سندھ حکومت کا خواتین کیلئے یکم فروری سے پنک بس سروس چلانے کا فیصلہ

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے خواتین کیلئے یکم فروری سے پنک بس سروس چلانےکافیصلہ کیا ہے ۔
صوبائی وزیرٹرانسپورٹ شرجیل میمن کی زیرصدارت اجلاس میں ملازمت پیشہ خواتین کےسفری مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔
خواتین کیلئے مخصوص پنک بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے دو روٹس پر چلائی جا رہی ہے، ابتدائی طور پر ایک روٹ ماڈل کالونی سے براستہ شاہراہ فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ سے میری ویدر ٹاور تک ہے جب کہ دوسرا روٹ میری ویدر ٹاور سے صدر کے راستے ضلع سینٹرل تک جائے گا جو بعد میں چلایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اجلاس میں کہا کہ پنک بس سروس صبح اورشام دفتری اوقات میں ہر20منٹ بعد چلے گی ، دفتری اوقات کےبعد ہرایک گھنٹےکے بعد پنک بس سروس چلائی جائے گی اور اس کا کرایہ 50 روپے ہوگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کراچی میں نارنجی، سرخ، سفید کےبعد خواتین کیلئے پنک بس سروس شروع کررہےہیں ، کراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں ، اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر کرنا ہے۔
اجلاس میں سکھر، لاڑکانہ، حيدرآباد میں پیپلز بس سروس کے آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا ، شرجیل میمن نے سکھرمیں 29 جنوری کو پیپلزبس سروس کاآغاز کرنے کی بھی ہدایت کردی ۔
پنک بس سروس خواتین کے لیے مخصوص پہلی پبلک ٹرانسپورٹ سروس ہوگی ، پنک بس سروس کیلئے ابتدائی مرحلے میں 8 بسیں حاصل کی گئی ہیں، پہلا روٹ کامیاب ہونے کی صورت میں دوسرے روٹ کیلئے بسیں تیار کی جائیں گی۔

لاہور ہائیکورٹ کا سکول تشدد کیس میں طالبات کی میڈیا کوریج روکنے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سکول میں ساتھی لڑکیوں کے تشدد کا نشانہ بننے والی طالبہ کی ویڈیوز حذف کرنے اور میڈیا کوریج سے روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں ڈیفنس سکول میں ساتھی طالبات کے تشدد کا نشانہ بننے والی لڑکی کی ویڈیوز بلاک کروانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے بچیوں سے متعلق آئندہ میڈیا کو کوریج سے روک دیا۔
عدالت نے 6 ٹی وی چینلز کے بیورو چیفس کو نوٹسز جاری کردئیے، علاوہ ازیں متاثرہ طالبہ کی درخواست پر وفاقی حکومت اور پیمرا کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا گیا۔
طالبہ کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز پر چلائی گئی ویڈیو میں درخواست گزار کا چہرہ بالکل واضح اور یہ ویڈیو واقعے کا مسخ شدہ حصہ ہے، لڑائی کا واقعہ تعلیمی مخالفت میں پیش آیا، میڈیا نے لڑکیوں کے چہرے چھپائے بغیر نشر کیے، کمسن لڑکیوں کی شناخت نہ چھپانا ان کی ذاتی زندگی کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چینلز پر فوٹیج نشر ہونے سے درخواست گزار کی تضحیک ہوئی، دنیا بھر میں کمسن بچوں کی شناخت چھپائے جانے کا قانون موجود ہے، چینلز کو ویڈیو چلانے سے روکنے، معافی مانگنے کے لیے پیمرا کو درخواست دی، لیکن کارروائی نہیں ہوئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کو ویڈیو ڈیلیٹ کرنے اور ویڈیو نشر کرنے پر معافی مانگنے کا بھی حکم دیا جائے، عدالت زیرسماعت کیس میں فریقین کی شناخت ظاہر کرنے سے بھی میڈیا کو روکے۔

