اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نے خواتین کی زیر قیادت غیر منافع بخش ٹیک اسٹارٹ اپ کے اشتراک سے اسلام آباد میں ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کے گریجوئٹس کے اعزاز میں تقریب کانعقادکیا۔ مارچ2022میں شروع کئے گئے اس پروگرام میں 80شہروں کی 5ہزار سے زائد خواتین کو تربیت دی گئی،جو اس پروگرام کے آغاز کے وقت مقرر کردہ ہدف کو پورا کرتی ہے۔
L’Oréal Fund for Womenاور CIRCLE خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشی طور پر خود مختار بننے اور معیشت میں ایک محرک قوت بننے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرکے موجود ہ صنفی تفاوت کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اسلام آباد میں مہمان اعزازی، وزیر اعظم پاکستان کی اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ جناب سلمان صوفی کی سربراہی میں منعقد ہ تقریب میں ان مثالی خواتین کو سراہے جانے پر توجہ مرکوز کی گئی جو ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کے تحت نئی مہارتوں کو اپنا کر اپنے مستقبل کی ذمہ داری سنبھال رہی ہیں، جوانہیں اس قابل بنا کر ڈیجیٹل اسپیس پر پہنچنے کے ساتھ، لازمی مہارتیں سیکھنے اور آن لائن معیشت میں حصہ لینے کے قابل بنائے گی۔
اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کی اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ جناب سلمان صوفی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ”خواتین کو با اختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے،وزیر اعظم آفس میں ہم مستقل طور پر ایسی اصلاحات متعارف کرانے کی کوشش کرتے ہیں،جو مالیاتی استحکام کی مضبوطی کے ساتھ خواتین کو با اختیار بنانے میں مدد فراہم کرسکیں۔“پاکستان میں خواتین ملک کی مجموعی آبادی کا 51فیصد ہیں،لیکن پھر بھی اپنی برادریوں میں ان کا انحصار مردوں پر ہی ہے،اس لئے یہ انتہائی اہم ہے کہ ایسے منصوبے اور پلیٹ فارم متعارف کرائے جائیں،جومالی طور پر اور بااختیار بنانے کے اقدامات کے ذریعہ آذادی کو فروغ دیں،میں L’Oréal Paris Pakistan اور
CIRCLE کو ایسے پلیٹ فار م کی فراہمی اوراس طرح کے اہم اقدام پر سراہتا ہوں،جس نے نہ صرف ہزاروں خواتین کو ڈیجیٹل مہارت کی تربیت فراہم کی ہے بلکہ یہ زندگیوں اور کمیونٹیز میں بدلاؤ بھی لارہا ہے۔“
فرانس کے سفیر Nicolas Galey نے کہا کہ ”یہ ایک انتہائی اہم موقع ہے اور میں خاص طور پر اس انتہائی پرجوش اور جامع سماجی و ماحولیاتی ذمہ داری کی پالیسی پر L’Oréalکا شکریہ ادا کرتا ہوں،میں L’Oréalکی جانب سے یو این ایچ سی آر کو سیلاب متاثرین کیلئے فراہم کی جانے والی ہنگامی امداد کو نہیں بھولا،ہمارا پختہ نظریہ ہے کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کی مکمل شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا،صنفی مساوات بلاشبہ انسانی حقوق اور بنیادی انصاف کا معاملہ ہے،لیکن ترقی کیلئے ایک اہم عنصر بھی ہے۔فرانس اس مقصد کیلئے پرعزم ہے،اور میں سمجھتا ہوں کہ اس میں نجی شعبہ کا کردار اس قدر ہی اہم ہے،جس قدر کہ حکومت کا،مجھے خوشی اور فخر ہے کہ L’Oréal نے یہ قدماٹھانے میں پہل کی،جو خواتین کو با اختیار بنانے میں بہت بڑا تعاون ہے۔“
L’Oréal Pakistanکے کنٹری منیجر قومی نصیر نے کہا کہ”وہ ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کی کامیابی اور اس میں حصہ لینے والی تمام خواتین کی زندگیوں پر اس کے اثرات سے بہت متاثر ہیں،L’Oréal Fund for Women اور CIRCLEکا مقصد 2022کے اختتام تک5ہزار خواتین کو تعلیم دینا تھا،اور یہ مقصد اب پورا ہوچکاہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن میں حصہ ڈالنے پر ہمیں فخر ہے۔ یہ ہمارے گریجوئٹس کی کامیابی کا جشن منانے کا موقع ہے،اور اس بات کی روشن مثال ہے کہ محنت اور لگن سے کیا کچھ نہیں حاصل کیا جاسکتا۔“
