اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 9 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کی تفصیلات جاری کردیں۔
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 9 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر 20 جنوری کو ختم ہوئے ہفتے میں مجموعی طور پر 99 کروڑ ڈالر کم ہوئے۔
ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 20 جنوری تک 9.45 ارب ڈالر رہے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 92 کروڑ ڈالر کم ہوکر 3.67 ارب ڈالر رہے جو صرف تین ہفتے کی امپورٹس کیلئے کافی ہوں گے۔
کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.76 کروڑ ڈالر کم ہوکر 5.77 ارب ڈالر رہے۔
اس سے پہلے فروری 2014 میں اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ڈالر کی سطح اتنی گری تھی۔

پنجاب کی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا، محسن نقوی کی مبارکباد

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی نگران کابینہ میں شامل وزرا نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس لاہور میں نگران کابینہ سے حلف لیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں نگران صوبائی وزراء کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی، سید محسن رضا نقوی نے حلف اٹھانے والے نگران صوبائی وزراء کو مبارکباد دی۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران کابینہ کے 8 ارکان سے حلف لیا، چیف سیکرٹری پنجاب چودھری زاہد اختر نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
حلف اٹھانے والے وزراء میں ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ابراہیم مراد، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر، منصور قادر، سید اظفر علی ناصر،عامر میرشامل ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کا نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے، شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد نگران سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم یہ قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائیں گے، انتخابات کا پُرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نگران کابینہ کے لئے 11 وزرا کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا مگر کرکٹر وہاب ریاض بیرون ملک ہونے کے باعث حلف نہ اٹھا سکے، تمکنت کریم اور نسیم صادق بھی حلف اٹھانے گورنر ہاؤس نہ پہنچ سکے، حلف اٹھانے والوں میں ماہر تعلیم، صحافی بھی شامل ہیں۔
نگران کابینہ میں شامل ڈاکٹر جاوید اکرم مسلم لیگ ن پنجاب کے سابق صدر پرویز ملک مرحوم اور جسٹس (ر) قیوم کے بھائی اور سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس خواتین ونگ شہلا جاوید اکرم کے خاوند ہیں، وہ وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز بھی رہ چکے ہیں، عامر میر صحافی جبکہ بلاول فضل اور ابراہیم مراد ماہر تعلیم ہیں۔

لال حویلی کا قبضہ چھڑانے کیلئے متروکہ وقف املاک بورڈ نے ضلعی انتظامیہ سے مدد مانگ لی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) متروکہ وقف املاک بورڈ نے لال حویلی کا قبضہ چھڑوانے کے لئے ضلعی انتظامیہ سے مدد طلب کر لی۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی قبضہ چھڑوانے کے لئے پولیس کی مدد فراہم کریں۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ متروکہ وقف املاک کے عملے کے ساتھ کم از کم ڈی ایس پی رینک کا افسر موجود ہو، متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے لکھا گیا خط ضلعی انتظامیہ کو موصول ہو گیا ہے۔

فواد چوہدری کے ساتھ دہشت گرد جیسا سلوک اور جسمانی ریمانڈ دینا غلط ہے، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کا اغوا، ان کے ساتھ دہشت گرد جیسا سلوک اور جعلی ایف آئی آر پر2 روزہ جسمانی ریمانڈ دینا غلط ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ واضح کرتا ہے ملک میں سب غلط ہورہا ہے، یہاں انصاف نہیں، صرف جنگل کا قانون ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ریاست اوربدمعاشوں کا خیال ہے کہ وہ ہمیں خوفزدہ کرسکتے ہیں تو وہ غلطی پر ہیں، لوگ اس فسطائیت کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے زیادہ پرعزم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اور میری پارٹی جمہوریت، قانون کی حکمرانی اورانصاف کے لیے فاشسٹ طاقتوں کے خلاف لڑیں گے۔

کے پی کی نگران کابینہ میں ارب پتی خاندانوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شامل

