لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو ہر محکمے کی طرف سے ریلیف ملتا نظر آنا چاہئے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے نگران صوبائی وزراء نے ملاقات کی، محسن نقوی نے صوبائی وزراء کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی عطا کردہ ذمہ داری کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دیا ہے۔
محسن نقوی نے نگران صوبائی وزرا کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت میں وہ کام کر کے جائیں کہ لوگ آپ کو یاد رکھیں، عوام کو ہر محکمے کی طرف سے ریلیف ملتا نظر آنا چاہیے۔
ملاقات کرنے والوں میں نگران صوبائی وزیرانرجی، انڈسٹریز، انویسٹمنٹ اینڈ سکل ڈویلپمنٹ ایس ایم تنویر، نگران صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، نگران صوبائی وزیرہائر ایجوکیشن اینڈ سکولزایجوکیشن منصور قادر شامل تھے۔
محسن نقوی سے ملاقات میں نگران صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ابراہیم مراد، نگران صوبائی وزیرتعمیرات و مواصلات و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال افضل اور نگران صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عامر میر بھی شامل تھے۔
Monthly Archives: January 2023
لائسنس کی تجدید میں مبینہ تاخیر؛ 5 کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن معطل
کراچی: (ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سالانہ لائسنس کی تجدید میں مبینہ تاخیر کے باعث ہوابازی سے وابستہ 5 تربیتی کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن میں خلل پڑگیا۔
ملک کی 5 ایوی ایشن کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن تیکنیکی وجوہات کی بنا پر سست روی کا شکار ہوگئے، کراچی، راولپنڈی اور پشاور کی ایک جب کہ لاہور کی 2 ایوی ایشن کمپنیز کا فلائٹ آپریشن التواء کا شکار ہوگیا۔
مذکورہ صورتحال ایئرو کلب کراچی، ایئر بورن ایوی ایشن لاہور، اسکیلڈ ایوی ایشن لاہور، راولپنڈی فلائنگ کلب اور پشاور فلائنگ کلب کے لائسنس کی تجدید نہ ہونے کے سبب پیدا ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سالانہ لائسنس تجدید کا عمل رکنے کی وجہ سے پانچوں ایوی ایشن کمپنیوں کے تربیتی جہازوں کو ایئربورن (اڑان بھرنے) کی اجازت نہیں مل رہی، تربیتی پروازیں رکنے کے سبب فلائنٹ کمپنیوں کو یومیہ بنیاد پر نقصان کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیاد پر لائسنس کی تجدید کے ساتھ مذکورہ معاملہ بلز میں کائبور کو شامل کرنے کے سبب پیدا ہوا۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ کچھ کمپنیز کے لائسنس کا تجدیدی عمل جاری ہے، تجدیدی عمل مکمل ہونے پر لائسنس جاری کردیئے جائیں گے، یہ کہنا درست نہیں کہ کسی کمپنی کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے، کائیبور چارجز پر بورڈ میٹنگ میں حتمی فیصلہ ہوگا۔
9 فلسطینیوں کی شہادت پر نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فورسز کا کریک ڈاؤن، متعدد زخمی
غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی شہادت پر نکالی جانے والی ریلی کے شرکا کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔
الجزیرہ کی رپپورٹ کے مطابق جینین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں جمعرات کو 9 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت پر غزہ میں شہریوں کی جانب سے پُرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے اس ریلی کے شرکا پر بھرپور طاقت کا استعمال کیا جس میں متعدد شہری زخمی ہوئے جبکہ ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج کی کارروائی کو سفاکیت اور بڑا انسانی سانحہ قرار دیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم کے عہدیدار نے بتایا کہ حنین میں نوجوانوں کی شہادت کے بعد فلسطینوں کا غم و غصہ بڑھا اور انہوں نے احتجاج کیا تو اسرائیلی فورسز نے غزہ میں ایمرجنسی نافذ کی اور اُن کے خلاف ’مجرمانہ کارروائی‘ کی۔
دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعے کو فلسطین کے مزاحمت کار گروپ کی جانب سے جمعے کے روز دو راکٹ فائر کیے گئے تھے جنہیں دفاعی سسٹم نے ہدف پر پہنچنے سے قبل ناکارہ بنا دیا گیا ہے اور پھر جوابی ردعمل میں حماس سمیت دیگر گروپوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اسلامی جہاد کے ترجمان خادر حبین نے کہا کہ ’مغربی علاقے میں اسرائیلی کارروائی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جس میں فلسطینی شہریوں کی شہادتیں ہوئیں مگر عالمی برادری اس معاملے میں غائب اور مکمل خاموش ہے جبکہ انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی ممالک کی جانب سے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں جب عالمی برادری اسرائیلی مظالم پر خاموش ہو تو ہمارے پاس مزاحمت کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔
دوسری جانب حماس کے ترجمان حزیم القسیم نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فورسز کی کارروائی جنگی جرم ہے مگر اسرائیل کو کوئی بھی ملک سزا نہیں دے گا اور نہ ہی اسرائیل ہمارے جذبہ آزادی کو کسی طرح ختم کرسکتا ہے۔
نیوزی لینڈ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، ایمرجنسی نافذ
ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اورتیز ہواؤں نے تباہی مچادی، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں طوفانی بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور ٹرانسپورٹ معطل ہوگئی۔
سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے مسافر ائیرپورٹ پر پھنس گئے،آکلینڈ میں 15 گھنٹوں میں 166 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بجلی اور مواصلات کا نظام بھی متاثرہوا، طوفانی ہواؤں اور بارش سے متعدد گھروں کو نقصان بھی پہنچا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی فورسز کا صومالیہ میں آپریشن، داعش کے سینئر رہنما سمیت 10 ارکان ہلاک
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی فورسز نے صومالیہ میں آپریشن کرکے داعش کے سینئر رہنما سمیت 10 ارکان کو ہلاک کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج نے صدر بائیڈن کے حکم پر شمالی صومالیہ میں ایک جارحانہ کارروائی کی جس میں صومالیہ تنظیم کے ایک رہنما بلال السوڈانی سمیت داعش کے متعدد ارکان کو مار دیا گیا ہے۔
آسٹن نے کہا کہ بلا ل السوڈانی افریقہ میں تنظیم کی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں اس کے آپریشنز کی مالی مدد میں اہم کردار ادا کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن میں کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا ، اس آپریشن سے اندرون اور بیرون ملک امریکیوں کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے امریکہ کے پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بھی صومالیہ میں امریکہ آپریشن کے دوران بلال السوڈانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی،عہدیدار نے کہا آپریشن میں داعش کے 10 ارکان مارے گئے ہیں۔
یہ کارروائی امریکی افریقی کمان کے اس اعلان کے چند دن بعد کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ صومالی دارالحکومت موغادیشو کے شمال مشرق میں گالکاڈکے تحفظ میں صومالی فوج کے ساتھ ملکر دفاعی کارروائی میں حصہ لیا ہے۔
قومی بلے باز محمد رضوان کے ہاں تیسری بیٹی کی پیدائش
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ہاں تیسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز نے رضوان کی جرسی جیسی چھوٹی جرسی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش کی اطلاع دی۔
ٹوئٹ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو ان کی فیملی میں ایک نئے اضافے پر مبارکباد دی گئی ،محمد رضوان نے سپورٹس منیجر طلحہ نے تصدیق کی رضوان کے ہاں تیسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے ہاں بیٹی کی پیدائش پر ان کے مداحوں کی جانب سے بھی محمد رضوان کو مبارکباد دی جارہی ہے۔
ویسٹ ایشیا بیس بال کپ، دوسرے میچ میں سری لنکا نے نیپال کو شکست دیدی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ویسٹ ایشیا بیس بال کپ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے نیپال کو شکست دیدی۔
سری لنکا نے نیپال کو صفر کے مقابلے میں 26 رنز سے شکست دی چار اننگز میں نیپال کی ٹیم کوئی سکور نہ کر سکی، سری لنکا نے چار اننگز میں 26 سکور کیے۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب بیس بال گراؤنڈ میں ہوئی جس میں چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل مہمان خصوصی تھے۔
نگران وزیراعلیٰ نے پنجاب فلم سنسر بورڈ کو تحلیل کر دیا
لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کے حکم پر سیکرٹری اطلاعات و نشریات سلوت سعید نے پنجاب فلم سنسر بورڈ کی تحلیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پنجاب فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین چودھری گل زمان عہدے سے فارغ ہوگئے ہیں، بورڈ کے ممبران آمنہ الفت، امہ عمارہ حکمت، عابد رشید بھی فارغ ہو گئے ہیں۔
مزید برآں پنجاب فلم سنسر بورڈ کے ممبران علی تنویر، ضیغم گوندل، جگن کاظم اور فاطمہ احمد خان کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔
سونے کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، فی تولہ 2 لاکھ سے متجاوز
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں ہزاروں روپے اضافہ ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 6 ڈالر گھٹ کر 1936 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعے کو فی تولہ قیمت میں 7 ہزار روپے جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار روپے کا اضافہ ہوا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 2 ہزار 500 روپے جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 73 ہزار 610 روپے ہوگئی۔