محسن نقوی کا وزیراعلیٰ کے زیر استعمال 4 دفاتر بند کرنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اور بڑا فیصلہ، محسن نقوی نے وزیراعلیٰ کے زیر استعمال 4 دفاتر کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب 90 شاہراہ قائداعظم، سول سیکرٹریٹ، پنجاب اسمبلی اور ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں قائم وزیراعلیٰ کے لئے مختص دفاتر استعمال نہیں کریں گے، یہ دفاتر آئندہ کے لئے بند کئے جا رہے ہیں، ان چاروں دفاتر کے سٹاف کو دیگر سرکاری امور کی انجام دہی پر معمور کیا جائے گا، کسی دفاتر کے سرکاری ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے لئے 4 دفاتر قائم کرنا قومی وسائل کے ضیاع کے مترادف ہے، پاکستان جیسا ملک ایسی شاہ خرچیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہم نے سرکاری اخراجات کو کنٹرول کرنا ہے اور بچت کرنی ہے۔
واضح رہے کہ چار روز قبل محسن نقوی نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تھا، گورنر ہاؤس لاہور میں ان کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی تھی، گورنر بلیغ الرحمان نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے عہدے کا حلف لیا۔

خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ تشکیل، 12 وزراء اور 3 مشیر شامل

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی نگراں کابینہ تشکیل دے دی گئی جس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کی جانب سے مشاورت کے بعد کابینہ میں عبدالحلیم قصوریہ، سید مسعود شاہ، حامد شاہ، ساول نذیر ایڈووکیٹ، بخت نواز، سابق صنعتکار فضل الہیٰ، عدنان جلیل، شفیع اللہ خان شامل ہیں۔
شاہد خان خٹک، حاجی غفران، خوشدل خان ملک، تاج محمد آفریدی، محمد علی شاہ، جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر، منظور خان آفریدی بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔
نگران وزیراعلیٰ اعظم خان اور گورنر غلام علی کے درمیان طویل ملاقات کے بعد کابینہ پر اتفاق کیا گیا لیکن سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے کابینہ کیلئے مشاورت نہیں کی گئی۔
خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ آج حلف اٹھائے گی، حلف برداری تقریب سہ پہر3 بجے گورنرہاؤس میں ہو گی، گورنرغلام علی نگران وزراء سے حلف لیں گے۔

ہم نہیں چاہتے پاک بھارت کشیدگی سے دونوں جانب لاشیں گریں: حنا ربانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی نے کہا ہے کہ ہم سرحدوں پر کشیدگی کے حق میں ہرگز نہیں اور نہیں چاہتے کہ سرحدوں پر کشیدگی سے دونوں سائیڈ پر لاشیں گریں۔
سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم خطے میں خون نہیں بہانا چاہتے کیونکہ ہماری پالیسی بہت واضح ہے کہ ہم خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں، ہمیں سیاست کے بجائے ریاستی پالیسی کو اپنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی تحفظ حاصل ہے لیکن بھارت میں اقلیتیوں کے ساتھ بہت برا سلوک ہو رہا ہے۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت کے منفی رویے کے باوجود پاکستان امن کی راہ پر چلتا رہے گا، ایل او سی پر پاکستان بھارت کے مابین کشیدگی میں کمی آئی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ مودی سے متعلق بی بی سی کی ڈاکومینٹری ثبوت ہے۔

پاکستان کی سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، ایسی حرکتیں اسلاموفوبیا ذہنیت کی عکاس ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفننگ میں بتایا کہ سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان اور او آئی سی نے بھرپور انداز میں مذمت کی ہے ، پاکستان او آئی سی اور اسلامی ممالک سے رابطے میں ہے ، قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر پاکستان نے ہالینڈ اور سویڈن کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جنوری 1990ء میں درجنوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، پاکستان تمام کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے اور ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے چین کے حوالےسے بات کرتے ہوئے کہا کہ عبدالرحمان مکی کے معاملے پر پاکستان اور چین کے مابین کوئی اختلاف نہیں، پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات ہیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے پربات کرتے ہوئے تر جمان دفتر خارجہ نےبتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ازبکستان میں ای سی او کانفرنس میں شرکت کی، جس میں تجارتی و علاقائی رابطوں کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی، اس دوران باکو میں چارٹر آف ریسرچ سینٹر کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ایران ،ازبکستان ،ترکیہ سمیت خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بھارتی شہری کے ساتھ مبینہ ہراسگی کے معاملے پر پاکستانی ہائی کمیشن میں معاملے کی تحقیقات کے بعد آگاہ کیا جائے گا، پاکستانی سفارت خانوں میں تمام سائلین کے ساتھ بہت پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جاتا ہے ۔

