لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی ملک کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ انصاف کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ تعصب کی کوئی حد ہونی چاہیے، کھلاڑیوں کو عمر رسیدہ کہہ کر ایک طرف کرنا درست نہیں، اگر عمر اہم ہے تو اصول سب کے لیے یکساں ہونے چاہئیں۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اپنے دور میں کھلاڑیوں کی خراب سلیکشن کی ، ان کے پاس عماد وسیم، شعیب ملک اور سرفراز احمد جیسے کھلاڑیوں کو منتخب نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ نجم سیٹھی میرے، سرفراز احمد، محمد حفیظ، شعیب ملک اور حسن علی جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ انصاف کریں گے جنہوں نے پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
Monthly Archives: January 2023
سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی شہر جنین میں اسرائیلی کارروائی کی مذمت
ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے فلسطینی شہر جنین اور کیمپ پر اسرائیلی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنین شہر اور کیمپ میں اسرائیلی کارروائی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اسرائیل کی جانب سے فسلطینی علاقوں میں پیش قدمی ، جارحیت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 61 سالہ خاتون سمیت 10 فلسطینی شہید جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے چھاپوں کے دوران ہسپتال میں بچوں کے وارڈ کے اندر آنسو گیس کی شیلنگ کی ۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے جنین میں ہونے والے افسوس ناک واقعے پر عالمی ادارہ صحت اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں اسرائیلی جارحیت سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے جس میں پانچ بچے بھی شامل ہیں ، ان میں 15 افراد کو جنین میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 کے دوران اسرائیل اور فلسطین میں 26 اسرائیلی اور 200 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جاں بحق افراد کی تعداد سب سے زیادہ مغربی کنارے سے رپورٹ ہوئیں۔
اسرائیل نے 1967 کی 6 روزہ جنگ میں مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر قبضہ کرلیا تھا۔
امریکا: سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت ، 5 پولیس اہلکاروں پر تشدد کے بعد قتل کاالزام عائد
واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا میں 5 پولیس اہلکاروں پرسیاہ فام شخص پر بیہمانہ تشدد کے بعد قتل کا الزام عائد کردیا گیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 7جنوری کو امریکی ریاست ٹینیسی میں پولیس اہلکاروں نے 29 سالہ ٹائری نکلس کولاپرواہی سے گاڑی چلانے پر روکا تھا ۔
مقتول کے فیملی وکلا نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے پیچھا کرنے کے بعد مقتول نوجوان پر ایسا تشدد کیا کہ اسے شناخت کرنا بھی مشکل ہوگیا ، نکلس کو ہسپتال داخل کروایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور 10 جنوری کو اس کا انتقال ہوا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے کے فوری بعد پانچوں سیاہ فام پولیس اہلکاروں کو برطرف کردیا گیا تھا۔
واقعے کی ویڈیو جاری کرنے کے حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن نے شہریوں سے پرامن رہنے کی درخواست کی ہے ، اس سے قبل شہر کے پولیس چیف نے بھی کلپ کے منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کی تھی۔
خیال رہے کہ مئی 2020 میں بھی امریکی ریاست مینیسوٹا میں سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا ، اس واقعے میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی پولیس افسر ڈیرک شاوین کے ہاتھوں موت ہو گئی تھی جس کے بعد امریکا بھر میں پولیس کے روییے اور نسل پرستی کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
روس کی یوکرین کو ٹینک فراہم کرنیوالے ممالک کو ممکنہ ہدف بنانے کی دھمکی
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے کہا کہ یوکرین کو نیٹو کے جنگی ٹینکوں کی فراہمی اس جنگ میں امریکہ اور یورپ کی براہ راست اور بڑھتی ہوئی شمولیت کا ثبوت ہے، ٹینک سپلائی کرنے والے ممالک ممکنہ اہداف بن سکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جمعرات کو کہا کہ یورپ اور امریکا کی طرف سے یوکرین کو مختلف ہتھیار بشمول ٹینک بھیجنا ان ممالک کی جنگ میں شمولیت یا روس کی دشمنی کی نشاندہی کرتا ہے اور ہم واضح طور پر اسے تنازع میں براہ راست ملوث ہونے کے طور پر دیکھتے ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے سابق مشیر سرگئی کاراگانوف نے کہا کہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی ان ممالک کے خلاف ممکنہ فوجی جوابی کارروائی کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یوکرین کو ٹینک بھیج کر نیٹو ممالک جنگ میں کھلے عام شامل ہو رہے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ ممکنہ ہدف بن سکتے ہیں۔
کاراگانوف نے نیٹو پر یوکرین جنگ شروع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قطعی طور پر ایک روسی یوکرین جنگ نہیں ہے، یہ ایک روسی، مغربی جنگ ہے جس میں یوکرین کو توپ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
