کابل: (ویب ڈیسک) افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ بیرونی امداد پر انحصار ہے اور نہ معاشی مشکلات زوال کا سبب بنیں گی۔
افغانستان کی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان معاشی مشکلات کے باعث زوال پذیر نہیں ہوگا کیونکہ افغانستان کا انحصار غیرملکی امداد پر نہیں ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں اتنے طویل عرصے تک جنگ اور بیرونی جارحیت رہی ہو تو اسے کچھ عرصے کے لیے معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ہیومینیٹرین افئیرز ایجنسی کا معاشی مشکلات کے باعث افغان نظام کے منہدم ہونے کا بیان درست نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ افغانستان کا نظام معیشت کی خراب حالت کی وجہ سے منہدم ہوسکتا ہے۔
Monthly Archives: January 2023
امریکا میں 44 سال بعد لائبریری کو کتاب لوٹا دی گئی
ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکا میں لائبریری سے 44 سال قبل نکلوائی گئی کتاب واپس لوٹا دی گئی۔
امریکی ریاست ٹیکساس کی ایبلین پبلک لائبریری نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ شہر کے پانی کے شعبے نے 44 سال قبل کتاب نکلوائی تھی۔
کتاب کو حال ہی میں 16 ہزار 60 دن کی تاخیر کے بعد لائبریری کو واپس کر دیا گیا۔ تاہم، لائبریری کی جانب سے کتاب واپس نہ لوٹائے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
پوسٹ کے مطابق لائبریری کے پرانے نظام کے تحت کتاب کی تاخیر سے واپسی کی صورت میں 1606 ڈالرز کے واجبات ادا کرنے پڑتے لیکن فیسلیٹی نے تمام تر فیس کو ختم کر دیا ہے۔
دوسرا ٹی 20 میچ: قومی ویمن ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست
ہوبارٹ: (ویب ڈیسک) سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہوبارٹ میں ہونیوالے سریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقرر اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 96 سکور بنائے۔
قومی اوپنر منیبہ علی 33، کپتان بسمہ معروف نے 29 رنز بنا ئے جبکہ باقی کوئی کھلاڑی 10 سے اوپر سکور نہ بنا سکی۔
آسٹریلین خواتین کھلاڑیوں نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے مقررہ ہدف 13 ویں اوور میں ہی صرف 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
دوسرے ٹی 20 میچ میں 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والی آسٹریلین کھلاڑی بیتھ مونی پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
بارسلونا ویمنز فٹبال ٹیم نے لگاتار 50 میچز جیت کر نئی تاریخ رقم کردی
میڈرڈ: (ویب ڈیسک) اسپینش فٹبال کلب بارسلونا کی ویمنز ٹیم نے 50 میچز لگاتار جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سیزن میں بارسلونا کی ٹیم نے لیگ کے تمام میچز اپنے نام کیے اور پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہیں تاہم انکے دو میچز اب بھی باقی ہیں، جس کے بعد ٹیبل کی صورتحال واضح ہوجائے گی۔
ہیڈ کوچ جوناتن گرلڈیز کی سربراہی میں شاندار پرفامنس کا مظاہرہ کرنے والی بارسلونا کی ویمنز ٹیم سال 2019 کے بعد سے ہوم گراؤنڈ پر ایک بھی میچ نہیں ہاری ہے۔
بارسلونا کی ٹیم شاندار لیگ فارم کے باوجود سیزن میں ویمنز چیمپئنز لیگ میں ہار گئی تھی، انہیں جرمن سائیڈ بایرن میونخ نے گروپ مرحلے میں 1-3 سے شکست دی تھی تاہم اسکے باوجود انکی پرفارمنس پر کوئی اثر نہ پڑا۔
اسپین کے معروف فٹبال کلب کی ویمنز ٹیم کے جارحانہ کھیل نے ویمنز چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کے درمیان میچ 91 ہزار 553 افراد نے دیکھا تھا۔
سنجے دت اور ارشد وارثی کی سالوں بعد ایک ساتھ اسکرین پر واپسی
ممبئی: (ویب ڈیسک) مشہور کامیڈی ڈرامہ فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ سے شہرت پانے والے بالی ووڈ اسٹار سنجے دت اور ارشد وارثی کی جوڑی ایک مرتبہ پھر نئی فلم میں اکٹھے جلوہ گر ہو رہی ہے۔
سپر اسٹار سنجے دت نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ارشد وارثی کے ساتھ جلد نئی فلم میں نظر آنے کا اعلان کیا ہے۔
سنجے دت نے انسٹاگرام پر ارشد وارثی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان دونوں کامیڈی اسٹارز کو جیل کے یونیفارم میں سلاخوں کے پیچھے کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکار نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’ہمارا انتظار آپ سے زیادہ تھا لیکن آخرکار انتظار ختم ہو گیا۔ انہوں نے ساتھی اداکار کو پوسٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے بھائی ارشد وارثی کے ساتھ ایک اور دلچسپ فلم کے لیے آ رہے ہیں، آپ کو فلم دکھانے کا بےصبری سے انتظار ہے ہمارے ساتھ رہیے‘۔
سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ دیکھ کر دونوں اداکاروں کے مداحوں میں فلم کے بارے میں مزید معلومات جاننے کی جستجو بڑھ گئی ہے تاہم سنجے کا کہنا ہے کہ وہ جلد فلم کے نام اور دیگر معلومات کا اعلان کریں گے۔
کمنٹ باکس میں سنجے دت اور ارشد وارثی کے مداحوں کی جانب سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ شاید یہ مشہور کامیڈی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’لگے رہو منا بھائی‘ کا سیکوئل ریلیز کرنے والے ہیں۔
شاہ رُخ خان کی فلم پٹھان کا ریلیز کے پہلے ہی دن ریکارڈ توڑ بزنس
ممبئی: (ویب ڈیسک) 4 سال بعد اسکرین پر جلوہ گر ہونے والے بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رُخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطا بق دیپیکا اور شاہ رُخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پہلے دن کمائی کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن 54 کروڑ روپے کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔
بھارت کے تجارتی تجزیہ کار رمیش بالا کے مطابق پٹھان ریلیز کے پہلے دن 54 کروڑ کی کمائی کر کے اب تک کی سب سے بڑی ’نان ہالیڈے اوپنر‘ بن گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایکشن اور تھرلر سے بھرپور اس فلم نے گزشتہ سال بلاک بسٹر ہونے والی جنوبی بھارتی فلم ’کے جی ایف 2‘ کو بھی پیچھے توڑ دیا ہے۔
بھارت سمیت دنیا بھر میں ’پٹھان‘ کے خوب چرچے ہیں فلم میں شاہ رخ خان، دیپیکا اور جان ابراہم سمیت سلمان خان کے کیمیو رول کو بھی خوب پسند کیا جارہا ہے جبکہ بھارتی سنیما گھروں میں کنگ خان کے مداح فلم کے گانوں پر رقص کر کے جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم 25 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک میں ریلیز کی گئی تھی۔
نازیبا ویڈیوز کیس: عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ پر فرد جرم عائد
کراچی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیو لیک کرنے سے متعلق کیس میں معروف ٹی وی میزبان اور مذہبی سکالر عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
ملزمہ دانیہ شاہ کو کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس دوران عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی جب کہ دانیہ شاہ نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کیس کے گواہان کو 2 فروری کو طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دانیہ شاہ کو مبینہ طور پر مرحوم عامر لیاقت حسین کی تذلیل کی نیت سے نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے نے عدالت سے دانیہ شاہ کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔
ہزاروں روپے کے اضافے سے سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی
کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر کی تیز اڑان کے باعث سونے کی مقامی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 11 ڈالر بڑھ کر 1936 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 4900 روپے اور 4201 روپے کا اضافہ ہوا۔
جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 195500 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھکر 167610 روپے کی سطح پر آگئی۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے، سٹاک ایکسچینج میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 829 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔
قانونی و آئینی طور پر شجاعت ہی پارٹی صدر ہیں، طارق بشیر چیمہ، سالک چودھری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماؤں طارق بشیر چیمہ اور سالک چودھری نے کہا کہ ہے قانونی و آئینی طور پر چودھری شجاعت حسین ہی پارٹی کے صدر ہیں۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج ہم نے جنرل کونسل کی اسلام آباد میں میٹنگ رکھی تھی، جنرل کونسل میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہونا تھی، چودھری شجاعت حسین کی طبعیت خرابی کی وجہ سے آج جنرل کونسل کی میٹنگ نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے لاہورمیں ڈرامہ ہو رہا ہے، وقت آنے پر بتائیں گے لاہور میں ڈرامہ کیوں ہو رہا ہے، یہ وہ ٹولہ ہے جو باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں ضم ہونے جا رہا تھا، ہمیں کوئی اعتراض نہیں پرویزالٰہی جس مرضی پارٹی میں جائیں۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج دوسرا ڈرامہ کیا گیا کہ عمران کے شانہ بشانہ الیکشن لڑیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین ہیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ اگر میرٹ پر ہوا تو چودھری شجاعت کے حق میں ہو گا، یہ ممکن نہیں پنجاب کا صدر مرکزی صدر اور تمام عہدے داروں کو تبدیل کر دے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سالک چودھری کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر ظاہر کریں گے کہ لاہور میں ڈرامہ کیوں چل رہا ہے، اگر جنرل کونسل کا اجلاس بلانا ہے تو 10 دن پہلے نوٹس دیا جاتا ہے، آج لاہور والے اجلاس میں ان کے سارے ایم پی ایز بھی پورے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل کونسل اجلاس میں کون سے لوگ آئے؟ جنرل کونسل اجلاس کے حوالے سے دھوکہ دیا جا رہا ہے، سارا کچھ انہوں نےجلد بازی میں کیا ہے، کل انہوں نے پارٹی میں ایک نام نہاد الیکشن بھی کروانا ہے، انہوں نے کہا کہ قانونی و آئینی طور پر چودھری شجاعت حسین ہی پارٹی کے صدر ہیں۔
اسحاق ڈار کہا کرتے تھے ڈالر 200 روپے سے نیچے لائیں گے: اسد عمر
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ پولیس نے عدالتی فیصلوں کی حکم عدولی کی، فواد چودھری کو پیش نہیں کیا گیا، آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان دلیرانہ فیصلے کرنے والے آدمی ہیں، بتائیں کس قانون کے تحت عمران خان کو گرفتار کیا جائے گا؟ ہم اپنی ذات پر تکلیف برداشت کرنے کیلئے تیار ہیں، اسحاق ڈار کہا کرتے تھے ڈالر 200 روپے سے نیچے لائیں گے، آج ڈالر مارکیٹ میں 250 روپے کا بھی نہیں مل رہا۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک میں ہزاروں کاروبار بند ہو گئے، لاکھوں لوگ بیروز گار ہو گئے، قوم اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، اس وقت آئین کو کھلم کھلا چیلنج کیا جا رہا ہے، ملک احمد خان کے بیان سے لگتا ہے کہ وہ آئین سے بغاوت کرنے جا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا ایک ہفتہ بعد بھی پنجاب میں گورنر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، آئین کے اندر واضح لکھا ہوا ہے جب اسمبلیاں تحلیل ہوں گی تو گورنر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا ہے، خیبر پختونخوا میں بنائی جانے والی کابینہ پی ڈی ایم کی کابینہ ہے۔
لین دین کا تنازع، بڑے بھائی نے چھوٹے کو مار کر خود کشی کر لی
چونیاں: (ویب ڈیسک) 2 سگے بھائیوں میں لین دین کے تنازع پر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو قتل کر کے خود کشی کر لی۔
نواحی گاؤں برقی چک 18 میں دو سگے بھائیوں ساجد اور عابد میں لین دین کے تنازع پر جھگڑا ہو گیا، جھگڑے میں بڑے بھائی ساجد نے فائر مار کر عابد کو قتل کر دیا جبکہ ساجد نے خود بھی زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
چونیاں پولیس کے مطابق مقتول عابد کی عمر 30 سال جبکہ ساجد کی عمر 35 سال تھی دونوں بھائی شادی شدہ تھے، پولیس نے دونوں بھائیوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی
مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
لاہور: (ویب ڈیسک) اصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مائنس عمران فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا، عمران کی گرفتاری یا مائنس ون فارمولے پر سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔
گورنر ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کو کئی مرتبہ اپوزیشن سے مذاکرات کی دعوت بھیجی۔
صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ حکومت نے میری طرف سے مذاکرات کی دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا، مذاکرات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی ہے۔
انہوں نے کہا الیکشن کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھنا چاہیے، عمران خان کو خدشہ ہے کہ حکومت الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں، فواد چودھری کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر شرمندگی ہوئی۔


















