لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے سابق وزیراعلی پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان سے کہا تھا کہ ہمیں کام کرنے دیں، ان کو کچھ لوگوں کی جانب سے غلط گائیڈ کیا گیا۔
لاہو میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے پرویز الہی نے کہا کہ ہم نے 5سالوں کے برابرکام کیا ہے،اللہ کے بعدعمران خان نے وزارت اعلیٰ دی، ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، عمران خان سے کہا تھا کہ ہمیں کام کرنے دیں، ان کو اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیاردیا ہوا تھا، وہ ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، جبکہ شہبازشریف کو سوائے مانگنے کے کچھ نہیں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کام صرف الیکشن کرانا ہوتا ہے، محسن نقوی کے پاس صرف ڈھائی مہینے کی نوکری ہے، اگر کیسز بنانے ہیں تو کیا ہوجائے گا، کیا واپس گھر نہیں آنا، اگرنگران وزیراعلیٰ بنے ہوتو کوئی اچھا کام کرکے جاو، انتقامی کارروائیاں نگران وزیراعلیٰ کیسے کرسکتا ہے؟
پرویز الہی نے کہا کہ ہم نے اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ لڑنا ہے۔
Monthly Archives: January 2023
ڈالر کی اونچی اڑان، 255 روپے 43 پیسے پر پہنچ گیا
کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر کی اونچی اڑان کے باعث پاکستانی روپے کی قدر مزید کم ہو گئی۔ انٹر بینک میں ڈالر مزید 25 روپے مہنگا ہو گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 25 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور امریکی کرنسی 255 روپے 43 پیسے پر پہنچ گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز ڈالر 230 روپے 89 پیسے پر بند ہوا تھا۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ہدایت پر حکومت نے ڈالر کی کیپنگ کیا ختم کی ڈالر کو تو جیسے پر لگ گئے۔ حکومت اعلان کے دوسرے روز بھی ڈالر کی قیمت تیزی سے اوپر جاتی نظر آئی۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 12 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کی شدید فائرنگ ، 9 فلسطینی شہید
بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ میں چھاپے کے دوران فلسطینیوں کو نشانہ بنایا ، جاں بحق ہونے والوں میں ایک بزرگ خاتون بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک ہسپتال کے اندر بھی آنسو گیس کی شیلنگ کی ۔ 9 شہید ہونیوالوں میں سے صرف ایک نوجوان کی شناخت 24سالہ سائب اعصام کے نام سے ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں اسرائیلی جارحیت سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے جس میں پانچ بچے بھی شامل ہیں ، ان میں 15 افراد کو جنین میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ۔
نازیبا ویڈیوز کیس: عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ پر فرد جرم عائد
کراچی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیو لیک کرنے سے متعلق کیس میں معروف ٹی وی میزبان اور مذہبی سکالر عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
ملزمہ دانیہ شاہ کو کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس دوران عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی جب کہ دانیہ شاہ نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کیس کے گواہان کو 2 فروری کو طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دانیہ شاہ کو مبینہ طور پر مرحوم عامر لیاقت حسین کی تذلیل کی نیت سے نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے نے عدالت سے دانیہ شاہ کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔
آسٹریلین اوپن : یوکرینی سفیر کی نواک جوکووچ کے والد پر تنقید
سڈنی : (ویب ڈیسک) یوکرین کے سفیر نے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں سربیا کے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کے والد پر روس کا پرچم اٹھانے پر تنقید کی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹینس اسٹار نواک جوکووچ آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جہاں ان کے والد کی روس کا جھنڈا اٹھائے شائقین کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے بعد میلبورن میں اسٹیڈیم کے قریب شائقین کے ایک گروپ نے روس کے جھنڈے جن پر صدر پیوٹن کی تصویر بھی بنی ہوئی تھی تھامے ہوئے تھے جبکہ کچھ لوگوں نے روس کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ایک ویڈیو میں نواک جوکووچ کے والد کو روس کا جھنڈا اٹھائے شخص کے ساتھ دکھایا گیا۔