کاراگانوف نے جنگ میں روس کی فتح کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ بالآخر روس یوکرین کی فوج کو تباہ کر دے گا اور ملک مکمل طور پر فوج سے پاک اور وہاں نئے نازی دور کا خاتمہ ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ روس کی جانب سے یہ بیانات امریکہ اور جرمنی کی جانب سے روسی افواج کے خلاف لڑائی میں یوکرین کو درجنوں بھاری ٹینک فراہم کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے بدھ کو یوکرین کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے 400 ملین ڈالر مالیت کے 31 جدید ابراہم ٹینک فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ صدر جو بائیڈن نے جرمنی کی طرف سے یوکرین کو لیپرڈ ٹو ٹینک فراہم کرنے کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیا تھا۔
ثانیہ مرزا نے ٹینس کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا
لاہور : (ویب ڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا کی جوڑی کو آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست ہوگئی، کیرئیر کے آخری میچ میں ثانیہ آبدیدہ ہوگئیں ۔
آسٹریلین اوپن ڈبلز کے فائنل میچ میں فاتح برازیلین جوڑی نے بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپنا کو ہرادیا ، ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اس موقع پر کہا کہ فاتح جوڑی نے ہم سے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
کیریئر کے اختتام پر ثانیہ مرزا اپنے آنسو روک نہ سکیں ، میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹینس سٹار نے کہا کہ کیریئر کا آخری میچ کھیلنے پر خوش ہوں ، میرا پروفیشنل کیریئر میلبورن سے شروع ہوا اور اپنا کیریئرختم کرنے کے لیے اس سے بہتر میدان کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی ۔
ثانیہ مرزا نے مزید کہا کہ اپنے کیریئر سے مطمئن ہوں اور اپنے والدین اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔
یاد رہے کہ 36 سالہ ٹینس سٹار پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ان کا آخری گرینڈ سلام ہوگا۔
ثانیہ مرزا نے سال 2022 کے آخر میں ریٹائرمنٹ کا پلان کیا تھا لیکن اگست میں انجری کی وجہ سے وہ یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھیں۔
بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے سال 2005 میں کیریئر کا آغاز کیا ، آبائی شہر حیدرآباد ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تو وہ بھارت میں ڈبلیو ٹی اے سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون تھیں ، اس کے بعد وہ 2007 تک عالمی رینکنگ میں شامل رہیں جہاں ان کا نمبر 27 واں رہا۔
ٹینس اسٹار 2007 میں خواتین کی سرفہرست 30 خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہوئی تھیں ، اگلے چار برسوں تک ثانیہ کا شمار ٹینس کے 35 بہترین کھلاڑیوں میں شامل رہا لیکن کلائی اور گھٹنے کی انجریز نے ان کے سنگلز کیرئیر کا خاتمہ کیا ۔
ثانیہ مرزا نے کیرئیر میں 43 ڈبلیو ٹی اے اور 6 گرینڈ سلام ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں ، 2009سے 2016 کے درمیان انہوں نے تین ویمن ٹائٹلزاور تین مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتے ۔
ثانیہ نے 2015 میں ویمن ڈبلز رینکنگ میں عالمی نمبرایک ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔
ثانیہ مرزا کو ٹینس کے علاوہ ذاتی زندگی میں بھی کافی شہرت ملی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے ان کی شادی بھی شامل ہے، ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
وزیراعظم نے گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کا افتتاح کردیا
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج (جمعہ) کو مارگلہ ریلوے سٹیشن اسلام آباد پر گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کا افتتاح کیا ۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےاس موقع پر ٹرین میں سفری سہولیات کاجائزہ لیا ۔ اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیر اعظم کو ٹرین بارے بریفنگ دی ۔
جدید سہولیات سے آراستہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین اسلام آباد سے کراچی براستہ پاکستان ریلویز مین لائن ون پیسنجر سروس مہیا کرے گی ، یہ ٹرین راولپنڈی، چکلالہ ،لاہور ، خانیوال ، بہاولپور، روہڑی ، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ ریلوے سٹیشنز پر رکے گی۔
پرویز الٰہی کا فواد چودھری کے بھائی سے ٹیلیفونک رابطہ، اہلخانہ سے معذرت
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ فواد چودھری اور ان کے خاندان سے برسوں پر محیط نہایت احترام و عقیدت کا رشتہ ہے، کل کے نادانستہ بیان سے فواد چودھری اور اہلخانہ کے جذبات مجروع ہوئے جس پر افسوس ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے فواد چودھری کے بھائی فیصل فرید ایڈووکیٹ سے ٹیلی فون رابطہ کیا، اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے گرفتاری کے حوالے سے بیان پر فواد چودھری کے اہلِ خانہ سے معذرت کی اور کہا کہ ان کی گرفتاری و جھوٹے پرچے کا اندراج سفاکیت، نہایت قابلِ مذمت ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپنے بیان پر معذرت کرتا ہوں، فواد چودھری اور اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
اس موقع پر فیصل فرید ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ چودھری صاحب معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے، آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں، آپ بڑے ہیں، میں اور میرا خاندان آپ کو اپنا بزرگ سمجھتے اور نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم بطور خاندان آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کی سلامتی کیلئے دعاگو ہیں۔
