حیدرآباد : ایف آئی اے کی کارروائی ، لاکھوں کے فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے حیدرآباد میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی نوکریوں کے ذریعے لاکھوں کا فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا ہے ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم عارف عبدالطیف اپنا تعلق واپڈا سے بتا کر لوگوں کو نوکریوں کے جعلی آرڈر دیتا تھا ، گرفتار ملزم کو متاثرہ افراد کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے ۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ۔

معروف شاعر اور نعت خواں مظفر وارثی کو دنیا سے رخصت ہوئے 12 برس بیت گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیائے اردو کے معروف شاعر اور ممتاز نعت خواں مظفر وارثی کو دنیا سے رخصت ہوئے 12 برس بیت گئے۔
ممتاز نعت خواں مظفر وارثی 23 دسمبر 1933ء کو میرٹھ میں پیدا ہوئے، آپ کا اصل نام محمد مظفر الدین صدیقی تھا، مظفر وارثی کی وجہ شہرت لازوال حمد اور نعتیں تخلیق کرنا بنی، مظفر وارثی ایک خوش گو شاعر تھے جنہوں نے قیام پاکستان کے بعد لاہور میں اقامت اختیار کی اور جلد ہی اپنا شمار ممتاز شعراء کرام میں کروایا۔
آپ کی مشہور نعت یارحمت اللعالمین، لانبی بعد، ورفعنالک ذکرک، تو کجا من کجا جبکہ حمدیہ کلام “کوئی تو ہے جو نظام ہستی چلا رہا ہے” دنیا بھر میں مقبول ہیں۔
معروف شاعر نے پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے گانے بھی تخلیق کئے، ان کے مشہور گانوں میں ’’کیا کہوں اے دنیا والو کیا کہوں میں‘‘، ’’مجھے چھوڑ کر اکیلا کہیں دور جانے والے‘‘، ’’یاد کرتا ہے زمانہ انہی انسانوں کو ‘‘عوام میں زبردست مقبولیت ملی۔
فنی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، انہیں فصیح الہند اورشرف الشعرا کے خطابات عطا بھی ہوئے۔
دنیائے نعت اور قلمی دنیا کا یہ درخشندہ ستارہ 28 جنوری 2011 کو ہمیشہ کے لئے ڈوب گیا لیکن آپ کے کلام آج بھی عرف عام میں مقبولیت کے حامل ہیں۔

عتیقہ اوڈھو کی شاہ رخ خان کو’’ پٹھان ‘‘ کی کامیابی پر مبارکباد

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو انکی نئی فلم ’’ پٹھان ‘‘ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعریفی پیغام جاری کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر عتیقہ اوڈھو نے شاہ رخ خان کے ساتھ ماضی میں کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور انہیں سب کا خیال رکھنے والا شخص قرار دیا۔
سینئر اداکارہ نے تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا کہ میں نے ماضی میں شاہ رخ کے ساتھ فلم ’’ دیوداس ‘‘ کے سیٹ پر ملاقات کی تھی، جس دوران اداکار نے مجھے بہت عزت اور پیار دیا ۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جلد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال ہوں گے اور ایک دوسرے کی فلمیں دیکھی جانے لگیں گی۔
خیال رہے کہ ’’ پٹھان ‘‘ کو 25 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے محض دو دن میں 220 کروڑ روپے کماکر نیا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

برطانیہ : بس ڈرائیوروں کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کی نئی پیشکش مسترد

لندن : (ویب ڈیسک) برطانیہ میں بس ڈرائیوروں نے تنخواہوں میں اضافے کی نئی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے یکم فروری سے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں البیلیو کمپنی سے تعلق رکھنے والے یونائیٹ کے 1900 ممبران یکم، 2 اور 3 فروری کو ہڑتال کریں گے۔
یونائیٹ کے جنرل سیکرٹری شیرن گراہم کا کہنا ہے البیلیو کمپنی ایک مالدار کمپنی ہے جس نے یہ دولت ملازمین کی انتھک محنت کے بعد کمائی ہے ، کمپنی ملازمین کی توقعات کے مطابق مناسب تنخواہوں کی پیشکش کر سکتی تھی لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ یونائیٹ ملازمین کی نوکریوں، تنخواہوں اور سہولتوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، البیلیو کے ملازمین کو ہر قدم پر ہماری حمایت حاصل رہے گی۔
تنخواہوں کے معاملے پر بس ڈرائیوروں کی ہڑتال کی صورت میں لندن میں 50 کے قریب روٹ متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔

