اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیکیورٹی پر تعینات خیبر پختونخوا کی پولیس کو واپس لے لیا گیا ہے، عمران خان کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار رانا ثنا اللہ اور اسکی کٹھ پتلیاں ہوں گی۔
میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے، گزشتہ ماہ ایک ناکام قاتلانہ حملہ ہوا تھا، عمران خان کی جان کو خطرات لاحق ہیں، انہیں نقصان پہنچا تو ذمہ دار رانا ثنا اللہ اور اسکی کٹھ پتلیاں ہوں گی۔
عمران خان نے اپنے کسی بھی کارکن کو قانون توڑنے کے لیے کبھی نہیں اکسایا، ہم نے اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹ کے لیے پٹیشنز تیار کی ہیں، نگران حکومت کا مقصد الیکشن کرانا ہوتا ہے انتقامی سیاست کرنا نہیں، نگران وزیر اعلیٰ سے لے کر اسکی کابینہ تک سب کا مقصد الیکشن کروانا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین شکن پر آرٹیکل چھ لگتا ہے، یہ لوگ آئین شکنی کر رہے ہیں، ملک میں جس کی لاٹھی اسکی بھینس ہے۔
Monthly Archives: January 2023
لاپتہ افراد کے معاملے پر ’بڑوں‘ کیخلاف کارروائی کرنا ہوگا: سپریم کورٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر بڑوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
سپریم کورٹ میں کراچی کی رہائشی مہرین بلوچ کی بچیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے 5 سال سے بچیوں کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ پولیس کو ایک ماہ میں بچیوں کی بازیابی کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت چيف سيکرٹری سندھ نے بھی بچیوں کی عدم بازیابی کو پولیس کی ناکامی قرار ديتے ہوئے عدالت کو بتايا کہ اعلیٰ ترین سطح پر بازیابی کی کوشش کر رہے ہیں، جے آئی ٹی میں آئی بی کے ساتھ آئی ایس آئی اور ایم آئی اہلکاروں کو بھی شامل کیا ہے۔
چيف جسٹس عمر عطا بنديال نے ريمارکس ديئے کہ بااثر افراد نے نہ صرف بچیوں کے اغواء میں مدد کی بلکہ ملزم کو تحفظ بھی دیا، عدالت ریاستی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، اس لئے ازخود نوٹس کا اختیار استعمال نہيں کيا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بنیادی حقوق کا تحفظ کریں گے، سیاسی حالات میں آئینی ادارے صرف آئین و قانون کے مطابق کام کریں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ريمارکس ديئے لاپتہ افراد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوتی تو آج یہ کیس نہ سننا پڑتا، کسی کو تو جوابدہ ہونا ہی پڑے گا، نام بتائیں کون ذمہ دار ہے اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔
ايڈيشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف کارروائی کرنا اچھا عمل نہیں ہوگا۔
جسٹس عائشہ ملک نے کہا کیا ایک شخص اتنا مضبوط ہے کہ پورے سسٹم کو ناکام بنا دیا ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ريمارکس ديئے تسلیم کریں کہ انتظامیہ میں اہلیت ہی نہیں کہ شہریوں کی حفاظت کر سکے، پانچ سال سے بچیاں غائب ہیں کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، لاپتہ افراد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوتی تو آج یہ کیس نہ سننا پڑتا، لاپتہ افراد کے معاملے پر بڑوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
عدالت نے سندھ پولیس کو ایک ماہ میں بچیوں کی بازیابی کا حکم ديتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور علی ترین کو کلین چٹ دے دی
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا، ایف آئی اے نے باقاعدہ طور پر جہانگر ترین کا مقدمہ داخل دفتر کر دیا۔
لاہور کی ضلع کچہری عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی، تفتیشی افسر نے عدالت میں اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ انکوائری میں منی لانڈرنگ کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش کے مطابق یہ انویسٹمنٹ کا کیس ہے جس کے لیے سول کورٹ کا فورم موجود ہے، تمام تر ٹرانزیکشن ایس ای سی پی کے قانون کے مطابق ہوئی ہیں، جہانگیر ترین اور علی ترین پر لگائے گئے الزمات درست نہیں۔