اسحاق ڈار کی کوششوں سے پاکستان کو نقصان ہوا: مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کوشش کی ہے جس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا۔
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں اشرافیہ کے نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے کیونکہ چھوٹی سی اشرافیہ پورے ملک کے تمام فیصلے کر رہی ہوتی ہے۔
اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے کوشش کی ہے جس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا اور اسحاق ڈار نے پبلک میں میرے خلاف بات کی اور میری صلاحیت پر سوال اٹھائے جس پر میں نے صرف اسحاق ڈار کو جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور میں مسلم لیگ ن کا ہی حصہ ہوں، وزیر بنانا وزیر اعظم کا حق ہے اور ہٹانا بھی انہی کی صوابدید ہے جبکہ مستقبل میں میرا انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے جمہوری طرز اور صدارتی نظام حکومت آزما کر دیکھ لیا جبکہ ہم تو آمریت بھی دیکھ چکے ہیں، ہر ملک ہم سے آگے جا رہا ہے لیکن ادھر گورننس ٹھیک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی کڑی شرائط تسلیم کرنے پر راضی ہو گئی ہے تاہم اب نچلے طبقے کے لیے روزگار پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

200 کا ڈالر دینے والے ارسطو نے ڈالر 250 کا کرنے کی اجازت دیدی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 200 کا ڈالر دینے والے ارسطو اسحاق ڈار نے 250 کا ڈالر کرنے کی اجازت دیدی ہے، ایل سی کھل نہیں رہی، بینکوں میں بھونچال ہے، لوگ دھکے کھا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سب ڈرامے ایک نااہل حکومت کو مسلط رکھنے کے لیے کئے جا رہے ہیں، فوری الیکشن نہ ہوئے تو قحط زدہ قوم کے غضب کے آگے کوئی نہیں کھڑا ہو سکے گا، رہے گا نام اللہ کا اور راج کرے گی خلقِ خدا۔
انہوں نے کہا کہ جو ضمیر برائے فروخت کے نام سے حکمران بنائے گئے تھے انہوں نے ملک برائے فروخت کے بورڈ لگا دیئے، گرفتاریاں، جیلیں اور مقدمات حکومت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر کچھ دن گزارنے ہیں تو معیشت ٹھیک کرنی ہوگی، آئی ایم ایف کا مسئلہ کھٹائی میں ہے، صوبائی الیکشن 90 دن میں نہ کرانا خطرے کی گھنٹی ہے۔

جماعت اسلامی کی درخواست پر کراچی کی 3 یوسیز کے نتائج روک دیئے گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے صفورہ ٹاؤن کی 2، چنیسرٹاؤن کی ایک یونین کونسل کے نتائج روک دیئے۔
الیکشن کمیشن میں کراچی کی 3 یونین کونسلز میں بے ضابطگیوں کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جماعت اسلامی کے وکیل حسن جاوید نے الیکشن کمیشن کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ فارم 11 کے مطابق صفورہ ٹاؤن کی دو اور چنیسر ٹاؤن کی ایک یونین کونسل میں جماعت اسلامی کامیاب ہوئی تھی۔
وکیل حسن جاوید نے کہا کہ آر او کے جاری نتائج میں مخالف امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا اور آر او نے نتائج تبدیل کر کے 2 سیٹیں پیپلزپارٹی اور ایک پی ٹی آئی کو دے دی۔
الیکشن کمیشن پنجاب کے ممبر بابر بھروانہ نے کہا کہ کراچی کی 6 یونین کونسلز کا کیس کل سنا تھا، بظاہر کل اور آج والے مقدمات ایک جیسے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے صفورہ ٹاؤن کی یوسی ایک اور 8، جبکہ چنیسرٹاؤن کی ایک یونین کونسل 6 کے نتائج روک دیئے اور تینوں یونین کونسلز کا مقدمہ دیگر 6 یونین کونسلز والے کیس کے ساتھ منسلک کر دیا۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کر دی۔

