

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کسی بھی امریکی صدر پر فیس بک استعمال کرنے پرپابندی نہیں ہونی چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو دوبارہ بحال کرنے کی اجازت دینے کا ارادہ رکھتی ہے ۔
2021 میں سابق امریکی صدر پر ان سوشل میڈیا ایپس کے استعمال پر پابندی کیپیٹل ہل کی عمارت پر ان کے حامیوں کے دھاوے کے بعد عائد کی گئی تھی۔
میٹا کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم آنے والے ہفتوں میں مسٹر ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو دوبارہ فعال کریں گے ۔
میٹا کے بین الاقوامی امور کے سربراہ کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ پابندی اٹھائے جانے کے بعد نئے حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دوبارہ اس طرح کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے ، پلیٹ فارم کی پالیسیوں کی ہر خلاف ورزی پر ریپبلکن لیڈر کا اکاؤنٹ دو سال تک کے لیے معطل کیا جا سکتا ہے۔
فیس بک اور انسٹا گرام پر دو سال کی مدت کے لیے عائد پابندی ہٹانے کے اعلان پر اپنے رد عمل میں سابق امریکی صدر نے یہ اعلان کیا ہے کہ کسی بھی صدر پر دوبارہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر پابندی نہیں لگائی جائے گی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ جب ٹرمپ صدراتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کریں گے تو وہ اس پلیٹ فارم پر واپس آنا چاہیں گے یا نہیں ۔

جرمنی : ریل میں چاقو کے حملے میں 2 افراد ہلاک ، متعدد زخمی

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی کے شمالی علاقے میں ایک علاقائی ریل میں سوار مسافروں پرچاقو کے حملے میں دوافراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے شمالی علاقے میں کیل سے ہیمبرگ کی طرف جانیوالی مقامی ٹرین میں سوار ایک ملزم نے چاقو سے مسافروں پر حملہ کردیا۔
جرمن فیڈرل پولیس فورس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ٹرین کے اندر دیگر افراد پر بھی حملے کی کوشش کی لیکن مسافروں نے ملزم کواس وقت تک قابو میں رکھا جب تک پولیس وہاں نہ پہنچی ، مسافروں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
جرمن پولیس کے مطابق حملے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ دیگر 4 مسافر معمولی زخمی ہیں ، حملے میں ملزم کو بھی چوٹیں آئی ہیں، تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
جرمنی کی وزیر داخلہ نے ٹرین میں حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے وحشیانہ عمل قرار دیا ہے ۔ ریاستی وزیر سیبین سوئیٹرلین نے اس حوالے سے کہا کہ وفاقی اور علاقائی پولیس وجوہات کا تعین کرنے کے لیے مل کر کام کر رہی ہے۔
جرمنی کی قومی ریل کمپنی نے ہیمبرگ اور کیل کے درمیان ریلوے لائن پر چلنے والی بعض ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے تاکہ پولیس اپنی تحقیقات مکمل کرسکے۔
واضح رہے کہ جرمنی میں حالیہ برسوں میں چاقو سے متعدد مہلک حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں جن میں کچھ حملے انتہا پسندوں جبکہ کچھ شدید نفسیاتی مسائل سے دوچارافراد کی جانب سے کیے گئے ۔
جرمنی میں ایک عدالت نے دسمبر میں ایک شامی نژاد شخص کوٹرین پرچاقو سے حملہ کرنے کے جُرم میں 14 سال قید کی سزا بھی سنائی تھی۔

ایران نے یورپی حکام اور اداروں پر مزید پابندیاں عائد کر دیں

تہران : (ویب ڈیسک) ایران نے یورپی حکام اور اداروں پر ملک میں ’’ دہشت گردی کی حمایت ‘‘ اور ’’ بدامنی کو ہوا دینے ‘‘ کے الزام میں مزید پابندیاں عائد کردیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز یورپی یونین کے تین اداروں اور 22 افراد کے علاوہ برطانیہ کے ایک ادارے اور آٹھ عہدیداروں کو بلیک لسٹ کر دیا۔
ایران کی جانب سے یورپی پارلیمنٹ کے متعدد اراکین، شہری حکام، پولیس اور فوجی کمانڈروں سمیت فرانسیسی طنزیہ میگزین ’’ چارلی ہیبڈو ‘‘ کے تین ایگزیکٹوز کو بھی بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔
ایران نے ان اقدامات کا اعلان یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے درجنوں ایرانی حکام اور اداروں پر پابندیوں کے دو دن بعد کیا ہے۔

تنزانیہ : اپوزیشن لیڈر ٹنڈو لیسو کی 6 سالہ جلاوطنی کے بعد وطن واپسی

دودوما : (ویب ڈیسک) تنزانیہ کے اپوزیشن لیڈر ٹنڈو لیسو 6 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، لیسو کی وطن واپسی حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی سیاسی ریلیوں پر سے پابندی اٹھانے کے بعد ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹنڈو لیسو بدھ کی سہ پہر مرکزی جولیس نیریر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں اپوزیشن پارٹی کے عہدیداروں اور ایئرپورٹ کے باہر سڑک پر کھڑے انکے حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔
اپوزیشن لیڈر نے وطن واپسی کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے رواں ماہ اپوزیشن کی سیاسی ریلیوں پر سے پابندی اٹھانے کے حکومتی فیصلے کے بعد گھر آنے کا فیصلہ کیا۔
شکست خوردہ سابق صدارتی امیدوار کا کہنا تھا کہ جلا وطنی گزارنا انکے ، انکے خاندان اور انکی سیاسی جماعت کیلئے مشکل تھا، امید ہے کہ اب تنزانیہ کی حکمران جماعت ماضی کے مقابلے زیادہ کھلے طرز کی سیاست کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ لیسو کو 2017 میں ایک قاتلانہ حملے کے دوران متعدد گولیاں لگی تھیں جس کے بعد وہ بیلجیئم چلے گئے تاہم وہ 2020 میں صدارتی انتخاب لڑنے کے لیے ملک واپس آئے لیکن اپنی جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے فوراً دوبارہ جلاوطنی اختیار کر گئے تھے۔