اس ویڈیو کے ساتھ عنوان میں لکھا گیا کہ ٹینس اسٹار کے والد نے ایک سیاسی بیان دیا ہے، وائرل ویڈیو میں سربیا کے صحافیوں نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو میں جس شخص کو دکھایا گیا وہ نواک جوکووچ کے والد ہیں جو روس کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں ۔
اس واقعے پر یوکرین کے سفیر نے سوشل میڈیاپر ردعمل دیتے ہوئے اسے شرمناک واقعہ قرار دیا ہے ۔
واضح رہے کہ 2022 میں یوکرین پر ہونے والے حملے کے بعد ومبلڈن ٹورنامنٹ میں روسی اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی ۔
دوسری جانب سربین ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 5 نوویک جوکووچ بائیسویں گرینڈ سلام ٹائٹل سے دو قدم دور ہیں، انہوں نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
ڈالر کے اتار چڑھاؤ میں ایک سے زیادہ عوامل شامل ہیں: چیئرمین ایف بی آر
پشاور: (ویب ڈیسک) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد کا کہنا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ میں ایک سے زیادہ عوامل شامل ہیں۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے معیشت کی بحالی کے لیے مختلف اقدامات کئے ہیں، ایف بی آر موجودہ دور کے تقاضوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ورلڈ کسٹمز ڈے کا تھیم ٹیکس گیپ کو ختم کرنا ہے، ٹیکس گیپ کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پہلا سال ہوگا جب ان ڈائریکٹ ٹیکس کے مقابلے میں ڈائریکٹ ٹیکس زیادہ اکٹھا ہوگا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا ڈالر کے اتار چڑھاؤ میں ایک سے زیادہ عوامل شامل ہیں، سرحدوں اور ایئر پورٹس پر ڈالرز کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے فورس بڑھا دی ہے، ملک سے باہر ڈالرز ساتھ لے جانے کی حد بھی 10 ہزار سے کم کر کے 5 ہزار ڈالر کر دی ہے، وزیراعظم ہر ہفتے ڈالرز کی سمگلنگ کے حوالے سے بریفنگ لیتے ہیں۔
عاصم احمد نے کہا کہ نان فائلرز کی بینک ٹرانزیکشن پر ٹیکس لگانے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور بارڈز کو تجارت کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
بابر اعظم مسلسل دوسری مرتبہ ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار
دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم مسلسل دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی قرار پائے ہیں۔
آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان کے دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سٹائلش بیٹر بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔
بابر اعظم نے 2022 میں 9 ایک روزہ میچز میں 84 اعشاریہ 87 کی اوسط سے 679 رنز سکور کیے جس میں 3 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سوشل میڈیا پر بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر بننے پر مبارکباد دی۔
گزشتہ روز ہی آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کی تھی جس میں بابر اعظم پہلے نمبر پر موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے ٹی 20 کرکٹرز آف دی ایئر کا اعلان بھی کیا تھا، بھارت کے سوریا کمار یادیو مینز ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے تھے جبکہ ویمنز ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز آسٹریلیا کی تاہلیا میک گرا کے نام رہا تھا۔
شاہ رخ خان نے لڑکوں کو بال لمبے کرنے کا نسخہ بتا دیا
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے لڑکوں کو بال لمبے کرنے کا نسخہ بتا دیا۔
شاہ رخ خان نے تقریباً 4 سال کے عرصے کے بعد فلم پٹھان سے بڑے پردے پر واپسی کی ہے، جہاں فلم کے ریلیز سے قبل ٹریلیر نے دھوم مچائی وہیں اس فلم میں کنگ خان کا ہیئر اسٹائل مداحوں کو کافی پسند آیا۔
بالی وڈ کے بادشاہ 2018 کی فلم زیرو کے بعد اب پٹھان میں مکمل کردار میں نظر آ رہے ہیں،اس فلم کے لیے انہوں نے جہاں باڈی بلڈنگ پر کافی محنت کی وہیں انہوں نے بال لمبے کرنے کے لیے بھی جدوجہد کی۔