CIRCLEکی بانی صدف عابد کا کہنا تھا کہ ”آج کی دنیا میں، انٹرنیٹ تک رسائی اور ڈیجیٹل لٹریسی ایک بنیادی انسانی حق ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کے گریجویٹس نے ڈیجیٹل ٹولز سیکھے ہیں، کاروبار کو ترتیب دیا ہے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں فعال شراکت دار بن گئے ہیں،ان خواتین کو سخت معاشی منظر نامے کی وجہ سے بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، لیکن انہوں نے نئی مہارتیں سیکھنے اور اپنے خاندانوں کی معاشی بہبود کے لیے ہمت اور لچک کا مظاہرہ کیا۔“
ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کو ابتدائی طور پر 2020 میں اقوام متحدہ کی خواتین کے تعاون سے وبائی مرض کے تحت ڈیزائن اور پائلٹ کیا گیا تھا اور 500 کم آمدنی والی خواتین کو گھریلو کاروبار کے ساتھ تربیت دی گئی تھی۔L’Oréal Fund for Women اور CIRCLEکے درمیان شراکت داری میں اقوام متحدہ کے متعین کردہ متعدد پائیدار ترقی کے اہداف(SDG’s) کا احاطہ کیا گیا ہے،خاص طور پر SDG 5(صنفی مساوات)،SDG 8(بشمول اقتصادی ترقی) اورSDG 17(شراکت داری)۔
Monthly Archives: January 2023
چڑیا گھر سے تیندوے کے فرار اور گدھ کی ہلاکت، تفتیشی معاونت پر 10 ہزار ڈالر انعام
ڈیلاس: (ویب ڈیسک) ڈیلس کے سب سے بڑے چڑیا گھر میں چند دنوں میں دو نایاب ترین جانوروں کو شعوری طور پر ہلاک کرنے یا فرار کروانے کی کوشش کی گئی ہے جسے مشکوک قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں مدد کرنے والے کو 10 ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔
چڑیا گھر میں پہلے تیندوا اپنے جنگلے سے بھاگ نکلا اور اس کے بعد ایک گدھ ہلاک ہوا ہے جس کے بعد اب وہاں مزید کیمرے لگائے گئے ہیں اور عملے کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ دونوں نے ہی اس معاملے کو مشکوک قرار دیا ہے۔ عملہ اس پر بہت دل شکستہ ہے کیونکہ ماہرین کا خیال ہے کہ ’جن حالات میں گدھ کی موت ہوئی ہے وہ کسی بھی طرح طبعی یا معمول کے تحت نہیں ہوئی ہے۔‘
سب سے پہلے 13 جنوری کو نووا نامی بادل نما (کلاؤڈیڈ) تندوا اپنے پنجرے کی جالی دار باڑ سے باہر نکل گیا۔ پولیس کے مطابق اس کی باڑ کو کسی آلے سے کاٹا گیا تھا۔ تاہم ایک گھنٹے بعد تیندوے کو کسی چوٹ کے بغیر تلاش کرلیا گیا اور اسے دوبارہ پنجرے تک لے جایا گیا۔
پھر لنگور کے بنچرے کو بھی کاٹا گیا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانور وہاں سے باہر نہیں نکلا۔ اس کے بعد ہفتے کے روز ایک نایاب گدھ، ’پن اپنے پنجرے میں مردہ پایا گیا جبکہ اسی پنجرے میں دیگر تین گدھ درست حالت میں تھے۔
اسی روز چڑیا گھر کی انتظامیہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کچھ نہ کچھ غیرمعمولی اور مشکوک ہیں اور اس ضمن میں مدد کرنے والے کےلیے 10 ہزار ڈالرانعام کا اعلان کیا گیا ہے جو پاکستانی روپوں میں 23 لاکھ روپے کی رقم بنتی ہے۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اپنی ہرممکن تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔
چیونٹیاں مریضوں میں کینسر کی تشخیص کر سکتی ہیں، تحقیق
پیرس: (ویب ڈیسک) سائنس دانوں کو ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ چونٹیاں پیشاب کو سونگھ کر کینسر کی نشان دہی کر سکتی ہیں۔
