فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعدحسن اور پی ٹی آئی وکلا عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت وکیل بابراعوان ، فیصل چودھری، علی بخاری بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ فواد چودھری آئینی ادارے کیخلاف نفرت پیدا کر رہے ہیں، رہنما پی ٹی آئی کے بیان سے الیکشن کمیشن کے ورکرز کی جان کو خطرہ پیدا کیا جا رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ہے، پراسیکیوٹر نے کہا کہ فواد چودھری کی وائس میچنگ ہوگئی ہے، فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ لاہور سے کروانا ہے جس کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے شہباز گِل کیس کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ رات 12 بجے 2 روز کا ریمانڈ ملا تب تک ایک دن ختم ہو گیا تھا، عملی طور پر ہمیں ایک دن کا ریمانڈ ملا ہے، مزید ریمانڈ دیا جائے۔
دوران سماعت پولیس نے میڈیا کو جج راجہ وقاص احمد کی عدالت میں جانے سے روک دیا، پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری اور زلفی بخاری کو بھی عدالت کے اندر جانے سے روک دیا، جس پر شیریں مزاری نے کہا کہ ہم کیا دہشت گرد ہیں جو عدالت نہیں جانے دیا جا رہا۔
وکیل الیکشن کمیشن
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چودھری کا بیان ریکارڈ پر موجود ہے، فواد چودھری نے اپنی تقریر کا اقرار بھی کیا ہے، تقریر پر تو کوئی اعتراض اٹھا نہیں سکتا، ملزم نے بیان مانا ہے، فواد چودھری نے نفرت پھیلانے کی کوشش کی، حکومت پر الزامات لگائے، الیکشن کمیشن کو حکومت کا منشی کہا، فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین کے گھروں تک جائیں گے۔
وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کردار اگلے چند ماہ بہت اہم ہے، الیکشن کمیشن کا کام کرپشن ختم کرنا ہے لیکن فواد چودھری پریشر بنا رہے ہیں، الیکشن کمیشن کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے، فواد چودھری سینئر سیاستدان ہیں لیکن قانون سے بڑھ کر کوئی نہیں، رہنما پی ٹی آئی کے گھر کی تلاشی لینا ضروری ہے، ملزم کے گھر سے لیپ ٹاپ اور موبائل ان کی موجودگی میں حاصل کرنا ضروری ہے، فواد چودھری کے بیان میں دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
وکیل فواد چودھری
وکیل فواد چودھری بابر اعوان نے کہا کہ میں بھی فواد چودھری کے بیان میں شامل ہوں جس پر بابر اعوان اور الیکشن کمیشن کے وکیل کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
بابراعوان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ریاست کو موم کی گڑیا بںا دیا گیا ہے، ججوں کے گھروں تک جانے کا بیان دیا گیا، ہم نے پرچہ نہیں کروایا۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چودھری کا بیان کسی ایک بندے کا بیان نہیں، ایک گروپ کا بیان ہے، الیکشن کمیشن کے ہی نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران کے خلاف مہم چل رہی ہے، ڈسچارج کی استدعا گزشتہ پیشی پر ڈیوٹی مجسٹریٹ نے مسترد کر دی تھی، عدالت کے سامنے تمام شہری برابر ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ کیس کا مدعی ایک سرکاری ملازم ہے، ٹیکس عوام دیتی ہے، موج سرکاری افسران لگاتے ہیں، پبلک سرونٹ کا مطلب عوام کا نوکر ہے۔
