لاہور:تیل کے ڈپو میں آگ لگنے سے 5 افراد زخمی

لاہور: (ویب ڈیسک) تیل کے ڈپو میں آگ لگنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ امامیہ کالونی شاہدہ میں پیش آیا جہاں تیل کے ڈپو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی زد میں آکر 5 افراد زخمی ہوگئے۔
آگ کے بلند شعلے اٹھنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔
ریسکیو1122 نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔

2018ء کا الیکشن کس نے چوری کیا، حقیقت سے پردہ اٹھنا چاہئے، کیپٹن (ر) صفدر

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ 2018ء کا الیکشن کس نے چوری کیا اس حقیقت سے پردہ اٹھنا چاہئے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ ہم سیاست نہیں بلکہ حق کی بات کرتے ہیں، مریم نواز سے ایئر پورٹ پر عہد لیں گے ان کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔
پنجابی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایویں اسیں نعرہ لگاتے ہیں اک واری فیر شیر، انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایٹمی دھماکے کرے اور مشرف ملک کے ساتھ غداری کرے فیر کی فائدہ اک واری فیر شیر دا، اس دفعہ شیرسب کو پکڑے گا۔
کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ولیوں کی خیرات ہے، نواز شریف نے ایٹمی پاکستان بنایا، نوازشریف کا کمیوں سے پالا پڑا، نواز شریف کو کمزور پاکستان دیا گیا تھا، ہر دور میں نواز شریف نے پاکستان کو سنبھالا۔
انہوں نے کہا کہ جب نوازشریف کو پاکستان ملا تو سندھ، بلوچستان پروان چڑھا، جب ملک ترقی کر رہا تھا تو نوازشریف کو سازش کے ذریعے روکا گیا۔

عمران اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ نہ بنانا حکومت کی غلطی تھی: ملک احمد خان

لاہور: (ویب ڈیسک) ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے عمران خان اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ نہ بنانے کو اپنی حکومت کی غلطی قرار دے دیا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو اپنے آئینی کردار تک محدود رہنے پر گالیاں دیں، کہا کہ جیسے حکومت بنائی تھی اسی طرح بچاؤ بھی اور چلاؤ بھی، لفظ نیوٹرل کو گالی بنا کر جانور تک کہا گیا۔
فواد چوہدری کے بارے میں ملک احمد خان نے کہا کہ یہ وہ فواد نہیں ہے جسے وہ جانتے تھے، مگر جو کچھ بھی ہے انہیں ہتھکڑیاں اور چادر ڈال کر نہیں لانا چاہیے تھا۔
علاوہ ازیں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی کہا ہے کہ فواد چوہدری کو گرفتار اور ہتھکڑیاں لگا پیش نہیں کرنا چاہیے تھا۔

بھارت کے ساتھ اس وقت کوئی بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں: حنا ربانی کھر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نےکہا ہےکہ بھارت کے ساتھ اس وقت کوئی بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں، بیک ڈور ڈپلومسی نتیجہ خیز ہو تو ضرور ہونی چاہیے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نےکہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ابھی سرحد پار سے دشمنی ایک منفرد طرز کی ہے، جو سرحد پار حکومت کے باعث ہے،کوشش ہےکہ لائن آف کنٹرول اور تمام سرحدیں پر امن رہیں۔
حنا ربانی کھرکا کہنا تھا کہ خطے کے مفاد میں نہیں کہ لاشیں گریں، خون بہتا رہے، ہم ایسا ریلیف ہر روز دیں گے جس سے ملک کے لوگ شہید ہونا بند ہوں، ہم امن کے راستے پر ہیں، پاکستان نے اپنی تاریخ سے سبق سیکھا لیکن خطے کے بعض ممالک نے نہیں سیکھا، اب بی بی سی کی دستاویزی فلم سے دنیا کو وہ سب آشکار ہوا ہے جو ہمارا موقف تھا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سابقہ دور حکومت میں بیک ڈور ڈپلومیسی ہو رہی تھی، بھارت کے ساتھ اس وقت کوئی بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں،بیک ڈور ڈپلومسی نتیجہ خیز ہو تو ضرور ہونی چاہیے، دنیا میں لوگ ہمیں کہتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ امن کے راستے پر کیوں نہیں چلتے، اگرسرحد پار وزیراعظم کہےکہ ایٹمی اثاثے دیوالی کے لیے نہیں رکھے، تو آپ کیا کریں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ کرتاپور راہدری سابقہ حکومت نے بنائی، اس سے پہلےکی حکومت نےکام شروع کیا تھا، امن اور مذہبی سیاحت کو آگے بڑھانے میں پاکستان انتظار نہیں کرتا۔