ماضی کی تحقیقوں میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ مختلف اقسام کے کینسر پیشاب کی بو کو بدل دیتے ہیں لیکن ماہرین کے سامنے یہ بات پہلی بار آئی ہے کہ چینٹیوں میں کینسر تشخیص کرنے کی یہ صلاحیت موجود ہے۔
جرنل پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی بی: بائیولوجیکل سائنسز میں شائع ہونے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے بتایا کہ چیٹیوں کو مریضوں میں کینسر کی تشخیص کے لیے سستے طریقے کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فرانس کی سوربان پیرس نورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر اور تحقیق کی مصنفہ پیٹریزیا ڈیٹورے نے بتایا کہ چیونٹیوں کو صحت مند افراد اور کینسر کے مریضوں کے درمیان فرق کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان کی تربیت کرنا آسان ہے، یہ تیزی سے سیکھتی ہیں، بہت کارآمد ہوتی ہیں اور ان کو رکھنا مہنگا نہیں ہوتا۔
یہ تحقیق پروفیسر ڈیٹورے اور ان کے ساتھیوں کی گزشتہ تحقیق پر مبنی ہے جس میں دیکھا گیا تھا کہ چیونٹیاں لیب میں بنائے گئے کینسر کے خلیوں کو سونگھنےکی صلاحیت رکھتی ہیں۔
حال میں کی جانے والی تحقیق میں محققین نے 70 چیونٹیوں کو کینسر کی رسولیوں اور بغیر کینسر والے چوہوں کا پیشاب سُنگھایا۔
تین تجربوں کے بعد چیونٹیوں میں یہ صلاحیت پیدا ہوگئی کہ وہ صحت مند چوہوں اور کینسر زدہ چوہوں کے درمیان فرق کر سکیں۔
یوٹیوب نے تعلیم مکمل کرنے کیلئے ’اسٹڈی ہال‘ کی سہولت دیدی
ایریزونا: (ویب ڈیسک) یوٹیوب نے بالخصوص امریکی طلبا و طالبات کو کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے لیے ’اسٹڈی ہال‘ کے نام سے ایک منظم پروگرام شروع کیا ہے، یوٹیوب ایپ میں موجود لاتعداد موضوعات پر اب کالج کریڈٹس حاصل کیے جا سکیں گے جس کے لیے کچھ فیس ادا کرنا ہوگی۔
یوٹیوب کے اس شعبے کو تعلیمی ماہرین نے ڈیزائن کیا ہے یعنی اسٹڈی ہال کی بدولت بیانیہ ویڈیو، کورس تفصیلات اور اس کے تمام ضروری اجزا شامل کئے گئے ہیں جو اصل کورس کو ظاہر کرتے ہیں، اس طرح طلبا و طالبات گھر بیٹھے آن لائن تعلیمی کریڈٹس حاصل کر سکیں گے۔
’اسٹڈی ہال ایک نیا طریقہ ہے جو کالج کی تعلیم آسان اور کم خرچ بنانے کے لیے وضع کیا گیا ہے، اس طرح سکول کی تعلیم کے بعد مؤثر طریقے سے سماجی اور معاشی بہتری کے لیے تعلیم مکمل کرنے میں مدد دے گی اور یوں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلیں گے اور رکاوٹیں دور ہوں گی۔ ان رکاوٹوں میں کالج کی مہنگی تعلیم اور رسائی شامل ہے۔
اسٹڈی ہال کا باقاعدہ آغاز 7 مارچ سے ہو گا جس کے بعد وہ کالج کریڈٹس منتقل کروا سکیں گے تاہم پہلے مرحلے میں ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے اساتذہ اور کلیات سے وابستہ افراد نے اپنے مضامین شامل کیے ہیں جن میں ریاضی، انگریزی کمپوزیشن، امریکی تاریخ اور انسانی روابط وغیرہ شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا بھر کے افراد اس کورس سے وابستہ ہوسکتے ہیں اور کسی کم ترین جی پی اے یا درخواست کی ضرورت نہیں، اگلے سال مزید 12 کورسز شامل کئے جائیں گے، اکثر کورس مفت کے ہیں لیکن کورس ورک کے لیے 25 ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔
سی ٹی ڈی کی کارروائی، پنجاب بھر سے 12 مبینہ دہشتگرد گرفتار