وکیل فواد چودھری کا مزید کہنا تھا مجھے اپنے منشی پر فخر ہے، میرے منشی کو سپریم کورٹ میں داخلے کی اجازت ہے، معلوم نہیں منشی سے پراسیکیوشن کو اتنی چڑ کیوں ہے، الیکشن کمیشن کوئی وفاقی حکومت نہیں اور نہ ہی قومی اسمبلی ہے، سیکرٹری الیکشن کمیشن تو یونین کونسل بھی نہیں ہے، سیکرٹری الیکشن کمیشن اپنے لیے کوئی وائسرائے آف انڈیا قسم کا ٹائٹل رکھ لے، سیکرٹری الیکشن کمیشن ریاست نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فواد چودھری تحریک انصاف کے سینئر رہنما ہیں، فوجداری کارروائی کرنے والاسیکرٹری الیکشن کمیشن کیا شفاف انتخابات کروائےگا؟، پاکستان میں بڑی جیل بنا کر سب کو قیدیوں میں شمار کر لیں، الیکشن کمیشن ایک پارٹی کی ترجمانی کر رہا ہے، الیکشن کمیشن پر قوم کے کھربوں روپے لگتےہیں، پبلک سرونٹس نہ صوبائی حکومت ہیں اور نہ وفاقی حکومت کا حصہ، عدالت دیکھے کہ پبلک سرونٹس کو بنا کیا دیا ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا پراسیکیوشن کہتی ہے فواد چودھری بولتا ہے، پاکستان میں کون نہیں بولتا؟ ڈالر نیچے لانے کا بیان دیا گیا تھا، اس کو کیوں نہیں پکڑتے؟ ماضی میں ججز کے لیے جس نے جو بولا وہ سب آج حکومت میں شامل ہیں، پراسیکیوشن کہتی ہے مزید ملزمان کو ڈھونڈنا ہے، پولیس جس کو پکڑتی ہے کہتی ہے لاہور میں بیٹھے شخص کا نام لے لو، تحریک انصاف کے رہنما شیر کے بچے ہیں، لاہور میں بیٹھنے والے کا نام نہیں لیتے، سارے ثبوت لاہور میں ہیں، جب لاہور ہائیکورٹ ملزم کا پوچھ رہی تھی تو اسلام آباد لے آئے، پراسیکیوشن نہیں بتا رہی کہ یہ فواد چودھری سے چاہتے کیا ہیں۔
ان کا کہنا تھا فواد چودھری نے آگ لگانے کا نہیں کہا، پاکستان میں وکلا قتل ہو رہے ہیں، ان پر حملے ہو رہے ہیں، جن وکیلوں کو قانون کی بالادستی کا شوق ہے تو پرائیویٹ وکالت کرنےکی ہمت کریں، پانچویں کلاس کا طالب علم بھی وائس میچنگ کرنا جانتا ہے، عدالت نےتفتیش کے لیے 2 دن دیئے، کیا تفتیش ہوئی؟ پراسیکیوشن کو ایک نام چاہیے اور وہ ہے عمران خان کا۔
بابر اعوان کے دلائل پر جج نے ریمارکس دیئے کہ دلائل دینا حق ہے لیکن تھوڑا مختصر کر دیں جس پر بابر اعوان نے کہا میں دو دن دلائل کے لیے لوں گا اور آج تو میرا جنم دن بھی ہے، عدالت میں وکیل بابراعوان کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی۔
وکیل بابراعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بطور حکومت خود کو بنا لیا ہے، الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کروانا ہے، اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے ایک رات قبل الیکشن کمیشن بھاگ گیا، الیکشن کمیشن آئین کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہا ہے۔
بابر اعوان نے فواد چودھری کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری دہشتگرد نہیں ہے، الیکشن کمیشن میرے خلاف مقدمے میں مدعی ہیں، ان سے انتخابات میں انصاف کیسے مانگوں؟ دنیا میں آزاد عدلیہ کا کوئی تصور نہیں، فرخ حبیب نے کالی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، اس پر مقدمہ ہوگیا، مقدمےمیں کہا کہ 31 گاڑیاں تھیں اور فرخ حبیب نے ڈکیتی کرنے کی کوشش کی۔
فواد چودھری
دوران سماعت فواد چودھری خود روسٹرم پر آئے اور بیان دیا کہ عمران خان پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ہم حق سچ بات کریں گے، میں تحریک انصاف کا ترجمان ہوں، ضروری نہیں میری اپنی رائے ہو، میں نے اپنی جماعت کی ترجمانی کرنی ہے، جو میں نے بیان دیا وہ میری جماعت کا مؤقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اسلام آباد پولیس نے نہیں لاہور پولیس نے گرفتار کیا، میرا موبائل فون پولیس کے پاس ہے، میری سم بند کی جائے۔
عدالت نے فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے انہیں کمرہ عدالت میں اپنی فیملی سے ملنے کی اجازت دی اور ان کی ہتھکڑیاں کھولنے کا حکم دیا جس پر ان کی ملاقات اہلیہ حبا سے کرائی گئی، اس موقع پر دونوں نے وکٹری کا نشان بھی بنایا۔