تفتیشی کے مطابق ملزمان نے تمام رقوم کی لین دین کے متعلق دستاویزی ثبوت فراہم کئے گٸے ہیں، موجودہ کیس میں ڈالر کی شکل میں ٹرانزیکشنز کے بھی کوئی شواہد نہیں ملے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور نے جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف مقدمہ خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کا عدالتی احکامات کے بعد باقاعدہ طور پر جہانگر ترین کا مقدمہ داخل دفتر کر دیا جائے۔
تفتیشی افسر کی رپورٹ کے بعد عدالت نے حکم دیا کہ آئی او کی رپورٹ کو دیکھتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف ایف آئی آر کینسل کرنے کا حکم دیتی ہے۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین پر 2 ارب سے زیادہ کی منی لانڈرنگ کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پاکستان اس وقت گزشتہ پانچ سال کی کوتاہی بھگت رہا ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت گزشتہ 5سال کی کوتاہی بھگت رہا ہے ، کوشش ہے کہ حالات بہتر کرسکیں۔
اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گرین لائن کا خاتمہ ہوچکا تھا ، وزیر ریلوے نے دوبارہ اس کا آغاز کیا ، ریلوے کا محکمہ جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کو بے پناہ چیلنجز ملے ہیں ، ہمارے دورمیں مہنگائی کی شرح کم تھی، ہم 2016میں دنیا کی 24ویں بہترین معیشت بن چکے تھے لیکن آج پاکستان کی معیشت دنیا میں 47ویں نمبر پر آگئی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو تباہ کرنے والوں کا محاسبہ انتہائی ضروری ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں رہنے کے لیے قائم کیا ہے ، یہ واحد ملک ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا اگر اللہ نے پاکستان بنایا ہے تو اس کی حفاظت ، ترقی اور خوشحالی بھی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے ، بطور قوم ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی۔
فواد چودھری کی ضمانت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کی ضمانت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں فواد چودھری کے وکلا نے ان کی ضمانت بعد از گرفتار ی دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چودھری پرجھوٹے الزامات لگائے گئے اور انہیں مقدمے میں غلط نامزد کیا گیا۔
درخواست میں فواد چوہدری کی ضمانت کی استدعا کی گئی ہے۔
بعد ازاں سیشن جج طاہر محمود نے درخواست ضمانت کی سماعت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا جس میں سیشن جج نے کہا کہ تھانہ کوہسارکے متعلقہ مجسٹریٹ وقاص احمد درخواست پر سماعت کریں گے۔
سیشن جج کے فیصلے پر جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد نے کہا کہ یہ درخواست ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی لہٰذا وہ اس پر سماعت نہیں کرسکتے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے انکار پر سیشن جج طاہر محمود نے درخواست ضمانت سننے کے لیے ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی کوبھجوادی۔
ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے فواد چودھری کی درخواست ضمانت پر مختصر سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے اقدام کوتحریک انصاف نے چیلنج کردیا
لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے اقدام کو تحریک انصاف نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے ، درخواست میں گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے ، آئین کے تحت اسمبلی تحلیل ہونے کے فوری بعد گورنر نے الیکشن کا اعلان کرنا ہے۔