لاہور: (ویب ڈیسک) سی ٹی ڈی پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، فورس نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے 12 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے پنجاب بھر میں 48 کومبینگ آپریشن کئے گئے، گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ ، باروردی مواد اور دیگر ممنوعہ سامان بر آمد کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایک دہشت گرد کو لاہور مستی گیٹ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر دہشت گردوں کو روالپنڈی ، جہلم ، خوشاب اور مظفر گڑھ سے گرفتار کیا گیا ۔
کومبنگ آپریشن کے دوران 414 افراد سے بائیو میٹرک تصدیق کیساتھ ساتھ پوچھ گچھ کی گئی، حراست میں لیے جانے والے افراد کے خلاف سی ٹی ڈی کے تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے، مبینہ دہشت گردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اسلام آباد تا کراچی؛ جدید سہولتوں کی حامل گرین لائن ایکسپریس ٹرین کا افتتاح
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جدید سہولیات سے آراستہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کردیا۔
جدید سہولیات سے آراستہ یہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین اسلام آباد سے کراچی براستہ پاکستان ریلوے مین لائن۔ون پیسنجر سروس مہیا کرے گی۔ اس ٹرین کو چین سے آنے والی نئی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا۔
اسلام آباد سے کراچی تک چلنے والی گرین لائن راستے میں راولپنڈی، چکلالہ، لاہور، خانیوال، بہاولپور، روہڑی، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ اسٹیشنز پر رکے گی۔ گرین لائن میں فائیو اسٹار ہوٹل کی طرف سے ناشتہ، لنچ، ہائی ٹی، ڈنر اور انٹرنیٹ ٹکٹ کی قیمت ہی میں دیا جائے گا جبکہ اعلیٰ معیار کی بیڈنگ، یوٹیلیٹی کٹ اور ہاوٴس کیپنگ کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
گرین لائن کا ٹرن اراوٴنڈ ٹائم 22 گھنٹے رکھا گیا ہے، گرین لائن کراچی سے رات دس بجے چلا کرے گی، اگلی دوپہر سوا دو بجے لاہور پر اسٹاپ کرے گی اور رات سوا آٹھ مارگلہ پہنچے گی۔
اسی طرح مارگلہ سے کراچی جاتے وقت سفر کا آغاز سہ پہر تین بجے ہو گا، رات آٹھ بجے ٹرین لاہور رکے گی جبکہ اگلے روز دوپہر دو بج کر بیس منٹ پر کراچی پہنچے گی۔
سینیٹ؛ سویڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کیخلاف قرارداد متفقہ منظور
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سینیٹ کے اجلاس میں پیش کی گئی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
ایوان میں مذمتی قرارداد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ سینیٹ قرآن پاک کو جلانے، پھاڑنے اور بے حرمتی پر صدمے کا اظہار کرتا ہے۔ سینیٹ آف پاکستان ایسے شدت پسندوں اور جنونیوں پر سراپائے احتجاج ہے۔ اسلامو فوبیا پر مبنی نفرت انگیز، شیطانی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔
مذمتی قرارداد کے متن کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا اقدام بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے خلاف ایک سازش ہے۔ یورپ کے سفیر کو طلب کرکے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس افسوسناک واقعے پر او آئی سی ممالک کے ساتھ رابطہ کیا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں مسئلے کو اٹھایا جائے۔