سلمان خان کی نئی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ کا ٹریلر جاری

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی نئی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
مار دھاڑ کے ایکشن سے بھرپور مناظر اور دبنگ مکالموں پر مشتمل ٹریلر میں سلمان خان کی پرانی فلموں کا فارمولا ڈالا گیا ہے۔
فرہاد سمجی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 21 اپریل 2023 کو ریلیز کیلئے سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب ساتھی اداکارہ پوجا ہیگدے نام پوچھتی ہیں تو سلمان خان کہتے ہیں کہ ’میرا کوئی نام نہیں ہے، لیکن میں بھائی جان نام سے جانا جاتا ہوں‘۔
فلم میں سلمان خان کے مداحوں کیلئے تشدد سے بھرپور خونی مناظر، کلاسک ڈانس مووز اور سلو موشن فائنٹگ کا مسالحہ رکھا گیا ہے۔
’کسی کا بھائی،کسی کی جان‘ کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو شادی سے انکاری ہے کیوں کہ اسے یقین ہے کہ شادی سے اس کے وسیع خاندان میں جھگڑے پیدا ہوں گے۔

مصالحوں سے بنی سب سے بڑی تصویر کا گینیز ورلڈ ریکارڈ

برٹش کولمبیا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے ایک فنکار نے مصالحوں سے 908.39 مربع فِٹ بڑی تتلی کی تصویر بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر سرے سے تعلق رکھنے والی پریتی وجے نے ہلدی، پیپریکا اور لونگ کا استعمال کرتے ہوئے ایک تصویر بنائی جس کے متعلق گینیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی کہ یہ مصالحوں سے بنائی گئی دنیا کی سب سے بڑی تصویر ہے۔
سابق سافٹ ویئر انجینئر پریتی وجے نے پینٹنگ کرنا خود سیکھا اور اب وہ اپنا کام سوشل میڈیا پر فروخت کرتی ہیں۔
پریتی کا کہنا تھا کہ وہ کافی کے ساتھ کام کرنا پسند کرتی ہیں۔ ایک دن اچانک انہیں ہلدی، پیپریکا جیسے مصالحہ جات کے ساتھ کام کرنے کا خیال آیا۔
انہوں نے کہا کہ مصالحوں سے بنی ریکارڈ ساز پینٹنگ کے لیے کپڑا ان کے آبائی گھر چنئی، بھارت، سے آیا تھا اور ان کی تصویر کے لیے تقریباً پانچ کلو گرام وزنی مصالحوں کا مرکب استعمال کیا گیا۔

خودکار ڈرون جو 45 کلوگرام وزن اٹھاکر 900 کلومیٹر دور تک پرواز کرسکتا ہے

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی کمپنی نے سامان لے جانے والے ڈرون میں ایک نئی پیشرفت کا اعلان کیا ہے۔ یہ نیا ڈرون مکمل طور پر خود مختار ہے جو 100 پاؤنڈ وزن اٹھا کر 600 میل (960) کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتا ہے۔
اسے مشہور کمپنی مائٹی فلائے نے بنایا ہے اور ڈرون کو سینٹو کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ایک وقت میں 450 کلوگرام وزن اٹھا کر اسے 960 کلومیٹر کے فاصلے تک لے جاسکتا ہے۔ مکمل طور پر خودمختار ڈرون اپنے سافٹ ویئر کے بل پر اڑتا ہے، لینڈ کرتا ہے اور خود ہی سامان کو باہر بھیجتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹیک آف کے لیے اسے بہت کم جگہ درکار ہوتی ہے۔
اس کی کامیابی کا راز کاربن فائبر فریم ہے جس کا کل وزن 161 کلوگرام ہے۔ ڈرون کو اٹھانےکےلیے اس میں 8 پنکھڑیاں لگائی گئ ہیں۔ جبکہ یہ کم رن وے کےلیے اپنے پروپلشن پوڈ بھی استعمال کرتا ہے۔ اسی بنا پر یہ زیادہ سے زیادہ 240 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کرسکتا ہے۔ سینو کی لمبائی 5 اور چوڑائی 4 میٹر ہے جبکہ اس کے اندر ایک کنویئر بیلٹ بھی لگایا گیا ہے جس پر چیزیں رکھی اور اٹھائی جاسکتی ہے۔ یہ بیلٹ ایئرپورٹ کی سامان پٹی کی طرح ازخود کام کرتا ہے۔
کمپنی کےمطابق یونائیٹڈ پوسٹل سروس کے 96 چھوٹے پیکٹ لے جاسکتا ہے اور زمینی گاڑی سے دوگنی رفتار سے سفر کرتے ہوئے سامان کی تیزترین رسائی کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ امریکی ایف اے اے اتھارٹی نے اسے استعمال کی اجازت بھی دے چکی ہے۔

