اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کو بڑا ریلیف مل گیا، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس ختم کردیا۔
اس سے پہلے عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی آفیسر کی رپورٹ پر دونوں کیخلاف ایف آئی آر منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتی احکامات کے مطابق انکوائری کے دوران جہانگیر ترین اور علی ترین پر منی لانڈرنگ کا یا ڈالرز کی شکل میں رقم کی منتقلی کا کوئی غیر قانونی طریقہ سامنے نہیں آیا، تمام ٹرانزیکشنز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے قانون کے مطابق ہوئیں۔
Monthly Archives: January 2023
‘آپ سپورٹس ویمنز کےلئے امید ہیں’:شعیب ملک کا ثانیہ کی ریٹائرمنٹ پر ردعمل
لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی ٹینس سے ریٹائرمنٹ پر شعیب ملک کا ردعمل سامنے آگیا۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ٹینس سے ریٹائر ہونے پر ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ سپورٹس ویمن کے لیے ایک بہت بڑی امید ہیں ۔
شعیب ملک نے مزید کہا کہ آپ نے اپنے کیرئیر میں جو کچھ حاصل کیا مجھے اس پر فخر ہے ، آپ بہت لوگوں کے لیے ایک انسپیریشن ہیں ، آپ اسی طرح مضبوط رہیں، ناقابل یقین کیرئیر پر ڈھیروں مبارکباد ۔
اس سے قبل ثانیہ مرزا نے اپنے آخری گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں شرکت کی جس میں ثانیہ اور ان کے ساتھی روہن بوپنا کو مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں شکست ہوئی،میچ کے اختتام پر گفتگو کے دوران ثانیہ مرزا کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور انہیں اس موقع پر روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا کیرئیر کا آخری انٹرنیشنل ایونٹ فروری میں دبئی میں کھیلیں گی۔
معیشت کے قاتل، عوام کے مجرم کو جیل بھیجنے کا وقت آگیا ہے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت کے قاتل اور عوام کے مجرم کو گھر سے نکال کر جیل بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن ایجنٹ جھوٹا مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے، 90 روز میں کرپشن ختم کرنے، ایک لاکھ نوکری، 50 لاکھ گھر دینے کی بڑھکیں کہاں گئیں۔
انہوں نے کہا کہ خوف آپ کو اپنے جرائم سے آ رہا ہے، خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب قومی خزانے پر آپ ڈاکے ڈال رہے تھے، خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب توشہ خانہ اور سرکاری عہدوں کی لوٹ سیل لگی ہوئی تھی، خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب بشریٰ اور فرح پنجاب اور ملک کا ہر عہدہ رشوت لے کر بیچ رہی تھیں۔
حکومتی ترجمان نے کہا کہ آپ کو شوکت خانم ہسپتال کے 30 لاکھ ڈالر نجی کاروبار میں لگاتے خوف نہ آیا، 2018ء میں ڈالر کتنے کا تھا، آٹا، چینی، پٹرول اور فی یونٹ بجلی کی قیمت کیا تھی۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ فارن ایجنٹ خود گھر میں چھپا بیٹھا ہے اور عوام سے کہتا ہے کہ گھروں سے نکلیں، فارن ایجنٹ کا ہر جھوٹ بے نقاب ہوچکا ہے۔
عمران خان زرداری پر قتل کے الزامات کا ثبوت دیں، قمر زمان کائرہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان زرداری پر قتل کے الزامات کا ثبوت دیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے مخالفین کیخلاف الزامات لگا رہے ہیں،عمران خان کو بتانا ہوگا کہ کیا ثبوت ہیں جس کی بنیاد پر ہماری قیادت پر الزام لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ثبوت درست ہیں تو جو بھی ملوث ہوگا اسے سزا ملنی چاہئے، الزام غلط ثابت ہوا تو عمران خان کو سزا سے بچنا نہیں چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کیخلاف جھوٹا الزام کا مقدمہ دائر کریں گے، ہماری پارٹی کے کسی کارکن یا قیادت پر حملہ ہوا تو اس کاذمہ دارکون ہوسکتا ہے؟
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اگر عمران خان کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں تو اداروں کو دیں،اگر مصدقہ اطلاعات یا ثبوت نہیں ہیں تو عمران خان کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
فواد چودھری کی اہلیہ کی صدر مملکت سے ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی اہلیہ حبہ فواد کی صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں اہلیہ فواد چودھری حبہ فواد نے صدر مملکت کو فواد چودھری کی گرفتاری اور عدالت میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فواد چودھری کی اہلیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
عمران خان کی باتیں سن کر ذہن بنتا ہے، ایک مرتبہ گرفتار کرنا چاہیے، رانا ثنا اللہ
لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہوں لیکن ان کی باتیں سن کر ذہن بنتا ہے کہ ایک مرتبہ گرفتار کرنا چاہیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی انتقام نہیں ہے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ فواد چودھری کے خلاف ایف آئی آرسیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر درج ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے آج ہدایات لے کر کل پاکستان کے لیے روانہ ہوؤں گا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا اچانک میو ہسپتال کا دورہ، ملازمہ مریم کی عیادت کی
لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا اچانک میو ہسپتال کا دورہ، وزیر اعلیٰ نے سرجیکل ٹاور میں زیر علاج گھریلو ملازمہ مریم کی عیادت اورخیریت دریافت کی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گھریلو تشدد کا شکار بچی کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، بچی مریم نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو تشدد اور آگ لگانے کا واقعہ سناتے رو پڑی۔
محسن نقوی نے بچی مریم کو حوصلہ دیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی انہوں نے بچی سے شفقت کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ آپ پر ظلم کرنے والے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے مریم کے علاج کے بارے میں دریافت کیا اور ڈاکٹروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مریم کے علاج معالجہ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، انہوں نے بچی مریم کی والدہ سکینہ بی بی سے بھی ملاقات کی، انہیں تسلی دی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے کہا مریم پر تشدد اور جلانے کا واقعہ پورے معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے، بچی کے ساتھ انصاف ہو گا، ملزم سزا سے نہیں بچ سکیں گے، کیس پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا اور دوبارہ بھی آپ کے پاس آؤں گا۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھے۔
وزیر مملکت مصدق ملک نے حافظ آباد گیس ٹرانسمیشن منصوبے کا افتتاح کردیا
حافظ آباد: (ویب ڈیسک) سوئی ناردرن کی گیس منصوبے کی بروقت تکمیل، وزیرِ مملکت برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) سینیٹر مصدق ملک نے حافظ آباد میں گیس ٹرانسمیشن منصوبے کا افتتاح کر دیا، 2142 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیے گئے اس منصوبے سے 150 دیہاتوں کی 57،000 سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قانونی امور عطا اللہ تارڑ، سابق رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، میاں شاہد حسین بھٹی اور مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن علی جے ہمدانی بھی موجود تھے۔
اس منصوبے پر سوئی ناردرن نے 1609 ملین روپے خرچ کیے جبکہ باقی ماندہ 533 ملین روپے حکومتِ پاکستان کی جانب سے فراہم کیے گئے۔
مذکورہ گیس ٹرانسمیشن منصوبے میں آٹھ انچ قطر کی 25.3 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کے علاوہ 582 کلومیٹر طویل ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اور پنڈی بھٹیاں کے مقام پر سیلز میٹرنگ سٹیشن (ایس ایم ایس) بھی شامل ہے، منصوبے میں شامل ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو پہلے سے موجود سپلائی مین سے منسلک کرکے کمیشن کیا جاچکا ہے۔
اس منصوبے سے جہاں نئے صارفین کو گیس سپلائی ممکن ہوسکے گی وہیں پنڈی بھٹیاں، کوٹ سرور، کلے کی منڈی، جلال پور بھٹیاں اور ملحقہ علاقوں میں گیس کے پریشر کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔
سندھ طاس معاہدےمیں یکطرفہ ترمیم کی بھارتی کوشش کا پردہ فاش
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سندھ طاس معاہدے میں یکطرفہ ترمیم کی بھارتی کوشش کا پردہ فاش ہو گیا، اٹارنی جنرل آفس نے بھارتی پریس میں شائع خبروں کا نوٹس لے لیا۔
اٹارنی جنرل آفس حکام کا کہنا ہے کہ ایسی کہانیاں گمراہ کن ہیں، معاہدے میں یکطرفہ ترمیم نہیں کی جا سکتی، یہ ثالثی کی مستقل عدالت میں جاری کارروائی سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوشش ہے۔
اٹارنی جنرل آفس کے مطابق تنازع کی پہلی سماعت آج دی ہیگ میں قائم ثالثی کی مستقل عدالت میں شروع ہوئی، تنازع دریائے جہلم پر 330 میگا واٹ کے کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ کی تعمیر سے متعلق ہے، دوسرا تنازع دریائے چناب پر 850 میگا واٹ کے رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ کی تعمیر پر خدشات سے متعلق ہے۔