سویڈن اور نیدرلینڈز میں قرآن پاک کی بے حرمتی، او آئی سی رکن ممالک کی شدید مذمت

جدہ : (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک نے سویڈن اور نیدرلینڈز میں قرآن پاک کے بے حرمتی کےگھناؤنے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات اسلاموفوبیا کا مظہر ہیں ۔
پاکستان اس وقت اسلامک کانفرنس آف فارن منسٹرز (آئی سی ایف ایم)کا چیئرمین ہے ، یہ اجلاس اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی منظور کردہ تاریخی قرارداد کے مطابق اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کو منانے کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ میں خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کے اس اجلاس کے ذریعے ہم مسلم مخالف بیان بازی اور نسل پرستی امتیازی سلوک ، منفی دقیانوسی تصورات اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے طریقوں کا مقابلہ کرنے اور اسے ختم کرنے کیلئے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نےکہا کہ قرارداد پر پیشرفت کے طور پر او آئی سی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دے گی کہ وہ او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اسلامو فوبیا کو روکنے اور اس کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان تشکیل دیں۔
اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک نے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مبصر ریاض منصور نے او آئی سی کے اجلاس کومسجد االاقصیٰ کے تقدس کی خلاف ورزیوں سمیت فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات بارے آگاہ کیا۔

جدہ : عازمین کیلئے فری شٹل سروس کا آزمائشی پروگرام شروع کرنے کا اعلان

ریاض : (ویب ڈیسک) حج اور عمرے کیلئے آنیوالے عازمین کو جدہ کے شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ سے مسجد الحرام تک آزمائشی فری شٹل سروس کا اعلان کر دیا گیا ۔
عرب میڈیا کے مطابق کچھ روز قبل ائیر پورٹ انتظامیہ کی طرف سے حاجیوں اور عمرہ زائرین کے لیے اعلان کیا گیا تھا کہ جدہ ائیر پورٹ پر اترنے والوں کو مسجد حرام پہنچانے اور ان کی واپسی کے دونوں مواقع پر انہیں مفت ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جائے گی۔
اس حوالے سے اب آزمائشی سروس کا آغازکیا گیا ہے تاکہ اس روٹ پر آنے اور جانے ے ڈرائیور اور دیگر عملہ نہ صرف آگاہ ہو سکے بلکہ اس کا تجربہ بھی کرسکے ۔
ہر دو گھنٹے بعد چلنے والی یہ خصوصی بسیں جدہ سے مکہ کے لیے 10 بجے دن سے رات دس بجے تک چلے گی اور مکہ سے واپس جدہ کے ائیر پورٹ تک خدمات انجام دیں گی۔
تاہم ان خصوصی بسوں سے وہی زائرین مستفید ہوں گے جو احرام میں ہوں گے جبکہ ان کے پاس ضروری دستاویزات کا ہونا بھی ضروری ہو گا۔
سعودی شہریوں کو بس سروس سہولت کے لیے قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکی زائرین کو’اقامہ کارڈ‘ پیش کرنا ہوگا ۔

چاغی، پاک ایران راہداری گیٹ تین سال بعد کھول دیا گیا

چاغی : (ویب ڈیسک) چاغی پاک ایران راہداری گیٹ کرونا وبا کے باعث تین سال تک بند رہنے کے بعد کھول دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک ایران سرحدی سفری راہداری باقاعدہ طور پر کھول دی گئی ، راہداری گیٹ تین سال کی بندش کے بعد کھولا گیا ہے ، اس گیٹ سے سرحدی علاقوں کے عوام پندرہ روزہ خصوصی اجازت نامے کے تحت دونوں ممالک کی سرحدی علاقوں میں جا کر اپنے رشتہ داروں سے مل سکیں گے۔
راہداری گیٹ کھلنے کے سبب سرحد کے دونوں اطراف کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر تفتان بلال شبیر نے سرکاری افسران اور قبائلی عمائدین کے ہمراہ راہداری گیٹ دوبارہ کھولنے کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا اس موقع پر ایرانی سرحدی ضلع میر جاواہ کے مرزبان گریڈ دوئم بھی موجود تھے جنہیں اسسٹنٹ کمشنر تفتان نے مٹھائیوں کا تحفہ بھی پیش کیا۔
خیال رہے ایرانی حکام نے راہداری گیٹ کو فروری 2020 سے بند رکھا تھا ۔

وزیراعظم سے آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات متوقع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کی سیاسی صورتحال کے حوالے وزیر اعظم شہباز شریف کی اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے، وزیراعظم سے آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں رہنماؤں کے مابین متوقع ملاقات میں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابات سے متعلق امور پر بات ہوگی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور اتحادیوں کے مسائل پر بھی مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے سیاسی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سینئر وزراء اور پارٹی رہنما شرکت کریں گے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مریم نوا زکے لاہور میں استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز بھی وزیر اعظم شہباز شریف سےملاقات کی تھی۔