امریکا میں گزشتہ 24 دنوں میں فائرنگ کے 39 واقعات میں 70 افراد ہلاک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں 2023 کے آغاز سے لے کر 24 جنوری تک 39 بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
غیر سرکاری ادارے گن وائلنس آرکائیو کے مطابق امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث اسے ’امریکی بیماری‘ قرار دیا گیا ہے۔
2023 کے پہلے تین ہفتوں کے دوران بڑے پیمانے پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور 167 زخمی ہوئے ہوچکے ہیں۔ آرکائیو نے انکشاف کیا کہ اس سال بڑے پیمانے پر فائرنگ کا ایک تاریخی آغاز ہے، گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں جنوری 2023 کے پہلے 24 دنوں میں سب سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
گن وائلنس آرکائیو کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے پینسلوینیا، شمالی کیرولائنا، فلوریڈا، الینوائے، اوہائیو، ورجینیا، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا، یوٹاہ، لوزیانا، ٹیکساس، کیلیفورنیا، لوزیانا، مسیسیپی، ایریزونا، مسوری، کولوراڈو، جارجیا اور الاباما میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

سعودی عرب میں 40 لاکھ ایمفیٹامین گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں حکام نے بڑی مقدر میں ایمفیٹامین گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (جی ڈی این سی) نے کہا کہ ادارے نے بڑی مقدار میں ایمفیٹامین گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ 40 لاکھ 91 ہزار 250 گولیوں کی کھیپ مویشیوں کے چارے کے بیچ میں چھپائی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی قطری حکام اور جدہ میں سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف زکوٰۃ اینڈ ٹیکس کے تعاون سے کی گئی۔
اس میں کہا گیا کہ اردنی اور مصری شہری کو ریاض میں اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

امریکی اسلحے کی فروخت میں 49 فیصد اضافہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی اسلحہ کی فروخت میں سال 2022 میں 49 فیصد تک پہنچ گئی۔ مجموعی طور پر پچھلے سال 205،6 ارب ڈالر کا امریکی اسلحہ فروخت کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق انڈونیشیا کو ایف 15 آئی ڈی جنگی طیارے 13،9 ارب ڈالر میں فروخت کیے گئے، یونان کو 6،9 ارب ڈالر مالیت کے کثیر المقاصد بحری جنگی جہاز دیے گئے۔
اسی طرح پولینڈ کو 6 ارب ڈالر کی مالیت کے ایم آئی اے 2 ابرام ٹینک فروخت کیے گئے، جنرل ڈائنامکس کارپوریشن کے تیار کردہ یہ ابرام ٹینک اور لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے ایف 15 بنانے والی لاک ہیڈ ہی بحری جنگی جہاز بناتی ہے۔
امریکی دفتر خارجہ کے مطابق سال 2022 کے دوران کئی بیرونی حکومتوں نے امریکی کمپنیوں سے براہ راست ڈیل کی، اس طرح ان براہ راست ڈیلزکے نتیجے میں کمپنیوں کی فروخ 48،6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 153،7 ارب ڈالر تک چلی گئی۔
دفتر خارجہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 کے دوران 138 ارب ڈالر کا سودا فروخت ہوا، جبکہ سال 2022 کے دوران اسلحہ فروخت میں امریکی کامیابی بڑھی اور 138ارب ڈالر کے مقابلے میں 205،6 ارب ڈالر تک چلی گئی۔