مجھے مروانے کیلئے پلان سی بن گیا، زرداری نے دہشتگرد تنظیم کو پیسے دیے ہیں: عمران خان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے راستے سے ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں جس کے تحت پلان سی بن گیا ہے، آصف زرداری نے دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ہے، انہوں نے اب اگلی واردات کرنی ہے، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ ہے، جیسے ہی ٹھیک ہوا عوام میں نکلوں گا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میرے قتل کی نئی سازش کے پیچھے آصف زرداری ہے، پلان اے میں 4 لوگوں نے بند کمرے میں میرے قتل کی سازش تیار کی، پلان بی کے مطابق مجھے مذہبی انتہا پسندی کے نام پر قتل کروانا تھا، پلان بی اور پلان اے میں ناکامی کے بعد پلان سی بنایا گیا ہے، پلان سی میں 4 لوگوں کےعلاوہ آصف زرداری بھی شامل ہیں، آصف زرداری نے سندھ حکومت کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم کو دیا ہے، میرے خلاف سندھ حکومت کا لوٹا ہوا پیسہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو 4 لوگ مجھے قتل کروانا چاہتے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری بھی شامل ہے، قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو آپ کو پتا ہو کہ وہ لوگ کون ہیں، ان لوگوں کا مقصد ہے کسی طرح عمران خان کو راستے سے ہٹایا جائے، ان 4 لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جمہوریت، اداروں کی تباہی کا مقصد ان کی چوری چھپانا اور مجھے راستے سے ہٹانا ہے، ان کو خوف ہے کہ جنہوں نے سازش کی کہیں ان کا پتا نہ چل جائے، ساری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، یہ فیصلہ کن وقت ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بدحالی رجیم چینج کا نتیجہ ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کو ریلیف دینے کیلئے نہیں لایا گیا، مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی، بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافے سے نیا طوفان آئے گا، گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، ہر کوئی بے نقاب ہوگیا ہے، سیاست دان، صحافی سمیت اداروں میں لوگ بے نقاب ہوگئے ہیں، شہباز شریف، اسحاق ڈار کتنا بڑا جنیئس تھا سب کو پتا چل گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نگراں حکومت پاکستانی قوم اور آئین کی توہین ہے، آئین میں واضح ہے کہ 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، اگر الیکشن نہیں کروائیں گے تو سیدھا سیدھا آرٹیکل 6 لگتا ہے، یہ عوام سے ڈرے ہوئے ہیں اس لئے انہیں الیکشن، آئین اور رول آف لاء کی کوئی فکر نہیں، آج کہہ رہا ہوں جیسے ہی مشکل وقت آئے گا یہ بیرون ملک بھاگ جائیں گے،عدلیہ سے کہہ رہا ہوں کہ قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، اگر آپ ہمارے حقوق کا دفاع نہیں کریں گے تو پاکستان بنانا ری پبلک بن جائے گا، عوام کے لئے یہ فائنل حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام تیار رہیں، ملک کے مستقبل کو بچانےکے لئے عوام نے کھڑے ہونا ہے، انسانوں کے حقوق ہوتے ہیں جانوروں کے نہیں،اگر انہوں نے ہمارے اوپر ظلم کیا تو ہم سب کھڑے ہوں گے، دو ہفتوں تک ان شاء اللہ میری ٹانگ ٹھیک ہو جائے گی، جس کے بعد میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا، گھر بیٹھے بیٹھے آزادی نہیں ملتی، جب تک زندہ ہوں جو بھی مجھے غلام بنائے گا اس کے خلاف آخری سانس تک لڑوں گا، اگرعوام چپ کر کے بیٹھ گئے تو مزید ظلم بڑھتے جائیں گے، جہاد کا مطلب ہی انصاف کے لئے جدوجہد کرنا ہے، اللہ نے جہاد ہم سب پر فرض کیا ہے۔
کینیڈا : پہلی مرتبہ اسلاموفوبیا کے خلاف نمائندہ خصوصی کی تقرری
ٹورنٹو : (ویب ڈیسک) کینیڈین حکومت نے اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے پہلی بار خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین حکومت حالیہ برسوں میں ملک میں یکے بعد دیگرے مسلم کمیونٹیز کے ارکان کو نشانہ بنانے کے سلسلہ وار حملوں کے بعد نفرت اور امتیازی سلوک کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ اقدام اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔
اس حوالے سے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹرودو نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اسلاموفوبیا اور امتیازی سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اسلاموفوبیا سے مقابلہ کرنے اور بہتر مستقبل کی تشکیل کے لئے پہلی بار خصوصی نمائندے کے طور پر امیرہ الغوابی کی تقرری کی جارہی ہے ۔
کینیڈین وزیر اعظم نے امیرہ الغوابی کی تقرری کو ’اسلامو فوبیا اور اس کی تمام شکلوں میں نفرت کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم‘ قرار دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ امیرہ الغوابی ملک سے اسلاموفوبیا اور نفرت انگریز رویوں کو ختم کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔
جسٹن ٹروڈو نے اس اقدام کو ایک ایسے ملک کی تعمیر کی جانب اہم قدم قراردیا جہاں ہرکوئی بلا تفریق مذہب خود کو محفوظ اور قابل عزت محسوس کرسکے گا ۔
انسانی حقوق کی سرگرم کارکن امیرہ الغوابی کنیڈین ریس ریلیشن فاؤنڈیشن کی سربراہ ہیں اور ٹورنٹو سٹار اخبار کے لیے کالم بھی لکھتی ہیں۔ وہ اس سے قبل براڈکاسٹر ادارے کے ساتھ دس سال سے زائد عرصے تک کام بھی کر چکی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران کینیڈا میں مسلمانوں پر مسلسل حملے رپورٹ ہوئے ہیں ۔ جون 2021 میں ایک مسلمان خاندان کے چار افراد کو انٹاریو کے علاقے لندن میں ٹرک کے نیچے کچل کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
2021 کے حملوں کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے اسلاموفوبیا پر ہونے والے ایک اجلاس میں یہ عہدہ بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آفیشلز کااعلان ، پہلی بار تمام میچز خواتین سپروائز کرینگی
دوبئی : (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کی جانب سے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 13 میچ آفیشلز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں تمام خواتین شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام خواتین میچ آفیشلز ٹورنامنٹ سپروائز کریں گی۔
آئی سی سی کے مطابق 13 رکنی پینل میں 3 ریفریز اور 10 امپائرز شامل ہیں ، میچ ریفریز کا تعلق بھارت، جنوبی افریقا اور سری لنکا سے ہے۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی خواتین امپائرز کا تعلق انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بھارت سے ہے۔
اس سے قبل ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 میں آٹھ خواتین آفیشلز شامل تھیں، جبکہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نو خواتین شامل کی گئیں تھیں ۔
واضح رہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اگلے ماہ سے جنوبی افریقا میں شروع ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات
لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
گورنر ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں عام انتخابات کے شفاف اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان پہلی ترجیح ہے، پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے، پر امن ماحول ہر شہری کا حق ہے، نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی ذمہ داری ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران صوبہ بھر میں انتظامیہ غیر جانبداری سے اپنے فرائض سر انجام دے گی، الیکشن کمیشن کے فریم ورک میں آئینی کردار ادا کریں گے۔