تحریک انصاف نے دائر درخواست میں کہا ہے کہ گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے ، دس دن سے زائد کا وقت گزر چکا ہے اور گورنر پنجاب کی جانب سے تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ، گورنر اپنے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔
تحریک انصاف نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے گورنر کو ہدایات جاری کرے ۔
آئی ایم ایف سے معاہدہ رواں ماہ ہی ہوجائے گا، وزیر اعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ رواں ماہ ہی ہوجائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن ٹرین کی بنیاد نواز شریف نے رکھی تھی اور چینی کمپنی نے گرین لائن کے لیے کام کیا۔ گرین لائن پراجیکٹ ماضی کے دیگر منصوبوں کی طرح دم توڑ گئے تھے لیکن آج گرین لائن ٹرین میں سہولیات کا جائزہ لیا جہاں ٹرین میں جدید سہولتیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کا دورہ کیا تو قیادت نے گرم جوشی سے استقبال کیا اور گزشتہ 4 سال میں ملک کے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچا تاہم اب برف پگھل رہی ہے اور ہم حالات کو بہتری کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج ملک اس دوراہے پر کھڑا ہے کہ ہم ایک ایک پائی بچا رہے ہیں اور قومیں وہی آگے بڑھتی ہیں جو مشکلات کو عبور کرتی ہے۔ امپورٹ میں کس کو فوقیت ہونی چاہیے ہم نے اس کی فہرست بنائی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ رواں ماہ ہی ہو جائے گا اور آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوتے ہی ہم مشکلات سے باہر نکل آئیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اداروں کو آوٹ سورس کرنا ہو گا۔ ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی تاہم اتحادی حکومت ملک کو اس مشکل سے نکالنے کے لیے پرعزم ہے اور مجھے یقین ہے ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ریلوے کو مشکلات کا سامنا ہے اور ریلوے سمیت دیگر ادارے الزامات کا شکار ہوئے۔
شیخ رشید سی وی لے کر گھوم رہے ہیں، شرجیل میمن
کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شیخ رشید سی وی لے کر گھوم رہے ہیں، پی ڈی ایم نے نوکری پر رکھنے سے جواب دے دیا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سابق صدر آصف علی زرداری پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سیاسی بے یتیمی اور سیاسی بے روزگاری کا شکار ہو چکے ہیں وہ سی وی لے کر گھوم رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے شیخ رشید کو نوکری پر رکھنے سے جواب دے دیا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شیخ رشید لال حویلی سے بے دخل ہونے سے بچنے کے لیےالزامات لگا رہے ہیں جبکہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر مشکل حالات میں ملک کو بچایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کے حواریوں کا دھرنے اور احتجاج کرنا مقدر بن گیا ہے۔ غیر سیاسی لوگوں کو مصنوعی طریقے سے قوم پر مسلط کیا گیا تھا اور ان کو پتہ ہے کہ سہاروں کے بغیر یہ یونین کونسل کا الیکشن نہیں جیت سکتے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محسن نقوی کا انتخاب الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق کیا ہے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی گرفتاری کا جشن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں ان کی مرضی کے لوگ لگائے جائیں اور عمران خان گرفتاری کے خوف سے زمان پارک کے بل میں چھپے ہوئے ہیں۔ لوگوں کا باہر اجتماع جمع کر کے عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ مقدمات سے بچ جائیں گے۔
پاس ہونے کےلئے اب کتنے نمبر لینا ہوں گے؟
لاہور: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے پاسنگ مارکس کی شر ح بڑھا دی گئی ہے۔
میٹرک اور انٹرمیڈیٹ لیول کے امتحانات میں کامیابی کے لیے پاسنگ مارکس کی شرح بڑھا دی گئی ہے، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں کامیابی کے لیے پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیئے گئے ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ کسی بھی مضمون میں 100 میں سے 40 نمبر لینے کے بعد کامیاب تصور ہوں گے۔