مظاہروں کے بعد سویڈن، فن لینڈ کیساتھ نیٹو مذاکرات بے معنی ہیں: ترکیہ

انقرہ : (ویب ڈیسک) ترکیہ نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا واقعہ ایک نسل پرستانہ حملہ ہے جس کا آزادی فکر سے کوئی تعلق نہیں ہے،مظاہروں کے بعد سویڈن، فن لینڈ کے ساتھ نیٹو مذاکرات بے معنی ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے کہا ہے کہ سویڈن میں حالیہ مظاہروں کے بعد نیٹو کے الحاق کے عمل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سویڈن اور فن لینڈ کے ساتھ سہ فریقی اجلاس منعقد کرنا ’’ بے معنی ‘‘ ہے، اس اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا واقعہ ایک نسل پرستانہ حملہ ہے جس کا آزادی فکر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

امریکی کمپنی کے الزامات، ایشیاء کے امیر ترین شخص گوتم اڈانی 48ارب ڈالر سے محروم

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکی سرمایہ کار کمپنی کی جانب سے عائد کیے گئے فراڈ اور اسٹاکس میں ہیر پھیر کے الزامات کے بعد ایشیاء کے امیر ترین شخص گوتم اڈانی 48ارب ڈالر سے محروم ہو گئے۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے 60 سالہ گوتم اڈانی رواں ہفتے کے آغاز میں دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص تھے لیکن جمعے تک اربوں ڈالر کے نقصان کے بعد وہ فوربز کی ارب پتی افراد کی فہرست میں چار درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔
اڈانی گروپ نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک ایسے موقع پر بے بنیاد الزامات کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک بڑے فنڈریزنگ پروگرام کا انعقاد کرنے جا رہے تھے۔
اڈانی گروپ نے امریکی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔

سعودی عرب پہلی مرتبہ یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا صدر منتخب

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب پہلی مرتبہ یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا صدر منتخب ہونے کے بعد ریاض میں رواں سال یونیسکو کے 45 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
عالمی ادارے کے ایک متفقہ فیصلے میں سعودی عرب کو عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا باضابطہ چیئرمین قراردیا گیا ہے جس کی سربراہ شہزادی حیفا بنت عبدالعزیزالمقرن ہیں، وہ یونیسکو میں سعودی عرب کی مستقل مندوب اور یونیسکو کی پروگرامز اور خارجہ تعلقات کمیٹی کی چیئرپرسن ہیں۔
کمیٹی کا اجلاس 10 سے 25 ستمبر تک منعقد ہوگا، یونیسکو میں سعودی عرب کے مستقل مشن نے ٹویٹ میں کہا کہ وہ شروع سے ہی یونیسکو کا ایک وقف رکن ملک ہے، یہ فیصلہ کن اقدام مملکت کیلئے ثقافتی ورثے کے تحفظ، فروغ اور تحفظ کو مزید فروغ دینے کا ایک موقع ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے بعد شہر قائد میں میئر کا انتخاب تاخیر کا شکار

لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی میں 30 اگست 2020 کو بلدیاتی ادارے ختم ہو گئے تھے جس کے تقریباً اڑھائی سال بعد 15 جنوری 2023 کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے بعد الیکشن کمیشن کی حتمی پارٹی پوزیشن کے مطابق 229 میں سے 91 نشستیں لے کر پیپلز پارٹی پہلی پوزیشن پر ہے۔ جماعت اسلامی نے 85، تحریک انصاف نے 42 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ (ن) نے 7، جے یو آئی نے 2 جبکہ ٹی ایل پی ایک نشست حاصل کرسکی، اس کے علاوہ ایک نشست آزاد امیدوار نے بھی جیتی۔
الیکشن کمیشن نے 229 یوسیز میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کا نتیجہ مرتب کیا جبکہ 6 یوسیز پر نتیجہ روک لیا گیا ہے۔ 6 نشستوں کی سماعت الیکشن کمیشن پاکستان میں ہوگی، 11 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات نہیں ہوئے۔
بلدیاتی انتخابات مکمل ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی اپنا اپنا میئرلانے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہی ہیں لیکن کراچی کے مئیر کا انتخاب تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے کیونکہ شہر قائد کی تمام یونین کونسلز کے الیکشن نتائج آنے تک میئر کا انتخاب نہیں ہو سکے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق جب تک ہاؤس مکمل نہیں ہوتا، میئر کا انتخاب ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پہلے کراچی میں 11 حلقوں میں ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات کرانا ہوں گے، انتخابات ہو جانے کے بعد نمبر مکمل ہو گا۔
کئی مرتبہ التوا کا شکار ہونے والے کراچی بلدیاتی انتخابات کے بعد اب کہا جا رہا ہے کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے میئر کا 2 سے 3 ماہ مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان کے مطابق کراچی کی کُل 246 یونین کونسلز میں سے 11 پر الیکشن ہونا ابھی باقی ہیں، 11 یوسیز کے بعد مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب ہوگا، جب 246 یوسیز مکمل ہو جائیں گی اس کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا۔
میئر کراچی کے اختیارات کیا ہیں؟
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے، جماعت اسلامی پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملائے گی یا تحریک انصاف سے؟ بال جماعت اسلامی کے کورٹ میں ہے، کراچی میں 30 اگست 2020 کو بلدیاتی ادارے ختم ہوگئے تھے جس کے تقریباً ڈھائی سال بعد 15 جنوری 2023 کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے بعد کراچی کا نیا مئیر منتخب ہوگا، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو چلانے کیلئے میئر کے پاس 106 شاہراہیں، 46 پارکس، 58 مارکیٹس، 14 ہسپتال اور 10 سے زائد پٹرول پمپس ہیں جبکہ بلدیہ کے 28 محکمے بھی اس کے ماتحت ہوں گے۔
ایم سی کی زمین پر موجود دکانوں اور پٹرول پمپس کے کرائے، چڑیا گھر اور چارجڈ پارکنگ سے بھی بلدیہ کو آمدنی ہوتی ہے لیکن حکومت سندھ کی مدد اور بلدیہ کی آمدنی کے باوجود ہر ماہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے کے ایم سی کو 4 کروڑ روپے کم پڑجاتے ہیں، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم الزمان صدیقی سمجھتے ہیں کہ اس کی وجہ اہم محکموں کا میئر کے پاس نہ ہونا ہے۔
فہیم الزمان صدیقی کا کہنا ہے کہ پانی، سیوریج، کچرا اٹھانا، سڑکوں کی مرمت، ڈسپوزل ٹریٹمنٹ، باغات، ماحولیات سمیت دیگر محکمے میئر کے پاس ہوتے ہیں اور یہ بلدیاتی امور ہیں لیکن اس وقت مایوس کن صورتحال ہے کیونکہ فائربریگیڈ اور چند سڑکوں کے علاوہ کے ایم سی کے پاس کچھ بھی نہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوچکے ہیں اس لئے نیا میئر اختیارات کا رونا نہ روئے، گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میئربننے والا اختیارات کا رونا رونے کے بجائے قانون میں دیئے اختیارات کے تحت کام کرے، نئے قانون کے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے ہیں، میئر کام کرے سندھ حکومت سپورٹ کرے گی۔
سابق میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعلیٰ سندھ کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مالی اور انتظامی اختیار کے بغیر مرتضیٰ وہاب بھی شہر کیلئے کچھ نہیں کر سکے تھے، سابق ایڈ منسٹریٹر کراچی فہیم الزمان صدیقی بھی کہتے ہیں کہ بغیر اختیار اور فنڈز کے میئر شہر کو اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کرسکتا، اس کیلئے میئر کے پاس تمام اہم محکمے ہونے چاہئیں، فنڈز اور اختیارات کے تنازع سے قطع نظر کراچی کے شہری بلدیاتی الیکشن کے بعد اب بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل کا مطالبہ کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ نیا میئر شہر کی تعمیر نو کے چیلنج کو قبول کرے۔

کراچی : مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق ، 2 زخمی

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
کراچی کے علاقے جمالی پل پر دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے بعد ایک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے دوران زخمی ہونے والے دونوں افراد کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کی مدد سے کار میں لگنے والی آگ پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔
ایک اور حادثے میں اسٹیل ٹاؤن پمپ کے قریب تیز رفتار بائیک سلپ ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق گیا ، جاں بحق شخص کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔

عمران خان کے خلاف غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کر سکتی ہیں: رانا ثناء اللہ

لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کر سکتی ہیں۔
لندن میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جھوٹا انسان ہے جو ہمیشہ الزام تراشی سے کام لیتا ہے، زرداری صاحب پر قتل کی سازش عمران خان کا مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا ہے، عمران خان کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کرسکتی ہیں، ایجنسیوں کا اندازہ ہوگا کہ اس کا الزام تو پہلے ہی عمران خان کچھ افراد پر لگا چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا بیان عمران خان کی زندگی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے، 26 نومبر کو بھی عمران خان کی جان کو پڑوسی ملک کی ایجنسی سے خطرہ تھا، عمران خان باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں کہ پاکستان ڈی فالٹ کر جائے گا، چاہتے ہیں ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو سیاست سے مائنس کریں۔