پنجاب کی نگران کابینہ کے 8 وزراء کو قلمدان سونپے جانے کا نوٹیفکیشن جاری
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی نگران کابینہ کے 8 وزراء کو قلمدان سونپ دیئے گئے۔
نگران صوبائی حکومت نے وزراء کو قلمدان سونپے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس کے مطابق بلال افضل کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا قلمدان دیا گیا ہے۔
ایس ایم تنویر کو انرجی، انڈسٹری اینڈ کامرس، ڈاکٹر جاوید اکرم سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے۔
اس کے علاوہ ابراہیم مراد لوکل گورنمنٹ، ڈاکٹرجمال ناصر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، اظفرعلی محکمہ اوقاف، زکوۃ و عشر اور منصور قادر محکمہ ہائر ایجوکیشن اینڈ سکولز کے وزیر ہوں گے۔
عارف علوی صدر کے عہدے کا جواز کھوبیٹھے ہیں: نیئر بخاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے کہا ہے کہ عارف علوی صدر کے عہدے کا جواز کھو بیٹھے ہیں، عارف علوی ریاست کے سربراہ ہیں لیکن حاضریاں زمان پارک میں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی کے ماورائے اقدام کو سپریم کورٹ نے ختم کر کے اسمبلی بحال کی وہ اب صدر کے عہدے کا جواز کھو بیٹھے ہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات کھلے دل سے ہوتے ہیں مشروط نہیں ہوتے،عمرانی سوچ کے تحت مقصد حکمرانی اور اقتدار میں بیٹھنا ہو تو معاملات نہیں چلتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے باوجود عارف علوی نے اسمبلی توڑی، عمران دور کی عوام کو دی گئی تکالیف اور مشکلات کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے، مستقبل کو مد نظر رکھ کر انتخابات کا لائحہ عمل بنائیں گے۔
فواد چودھری سے متعلق پرویز الٰہی کے بیان پر اہلیہ کا ردعمل
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے فواد چودھری سے متعلق بیان پر پی ٹی آئی رہنما کی اہلیہ حبا کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چودھری پرویز الٰہی کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ فواد چودھری سے متعلق نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ اگر فواد چودھری کو ایک ماہ پہلے گرفتار کر لیا جاتا تو اسمبلی نہ ٹوٹتی۔
فواد چودھری سے متعلق سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر فواد چودھری کی اہلیہ حبا کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کو بھی ان کی 5 سالہ وزارت اعلیٰ سے پہلے 2002 میں گرفتار کر لیا جاتا تو آج پنجاب کا حال وہ نہ ہوتا جو ہے۔
خیال رہے کہ بعد ازاں چودھری پرویز الٰہی نے فواد چودھری سے متعلق اپنے بیان پر معذرت بھی کر لی تھی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے فواد چودھری کے خاندان کے ساتھ اچھے روابط ہیں۔
شیخ رشید نے بھی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کو چیلنج کر دیا
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے بھی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔
شیخ رشید نے سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی، درخواست میں محسن نقوی کی تقرری کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں شیخ رشید نے موقف اپنایا کہ محسن نقوی اپوزیشن مخالف اور حکومتی مددگار کے طور پر سامنے آئے، وہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے آپریشن کے اہم کردار ہیں، ان کی موجودگی میں پنجاب میں صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔
درخواست میں وفاقی سیکرٹری قانون، محسن نقوی، سیکرٹری قانون پنجاب اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
فواد چودھری کی عدالت پیشی پر ان کی اہلیہ کی پولیس سے تکرار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ان کی اہلیہ حبا چودھری کی پولیس سے تکرار ہوگئی۔
فواد چودھری کو ہتھکڑی لگا کر اور ان کے اوپر چادر ڈال کر عدالت پیش کرنے پر ان کی اہلیہ حبا چودھری نے اہلکاروں سے تکرار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خاوند کے اوپر چادر نہ ڈالی جائے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خاوند کو مزید ریمانڈ پر بھیجا گیا تو ہم احتجاج کریں گے، فواد کو جیل بھیجا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔
میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حبا چودھری کا کہنا تھا کہ فواد پر تشدد کا علم نہیں، ان کے منہ پر کپڑا اور ہتھکڑیاں لگا کر نہیں لانا چاہیے، فواد چودھری کیا دہشتگرد ہے کہ اس طرح پیش کیا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔
تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کام سے روکنے کی استدعا کی گئی، پی ٹی آئی نے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹی فکیشن بھی چیلنج کر دیا ہے۔
درخواست میں پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ محسن نقوی کو بطور وزیر اعلیٰ پنجاب جانبدار قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن کے ممبر بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی اور محسن نقوی کا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تعیناتی کا نوٹی فکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے۔


