لاہورایئرپورٹ : قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری 9سال بعدگرفتار
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب 9 سال سے اشتہاری ملزم کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق اے کیٹیگری اشتہاری ملزم سفارش علی خان کو تھانہ سرور روڈ کی چوکی ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار کیا۔
ایس پی کینٹ ڈاکٹر رضا تنویر نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزم قتل، اقدام قتل کے مقدمہ میں 9 سال سے پشاور پولیس کو مطلوب تھا، ملزم بیرون ملائیشیا سے ملک واپس آیا تو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
6 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والی ثانیہ مرزا کا کیرئیر اختتام پذیر
لاہور : (ویب ڈیسک) ٹینس کے 6 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والی بھارتی سٹار ثانیہ مرزا کا کیرئیر اپنے اختتام کو پہنچا ، 36سالہ کھلاڑی نے گزشتہ روز اپنا آخری ٹورنامنٹ کھیل کر ٹینس کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا ۔
ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھارت کی پہلی خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے 6گرینڈ سلام جیتنے کا اعزاز حاصل کررکھا ہے ۔
36 سالہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے 2002 کے ایشین گیمز میں 15 سال کی عمر میں اپنا پہلا سینئر ٹائٹل حاصل کیا، سال 2005 میں باقاعدہ کیریئر کا آغاز کیا ، آبائی شہر حیدرآباد ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تو وہ بھارت میں ڈبلیو ٹی اے سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون تھیں ، اس کے بعد وہ 2007 تک عالمی رینکنگ میں شامل رہیں جہاں ان کا نمبر 27 واں رہا۔
ٹینس اسٹار 2007 میں خواتین کی سرفہرست 30 خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہوئی تھیں ، ثانیہ نے 2015 میں ویمن ڈبلز رینکنگ میں عالمی نمبرایک ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔
مجموعی طور پر ثانیہ مرزا نے 43 ڈبلیو ٹی اے اور 6 گرینڈ سلام ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں ، 2009سے 2016 کے درمیان انہوں نے تین ویمن ٹائٹلزاور تین مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتے ۔
2009آسٹریلین اوپن ۔ مکسڈ ڈبلز
2009 کے آسٹریلین اوپن میں ثانیہ مرزا نے مہیش بھوپتی کے ساتھ مل کر پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل مکسڈ ڈبلز جیتا ۔ ثانیہ کی عمر اس وقت 26 برس تھی ، بھارتی ٹینس جوڑی نے فائنل میں اسرائیل کے اینڈی رام اور فرانس کی ناتھالی ڈیچی کو 6-3، 6-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
2012 فرنچ اوپن مکسڈ ڈبلز
ثانیہ مرزا نے دوسرا بڑا ٹائٹل بھی ہم وطن مہیش بھوپتی کے ساتھ فرنچ اوپن میں مکسڈ ڈبلز میں حاصل کیا ۔
2014 یوایس اوپن مکسڈ ڈبلز
ثانیہ مرزا نے تیسرا گرینڈ سلام مکسڈ ڈبلز ٹائٹل 2014 یو ایس اوپن میں برازیل کے برونو سواریز کے ساتھ جیتا ۔
2015 ومبلڈن ۔ ویمنز ڈبلز
ثانیہ مرزا اور سوئس کھلاڑی مارٹینا ہنگس کی جوڑی کو اکثر سینٹینا بھی کہا جاتا ہے ، سال 2015 ومبلڈن میں خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں دونوں خواتین ٹاپ پر تھیں ، دونوں نے فائنل تک پہنچنے کے لیے ٹورنامنٹ میں ایک بھی سیٹ نہیں چھوڑا ۔
ثانیہ نے خواتین کے ڈبلز میجر جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔
2015 یوایس اوپن ویمنز ڈبل
سینیٹا کی شاندار فارم اگلے گرینڈ سلیم میں 2015 میں بھی جاری رہی جہاں دونوں نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔ اس بار فائنل میں ٹاپ سیڈ ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے آسٹریلیا کی کیسی ڈیلاکوا اور قازقستان کی یاروسلاوا شیڈووا کو 6-3، 6-3 سے شکست دے کر یوایس اوپن کا تاج پہنا ۔