ترجمان اٹارنی جنرل آفس کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اسلم کر رہے ہیں، سیکرٹری آبی وسائل حسن ناصر جامی، پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ وفد میں شامل ہیں، پاکستان کی نمائندگی برطانیہ کے بیرسٹر ڈینیئل بیت لحم کے سی بھی کر رہے ہیں۔
بات سیاستدانوں سے ہوتی چوروں سے نہیں، مریم وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہیں، فرخ
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بات سیاستدانوں سے ہوتی ہے چوروں سے نہیں، مریم نواز وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں، گزشتہ 9 ماہ میں جو کچھ ہوا ہے ایسا کبھی آمریت میں بھی نہیں ہوا، عدلیہ ریاست کے ہر شہری کے حقوق کو یقینی بنائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ 25 مئی کے دن ظلم کرنے والے افسران کو چن چن کر لگایا جا رہا ہے، نگران سیٹ اپ بھارتی ایکشن فلموں سے کافی متاثر ہے، میرے خلاف الزام لگایا گیا کہ میں نے پولیس والوں کی وردیاں پھاڑ دیں، وائرلیس سیٹ چھینا، اس سے زیادہ کوئی مضحکہ خیز ایف آئی آر نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ جتنی ایف آئی آر کا شوق پورا کرنا ہے کر لیں، ہم صرف ملک میں آئین کی حاکمیت چاہتے ہیں، کچھ طاقت ور حلقوں نے ہماری زباں بندی کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان 22 کروڑ لوگوں کی جان ہے، یہ عمران خان کی سکیورٹی واپس لے رہے ہیں، اس وقت اگر کسی کی جان کو خطرہ ہے تو وہ عمران خان ہے، اگرعمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار آپ لوگ ہوں گے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن کروانے ہیں، 14 دن گزر چکے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کا شیڈول نہیں آ رہا، دو صوبوں کے بجائے ضمنی انتخابات کا اعلان کرنا مذاق ہے، الیکشن کمیشن کو آئین سے روگردانی نہیں کرنے دیں گے، پی ڈی ایم والے جوتیاں اٹھا کر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، ہم ملکی حالات میں استحکام چاہتے ہیں، عدلیہ سے درخواست ہے کہ آئین کی خلاف ورزی پر ایکشن لے، جب کوئی طاقتور آئین و قانون کو نہ مانے تو پھرعدلیہ کی ذمہ داری ہے، ہم نے عدالت میں پیٹیشنز دائر کر دی ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ڈار صاحب کی ڈالر ڈارلنگ ان سے ناراض ہوگئی ہے، مریم نواز وزیراعلیٰ نہیں وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں، بات سیاست دانوں سے ہوتی ہے چوروں سےنہیں ہوتی، 13 جماعتوں کو ایلفی این آر او ٹو نے جوڑا ہوا ہے، کرپشن کے سائے تلے زرداری، فضل الرحمان سب ایک ہیں۔
مریم نواز کی آمد پر ایک ہی استقبالیہ کیمپ لگانے کا فیصلہ، ن لیگی کارکن ابھی سے ایئر پورٹ پر جمع ہونا شروع
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور آمد پر صرف ایک ہی اسقبالیہ کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے کارکن ابھی سے ایئرپورٹ پر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
مریم نواز صرف ایک استقبالیہ کیمپ پر ہی خطاب کریں گی، لاہور ائیرپورٹ پر استقبالیہ کے خطاب کے بعد کارکن منتشر ہو جائیں گے، مریم نواز کے استقبال کے موقع پر کوئی ریلی نہیں نکالی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز ایئرپورٹ پر کارکنوں سے خطاب کے بعد اپنی گاڑی میں جاتی امرا کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے بتایا ہے کہ ورکرز نے ابھی سے ایئرپورٹ پر ڈیرے ڈال لیے ہیں، ورکرز کے لیے کھانے کا بھی بندوبست کیا ہے، صبح ایئرپورٹ پر لاکھوں ورکرز ہوں گے۔
سیف الملوک کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کے بیانیے کو لے کر آگے چل رہی ہیں، عمران خان اب جیل کی سلاخوں کے پیچھے جائے گا، مجھے لگ رہا ہے یہ خیبرپختونخوا بھاگ جائے گا۔
بلدیاتی انتخابات کے بعد شہر قائد میں میئر کا انتخاب تاخیر کا شکار
لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی میں 30 اگست 2020 کو بلدیاتی ادارے ختم ہو گئے تھے جس کے تقریباً اڑھائی سال بعد 15 جنوری 2023 کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے بعد الیکشن کمیشن کی حتمی پارٹی پوزیشن کے مطابق 229 میں سے 91 نشستیں لے کر پیپلز پارٹی پہلی پوزیشن پر ہے۔ جماعت اسلامی نے 85، تحریک انصاف نے 42 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ (ن) نے 7، جے یو آئی نے 2 جبکہ ٹی ایل پی ایک نشست حاصل کرسکی، اس کے علاوہ ایک نشست آزاد امیدوار نے بھی جیتی۔
الیکشن کمیشن نے 229 یوسیز میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کا نتیجہ مرتب کیا جبکہ 6 یوسیز پر نتیجہ روک لیا گیا ہے۔ 6 نشستوں کی سماعت الیکشن کمیشن پاکستان میں ہوگی، 11 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات نہیں ہوئے۔