ضمنی انتخابات: قومی اسمبلی کے 33 حلقوں کیلئے شیڈول جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی 33 خالی نشستوں پر الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہوگا جس کے لیے کاغذات نامزدگی 6 سے 8 فروری تک جمع کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شیڈول کا آغاز 3 فروری کو پبلک نوٹس جاری ہونے سے ہو گا ، ان 33 حلقوں میں کراچی کے 9، اسلام آباد کے تین اور راولپنڈی کے پانچ، لاہور اورملتان کے دو دو ، جبکہ کوئٹہ ، جہلم، بھکر اور ڈی جی خان کا ایک ایک جبکہ خیبرپختونخوا کے 8 حلقے شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار ان حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی چھ سے 8 فروری تک جمع کراسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9فروری کو ہوگی جبکہ الیکشن کمیشن 33حلقوں میں امیدواروں کو انتخابی نشانات 23فروری کو جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے اسپیکر کی جانب سے منظور کرلیے گئے ہیں ۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اس وقت صرف 2 ممبران قومی اسمبلی ہیں جن کے استعفے چھٹی کی درخواست کی وجہ سے منظور نہیں کیے گئے تھے ۔
2 دنوں میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے قرض بڑھ گیا، شوکت ترین
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ 2 دنوں میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے قرض بڑھ گیا ہے۔
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی نسبت روپے میں 24 روپے کی تنزلی ہوئی ہے اور ڈالر کے اوپر جانے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ 2 دنوں میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے کا قرض بڑھا چکے ہیں اور ابھی تک انہوں نے 11 سے 12 ٹریلین روپے کا قرض ملک پر چڑھا دیا ہے جبکہ پیٹرول سمیت جو چیز ان کے پلے پڑے گی یہ اس کی قیمت بڑھائیں گے۔
شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی کا ایک اور طوفان آنے والا ہے، اب کھانے پینے کی چیزیں اور بجلی کے نرخ بڑھیں گے اور آنے والے دنوں میں بیروزگاری میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مزید ٹیکسز لگائیں گے اور عوام پر مزید بوجھ ڈالیں گے۔ ہمارے دور میں 17 سالوں کے دوران سب سے زیادہ ترقی ہوئی اور 21 فیصد ٹیکس بڑھنے سے ہمارے ریوینیو میں اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی 4 فیصد پر تھی۔ ہمیں انہوں نے 40 مہینے دیئے اور ہم نے پرفارم کر کے دکھایا۔ اس گڑھے سے نکلنے کی بھی پلاننگ کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ ملک میں ہوشربا مہنگائی ہوگئی ہے اور یہ کہتے تھے کہ ڈالر 200 روپے سے نیچے آئے گا۔ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی شرح بلند ترین ہوئی ہے اور اب یہ پاکستان کی اکانومی کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ رہ گیا ہے۔ آئی ایم ایف سے جو معاہدہ ہو گا نہ جانے کیا کیا مہنگا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچے گا اور ان کو انتخابات میں جانا پڑے گا، اب نئے مینڈیٹ کے ساتھ حکومت بنے گی جو قابل قبول ہو گی۔ جیسی صورتحال پیدا کر دی گئی ہے اس کے بعد آئی ایم ایف کا کوئی مطالبہ رد کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ فواد چودھری کی دلیری اور سچ بولنے پر ان کو اٹھایا گیا لیکن کل فواد چودھری کو ضمانت مل جائے گی۔ پرویزالہٰی نے فواد چودھری کے حوالے سے نامناسب بیان دیا۔


