شاہ رخ خان عموماً فلموں میں اپنے بالوں کے ساتھ زیادہ چھیڑ چھاڑ نہیں کرتے لیکن فلم پٹھان کے لیے انہوں نے خصوصی طور پر بال لمبے رکھے جسے کافی پسند بھی کیا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جب شاہ رخ خان کے ایک مداح نے ان سے بال لمبےکرنے کا طریقہ پوچھا تو انہوں نے دلچسپ جواب دیا۔
ہم سب جانتے ہیں کہ شاہ رخ اپنے مداحوں سے بے حد محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اکثرو بیشتر اپنے فینز کے لیے کچھ وقت نکال کر سوشل میڈیا پر سوال و جواب کے سیشن میں ان سے بات جیت کرتے ہیں۔
گزشتہ روز بھی انہوں نے ٹوئٹر پر صارفین کے کچھ سوالات کے جواب دیے،ایک صارف نے شاہ رخ سے سوال کیا کہ بال لمبے کرنے کا کوئی طریقہ بتائیں۔
جس کا جواب دیتے ہوئے کنگ خان نے کہا کہ امی سے سر پر تیل کی مالش کراؤ ۔
چوہدری شجاعت فارغ ، وجاہت حسین مسلم لیگ ق کے نئے صدر منتخب
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے فارغ کردیاگیا ۔
پاکستان مسلم لیگ ق کی جنرل کونسل کا اجلاس مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں ہوا جس میں چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مسلم لیگ ق کی مرکزی جنرل کونسل نے چوہدری شجاعت کے بھائی چوہدری وجاہت حسین کو پارٹی کا مرکزی صدر منتخب کر لیا ۔ طارق بشیر چیمہ بھی عہدے سے فارغ ، ان کی جگہ کامل علی آغا کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری جنرل بنایا گیا ہے۔
اجلاس میں دونوں عہدوں پر انتخاب بلا مقابلہ کیا گیا ۔
مشاورتی اجلاس میں پنجاب ،کے پی ،بلوچستان ،سندھ کے پارٹی عہدیداران اور رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ مرکز اور آزادکشمیر سے مسلم لیگ ق کے عہدیدار بھی شریک ہوئے ، اجلاس میں سابق ارکان اسمبلی ،ٹکٹ ہولڈرز اور سینیٹرنے بھی شرکت کی ۔
عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قانونی ٹیم نے دہشت گردی کی دفعہ 23 اے کے تحت درخواست دائر کی، جس میں دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن کے روبرو وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے دلائل میں کہا کہ یہ دہشت گردی عدالت کا کیس نہیں بنتا، لہٰذا مقدمہ متعلقہ عدالت کو منتقل کیا جائے، پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں دہشت گردی دفعات نہیں بنتی، پرامن احتجاج کیا گیا تھا جس پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی گئیں، احتجاج آئینی دھارے میں رہتے ہوئے کیا گیا تھا۔
عمران خان کے وکیل کی جانب سے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پراسیکیوشن سے درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا اور سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔
بلدیاتی الیکشن: سعید غنی بولی لگانا چاہتے ہیں تو اب ایسا نہیں ہوگا، حافظ نعیم الرحمن
کراچی: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سعید غنی بولی لگانا چاہتے ہیں تو اب ایسا نہیں ہو گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ سعید غنی مجھ سمیت سب سے رابطے میں ہیں، اگر سعید غنی بولی لگانا چاہتے ہیں تو اب ایسا نہیں ہو گا، ہماری جدو جہد کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن ہوئے، جس میں حکومت کی دلچسپی نہیں تھی۔ ایسے میں ٹرن آؤٹ بھی بہت کم تھا جب کہ حکومت نے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی اور حکومتی مشینری کی مدد بھی لی۔ نتائج کی تاخیر بتاتی ہے کہ کہ حکومت نے نتائج تبدیل کیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہی حال عام انتخابات میں ہو گا تو اس کی شفافیت پر آواز اٹھے گی، الیکشن پراسس میں اصلاحات کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی پر سیل قائم کیا، کسی بھی جماعت کو اگر ہماری ضرورت ہو تو ہم مدد کرنے کو تیار ہیں، یہ سیل ان انتخابات میں جو خامیاں سامنے آئیں، انہیں سامنے لائے گا، یہ سیل آئندہ عام الیکشن میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بنائی گئی کمیٹی نے تاحال کام شروع نہیں کیا، گیارہ سیٹوں پر اب ضمنی الیکشن ہو گا، الیکشن کمیشن آر اوز اور ڈی آر اوز سندھ سے نہ لے، یہ افسران دیگر صوبوں سے لیے جائیں، اس معاملے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ رہے ہیں، آر اوز اور ڈی آر اوز حالیہ انتخابات پر اثر انداز ہوئے، ری کاؤنٹنگ کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل میں بھی جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے، لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کی ترقی کرے گی، ہم نے بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں لی ہیں، میئر کراچی جماعت اسلامی ہی کا بننا ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ سویڈن میں ترک ایمبیسی کے سامنے افسوس ناک واقعے کی سخت مذمت کرتے ہیں، جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے تحت اس کے خلاف احتجاج بھی کیا جائے گا۔
منی لانڈرنگ کیس: وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز بے گناہ قرار
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا۔
ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے کا ضمنی چالان لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں جمع کرادیا ہے، ضمنی چالان میں ایف آئی اے نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو ملزمان کی فہرست سے نکال دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے مطابق ایف آئی نے رقوم جمع کرانے والے افراد کے بیانات ریکارڈ کیے، کسی نے بھی الزام عائد نہیں کیا کہ رقوم کے عوض کوئی کک بیکس یا کمیشن دیا گیا ہو۔
ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا ہے سلیمان شہباز کبھی عوامی نمائندہ یا پبلک آفس ہولڈر نہیں رہے، تفتیش کے دوران یہ ثابت نہیں ہوا کہ سلیمان شہباز کسی عوامی نمائندے کے بے نامی دار رہے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ سلیمان شہباز پر پیکا ایکٹ کے سیکشن 5 کی شق 2 کے الزامات ثابت نہیں ہوئے، ان پر منی لانڈرنگ اور اکاؤنٹس میں غیر قانونی ٹرانزیکشن کے الزامات کے کوئی شواہد نہیں ملے اس لئے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو چالان نہیں کیا جا رہا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے 2020 میں شہباز شریف اور ان کے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، مقدمے میں سلیمان شہباز کو مفرور بھی قرار دیا گیا تھا۔
’الیکشن کمیشن کیخلاف منظم انداز میں مہم چلائی گئی، کیا کسی کو دھمکی دینا جمہوریت ہے‘
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہوئی اور سب نے اتفاق رائے سے سلطان سکندر راجا کو چیف الیکشن کمیشن تعینات کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر سب نے واضح اور دو ٹوک کہا بڑی اچھی تعیناتی ہے، الیکشن کمشنر کی تعریفیں کی جاتی تھیں لیکن جب پی ٹی آئی والے جو قانون بنا رہے تھے اس پر الیکشن کمیشن کو اعتراض تھا اور پھر پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے الیکشن کمیشن کے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا گیا، منظم انداز میں مہم چلائی گئی، کیا کسی کو دھمکی دینا جمہوریت ہے، فواد چودھری کے خلاف الیکشن کمیشن نے ایف آئی آر درج کرائی
فواد چودھری کی گرفتاری کے حوالے سے ملک احمد خان نے کہا کہ میں فواد کو اچھی طرح جانتا ہوں، وہ کسی کو دھمکی نہیں دے سکتا، اسے ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا، فواد کو ایسے دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی، فواد چودھری کے ساتھ زیادتی ہوگی تو اس کی مذمت کروں گا، اس کے منہ پر کپڑا ڈال کرعدالت میں پیش نہیں کرنا چاہیے تھا، ایف آئی آر تو فرخ حبیب کیخلاف بنتی ہے جس نے پولیس کی گاڑی کو ماورائے قانون روکا۔
ملک احمد خان نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کیخلاف کوئی مہم نہیں چلائی، عمران خان نے عدالت کو بھی دھمکیاں دیں، آپ چاہتے ہیں کہ جرم بھی کریں اور سزا بھی نہ ملے، پی ٹی آئی 30 آدمیوں کی پارٹی تھی، باقی لوگوں کو تو پکڑپکڑ کر ان کے ساتھ جوڑا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کیخلاف فیصلہ آئے تو یہ لوگ احتجاج شروع کر دیتے ہیں، محسن نقوی کی تصویر اگر آصف زرداری کے ساتھ ہے تو پرویزالہٰی کیساتھ بھی ہے۔
معاون خصوصی وزیراعظم نے کہا کہ پرویز الٰہی نے اسمبلی عمران خان کے کہنے پر توڑی، اسمبلی فرد واحد کی خواہش پر نہیں توڑی جا سکتی، آئین میں لکھا ہے 90 روز میں انتخابات ہونے چاہئیں، یہ نہیں لکھا 90 روز میں انتخابات نہیں ہوتے تو پھر کیا ہوگا۔


