آسٹریلین اوپن: مینز ڈبلز میں رنکی ہجیکاٹا اور جیسن مرے کبلر فائنل میں داخل

میلبورن: (ویب ڈیسک) میزبان جوڑی رنکی ہجیکاتا اور جیسن مرے کلبر آسٹریلین اوپن ٹینس کے مینز ڈبلزمقابلے کے فائنل میں پہنچ گئی۔
آسٹریلیا کے ٹینس کھلاڑی رنکی ہجیکاٹا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جیسن مرے کبلر پر مشتمل وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی میزبان جوڑی اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں داخل ہوگئی ۔
مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں میزبان جوڑی نے سپین کے مارشل گرانولرز اور ان کے ارجنٹائن کے جوڑی دار ہوراشیو زیبالوس پر مشتمل ایٹتھ سیڈ جوڑی کو شکست دی ۔
مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا کے رنکی ہجیکاٹا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جیسن مرے کبلر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف سپین کے مارشل گرانولرز اور ان کے ارجنٹائن کے جوڑی دار ہوراشیو زیبالوس پر مشتمل ایٹتھ سیڈ جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فاتح جوڑی نے کوارٹر فائنل میچ میں ٹاپ سیڈڈ جوڑی کو شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

فواد چودھری گینگسٹر ہے جو منہ پر کپڑا ڈال کر عدالت پیش کیا گیا: عمران اسماعیل

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق گورنر سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارا دور آیا تو ہم ایسا نہیں کر سکتے، ہمارے لیڈر نے ہمیں کچھ اور سکھایا ہے، ہم قانونی اور آئینی ہاتھوں سے نمٹیں گے، فواد چودھری کا جسمانی ریمانڈ کیوں لیا گیا ہے، یہ سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے، ان کے منہ پر کپڑا لا کر پیش کیا گیا، کیا وہ گینگسٹر ہے یا ری پلسٹ ہے، الیکشن کمیشن منشی کہنے پر ناراض ہو جاتا ہے۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار ہے نا منشی، جب سے پنجاب میں نگران حکومت قائم ہوئی ہے حالات ٹھیک نہیں، فواد چودھری کو گھر میں بغیر وارنٹ کے گھس کر گرفتار کیا گیا، عمران خان کی گرفتاری کا منصوبہ کارکنان نے ناکام بنایا، کورٹ کی حکم عدولی کی گئی، جبری اسلام آباد لے جایا گیا، عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک منصوبے کے ساتھ بنانا ری پبلک بنایا جا رہا ہے، جو اقتدار میں ہیں ان کی نہ تو کوئی اہلیت ہے نہ مقبولیت، ڈالر میں 25 روپے کا اضافہ ہوا، اکنامک ایمرجنسی کی آڑ میں تباہی پھیلائی جا رہی ہے، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک نے تعاون سے انکار کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی نے انتقامی کارروائیوں میں ملوث افسروں کی فہرست الیکشن کمیشن کو جمع کرا دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے انتقامی کارروائیوں میں ملوث افسروں کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی، فہرست سینئر وکیل فیصل فرید ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
تحریک انصاف نےانتقامی کارروائیوں میں ملوث افسروں کو پنجاب میں مقرر نہ کرنے کی سفارش کر دی، فہرست میں ایڈمنسٹریٹو سروسز، پراونشل مینجمنٹ سروسز اور پولیس سروسز کے افسر شامل ہیں۔
فہرست میں ڈی ایم جی میں نبیل اعوان، کیپٹن عثمان، عمر شیر چٹھہ سمیر سید، محمد علی رندھاوا،اجمل بھٹی،احمد رضا سرور کے نام شامل ہیں۔
عامر کریم خان، ڈاکٹر راشد منصور،عامر خٹک اور سید علی مرتضیٰ کے نام بھی فہرست میں موجود ہیں۔
پولیس سروسز کے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، کیپٹن (ر) عثمان انور، کیپٹن (ر) سہیل چودھری، راؤ سردار علی خان، رضا صفدر کاظمی، ڈاکٹر عابد خان، حافظ عطاالرحمان بابر سرفراز الپا، سہیل ظفر چٹھہ،رانا ایاز سلیم اور سید علی ناصر رضوی کے نام بھی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