بلدیاتی انتخابات مکمل ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی اپنا اپنا میئرلانے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہی ہیں لیکن کراچی کے مئیر کا انتخاب تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے کیونکہ شہر قائد کی تمام یونین کونسلز کے الیکشن نتائج آنے تک میئر کا انتخاب نہیں ہو سکے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق جب تک ہاؤس مکمل نہیں ہوتا، میئر کا انتخاب ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پہلے کراچی میں 11 حلقوں میں ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات کرانا ہوں گے، انتخابات ہو جانے کے بعد نمبر مکمل ہو گا۔
کئی مرتبہ التوا کا شکار ہونے والے کراچی بلدیاتی انتخابات کے بعد اب کہا جا رہا ہے کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے میئر کا 2 سے 3 ماہ مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان کے مطابق کراچی کی کُل 246 یونین کونسلز میں سے 11 پر الیکشن ہونا ابھی باقی ہیں، 11 یوسیز کے بعد مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب ہوگا، جب 246 یوسیز مکمل ہو جائیں گی اس کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا۔
میئر کراچی کے اختیارات کیا ہیں؟
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے، جماعت اسلامی پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملائے گی یا تحریک انصاف سے؟ بال جماعت اسلامی کے کورٹ میں ہے، کراچی میں 30 اگست 2020 کو بلدیاتی ادارے ختم ہوگئے تھے جس کے تقریباً ڈھائی سال بعد 15 جنوری 2023 کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے بعد کراچی کا نیا مئیر منتخب ہوگا، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو چلانے کیلئے میئر کے پاس 106 شاہراہیں، 46 پارکس، 58 مارکیٹس، 14 ہسپتال اور 10 سے زائد پٹرول پمپس ہیں جبکہ بلدیہ کے 28 محکمے بھی اس کے ماتحت ہوں گے۔
ایم سی کی زمین پر موجود دکانوں اور پٹرول پمپس کے کرائے، چڑیا گھر اور چارجڈ پارکنگ سے بھی بلدیہ کو آمدنی ہوتی ہے لیکن حکومت سندھ کی مدد اور بلدیہ کی آمدنی کے باوجود ہر ماہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے کے ایم سی کو 4 کروڑ روپے کم پڑجاتے ہیں، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم الزمان صدیقی سمجھتے ہیں کہ اس کی وجہ اہم محکموں کا میئر کے پاس نہ ہونا ہے۔
فہیم الزمان صدیقی کا کہنا ہے کہ پانی، سیوریج، کچرا اٹھانا، سڑکوں کی مرمت، ڈسپوزل ٹریٹمنٹ، باغات، ماحولیات سمیت دیگر محکمے میئر کے پاس ہوتے ہیں اور یہ بلدیاتی امور ہیں لیکن اس وقت مایوس کن صورتحال ہے کیونکہ فائربریگیڈ اور چند سڑکوں کے علاوہ کے ایم سی کے پاس کچھ بھی نہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوچکے ہیں اس لئے نیا میئر اختیارات کا رونا نہ روئے، گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میئربننے والا اختیارات کا رونا رونے کے بجائے قانون میں دیئے اختیارات کے تحت کام کرے، نئے قانون کے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے ہیں، میئر کام کرے سندھ حکومت سپورٹ کرے گی۔
سابق میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعلیٰ سندھ کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مالی اور انتظامی اختیار کے بغیر مرتضیٰ وہاب بھی شہر کیلئے کچھ نہیں کر سکے تھے، سابق ایڈ منسٹریٹر کراچی فہیم الزمان صدیقی بھی کہتے ہیں کہ بغیر اختیار اور فنڈز کے میئر شہر کو اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کرسکتا، اس کیلئے میئر کے پاس تمام اہم محکمے ہونے چاہئیں، فنڈز اور اختیارات کے تنازع سے قطع نظر کراچی کے شہری بلدیاتی الیکشن کے بعد اب بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل کا مطالبہ کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ نیا میئر شہر کی تعمیر نو کے چیلنج کو قبول کرے۔
نیب نے علی امین خان گنڈا پور کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا
ڈیرہ اسماعیل خان: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور کے خلاف نیب نے تحقیقات کا آغاز کر دیا، ڈپٹی کمشنر سے اثاثوں کی تفصیل طلب کر لی گئی۔
نیب پشاور کی جانب سے علی امین خان گنڈا پور سمیت ان کے خاندان جس میں والدین، بھائی اور بہنیں شامل ہیں کے اثاثوں کا ریکارڈ مانگ لیا، ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی کو انکوائری آفیسر مقرر دیا۔
نیب نے تحصیل کلاچی کے مختلف علاقوں کمانڈ ایریا، ہتھالہ، یارک، گومل زام اور سی پیک میں خریدی گئی جائیداد کی تفصیل طلب کر لی ہے۔


