ڈالر آؤٹ آف کنٹرول، انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں مزید اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر پاکستانی روپے کے مقابلے میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 67 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 262 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 8 روپے اضافہ ہوا ہے جس سے امریکی کرنسی265 روپے پر فروخت ہو رہی ہے، دو روز میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 24 روپے 50 پیسے مہنگا ہوا۔
یاد رہے کہ دو کاروباری دنوں میں انٹربینک میں ڈالر 31 روپے 11 پیسے مہنگا ہوا ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے 2 روز میں قرضوں کے بوجھ میں 3950 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے، سٹاک مارکیٹ میں 155 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار کی سطح عبور کر گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کیماڑی میں زہریلی گیس سے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس، رپورٹ طلب

کراچی : (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیماڑی کے علاقہ میں مبینہ زہریلی گیس سے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی ، ڈی جی ہیلتھ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ سے واقعہ کی الگ الگ رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے محکمہ محنت ، محکمہ صنعت اور ضلعی انتظامیہ کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
مراد علی شاہ کی جانب سے حکام سے پوچھا گیا کہ یہ کون سی فیکٹریز ہیں جن سے اس قسم کی گیس کا اخراج ہو رہا ہے ؟ ، کیا ان فیکٹریز کی کبھی بھی انسپیکشن کی گئی ہے ؟ واقعہ کے بعد کیا کاروائی کی گئی ؟۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو فیکٹریز سے خارج ہونے والی گیس کے نمونوں کے لیب ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

کراچی : محمدی گوٹھ میں گتے کی فیکٹری منہدم ہو گئی

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے احسن آباد محمدی گوٹھ میں گتے کی فیکٹری منہدم ہو گئی۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق متاثرہ فیکٹری میں گزشتہ رات 8 بجے آگ لگ گئی تھی جس کے باعث فیکٹری میں موجود سامان جل گیا۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ فیکٹری کے انہدام کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

چیف آرگنائزر ( ن ) لیگ مریم نواز لندن سے دبئی پہنچ گئیں

لندن : (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لندن سے دبئی پہنچ گئیں۔
قائد مسلم لیگ ( ن ) اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مریم نواز کو ایون فیلڈ سے الوادع کیا۔
مریم نواز کی پرواز براستہ دبئی ہفتہ کی سہ پہر 3 بجے پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچیں گی جبکہ پارٹی قیادت اور کارکنان لاہور ایئرپورٹ پر چیف آرگنائزر کا شاندار استقبال کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ( ن ) کی رہنماء مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پارٹی کی سینئر نائب صدر کی لندن سے روانگی اور پاکستان پہنچنے کے شیڈول سے آگاہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ’’ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لندن سے روانہ ہوگئی ہیں ‘‘ ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ مریم نواز صاحبہ 28 جنوری، ہفتے کی سہ پہر 3 بجکر 5 منٹ پر لاہور پہنچیں گی ، انشاءاللہ ‘‘۔

عمران خان کو نا اہل کرنے، جان سے مارنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل بھیجنے، نا اہل کرنے اور جان سے ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ عمران خان کی موجودگی میں 13 پارٹیاں الیکشن لڑنے کے لئے تیار نہیں، حکومت کی جانب سے 2 باتیں طے کر لی گئی ہیں کہ صوبے کے الیکشن مرکز کے ساتھ ہونگے اورمائنس عمران کروانے کی کوشش کی جائے گی۔ سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر260 کا، زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 3ارب تک جا پہنچے ہیں، لال حویلی پر قبضے کا ارادہ کر کے نااہل حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے، 5 مرلے کی لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے جو دل یزداں میں کانٹے کی طرح کھٹکتی ہے۔

اٹک : فرنیچر کے کارخانے میں آتشزدگی ، لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر

اٹک: (ویب ڈیسک) اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب میں فرنیچر ہاؤس کے کارخانے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب میں اخلاص چوک میں واقع بکھوال فرنیچر ہاؤس کے کارخانے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی ۔ ریسکیو کی فائر ٹیم نے ڈھائی گھنٹے کی فائر فائٹنگ کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا ۔ ریسکیو کے مطابق آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کارخانے میں موجود 15 لاکھ روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں ، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہے گا جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں دھند کا امکان ہے ۔ دوسری جانب آزاد کشمیر میں شدید سردی کے ڈیرے ہیں ، بالائی علاقوں میں پارہ منفی 6 تک گر گیا، برفباری سے بند وادی گریس شاہراہ بند ہوئے دو ہفتے مکمل ہوگئے ۔ ایس ڈی ایم اے مظفرآباد کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں شاہراؤں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، وادی لیپا شاہراہ آج شام تک بحال کردی جائے گی ، بالائی علاقوں میں شاہراہوں پر برف کی وجہ سے پھسلن زیادہ ہےلہذا شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سےکم درجہ حرارت کالام میں منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ، زیارت منفی12، لہہ منفی 11،چترال منفی 09 ریکارڈ استور،قلات منفی 08، کوئٹہ، مستونگ منفی 07ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔ مسلم باغ،مالم جبہ منفی06، میرکھانی،دیر،دروش اورپشین میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیاہے ۔

کورونا کے مزید 14 کیسز رپورٹ، 10 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 414 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 414 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 14 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.32 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 10 مریضوں کی حالت نازک ہے۔

چیف آف موسیٰ خیل سردار محمد حنیف خان پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے چیف آف موسیٰ خیل سردار محمد حنیف خان نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔
سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد چیف آف موسیٰ خیل سردار محمد حنیف خان پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔
آصف علی زرداری اور بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن سینیٹر سردار محمد اعظم خان کے صاحبزادے سردار محمد حنیف خان موسی خیل کے درمیان بلوچستان کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی۔
پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری نے چیف آف موسیٰ خیل سردار محمد حنیف خان کو پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

نواز شریف اور مریم نواز سے امیر مقام کی لندن میں ملاقات

لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے مشیر وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا ن لیگ سے متعلق سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پارٹی امور پر مشاورت بھی کی گئی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر کو آئندہ انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت بھی کی۔

شہباز شریف سے فضل الرحمان اور آصف زرداری کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں مولانا فضل الرحمان اورآصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اتحادی قائدین نے مشکل وقت میں مل کرحکومتی اقدامات کا دفاع کرنے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معاشی صورتحال اتحادی قائدین کے سامنے رکھ دی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں مشکل فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں، حالات پر قابو پانےکیلئے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنا پڑیں گی، وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کو بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت ممکنہ اقدامات پر اعتماد میں لیا۔
وزیر اعظم کا اتحادی سربراہوں کو بریفنگ میں کہنا تھا کہ بہت سے شعبوں کی ٹیکس چھوٹ ختم کرنا پڑے گی، ڈالر کو مارکیٹ کے مطابق کرنے کا فیصلہ بھی آئی ایم ایف کی شرط تھی، آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد معاشی صورتحال بہتر ہو گی۔
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر برائے اقتصادی و سیاسی امور سردار ایاز صادق اور وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔

چودھری پرویز الٰہی نے معافی مانگ لی

لاہور: (ویب ڈیسک) ق لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آج کی تقریر کے دوران فواد چودھری کے متعلق گفتگو پر معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کی پوری فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، میرے بیان سے فواد چودھری کی فیملی کو دکھ پہنچا جس پر ان سے معذرت خواہ ہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ میں نے پی ٹی آئی والوں کو کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دو، اسمبلی مت توڑو، مگر میری بات نہیں مانی گئی۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ خان صاحب کے ساتھ جو بیٹھنے والے لوگ تھے وہ پارٹی کو لے کر بیٹھ گئے، تین چار بندوں کی وجہ سے، ان میں سے ایک بے چارہ جس کا مجھے بہت افسوس ہے اگر پہلے پکڑا جاتا تو ہمارا کام بن جاتا اور شاید اسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی گفتگو میں فواد چودھری کا براہ راست نام نہیں لیا تھا۔