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ میں ارب پتی خاندانوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے، بیشتر وزراء کا تعلق جے یو آئی سے ہے ۔
خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا، کابینہ میں 15 وزرا کو شامل کیا گیا ہے۔
کے پی کی نگران کابینہ میں مالدارافراد بھی شامل ہیں،ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی کے منظور آفریدی کا شمار مولانا فضل الرحمان کے انتہائی قریبی رفقاء میں ہوتا ہے ۔
ارب پتی منظور آفریدی کے مختلف کاروبار ہیں جبکہ ان کی کئی قیمتی پراپرٹی بھی ہیں، ضلع خیبر سے ہی تاج محمد آفریدی کو بھی نگران وزیر بنایا گیا ہے، تاج محمد آفریدی بھی ارب پتی ہیں ۔
اس کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے حاجی غفران سابق گورنر خیبرپختو نخوا سردار مہتاب احمد خان کے سمدھی اور آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے قریبی ساتھی ہیں ، وہ پیشے کے لحاظ سے صنعتکار ہیں اور ان کے بھی اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر شاہد خان خٹک پیشے کے اعتبار سے کنٹریکٹر ہیں اور ان کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے ہے ، یہ بھی صاحب ثروت ہیں۔
صوبائی وزیر فضل الٰہی بھی صعنتکار ہیں اور مالدار شخصیت ہیں ، اس کے علاوہ ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے محمد علی شاہ مسلم لیگ ن سے وابستہ ہیں جبکہ امیرمقام کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں ۔
صوبائی وزیر بخت نواز کا ضلع بٹگرام سے ہے اوران کے خاندان کا شمار بھی علاقے کی امیر ترین فیملیز میں ہوتا ہے ۔

گلیات میں برفباری کا دوسرا روز، سڑکوں کی بحالی کا کام جاری

گلیات: (ویب ڈیسک) گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے برفباری کے دوسرے روز سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
ترجمان جی ڈی اے کا کہنا تھا کہ برفباری کے چھٹے سپیل کے دوسرے روز 7 سے 8 انچ تک برف پڑی، برفباری کے دوران سڑکوں کی بحالی جاری رکھی گئی۔
احسن حمید کا کہنا تھا کہ سنو کلیئرنس آپریشن میں ہیوی مشینری استعمال کی جا رہی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ جلد رک جائے گا۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس، چینی برآمد کیلئے نئی شرائط منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں چینی کی برآمد کے حوالے سے غور کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد چینی کی برآمد پر نئی شرائط کی منظوری دی، جس کے تحت صوبائی کین کمشنرز نوٹیفکیشن کے جاری ہونے کے 7 روز میں کوٹہ مختص کریں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق چینی کی برآمد کیلئے بینکوں کے ذرائع سے پیشگی رقم وصول کی جائے گی، 60 روز میں چینی کی برآمد کے لیٹر آف کریڈٹ کھلنے تک یہ رقم وصول ہو گی، کوٹہ مختص ہونے کے بعد 45 روز میں کنسائمنٹ بھیجنا لازمی ہو گی۔

احتجاج کی تیاری شروع کردی،کراچی کے لوگوں کو سڑکوں پر لائیں گے: مصطفیٰ کمال

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نےکہا ہےکہ فروری کے پہلے ہفتے میں احتجاج کی تیاری شروع کردی ہے،کراچی کے لوگوں کو سڑکوں پر لائیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے شہری سوال پوچھ رہے ہیں، جو کچھ یہاں ہو رہا ہے پورے پاکستان میں کہیں نہیں ہو رہا، یہاں آبادی کو کم گنا جا رہا ہے، 98 لاکھ کی آبادی میں مردم شماری کے مطابق 209 حلقے تھے تو ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی پر دگنے حلقے ہونے چاہیے تھے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آبادی 100 فیصد بڑھنے پر نشستیں 38 بڑھائی گئیں، آج ہم سوال کرتے ہیں ہم کس درجے کے پاکستانی ہیں؟ کیا آبادی کم گننا اور نمائندگی کم کرنے سے ملک کی خدمت ہوئی؟ “کراچی سب کا” بینر لگانے سے کچھ نہیں ہوتا، آصف زرداری حالات کو کیوں نہیں دیکھ رہے؟ بلاول اگر وزیراعظم بنتے ہیں تو کیا وہ چاہیں گے کراچی حیدرآباد والے ان کے خلاف ہوں۔
ایم کیوایم رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نےتسلیم کیا کہ 53 حلقےکم ہیں، اتنی نشستوں پر پورا شہر بن جاتا ہے، حلقہ بندیاں ختم ہونے کے بعد الیکشن جعلی ہیں۔