چیف آرگنائزر ( ن ) لیگ مریم نواز آج لاہور پہنچیں گی، استقبال کی تیاریاں مکمل

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز آج دن تین بجے دبئی سے لاہور پہنچیں گی، پارٹی نے ان کے شاندار استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
ساڑھے 3 ماہ لندن میں قیام کے بعد ن لیگ کی سینئر نائب صدر آج سہ پہر تین بجے دبئی سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے ) کی پرواز 264 پر لاہور پہنچیں گی، دبئی سے وطن واپسی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہونگی۔
ن لیگی رہنماء اور کارکنان علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر مریم نواز کا استقبال کریں گے ، جس کے بعد وہ کنٹینر پر بیٹھ کر ایئر پورٹ کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گی پھر جاتی امراء روانہ ہو جائیں گی جبکہ اس موقع پر کوئی ریلی منعقد نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ( ن ) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مریم نواز کے استقبال کے لئے لاکھوں کی تعداد میں کارکن پہنچیں گے جبکہ لیگی رہنماء خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا استقبال نواز شریف کی وطن واپسی کی ریہرسل ہو گی۔
یاد رہے کہ مریم نواز جمعرات کو لندن سے روانہ ہوئی تھیں اور انہوں نے ایک روز دبئی میں قیام کیا۔

عمران معاشی بدحالی، مہنگائی کے ذمہ دار ، نیازی نے غلط اعداد و شمار پیش کئے، ڈار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان معیشت کی بدحالی اور مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، نیازی صاحب آپ نے جھوٹ بولا اور غلط اعداد و شمار پیش کئے، موجودہ حکومت آپ کی خرابیاں درست کر رہی ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مانتا ہوں عمران خان کے دور میں ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا، باقی ہر چیز کا عمران نے بیڑہ غرق کیا، عمران دور میں قرضوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، عمران خان نے چار سالہ دور میں 75 فیصد قرضوں میں اضافہ کیا، عمران خان بات کرنے سے پہلے حقیقت کو سامنے رکھا کریں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کےحوالے سے گمراہ کرنے کی کوشش کی، عمران خان باربارغلط بیانی کرتے ہیں، لائیو مناظرہ کر لیں، بحث کر لیتے ہیں، آئی ایم ایف معاہدہ ہم نے نہیں آپ نے کیا تھا، عمران خان نے بین الاقوامی معاہدوں کو پورا نہیں کیا، عمران خان جاتے جاتے لینڈ مائن بچھا کر گئے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان ڈوبتی معیشت چھوڑ کر گئے، معیشت کو بجلی کا سوئچ آن آف کر کے ٹھیک نہیں کیا جا سکتا، بہتری میں وقت لگے گا، تمام پارٹیاں سیاسی کیپیٹل کے لیے قربانیاں دے رہی ہے، نواز شریف دور میں پاکستان دنیا کی پانچویں بہترین سٹاک مارکیٹ تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی کریڈبیلٹی کا بیڑہ غرق کیا، آپ نے کہا تھا آئی ایم ایف ڈیل کرنے سے بہتر ہے خود کشی کر لوں گا، نیازی صاحب آپ انتخابات چوری کر کے اقتدار میں آئے تھے، ہم کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر لے کر جائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، آپ نے کہا 55 لاکھ نوکریاں دیں، کوئی اعداد و شمار دکھائیں، آپ لوگوں نے گزشتہ دنوں جھوٹ کا پلندہ وائٹ پیپر جاری کیا تھا، نیازی صاحب جھوٹ بولنا کوئی اچھی بات نہیں ہے، اپنے افلاطونوں کو اکٹھا کر لیں اور مجھے جھوٹا ثابت کریں۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مہربانی کر کے نیازی صاحب سچ بولیں، جوش خطابت میں جھوٹ مت بولیں، آپ صادق اور امین نہیں ہیں، آپ نے تو اربوں روپے کے ہیرے، گھڑیاں لیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان آپ کو شرم آنی چاہیے، آپ نے کہا میں 1999ء میں بھی معیشت تباہ کر کے چلا گیا تھا، خدا کا خوف کریں اور مجھے مت بتائیں، سویپنگ سٹیٹمنٹ نہ دیا کریں۔

فواد چودھری کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں اہم پیش رفت، رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا۔
پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف سیشن جج کے سامنے اپیل دائر کر دی، درخواست میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے، سیشن جج نے پولیس کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی تھی۔