ایک ہفتے میں 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، ادارہ شماریات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں جس کے مطابق مہنگائی کی شرح 32.57 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.45 فیصد کا اضافہ ہوا، 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 136 روپے تک کا اضافہ ہوا، چاول کی فی کلو قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 33 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔
مزید برآں پیاز کی فی کلو قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 18 پیسے کا اضافہ ہوا، جبکہ دال ماش 3 روپے فی کلو، دال مونگ 4 روپے فی کلو تک مہنگی ہوئی۔
ایران میں آذر بائیجان کے سفارتخانے پر فائرنگ، سیکورٹی چیف ہلاک
تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں آذر بائیجان کے سفارتخانے پرفائرنگ کے واقعے میں سیکورٹی چیف ہلاک ہوگیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں آذر بائیجان کے سفارتخانے کی چیک پوسٹ پر مسلح شخص کی فائرنگ سے دو سیکورٹی گارڈز زخمی بھی ہوئے۔
آذر بائیجان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران میں سفارتخانے پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حملہ آور نے پہلے سیکورٹی چیک پوسٹ تباہ کی اور پھر سیکورٹٰی چیف اور گارڈز کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں جبکہ حملے کی وجہ کے بارے میں بھی ابھی علم نہیں ہوسکا ہے۔
امریکی ہائی اسکول کی لائٹیں مسلسل 15 ماہ سے روشن
بوسٹن: (ویب ڈیسک) میساچیوسیٹس میں واقع ایک بڑے ہائی اسکول (کالج) کی لائٹیں اگست 2021 سے اب تک روشن ہیں اور سرتوڑ کوشش کے باوجود بھی اسے بند نہیں کیا جاسکا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ خودکار روشنیاں ہیں جو سافٹ ویئر کی غلطی کی وجہ سے بند نہیں ہورہی تاہم انجینیئر اس کی جڑ تک پہنچ چکے ہیں اور توقع ہے کہ اگلے ماہ تک اسے بند کرنا ممکن ہوگا۔ منی شاگ ریجنل ہائی اسکول کے 7000 بلب اور ایل ای ڈی اب تک روشن ہیں اور ان سب کو ایک ایک کرکے نکالنا ممکن نہیں جبکہ مرکزی پاور لائن بند کرنے سے پورے کالج کی بجلی غائب ہوجائے گی۔
اسکول کے مالیاتی افسر آرون اوسبورن نے بتایا کہ اس بجلی کا بل بہت زیادہ ہے جو ٹیکس دہندگان کی جیبوں سے جارہا ہے۔ یہ کالج 248,000 مربع فٹ وسیع ہے اور سات ہزار روشنیوں کے مسلسل جلنے سے ہرما ہزاروں ڈالر کا بل ادا کیا جارہا ہے۔
نومبر 2021 میں معلوم ہوا کہ ہائی اسکول کی روشنیاں کنٹرول کرنے والا خودکار کمپیوٹر نظام اگست 2021 کو فیل ہوا اور اس کے بعد سے اب تک لائٹیں جل رہی ہیں۔ لاکھ کوششوں کے باوجود اسے ٹھیک نہیں کیا جاسکا تھا۔ اب یہ حال ہے کہ نئے سرے سے روشنیوں کا نظام ٹھیک کرنے میں 12 لاکھ ڈالر سے زائد کا خرچ ہوگا جو پاکستانی روپوں میں 28 کروڑ روپے کے برابر ہے۔ جبکہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کا خرچ 80 ہزار ڈالر تک ہوسکتا ہے۔
اگرچہ گزشتہ برس اکتوبر میں نئے آلات منگوائے گئے تھے لیکن انہیں لگانے میں تاخیر ہوئی۔ اس کےبعد دسمبر کی ڈیڈلائن رکھی گئی اور اس میں بھی کوئی پیشرفت نہ ہوسکی اب فروری میں اسے دوبارہ درست کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
توقع ہے کہ جلد ہی یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
شہری کو ریسٹورنٹ میں انتہائی سست روی سے کھانا کھانا مہنگا پڑ گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) برطانوی شہری کو انتہائی سست روی سے کھانا کھانا مہنگا پڑگیا،انتظامیہ کی جانب سے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے علاقے کیمبرج میں شاپور مفتاح نامی نوجوان اپنے بھائی سے ملاقات کرنے معروف امریکی فوڈ چین کے ایک ریسٹورنٹ میں گیا، دونوں نے ملاقات کی اور پھر کھانے کا آرڈر دیا۔
کھانا آنے پر دونوں نے گپیں ماری اور 90 منٹ (ڈیڑھ گھنٹے) سے زیادہ وقت تک ریسٹورنٹ میں بیٹھے اور پھر کھانا ختم کیا۔
اس دوران ریسٹورنٹ کے باہر نوجوان کی گاڑی پارکنگ میں کھڑی تھی، تاہم 90 منٹ تک کھانا ختم نہ کرنے کی وجہ سے کسٹمر کے لیے مبینہ طور پر مختص وقت سے زیادہ ہوٹل میں بیٹھے رہنے پر انتظامیہ کی جانب سے شاپور کو پنالٹی نوٹس بھیج دیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے اس رویے پر برطانوی نوجوان آگ بگولہ ہوگیا، نوجوان کا کہنا ہے کہ معروف امریکی فوڈ چین کی پارکنگ کی جانب سے مجھ پر 100 پاؤنڈ کا جرمانہ اس لیے عائد کیا گیا کہ ان کا مؤقف ہے کہ ریسٹورنٹ میں آئے کسٹمر کیلئے صرف 90 منٹ تک گاڑی کھڑی کرنے کا وقت مختص ہے۔
اس کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ آپ یہاں صرف 90 منٹ تک وقت گزار سکتے ہیں، ہم نے زیادہ کھانا آرڈر کیا تھا جسے کھانے میں وقت لگا۔


