2016 آسٹریلین اوپن ویمنز ڈبلز
ثانیہ مرزا نے اپنا آخری گرینڈ سلیم 2016 آسٹریلین اوپن میں جیتا ، مارٹینا ہنگس کے ساتھ یہ ان کی مسلسل تیسری جیت تھی، میلبورن میں ٹاپ سیڈ انڈو امریکن جوڑی نے فائنل میں چیک جوڑی اینڈریا ہلواکووا اور لوسی ہراڈیکا کو 7(7)- 6(1)، 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔
2023 میں ہونیوالے آسٹریلین اوپن ڈبلز کے فائنل میچ میں بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا ایک اور اعزاز جیتنےکا خواب ادھورا رہ گیا ، انہیں ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپنا کے ساتھ برازیلین جوڑی نے شکست دی ۔
ثانیہ مرزا گرینڈ سلام کے علاوہ کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز میں بھی بے شمار کامیابیاں سمیٹ چکی ہیں ، انہوں نےکامن ویلتھ گیمز 2010 سنگلز میں چاندی اور ڈبلز میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا جبکہ ایشین گیمز میں وہ مجموعی طور پر سات میڈلز اپنے نام کرچکی ہیں ۔
ثانیہ کا شمار ٹینس کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل رہا ہے لیکن کلائی اور گھٹنے کی انجریز نے ان کے کیرئیر کو محدود کردیا۔
گزشتہ برس ٹینس سٹار نے اعلان کیا تھا کہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ان کا آخری گرینڈ سلام ہوگا ۔
ثانیہ مرزا کو برطانوی نشریاتی ادارے نے 2015 میں دنیا کی 100 سب سے متاثر کن خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے ۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے برائن لارا کو اہم ذمہ داری سونپ دی
ویسٹ انڈیز: (ویب ڈیسک) کرکٹ ویسٹ انڈیز نے لیجنڈ بلے باز اور سابق کپتان برائن لارا کو اہم ذمے داری سونپ دی ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کرکٹ ویسٹ انڈیز نے برائن لارا کو پرفارمنس مینٹور مقرر کردیا ہے ، برائن لارا نے کرکٹ ویسٹ انڈیز کی معاونت کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق برائن لارا تمام فارمیٹس میں ٹیم کے ساتھ پرفارمنس مینٹور ہوں گے اور وہ اکیڈمی میں بھی اپنی تجاویز بھی دیں گے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق برائن لارا کی پہلی اسائنمنٹ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ اسکواڈ کے ساتھ ہوگی ۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 فروری کو بلاویو میں شروع ہوگا، برائن لارا زمبابوے میں ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کرچکے ہیں۔
اپنے ملک کیلئے کھیلنا ہماری بڑی خواہش ہے : افغان خواتین کرکٹرز
لندن : (ویب ڈیسک) افغانستان کی خواتین کرکٹرز کا کہنا ہے کہ 18 ماہ قبل ملک چھوڑنے کے بعد سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، اپنے ملک کے لیے کرکٹ کھیلنا ہماری بڑی خواہش ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان ویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں نے کہا کہ افغان حکومت کی جانب سے خواتین پر پابندیوں کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے دستبرداری کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار مینز ٹیم کے میچز منسوخ کیے گئے ہیں جس کے بعد وہ محسوس کر سکتے ہیں کہ پابندیوں کی وجہ سے ہمارے کیا جذبات ہیں، جب دنیا دیکھتی ہے کہ آسٹریلیا جیسا ملک افغانستان کے خلاف نہیں کھیلنا چاہتا تو اس سے فرق پڑتا ہے۔
افغان کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی فیروزہ افغان نے سوال اٹھایا کہ خواتین 2010 سے افغانستان میں کرکٹ کھیل رہی ہیں، آئی سی سی نے ہمیں چیک کرنے کے لیے کسی کو کیوں نہیں بھیجا۔
خدیجہ بی بی نامی کھلاڑی نے کہا کہ ہمیں افغان کرکٹ بورڈ (اے سی بی ) اور آئی سی سی کی حمایت کی ضرورت ہے، اپنے ملک کے لیے کرکٹ کھیلنا ہماری بڑی خواہش ہے۔


