9 ماہ میں ملک کا حشر کرنے والوں کی ابھی تک تسلی نہیں ہوئی: فرخ حبیب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وفاداری آئین کے بجائے کہیں اور ہے، ان کو جتنی چابی دی جائے اس پرعملدر آمد شروع کر دیتے ہیں۔
زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ بتایا جائے فواد چودھری نے کونسی بغاوت کی ہے؟ انہوں نے کونسی غداری کی ہے؟ فواد چودھری کہہ رہا ہے 90 دن کے اندر الیکشن کرائے جائیں۔
سابق وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان کو تو توہین عدالت میں بلا لیا گیا تھا، طاقت ور لوگوں کے خلاف کچھ نہیں ہوتا، 9 ماہ میں ملک کا حشر کر دیا ابھی تک آپ لوگوں کی تسلی نہیں ہوئی، اگر ہمیں جیل میں ڈالنے سے ملک ٹھیک ہوتا ہے تو ڈال دیں۔
انہوں نے کہا میرے بارے میں کہا گیا پولیس کی گاڑی کو روکا، جس گاڑی کو روکا وہ ویگو ڈالا تھا جس پر نمبر بھی نہیں تھا، میں تو حیران ہوں عدلیہ نے حکم عدولی کو کیسے برداشت کر لیا، حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، انتخابات کرائے جائیں۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 31 جنوری کو پاکستان پہنچے گا اور 31 جنوری سے ہی پاکستان اور انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
وزارت خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کا شیڈول جاری کردیا ہے، وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف کے درمیان 31 جنوری سے مذاکرات شروع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ کا جائزہ مشن 31 جنوری 2023 کو پاکستان پہنچے گا اور اسی روز سے پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات شروع ہوں گے جو 9 فروری تک جاری رہیں گے۔

ہم مارشل لا سے نہیں ڈرتے الیکشن کرانے سے کیوں ڈریں گے: طلال چودھری

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ اداروں کے سربراہان کو گالیاں دی جائیں، فواد چودھری کو ہمیں گرفتار کرانے کا شوق نہیں ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ عدالتیں ہمارے لئے قابل احترام ہیں، اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو عدالتیں ان فیصلوں کو ریویو کریں، سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں نہیں ہونی چاہئیں، نگران حکومت ہماری نہیں الیکشن کمیشن کی بنائی ہوئی ہے، فارن فنڈنگ کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کیا ہے، ہم مارشل لا سے نہیں ڈرتے الیکشن کرانے سے کیوں ڈریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن صرف عمران خان کی خواہش پر نہیں ہو سکتا، سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے، مسلم لیگ (ن) کی کمپین کو نواز شریف لیڈ کریں گے، پارٹی فیصلہ کرے گی نوازشریف کب واپس آئیں گے، نواز شریف سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہونا چاہیے، فرخ حبیب نے کل اچھی شوٹنگ کی، انہوں نے تو کبھی ریڑھی نہیں روکی تو گاڑی کیسے روکیں گے۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنے خاندان سے بات نہیں کرنا چاہتی: دفتر خارجہ کا انکشاف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنے خاندان سے خود رابطہ نہیں کرنا چاہتی۔
دفتر خارجہ کے حکام نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بات کرنے کی اجازت ہے، ان کو مہینے میں 300 منٹ تک بات کرنے کی اجازت ہوتی ہے، وہ خود بات نہیں کرنا چاہتی، ہم نے ان کے خاندان کو بھی یہ بات بتائی ہے۔
دفتر خارجہ کے حکام نے مزید کہا کہ اگر وہ بات نہیں کرنا چاہتی تو ان کو مجبور نہیں کیا جاسکتا، ہم نے جیل حکام سے بار ہا تصدیق کی لیکن عافیہ صدیقی بات نہیں کرنا چاہتی۔

پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی اور وفاقی وزیر نارکوٹکس نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ شرکاء نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے 2 سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں سے ایک سنٹر جیل میں بھی بنایا جائے گا۔
اس موقع پر نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے اور پنجاب حکومت اور اینٹی نار کوٹکس فورس کے اشتراک کار کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر اور آن لائن منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، پنجاب حکومت اور اینٹی نارکوٹکس فورس مل کر منشیات کی روک تھام کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کریں گی۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ نئی نسل کو منشیات سے بچانے اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی۔